Tag: پاکستان کی خبریں

  • شہباز شریف اپوزیشن کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، ن لیگ ڈٹ گئی

    شہباز شریف اپوزیشن کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، ن لیگ ڈٹ گئی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے فیصلے پر ڈٹ گئی ہے کہ شہباز شریف ہی اپوزیشن کی طرف سے وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو قائل کرنے کی آخری وقت تک کوشش کی جائے گی کہ وہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے شہباز شریف کی حمایت کرے۔

    ن لیگ کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر پی پی نے ساتھ نہ دیا تو بھی عمران خان کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا، جب کہ پنجاب میں بھی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف نے تمام منتخب ارکان اسمبلی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دیں گے، چوہدری منظور

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان چوہدری منظور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو 3 دن پہلے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔

    وفاق کے بعد پنجاب میں بھی ن لیگ کی مشکل میں اضافہ، پیپلز پارٹی کا حمایت سے انکار

    دوسری طرف پی پی کے صوبائی پارلیمانی رہنما حسن مرتضیٰ نے بھی کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو پنجاب میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

  • چوہدری نثار نے پاناما لیکس کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل میں اپنے کردار کی تردید کر دی

    چوہدری نثار نے پاناما لیکس کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل میں اپنے کردار کی تردید کر دی

    راولپنڈی: سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل میں اپنے کردار کی تردید کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی کی تشکیل کے معاملے پر چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس پر چوہدری نثار نے وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی اعلیٰ عدلیہ کے 3 رکنی بینچ کے حکم کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے عدالت نے نہیں بلکہ اس وقت کے وزیرِ داخلہ اور نواز شریف کے قریبی ساتھی چوہدری نثار نے شامل کروائے تھے۔

    چوہدری نثار نے تردید کرتے ہوئے کہا ’جے آئی ٹی کی تشکیل اور فوجی افسران کی شمولیت کے سلسلے میں میرا کوئی عمل دخل نہیں تھا، جے آئی ٹی کی تشکیل میں مجھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی تھی۔‘

    چوہدری نثار نے جومیرے ساتھ کیا ان کومیری بد دعا لگی‘ ڈاکٹرعاصم

    ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے متعلقہ اداروں سے افسران کے نام مانگے تھے، رجسٹرار نے آئی ایس آئی اور ایم آئی سے خود رابطہ کیا۔

    چوہدری نثار نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل میں کسی وزارت یا حکومتی شخصیت کو شامل نہیں کیا گیا۔

  • ایوان میں باقاعدگی سے آئیں، نو منتخب اسپیکر اسد قیصر کی وزرا کو ہدایت

    ایوان میں باقاعدگی سے آئیں، نو منتخب اسپیکر اسد قیصر کی وزرا کو ہدایت

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی نے وزرا کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایوان میں باقاعدگی سے حاضری کو یقینی بنائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ’میں نے وزرا کو ہدایات دی ہیں کہ ایوان میں باقاعدگی سے آئیں۔‘

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو مضبوط ادارہ بنایا جائے گا، وزیرِ اعظم خود ایک گھنٹہ سوالوں کے جواب دیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، ملک کے مسائل حل کرنا سب سے اہم ہے، ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔

    قومی اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں 170 بل منظور کیے گئے جو ایک مثال ہے، پی ٹی آئی کا ایجنڈا نیا پاکستان ہے، ہم اداروں میں اصلاحات چاہتے ہیں اور اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں تحریکِ انصاف کے امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے، ان کا مقابلہ پی پی کے خورشید شاہ سے تھا۔

  • شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دیں گے، چوہدری منظور

    شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دیں گے، چوہدری منظور

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان چوہدری منظور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ’وزارتِ عظمیٰ کے لیے ن لیگ کو 3 دن پہلے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا، ان سے کہہ دیا تھا کہ شہباز شریف کو ووٹ نہیں دیں گے۔‘

    چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے فی الحال کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا، مرضی کا امیدوار نہ ہوا تو ممکن ہے ووٹنگ میں حصہ ہی نہ لیں۔

    پی پی ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کو پارلیمنٹ لانے میں اپنا کردار ادا کیا، ہم نے بندے توڑنے کے لیے کوئی کوشش نہیں کی، ہم چاہتے ہیں کہ سسٹم کو مسائل ختم کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔

