Tag: پاکستان کی خبریں

  • نئے پاکستان کی قومی اسمبلی کی تاریخ ساز تشکیل: چند دل چسپ حقائق کے ساتھ

    نئے پاکستان کی قومی اسمبلی کی تاریخ ساز تشکیل: چند دل چسپ حقائق کے ساتھ

    ادھرپاکستان کی جمہوری تاریخ نے اہم سنگِ میل عبور کیا اور ادھر نئے اور دل چسپ واقعات کا ظہور ہونے لگا، پورا ملک ایک نئی کروٹ لیتا دکھائی دے رہا ہے۔

    ملک کی تاریخ میں مسلسل تیسری بار قومی اسمبلی اپنی تشکیل کے عمل سے پُر امن طور پر گزرنے لگی ہے، اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے، ایک دوسرے کے دشمن سمجھے جانے والے ایک بار پھر جمہوری اسٹیج پر مسکراہٹوں کا تبادلہ کرتے دکھائی دیے۔

    عام لوگ ایسے مناظر دیکھ کر ایک دوسرے کی پارٹی وابستگیوں کو طنز کا نشانہ بنانے لگتے ہیں لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ انتخابی سیاست الگ ہوتی ہے اور حکومت بننے کے بعد ملکی معاملات چلانے کا عمل بالکل الگ ہوتا ہے۔

    ایک دہائی سے قوم جس شخص کا نام لے رہی ہے اور جس کا نام اکثر منفی طور پر لیا جاتا ہے، حتیٰ کہ ان کا نام بھی نہیں لیا جاتا اور اشارہ کردیا جاتا ہے کہ ’سمجھ تو گئے ہوں گے‘ جس نے پہلی بار ملکی تاریخ کو نئی سمت دکھائی، اور جمہوری حکومت کو پانچ سال کا ہندسہ عبور کروایا، وہ آصف علی زرداری پہلی بار  اسمبلی میں قدم رکھنے والے اپنے بیٹے بلاول کے ساتھ قومی اسمبلی میں داخل ہوئے۔

    قومی اسمبلی کے اراکین کی فہرست والی دستاویز پر سب سے پہلا دستخط بھی زرداری نے اپنی مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ کیا، انتخابات 2018 میں ایک دوسرے کے بد ترین حریف دکھائی دینے والے پارٹی سربراہان عمران خان، آصف زرداری، بلاول زرداری اور شہباز شریف ایوانِ بالا میں ایک ساتھ دکھائی دیے۔

    [bs-quote quote=”ملک کی مسلسل تیسری مرتبہ تشکیل پانے والی اسمبلی کا سب سے اہم واقعہ وہ تھا جب عمران خان اور آصف زرداری نے ایک دوسرے کو مسکرا کر دیکھا، شرمائے اور کپتان نے سابق صدر سے ہاتھ ملا لیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ یوٹرن کا نان اسٹاپ طعنہ دینے والے چھوٹے زرداری نے نئے پاکستان کے متوقع وزیرِ اعظم کے ساتھ تصویر بھی بنوائی، اور شوباز کی پھبتی جس پر کستے رہے تھے ان کے ساتھ مصافحہ کیا۔ یوں نئے پاکستان کی نئی اسمبلی کا پہلا اجلاس سیاست دانوں کی مسکراہٹوں کی نذر ہو گیا۔” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اسلامی جمہوریہ پاکستان کی 15 ویں قومی اسمبلی میں اس بار کچھ نئے چہرے بھی شامل ہوگئے ہیں، جس سے نئے پاکستان کا عکس اور عزم بھی جھلکتا ہے۔ ان نئے چہروں میں بلاول زرداری، فیصل واوڈا، خیبر پختونخوا کی پرعزم خاتون زرتاج گل، اسد قیصر، سابق وزیرِ اعلیٰ کے پی پرویز خٹک، علی زیدی اور چوہدری حسین الہیٰ شامل ہیں۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ وہ سب سے کم عمر پارلیمنٹیرین بننے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ 26 سالہ چوہدری حسین الٰہی صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت کے صاحب زادے ہیں۔

