Tag: پاکستان کی خبریں

  • ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ

    ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکش کمیشن کا کہنا ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے۔

    چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم تا 15 ستمبر سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ نائیکوپ یا ایم آر پی رکھنے والے پاکستانیوں کو بطور ووٹر رجسٹر کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ، نادرا اور سفارت خانوں کی مدد سے آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز رجسٹرڈ کروائے جائیں گے۔

    اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔

    کئی سماعتوں کے بعد سپریم کورٹ نے ضمنی انتخابات میں اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ تجرباتی نفاذ کا مقصد یہ نہیں کہ اس کے نتائج کو نظر انداز کر دیا جائے، ضمنی انتخابات میں اوور سیز پاکستانیوں کے نتائج کو پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کی 14 اکتوبر تاریخ مقرر کردی ہے۔

    ضمنی انتخاب کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ قومی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

  • ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزارت ریلوے میں حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا کوئی لوکو موٹیو رکنا نہیں چاہیئے، پاکستان ریلوے کو سرمایہ کاری کے لیے کھولنا چاہیئے۔ ریلوے فریٹ کو ڈیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا، ریلوے کو بہترین وزارت بنانا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد آرام مجھ پر حرام ہوگا۔ ریلوے کا خسارہ اربوں روپے ہے اور اسے کم کرنا اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سستی ٹرینیں چلا کر غریبوں کو سہولت دینے کے لیے پرعزم ہوں۔ غریبوں کو ریل گاڑی میں اے سی کی سہولت دینا ترجیح ہے۔

  • وزیر اعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کی ملاقات

    وزیر اعظم سے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی زبیر محمود حیات نے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی زبیر محمود حیات نے ملاقات کی ہے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے عمران خان کو وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

    اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 2 روز قبل اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

    قوم سے اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنے اور سادگی اختیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    ان کی کابینہ نے بھی آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔

  • محبت اور دوستی کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں: شاہ محمود قریشی

    محبت اور دوستی کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: نو منتخب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپنا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا کرنا چاہتا ہوں۔ محبت، دوستی اور ایک نئے آغاز کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں۔ افغان عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پہلی پریس کانفنرس کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی پاکستان سے شروع ہو کر پاکستان پر ہی ختم ہوگی۔ پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو از سر نو دیکھا جائے گا۔ خارجہ پالیسی کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان کو تنہائی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ 4 سال پاکستان کا وزیر خارجہ ہی نہیں رہا۔ وزیر خارجہ نہ رہتے ہوئے ایسی طاقتوں کو موقع ملا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کمزور ہو تو دشمن فائدہ اٹھاتا ہے۔ ہمیں خارجہ پالیسی میں اصلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، خواجہ آصف کو دعوت دوں گا۔ ’ایم ایم اے کے رہنما کو بھی مدعو کروں گا، چاہوں گا ان سابق وزرائے خارجہ سے مشاورت کروں‘۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خارجہ امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ کابینہ میٹنگ کے بعد تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کروں گا، تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات میں ان کے تجربہ سے سیکھوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی بات کی ہے، آج افغان ہم منصب کو ٹیلی فون کروں گا۔ ’اپنا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا کرنا چاہتا ہوں، افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ محبت، دوستی اور ایک نئے آغاز کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں۔ افغان عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میرا دوسرا پیغام بھارت کی وزیر خارجہ کے لیے ہے۔ ہم صرف ہمسائے ہی نہیں ایٹمی قوتیں بھی ہیں۔ ہم دونوں ممالک کے مسائل سے سب واقف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل گفت و شنید کے بغیر ممکن نہیں۔ ہم ایک دوسرے سے منہ نہیں موڑ سکتے، ہمیں حقائق تسلیم کرنا ہوں گے، کشمیر ایک مسئلہ ہے، ایڈونچر کا کوئی فائدہ نہیں، دونوں ملکوں کا نقصان ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی نے آج نہیں ماضی میں مسائل کو تسلیم کیا۔ واجپائی صاحب کے اسلام آباد مذاکرات تاریخ کا حصہ ہیں۔ آج پھر کہتا ہوں ہمیں بامعنی مذاکرات کی ضرورت ہے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ ہم حاکم نہیں خادم ہیں، ہمیں اپنے رویے تبدیل کرنے ہیں، خدمت کے جذبے سے ہی اقتدار میں آئے ہیں۔ اخلاق سے کبھی نقصان نہیں ہوتا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ خوش دلی سے پیش آنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چیلنجز کا احساس ہے، قوم پر مشکل وقت آتے ہیں، خارجی اور داخلی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں۔ عمران خان کے 100 روزہ پروگرام میں میرا چھوٹا سا حصہ ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ احساس ہے وزارت خارجہ میں سلجھے ہوئے بہترین افسران ہیں۔ وزارت خارجہ کے افسران سے ہر قدم پر مشاورت کروں گا۔ ہمارے بہت سے سفارت کار ہیں جو بہترین تجربہ رکھتے ہیں، سابق سفارت کاروں سے بھی مشاورت کا ارادہ رکھتا ہوں۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ بھارتی وزیر اعظم نے کل خط کے ذریعے عمران خان کو مبارک باد دی، بھارتی وزیر اعظم نے گفت و شنید کے راستے کا پیغام دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کی ترجیحات اور تشویش سے اچھی طرح آگاہ ہوں۔ تعلقات دو طرفہ اور عزت و احترام کے ساتھ ہوتے ہیں، کس نے کیا کیا اور کیا کردار رہا سب معلوم ہے۔ پاک امریکا تعلقات میں اعتماد کا فقدان ہے۔