    چوہدری منظور نے آج قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے موقع پر احتجاج کے حوالے سے کہا ’ن لیگ کے احتجاج کے طریقۂ کار سے پیپلز پارٹی کو اختلاف ہے، نشستوں پر بیٹھ کر احتجاج کیا جانا چاہیے تھا۔‘

    ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا الائنس غیر فطری ہے: شاہ محمود قریشی


    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ابھی صرف ایک پوائنٹ پر اکھٹی ہوئی ہے، یہ پوائنٹ ہے انتخابات میں دھاندلی، ہمارا اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔

    چوہدری منظور نے نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی طے کرلے کہ سابق وزرائے اعظم کے ساتھ کیسا سلوک کرنا ہے، نواز شریف کو فیئر ٹرائل ملا ہے، فیصلے سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن میاں صاحب کو ٹرائل فیئر ملا۔

    واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے متعدد بار کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم ن لیگ کا اتحاد غیر فطری ہے، جس پر پی پی کے رہنما نے کہا کہ ان کا ن لیگ کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوا۔

  • تندور پر ملنے والے الیکشن فارم اہم نہیں تھے، الیکشن کمیشن

    تندور پر ملنے والے الیکشن فارم اہم نہیں تھے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: تندور پر الیکشن فارم ملنے کے معاملے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی وضاحت جاری کر دی، کمیشن کا کہنا ہے کہ تندور پر ملنے والے فارم اہم نہیں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تندور پر ملنے والا ریکارڈ کسی طرح سے بھی حساس اور اہم نہیں تھا۔

    الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ مذکورہ فارم الیکشن کےعملے کی تربیت کے لیے استعمال کیے گئے تھے، ٹریننگ میں استعمال شدہ کاغذات فالتو تصور کیے جاتے ہیں۔

    ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ وضاحت کے مطابق ڈی آر او، آر او اور پولنگ افسران کی تربیت اسکولوں اور کالجوں میں ہوئی، مذکورہ فارم بڑی تعداد میں 400 اسکولوں میں بھجوائے گئے تھے۔

    شیخ رشید نے تندور پر روٹیاں لگائیں


    کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے سلسلے میں متعلقہ عملے کی تربیت نہ صرف زبانی طور پر کی جاتی ہے بلکہ عملی اور تجرباتی طور پر بھی ان کی ٹریننگ کی جاتی ہے، یہ فارم اسی سلسلے میں جاری کیے جاتے ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ الیکشن کا تمام حساس پولنگ ریکارڈ اسٹرانگ رومز میں جمع ہے، پاک فوج کی نگرانی میں حساس سامان اسٹرانگ رومز میں جمع کرایا گیا۔

  • شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے

    شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کے لیے قومی اسمبلی میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پولنگ کے بعد اب وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کے لیے بھی عمران خان اور شہباز شریف نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

    ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کی طرف سے کاغذاتِ نامزدگی ن لیگ کے رہنماؤں خواجہ آصف، احسن اقبال اور رانا تنویر نے جمع کرائے۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کی طرف سے مایوس ہونے کے بعد میاں شہباز نے صوبائی سیٹیں چھوڑ کر قومی سیٹ سے وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

    دوسری طرف عمران خان کی جانب سے بھی کاغذاتِ نامزدگی جمع کروادیے گئے ہیں، شیخ رشید ان کے تجویز کنندہ ہیں، جب کہ فخرامام پی ٹی آئی چیئرمین کے تائید کنندہ ہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب

    خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔ ان کے مقابل پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے۔

    وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کل دوپہر 2 بجے تک جمع ہوں گے، وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات کی جانچ پڑتال کل سہ پہر 3 بجے ہوگی جب کہ وزیرِ اعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا۔

  • خیبر پختونخواہ اسمبلی: مشتاق غنی اسپیکر، محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب

    خیبر پختونخواہ اسمبلی: مشتاق غنی اسپیکر، محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب

    پشاور: خیبر پختونخواہ اسمبلی میں مشتاق غنی اسپیکر اور محمود جان ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات کے بعد خیبر پختونخواہ اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست کو ہوا جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا۔

    پختونخواہ اسمبلی میں اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی اور متحدہ اپوزیشن کے لائق محمد خان مدمقابل تھے۔

    اسپیکر کے انتخاب کے لیے 109 ارکان صوبائی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    تحریک انصاف کے مشتاق غنی 83 ووٹ لے کر اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوگئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے لائق محمد کو 27 ووٹ ملے۔

