Tag: پاکستان کسٹمز

  • چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش، کسٹمز کی بروقت کارروائی

    چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش، کسٹمز کی بروقت کارروائی

    اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئی بڑی مقدار میں کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے طور خم بارڈر پر کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ کھاد کی 140 اور چینی کی 120 بوریاں افغانستان اسمگل کی جارہی تھیں۔

    ایف بی آر کے مطابق ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ چینی اور کھاد کی بوریوں سمیت گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چینی کی قیمت مستحکم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی لگائی تھی اور اسمگلنگ کے خلاف بھی سخت اقدامات کا حکم دیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ملکی طلب دیکھتے ہوئے چینی کی برآمد پر مکمل پابندی کا حکم دیا، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • کرونا ویکسین درآمد کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    کرونا ویکسین درآمد کرنے والوں کے لیے خوش خبری

    کراچی: پاکستان کسٹمز کی جانب سے امپورٹرز کو خوش خبری دی گئی ہے، اب کرونا ویکسین برآمد کرنے سے قبل ہی کاغذی کارروائی مکمل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے کلیئرنس ان دا اسکائی کے نام سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کر دیا ہے، جس کے تحت جہاز کے لینڈ ہونے سے قبل ہی گڈز کی کلیئرنس ہو جائے گی، کرونا ویکسین امپورٹ کرنے والے بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

    چیف کلکٹر سیف الدین جونیجو کا کہنا ہے کہ اس پائلٹ پروجیکٹ میں تین کمپنیوں کی گڈز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں پی آئی اے، قطر ایئر ویز، اور شاہین ایئر پورٹ سروس شامل ہیں۔

    پاکستان کسٹمز کے چیف کلکٹر کے مطابق اس پروجیکٹ کو بندرگاہوں پر بھی شروع کیا جائےگا، پہلے مرحلے میں ادویات، پیراشبل آئٹمز، کم قیمت کی مصنوعات کو شامل کیا گیا ہے، پروجیکٹ سے کرونا ویکسین کی کلیئرنس بھی تیز ترین ہو سکے گی۔

    چیف کلکٹر نے بتایا کہ چند ماہ میں کسٹمز کی آٹو میشن بہت جدید ہو جائے گی، کسٹم کو جدید کرنے کے لیے نئے سافٹ اور ہارڈ ویئر بھی خریدے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ کل سے ملک بھر میں کرونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، چین سے ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ چکی ہے۔

  • پاکستان کسٹمز اگست میں کسٹمز ڈیوٹی کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

    پاکستان کسٹمز اگست میں کسٹمز ڈیوٹی کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

    کراچی: فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ ماہ اگست میں ہدف سے زائد کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے محصولات کے حصول میں انتظامی مشکلات کا سامنا رہا ہے تاہم اگست میں ہدف سے زائد کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی۔

    ترجمان ایف بی آر کے مطابق کراچی بارشوں کے باوجود کسٹمز نے ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا، اگست 2020 کے لیے مقرر کردہ ہدف 44.3 ارب روپے تھا جب کہ پاکستان کسٹمز نے 45.9 ارب روپے اکھٹے کر لیے ہیں جو کہ اگست کے ماہ میں مقرر کردہ ہدف سے 3 فی صد زائد ہے۔

    موجودہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پاکستان کسٹمز نے 93.9 ارب روپے ریونیو کی مد میں اکھٹے کیے ہیں جب کہ مقررہ ہدف 87.3 ارب روپے تھا، اس طرح 7.5 فی صد اضافہ حاصل ہوا ہے۔

    ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اگست کے آخری ہفتے میں کراچی میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے درآمدی اشیا کی سست کلیئرنس کے باوجود پاکستان کسٹمز نے ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے۔

  • پاکستان کسٹمز کا طلبا کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

    پاکستان کسٹمز کا طلبا کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے ملک بھر کے ہونہار اور مستحق طلبا کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی نسٹ، لمز یونیورسٹیز کے سربراہان سے ملاقات ہوئی جس میں جون 2020 سے شروع کیے جانے والے کسٹمز انٹرن شپ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق نسٹ اور لمز کے نمائندگان نے پاکستان کسٹمز کی اس کاوش کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کو ممبر کسٹمز آپریشنز ڈاکٹر جواد نے پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا، ڈاکٹر جواد نے کہا کہ پروگرام کے تحت 200 بی ایس، ایم ایس درجہ کے طلبا مستفید ہوں گے، انٹرن شپ کے دوران طلبا کو 12 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

    ڈاکٹر جواد نے کہا کہ طلبا کو ملک کی بہترین جامعات سے قانون، پبلک فنانشنل مینجمنٹ، معاشیات، فنانس، پبلک پالیسی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا علم حاصل کرنے کے بعد پاکستان کسٹمز کے ذیلی دفاتر میں دس سے بارہ ہفتوں کے لیے انٹرن شپ کرنے کا موقع ملے گا۔

    چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ پروگرام سے روزگار کے حصول، طلبا میں خود اعتمادی کو فروغ ملے گا۔

    چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ اس مثبت اقدام کی بدولت بین الاقوامی اور لوکل معیشت اور پبلک اداروں کے کام کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی بڑھے گی۔