Tag: پاکستان کسٹم اپریزمنٹ

  • ہاکس بے، کسٹم کی کارروائی، 45 کروڑ روپے کی مالیت کے موبائل فونز اور ٹیبلیٹس برآمد

    ہاکس بے، کسٹم کی کارروائی، 45 کروڑ روپے کی مالیت کے موبائل فونز اور ٹیبلیٹس برآمد

    کراچی : کسٹم اپریزمنٹ ویسٹ نے ہاکس بے پر کارروائی کرتے ہوئے پنتالیس کروڑ روپے کی مالیت کے غیر قانونی طور پر در آمد کیے گئے موبائل فون اور سم والے ٹیبلٹ برآمد کر لیے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق کسٹم اپریزمنٹ ویسٹ نے خفیہ اطلاع پر کر کارروائی کرتے ہوئے ہاکس بے پر ایک کنٹینر پر چھاپا مار کر موبائل فونز اور ٹیبلیٹ کی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا جب کہ کنٹینر ضبط کر کے سامان منگوانے والی کمپنی کے دو عہدیداروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے.

    ڈپٹی کلکٹر عمران رسول اپریزمنٹ ویسٹ نے اے آروائی نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہاکس بے میں کی گئی کارروائی کے دوران کنٹینر سے اسمگل شدہ موبائل فونز اور ٹیبلٹ برآمد کر لیے ہیں جنہیں کپڑے اور ریفریجریٹر پارٹس ظاہر کرکے برآمد کیا گیا تھا اور مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا.

    ڈپٹی کلکٹر عمران رسول نے مزید بتایا کہ تحویل میں لیے گئے سامان کی مالیت 45 کروڑ روپے بنتی ہے جب کہ تحویل میں لیے گئے کنٹینرکی ابھی بمعہ سامان ملک کی کسی ڈرائی پورٹ میں کسٹم چیکنگ کی جانی تھی کہ اس سے قبل ہی اسمگلنگ کا سامان بمعہ ملزمان دھر لیا گیا۔

    ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ کنٹینر ضبط کرکے کمپنی کے دو اہم عہدیداروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو غلط بیانی کر کے کپڑے اور ریفریجریٹر کے آلات کی جگہ موبائل فونز اور ٹیبلیٹس منگوایا کرتے تھے.

    ڈپٹی کلکٹر عمران رسول نے چھاپا مار کارروائی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اور اسمگلنگ کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کسٹم کو ایک ہزار ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی

    کسٹم کو ایک ہزار ارب روپے کی ریکارڈ آمدنی

    کراچی: پاکستان کسٹمز اپریز منٹ نے رواں مالی سال کے دوران 25 فیصد اضافے سے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا ریونیو وصول کیا، چیف کلکٹر اپریزمنٹ ساؤتھ عبد الرشید شیخ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے دیے گے ہدف سے زائد آمدنی ہوئی ہے۔

    چیف کلکٹر اپریزمنٹ ساؤتھ عبد الرشید شیخ نے رواں سال کی کارکردگی کے بارے میں بتایا کہ ایف بی آر نے 10 کھرب روپے کا ہدف مقرر کیا تھا تاہم محکمے کے تمام عملے نے جانفشانی سے کام کیا اور مالی سال کے اختتام سے قبل ہی صرف پورٹ قاسم سے ہدف سے زائد آمدنی 10  کھرب 4 ارب روپے ہے جو  مخلتف ڈیوٹیوں کی مد میں وصول کیے گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ابھی مالی سال ختم ہونے میں دو ہفتے باقی ہیں اور کسٹم ڈیوٹی،سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں مزید آمدنی متوقع ہے۔

    ممبر کسٹمز محمد زاہد کھوکھر کے مطابق کسٹمز ڈیوٹیز کی مد میں کسی قسم کی رعایت اور چھوٹ کسی کو بھی نہیں دی گئی اور ہمیں ہدف سے زائد آمدنی حاصل ہوئی، اپریزمنٹ ساؤتھ کی کاوش سے کسٹم ڈیوٹی،سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی وصولی میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 24 فیصد،سیلز ٹیکس میں 19 فیصد اور انکم ٹیکس کی مد میں 12 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا ہے، علاوہ ازیں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں بھی 17 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ یہ ایف بی آر کی تاریخ میں کسی بھی انفرادی یونٹ کا ریکارڈ اضافہ ہے۔