    مشتاق غنی نے بطور اسپیکر اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا۔

    بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی جس میں تحریک انصاف کے محمود جان اور جمشید مہمند مدمقابل تھے۔

    محمود جان 78 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ منتخب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ ن کے جمشید مہمند نے 30 ووٹ حاصل کیے۔ نو منتخب اسپیکر مشتاق غنی نے ڈپٹی اسپیکر سے عہدے کا حلف لیا۔

    خیال رہے کہ پختونخواہ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے۔

    اسمبلی میں تحریک انصاف کے 84، متحدہ مجلس عمل کے 13، عوامی نیشنل پارٹی کے 9، پاکستان مسلم لیگ ن کے 6، پاکستان پیپلز پارٹی کے 5، پاکستان مسلم لیگ ق کا 1 اور 3 آزاد امیدوار موجود ہیں۔

  • نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی

    نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سخت سیکیورٹی حصار میں لیکر اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچی۔

    احتساب عدالت کے جج ارشد ملک العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز پر سماعت کی۔

    عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کے تفتیشی افسر کو آج طلب کیا تھا۔ ریفرنس میں آخری گواہ یعنی نیب کے تفتیشی افسر کا بیان قلمبند کیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف سنہ 81 سے2017 تک اہم عہدوں پر فائز رہے۔ نواز شریف، شریف خاندان کے سب سے با اثر شخص تھے۔ حسن اور حسین نواز نواز شریف کے زیر کفالت تھے۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ سال 2000 تک حسن اور حسین نواز کے ذرائع آمدن نہیں تھے۔ نواز شریف نے حربے کے طور پر خاندان کے نام شیئرز رکھنا شروع کیے۔ 2002 – 2001 تک اثاثوں کی مالیت 50.49 ملین ڈالرز کو عبور کر چکی تھی۔

    گواہ نے بتایا کہ ملزمان نے بیرون ملک جائیداد ظاہر کی نہ رقم منتقل کرنے کا طریقہ بتایا، حسین نواز العزیزیہ اور ہل میٹل کی ملکیت تسلیم کرتے رہے ہیں، جائیدادوں سے مریم اور حسن نواز کو مالی فوائد حاصل ہوئے۔

    تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کی بتائی ہوئی منی ٹریل من گھڑت کہانی نکلی۔ نواز شریف کا یہ مؤقف درست نہیں کہ جائیدادوں کا علم نہیں، یو اے ای کے جواب سے ملزمان کا مؤقف غلط ثابت ہوا۔ تفتیش سے ثابت ہوتا ہے کہ نواز شریف ان اثاثوں کے مالک ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 1.2 اور 10 ملین ڈالرز کی دو ٹرانزیکشن ہل میٹل سے ہوئی، رقوم نجی بینک کی واپڈا ٹاؤن اور گلبرک لاہور میں آئیں۔ آڈٹ کے مطابق ہل میٹل کا 88 فیصد منافع نواز شریف کے اکاؤنٹ میں آیا۔

    ان کے مطابق مریم نواز کے اکاؤنٹ میں 59.256 ملین روپے آئے۔ 1 اعشاریہ 5 ملین روپے حسن کے اکاؤنٹ میں آئے۔ بچوں کے ذرائع آمدن نہیں تھے وہ نواز شریف کے بے نامی دار تھے۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ تمام اثاثے نواز شریف کے معلوم ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔ 19 اگست 2017 کو میں نے پہلی تفتیشی رپورٹ جمع کروائی۔ رپورٹ کے ساتھ میں نے ریفرنس دائر کرنے کی تجویز دی، چیئرمین نیب نے رپورٹ کے بعد ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

    انہوں نے کہا کہ ریفرنس دائر ہونے کے بعد بھی میں نے تفتیش جاری رکھی۔

    گواہ کا بیان مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ خواجہ حارث سے پتہ کرلیں وہ کب دستیاب ہوں گے، خواجہ حارث کی دستیابی پر آئندہ سماعت رکھیں گے۔

    ریفرنس کی مزید سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز 13 جولائی کو جب لندن سے وطن واپس لوٹے تو دونوں کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے ہی گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • 71 واں جشنِ آزادی: پاک وطن سے محبت کا والہانہ اظہار

    71 واں جشنِ آزادی: پاک وطن سے محبت کا والہانہ اظہار

    کراچی: اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 71 ویں جشنِ آزادی کے موقع پر وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے اہلِ وطن نے دل چسپ انداز میں جشن منایا۔