  • حکومت ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا نوٹس لے، سراج الحق

    حکومت ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا نوٹس لے، سراج الحق

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک میں نئی بننے والی تحریکِ انصاف کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا نوٹس لے، وزیرِ اعظم مشترکہ لائحہ عمل کے لیے اسلامی ممالک سے رابطہ کریں۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے عقیدے و محبت کے مرکز پر حملے کیے جا رہے ہیں، وزیرِ اعظم کو اس صورت حال کا نوٹس لے کر ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے۔

    خیال رہے کہ دو دن قبل قومی اسمبلی نے بھی ہالینڈ میں پیغمبر اسلامﷺ کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے خلاف قرارداد مذمت متفقہ طور پر منظور کی تھی اور انبیا کی شان میں گستاخی کو سب سے بڑی دہشت گردی قرار دیا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  عمران خان کو مبارکباد دیتا ہوں، ان کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے، سراج الحق


    واضح رہے کہ نیدر لینڈز (پرانا نام ہالینڈ) کے اسلام مخالف سیاست دان گیرٹ ولڈرز کی فریڈم پارٹی نے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔

    توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے اعلان کے بعد ملک بھر میں احتجاجی جلسوں کا آغاز ہو گیا ہے، ہالینڈ میں بھی اس کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان  کو سری لنکا کے وزیرِ اعظم کا ٹیلی فون

    وزیرِ اعظم عمران خان کو سری لنکا کے وزیرِ اعظم کا ٹیلی فون

    اسلام آباد: سری لنکا کے وزیرِ اعظم رنیل وکرما سنگھا نے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کو فون کر کے وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن وزیرِ اعظم نے فون کر کے وزیرِ اعظم عمران خان کو مبارک باد دی، عمران خان نے سری لنکا کے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

    سری لنکن وزیرِ اعظم وکرما سنگھا نے فون کر کے کہا کہ دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے لیے مل کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گہرے اور دوستانہ تعلقات استوار ہیں، ان تعلقات میں اضافے کے لیے کام کیا جائے گا۔

    دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاست، معیشت، دفاع، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں اضافے کی ضرورت ہے۔


    یہ بھی ملاحظہ کریں:  منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کیلیے ٹاسک فورس بنائیں گے، عمران خان


    واضح رہے کہ آج قوم سے اپنے پہلے خطاب میں وزیرِ اعظم عمران خان نے معیشت اور سیاحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے واضح اور بڑے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    قوم سے خطاب میں انھوں نے کہا ’ایکسپورٹ انڈسٹری کی بھرپور مدد کریں گے، سرمایہ کاروں کے لیے وَن ونڈو آپریشن شروع کرنے اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ان کی تمام مشکلات کو دور کریں گے۔‘

  • ایل او سی پر فائرنگ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

    ایل او سی پر فائرنگ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

    اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی شہید اور ایک بچہ زخمی ہوا، پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی افسر کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر شدید مذمت کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق بھارتی فائرنگ سے ایک 65 سالہ ذوالفقار نامی پاکستانی شہری شہید ہوا، جب کہ ایک بچہ بھی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لیکن بھارت ایک عرصے سے کنٹرول لائن پر شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ، 65 سالہ شہری شہید


