Tag: پاکستان کی خبریں

  • مسلم لیگ ن نے مولانا فضل الرحمٰن کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا

    مسلم لیگ ن نے مولانا فضل الرحمٰن کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو حتمی طور پر صدارتی امیدوار نامزد کردیا۔ صدارتی انتخاب کے لیے اب اپوزیشن کی جانب سے دو امیدوار حکومتی امیدوار کا مقابلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس میں اعتزاز احسن کے نام پر ڈیڈ لاک برقرار رہنے کے بعد پیپلز پارٹی کے علاوہ، مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو حتمی طور پر صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے۔

    مولانا فضل الرحمٰن کچھ دیر میں کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔

    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب کے لیے سینئر رہنما اعتزاز احسن کو نامزد کیا گیا تاہم مسلم لیگ ن کو ان کے نام پر تحفظات تھے۔

    گزشتہ روز ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا تھا۔

    مسلم لیگ ن نے متفقہ صدارتی امیدوار کے لیے رضا ربانی اور یوسف رضا گیلانی کا نام تجویز کیا تاہم پیپلز پارٹی اعتزاز احسن کے نام سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں تھی۔

    اب آج مسلم لیگ ن نے مولانا فضل الرحمٰن کو حتمی طور پر صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک کے نئے صدر کا انتخاب 4 ستمبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی سے متعلق 30 اگست کو حتمی فہرست جاری ہوگی۔

  • اپوزیشن کے 2 امیدوار ہوئے تو فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا: اعتزاز احسن

    اپوزیشن کے 2 امیدوار ہوئے تو فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا: اعتزاز احسن

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے 2 امیدوار ہوئے تو فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا۔ ن لیگ کو بھی یہی سمجھانے کی کوشش کی کہ ایک امیدوار ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ کاغذات میں میاں رضا ربانی اور راجہ پرویز اشرف اعتزاز احسن کے تجویز کنندہ ہیں۔

    کاغذات جمع کروانے کے بعد اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارم ایک ہی صفحے پر مشتمل ہے۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ مجھے نامزد کرنے کا جو طریقہ کار تھا وہ تھوڑا مختلف تھا، پیپلز پارٹی کی ایک میٹنگ تھی جس میں، میں موجود نہیں تھا۔ اعتراض کیا گیا کہ بغیر مشاورت کے میرا نام دے دیا گیا۔

    مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن نے مولانا فضل الرحمٰن کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا

    انہوں نے بتایا کہ پارٹی میٹنگ میں میرے نام کی تجویز آل پارٹیز کانفرنس میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی میٹنگ میں اتفاق رائے پبلک ہوئی جس پر پرویز رشید نے برا مانا۔ جو اعتراض پرویز رشید نے کیا اس کی توقع ہی نہیں تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کے اعتراض کا جواب مسلم لیگی رہنماؤں نے دے دیا، ان کا کہنا ہے پرویز رشید کی رائے ذاتی ہے پارٹی پالیسی نہیں۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب کے لیے نامزد کرنا اعزاز ہے۔ اپوزیشن کے 2 امیدوار ہوئے تو فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا۔ ن لیگ کو بھی یہی سمجھانے کی کوشش کی کہ ایک امیدوار ہونا چاہیئے۔

  • آبی مسائل پر مذاکرات کے لیے بھارتی وفد کل پاکستان پہنچے گا

    آبی مسائل پر مذاکرات کے لیے بھارتی وفد کل پاکستان پہنچے گا

    اسلام آباد: حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی پاک بھارت تعلقات پر چھائی گرد بھی چھٹنے لگی ہے، آبی مسائل پر مذاکرات کے لیے بھارتی وفد کل پاکستان پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہی نہیں خطے میں بھی تبدیلی کی ہوا چل پڑی، بھارت بھی مذاکرات کی میزپر آ گیا، آبی مسائل پر مذاکرات کے لیے بھارتی وفد کل پاکستان پہنچے گا۔

    پاک بھارت واٹر کمشنرز کل اسلام آباد میں ملاقات کریں گے، پاکستان کو دریائے چناب پر 2 نئے بھارتی منصوبوں پر اعتراض ہے، پاکستان نے ان منصوبوں کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت پاکستان کے پانیوں پر ایک عرصے سے ڈاکا ڈال رہا ہے، بھارت غیر قانونی ڈیموں کی تعمیر بھی کر رہا ہے، تاہم پاکستان کے مسلسل احتجاج کے بعد اب بھارت ٹیبل ٹاک کے لیے تیار ہو گیا ہے، جس سے امید بندھ گئی ہے کہ مسائل کا حل نکل آئے گا۔

    پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ بھارت کے ساتھ تعلقات میں بھی تبدیلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے، بھارت کے ساتھ مذاکرات کی شروعات پانی سے ہوگی۔


    یہ بھی پڑھیں:  سندھ طاس معاہدہ: پاک بھارت کمشنرز کا اجلاس پاکستان میں شروع


    بھارت کا نو رکنی وفد واٹر کمشنر کی سربراہی میں اسلام آباد میں پاکستانی وفد کے ساتھ مذاکرات کرے گا، وفود کی سطح پر یہ مذاکرات دو روز جاری رہیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں پانی کے تنازعات پر پاک بھارت سندھ طاس واٹر کمشنرز کا پہلا با ضابطہ اجلاس ہوا تھا، مذاکرات میں آبی مسائل سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی تاہم بھارت کی جانب سے متنازع ڈیموں کی تعمیر کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔

  • وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا

    وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پنجاب کابینہ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس ہفتے میں دو بار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ہر ہفتے جمعہ اور منگل کو کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو کفایت شعاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ’حکمرانوں کو عوام کے لیے آئیڈیل بننا ہو گا۔‘

    انھوں نے کہا کہ سادگی کا عمل خود سے شروع کر کے صوبے بھر میں پھیلایا جائے، عوام ہم سے تبدیلی کی امید کر رہی ہے اس لیے تبدیلی لا کر دکھائیں۔

    وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزرا کی کارکردگی کو وہ خود مانیٹر کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ وزارتوں میں بھی چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کی کارکردگی کا بھی مسلسل جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔


    مزید پڑھیں: پنجاب کابینہ پرمشاورت کے لیے وزیراعلیٰ کوطلب کرلیا


    واضح رہے کہ آج وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پنجاب کابینہ کے ناموں اور محکموں کو حتمی شکل دینے کے لیے وزیرِ اعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے، کابینہ نامزدگی کی صورت میں پیر کو گورنر ہاؤس میں نئی کابینہ کی حلف برداری ہوگی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی تھی جس میں دونوں کے درمیان کابینہ مختصر رکھنے پراتفاق کیا گیا تھا۔

  • شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس

    شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس

    مری: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کا آغاز ہوچکا ہے۔ کانفرنس میں مختلف جماعتوں سے رہنما شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس مری میں منعقد ہورہی ہے۔

    کانفرنس کا ایجنڈا مشترکہ صدارتی امیدوار کا انتخاب ہے۔

    کانفرنس میں متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے وفود شریک جبکہ فضل الرحمٰن، اکرم درانی، لیاقت،بلوچ، اویس نورانی، عبد الغفور حیدری، یوسف رضا گیلانی، پرویز اشرف، خورشید شاہ، شیری رحمٰن، قمر زمان اور نوید قمر شریک ہیں۔

    کانفرنس میں شریک ہونے والے رہنماؤں میں رانا تنویر، امیر مقام، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، طارق فضل چوہدری، غلام بلور، افتخار حسین اور سابق سپیکر ایاز صادق بھی شامل ہیں۔

  • شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان نامزد

    شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان نامزد

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے رہنما شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سینیٹ کا قائد ایوان شبلی فراز کو نامزد کیا گیا۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو نئے قائد ایوان کی درخواست بھجوا دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ شبلی فراز معروف شاعر احمد فراز کے صاحبزادے ہیں۔ ان کا تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر کوہاٹ سے ہے۔

    شبلی فراز پیشے کے لحاظ سے بینکر ہیں۔ ان کا تعلق فضائیہ سے بھی رہا جبکہ وہ سول سروس سے بھی منسلک رہے۔

    سنہ 2002 میں انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا جب وہ شہر کے میئر بنے۔ وہ سنہ 2015 سے سینیٹر رہے ہیں۔

  • ملک کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیرِ اعظم عمران خان

    ملک کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیرِ اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خارجہ پالیسی میں پاکستان کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزارتِ خارجہ کے دورے کے موقع پر دفترِ خارجہ میں منعقد ہونے والے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یہ اجلاس وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ہوا۔

    وزیرِ اعظم کو اجلاس کے دوران وزارتِ خارجہ کے معاملات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، عمران خان نے دفترِ خارجہ کو بیرون ملک سفارت خانوں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

    عمران خان نے کہا ’خارجہ پالیسی میں پاکستان کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی، پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کیا جائے۔‘