    تفصیلات کے مطابق خطۂ ارض کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کا یقین رکھتے ہوئے اہلِ وطن نے ملک کے اندر اور باہر اپنی گہری اور والہانہ محبت کا اظہار مختلف طریقوں سے کیا۔

    جدہ میں مقیم پاکستانیوں نے سمندر کی گہرائیوں میں پاکستان کی آزادی کا جشن منایا، پاکستانی شہریوں نے ایک سو پچاس فٹ گہرائی میں پاکستانی پرچم لہرا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

    [bs-quote quote=”اہل وطن کو اےآر وائی نیوز کی جانب سے یوم آزادی مبارک” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    سمندر پار پاکستانیوں نے نامزد وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی خراج تحسین پیش کیا، پاکستانیوں نے گہرے سمندر میں شکرانے کے نوافل بھی پڑھے اور خصوصی دعائیں کی۔

    آج عظیم قوم کا عظیم دن ہے، ملک سے تجدید وفا کا دن ہے، ملک بھر میں آزادی کے جشن کا سماں ہے، رنگوں اور روشنیوں کا سیلاب امنڈ آیا ہے، مرد، عورت، بچہ، بوڑھا اور جوان سبھی جشن منانے گھر سے نکل آئے ہیں۔

    ملک بھر میں یوم آزادی کا جشن: بارہ بجتے ہی آتش بازی کے خوبصورت مناظر

    خیال رہے کہ بزرگوں کی بے شمار قربانیوں کی بہ دولت برطانوی راج سے حاصل کیے گئے پاکستان کو آزاد ہوئے آج اکہتر برس بیت گئے، عیدِ آزادی پر ہر پاکستانی کا چہرہ خوشی سے نہال ہے۔

    [bs-quote quote=”نشاں یہی ہے زمانے میں زندہ قوموں کا
    کہ صبح و شام بدلتی ہیں ان کی تقدیریں” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اہلِ وطن نے جگہ جگہ دل چسپ انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا، جامعہ کراچی میں بھی طویل قومی پرچم لہرایا گیا، بلندعمارتیں، گلی کوچے، سڑکیں، چوراہے رنگوں سے سج گئے ہیں۔

    گوگل ڈوڈل بھی پاکستانی رنگ میں رنگ گیا

    ملتانیوں نے بھی جشن منانے کا الگ انداز اپنایا، آزادی کی خوشی میں ملتان کے باسیوں نے 1000 پونڈ وزنی جشن آزادی کیک کاٹا، اور وطن کی خدمت کا عزم کیا۔

  • پارلیمنٹ مضبوط کریں گے، میں خود ایوان میں بیٹھوں گا، عمران خان

    پارلیمنٹ مضبوط کریں گے، میں خود ایوان میں بیٹھوں گا، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی ارکان اور اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا، عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا پی ٹی آئی پارلیمنٹ مضبوط کرے گی، میں خود ایوان میں بیٹھوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کی طرف سے اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں اتحادی جماعتوں کے ارکانِ قومی اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، عشائیے سے عمران خان نے خطاب کیا۔

    عشائیے میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، چوہدری سرور، نعیم الحق، عارف علوی، شیخ رشید ،علی زیدی، عامر لیاقت، قاسم سوری، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی، خالد مقبول صدیقی، اقبال محمد علی، کشور زہرہ، امین الحق، اسامہ قادری سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

    عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریکِ انصاف اہم ملکی فیصلے پارلیمنٹ میں کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ وہ خود ایوان میں بیٹھیں گے اور اراکین کے سوالوں کے جواب دیں گے۔

    متوقع وزیرِ اعظم نے کہا ’اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، حکومت سازی میں تعاون پر اتحادیوں کا شکر گزار ہوں، تحریکِ انصاف پارلیمنٹ کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے۔‘

    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    عمران خان نے حلقے کھولنے کے حوالے سے ایک بار پھر اپنی بات کو دہرایا ’ہمارے مطالبے پر حلقے نہیں کھولے گئے لیکن ہم حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں۔‘

    انھوں نے مزید کہا کہ انتخابات میں ووٹ خریدنے کا کلچر تبدیل ہونا چاہیے، ہم ووٹ خریدنے کے کلچر کے سامنے رکاوٹ بنیں گے۔

    واضح رہے کہ آج ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے، آئندہ پانچ سال کے لیے منتخب ہونے والے ارکان سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے حلف لیا۔