    ترجمان کے مطابق 2018 میں بھارتی فائرنگ سے 31 شہری شہید جب کہ 122 زخمی ہو چکے ہیں، اور بھارت ایک سال میں ایک ہزار 400 بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔

  • پوری قوم کی نظریں آپ اور آپ کی ٹیم پر ہیں: شاہد آفریدی کا عمران خان کے لیے ٹویٹ

    پوری قوم کی نظریں آپ اور آپ کی ٹیم پر ہیں: شاہد آفریدی کا عمران خان کے لیے ٹویٹ

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹویٹ کے ذریعے وزیرِ اعظم عمران خان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نگاہیں آپ اور آپ کی ٹیم پر مرکوز ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق آل راؤنڈر اور جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور بلّے باز شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان کو وزیرِ اعظم بننے کی مبارک باد دی۔

    شاہد خان آفریدی نے وزیرِ اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’پورا پاکستان آپ اور آپ کی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہے۔‘

    انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کپتان عمران خان کی ٹیم آنے والی نسلوں کے لیے پاکستان کو ایک بہتر ملک بنانے کے لیے عمران خان کے خواب اور ان کی سوچ پر عمل پیرا ہوگی۔

    اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ قوم کی نگاہیں عمران خان پر مرکوز ہیں جو ملک کو ترقی کے راستے پر گام زن کریں گے۔


    وزیراعظم کی سابق کرکٹرزسے ملاقات، کرکٹ کا ڈھانچہ بدلنے کا عندیہ


    واضح رہے کہ آج وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان سے ان کے دفتر میں قومی کرکٹ ٹیم کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے ملاقات کی، بھارت سے نوجوت سنگھ سدھو نے ملاقات کے دوران ان کو شال کا تحفہ پیش کیا۔

    کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کا ڈھانچا بدلنے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے، پرانے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان آج 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے

    وزیرِ اعظم عمران خان آج 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: ملک کے 22 ویں وزیرِ اعظم عمران خان قوم سے آج 8 بجے خطاب کریں گے، جب کہ وفاقی کابینہ کی حلف برداری کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، اب یہ  تقریب پیر کو منعقد ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب میں منتخب وزیر اعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان کی تقریر آج 6 بجے ریکارڈ ہوگی جب کہ 8 بجے نشر کی جائے گی، قوم سے خطاب میں امکان ہے کہ عمران خان پہلے سو دنوں کی حکمت عملی کے حوالے سے بات کریں گے۔

    دوسری طرف وفاقی کابینہ کی حلف برداری کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، اب وفاقی کابینہ پیر کو حلف اٹھائے گی، اس سلسلے میں وزیرِ اعظم نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔

    عمران خان کی کابینہ  15 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں پر مشتمل ہوگی، حلف برداری کی تقریب پیر کو ایوان صدر میں منعقد ہوگی۔


    عمران خان نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھالیا


    وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اسد عمر کو وزیرِ خزانہ، شاہ محمود قریشی کو وزارتِ خارجہ، پرویزخٹک کو وزارتِ دفاع اور شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت دینے کی منظوری دی ہے۔

    اتحادیوں میں فہمیدہ مرزا وزیرِ بین الصوبائی رابطہ اور ارباب شہزاد مشیر اسٹیبلشمنٹ ہوں گے جب کہ خالد مقبول صدیقی وزیرِ انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ہوں گے۔

  • برطانوی وزیر اعظم کی عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد

    برطانوی وزیر اعظم کی عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد

    اسلام آباد: برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے وزیر اعظم عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لینے کے بعد عمران خان کو دنیا بھر سے مبارکبادیں موصول ہورہی ہیں۔

    برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بھی انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں تھریسا مے کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم سے بات کر کے خوشی ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ باہمی تعاون، تجارتی اور سیکیورٹی معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی برطانوی وزیر اعظم نے عمران خان کو فون کیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری لانے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھول کر پاکستان کی نئی حکومت کی مکمل معاونت کریں گے۔

    تھریسا مے کی جانب سے نیک تمناؤں کے اظہار پر وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے، انسداد منی لانڈرنگ کے لیے برطانیہ کے ساتھ اشتراک کے خواہاں ہیں۔