    اس موقع پر وزیرِ اعظم کی جانب سے وزارتِ خارجہ کے حکام کو پالیسی گائیڈ لائن بھی دی گئی، وزیرِ اعظم کی ہدایات سے متعلق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی آج شام کو میڈیا بریفنگ دیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم نے آج قومی اسمبلی کے اسپیکر سے بھی ملاقات کی


    قبل ازیں، آج جب وزیرِ اعظم عمران خان تمام محکمہ جات کے دوروں کے سلسلے میں دفترِ خارجہ پہنچے تو شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ان کا استقبال کیا۔

    ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم کو دیگر ممالک سے تعلقات، بالخصوص پاک بھارت تعلقات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال کے حوالے سے بریف کیا گیا، ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کو افغانستان، ایران، امریکا اور چین سے تعلقات پر اعتماد میں لیا گیا۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، صوابدیدی فنڈ اور سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کی جائے گی

    وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب، صوابدیدی فنڈ اور سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کی جائے گی

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا، اجلاس میں صوابدیدی فنڈ اور سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی  ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس میں تمام وزرا کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (کیڈ) کی وزارت کو ختم کر کے اس کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کر کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کیا جائے گا، خیال رہے کہ وزارتِ کیڈ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں قائم کیا گیا تھا۔

    اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق وفاقی کابینہ کے پیشِ نظر صوابدیدی فنڈ ختم کرنا سرِ فہرست ہے، غیر ملکی دوروں سے متعلق خصوصی ہدایات اور لوڈ شیڈنگ پر بھی بریفنگ شامل ہے۔

    ملک بھر میں ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی آڈٹ کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے، دیگر معاملات میں ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں میٹرو پروجیکٹس کا آڈٹ، ملک بھر میں شجر کاری مہم، سرکاری اداروں میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنا، ملک بھر میں خصوصی صفائی مہم شامل ہیں۔


    کے پی میں پہلے سے بہتر کام کرنا ہوگا، وزرا کی کارکردگی خود مانیٹر کروں گا: عمران خان


    خیال رہے کہ وزير اعظم عمران خان آج سے وزارتوں سے براہ راست بریفنگ بھی لیں گے، اس سلسلے میں پہلا دورہ وزارت خارجہ کا ہوگا۔

    وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے حوالے سے بھی کہہ چکے ہیں کہ ہمیں پہلے سے بہتر کام کرنا ہوگا، اور وزرا کی کارکردگی خود مانیٹر کروں گا۔

  • سعودی ولی عہد کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ

    سعودی ولی عہد کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ

    ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عشائیہ گزشتہ رات منیٰ میں دیا۔

    سعودی ولی عہد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کو حج کی مبارکباد بھی دی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا جبکہ سعودی ولی عہد نے نئی منتخب حکومت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان سے بھرپور تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حج کی سعادت حاصل کرلی ہے۔

  • عالمی عدالت انصاف: کلبھوشن کیس آئندہ برس فروری میں سماعت کے لیے مقرر

    عالمی عدالت انصاف: کلبھوشن کیس آئندہ برس فروری میں سماعت کے لیے مقرر

    دی ہیگ: عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کے کیس کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔ کلبھوشن کیس کی سماعت آئندہ سال فروری میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن کے کیس کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ سال فروری میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عالمی عدالت میں فروری میں ایک ہفتہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔ عالمی عدالت میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے 2، 2 جوابات جمع کروائے گئے تھے۔

    پاکستان نے جوابات میں بھارت کے تمام اعتراضات کے جواب دیے تھے۔ پاکستان نے پہلا جواب 13 دسمبر 2017 اور دوسرا رواں سال 17 جولائی کو جمع کروایا تھا۔

    خیال رہے کہ 3 مارچ 2016 کو حساس اداروں نے بلوچستان سے بھارتی جاسوس اور نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا۔ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔

    اگلے برس 10 اپریل کو پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کلبھوشن کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔

    اس سے قبل فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کا ٹرائل بھی کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: بلوچستان میں بدامنی میں افغان انٹیلی جنس ملوث تھی

    بعد ازاں بھارت اس معاملے کو عالمی عدالت میں لے گیا، بھارت نے عالمی عدالت میں کلبھوشن کی پھانسی کے خلاف اپیل دائر کی تھی تاہم عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کیس میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی عدالت کو کیس کے میرٹ پر مطمئن نہیں کر پایا۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ پاکستان بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی دے اور امید ہے کہ پاکستان عالمی عدالت کا مکمل فیصلہ آنے تک سزائے موت نہیں دے گا۔

    اب عالمی عدالت میں دوبارہ اس کیس کی سماعت کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ اس دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ سے بھی اس کی ملاقات کروا چکا ہے۔