    نئے پاکستان کی نئی قومی اسمبلی سے اس بار کچھ پرانے بھی آؤٹ ہو گئے ہیں جو اس ملک کے لیے سب سے بڑا نیک شگون بھی ہے، ان میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، فاروق ستار، شاہد خاقان عباسی، محمود خان اچکزئی، اسفند یار ولی خان، خواجہ سعد رفیق اور چوہدری نثار علی خان شامل ہیں۔ سب سے بڑا اَپ سیٹ وہ تھا جب جیپ قومی اسمبلی میں رسائی حاصل نہ کرسکی۔

    نئے پاکستان میں ابھی ہمیں مزید کیا کچھ دیکھنا پڑے گا، یہ وقت کے ساتھ ساتھ معلوم ہوتا جائے گا، عمران خان نئے پاکستان کی تشکیل کے لیے پرعزم نظر آتے ہیں۔ اس وقت پورے ملک میں ’سرسبز پاکستان‘ کے حصول کے لیے بڑے پیمانے پر پودے اُگانے کی مہم جاری ہے، جس کا آغاز تحریکِ انصاف نے خیبر پختونخوا میں درخت اگانے کی مہم کے ساتھ کیا تھا، جسے الیکشن سے قبل اے آر وائی کی ٹیم نے آگے بڑھایا اور اب پاک فوج اسے ایک نئی سطح تک لے جا رہی ہے۔

  • نئے پاکستان کی وفاقی کابینہ میں اسدعمر، شاہ محمود، فواد چوہدری، شیخ رشید اور پرویز خٹک شامل

    نئے پاکستان کی وفاقی کابینہ میں اسدعمر، شاہ محمود، فواد چوہدری، شیخ رشید اور پرویز خٹک شامل

    اسلام آباد: عمران خان کی زیرِ صدارت کور گروپ کے اجلاس میں نئے پاکستان کی وفاقی کابینہ کے لیے ناموں پر غور کیا گیا، کابینہ میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شیخ رشید احمد اور پرویز خٹک کو شامل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کور گروپ کے اجلاس میں وفاقی کابینہ کے دیگر ناموں اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی نامزدگی پر اتفاق نہ ہو سکا، تاہم اس سلسلے میں عمران خان نے سینئر اراکین کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پی ٹی آئی کور گروپ کے اہم اجلاس میں وفاقی کابینہ کی تشکیل کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر وزیرِ خزانہ جب کہ شاہ محمود قریشی وزیرِ خارجہ ہوں گے۔

    [bs-quote quote=”اسد عمر وزیرِ خزانہ جب کہ شاہ محمود قریشی وزیرِ خارجہ ہوں گے۔” style=”style-7″ align=”center” color=”#efc737″][/bs-quote]

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد وزارتِ ریلوے اور فواد چوہدری کے پاس وزارتِ اطلاعات کا قلم دان ہوگا، خیال رہے کہ شیخ رشید ماضی میں بھی وزیرِ ریلوے رہ چکے ہیں۔

    اجلاس میں کابینہ کے دیگر ناموں پر تاحال اتفاق نہیں ہو سکا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ داخلہ اور دفاع جیسی اہم وزارتوں کا قلم دان کسے دیا جائے گا، یہ فیصلہ تا حال نہیں ہو سکا۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پرویز خٹک اور شفقت محمود وزارتِ داخلہ کے عہدے کے خواہش مند ہیں، تاہم عمران خان اتحادیوں کو بھی کابینہ میں نمائندگی دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ عمران خان کچھ دیر بعد اتحادی جماعتوں کے اراکینِ اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

  • پارلیمنٹ سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے، شاہ محمود قریشی

    پارلیمنٹ سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت پارلیمنٹ سے رہنمائی حاصل کرتی رہے گی، اپوزیشن کے اچھے مشوروں کو بھی اہمیت دی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی تجربہ کار سیاست دان ہیں، وہ ہمیں اور ہم انھیں مشورہ دیتے رہیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کے اتحاد کو غیر فطری قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہوگئے ہیں اب ہمیں آگے بڑھنا ہے، سیاسی لوگ نتائج قبول کر کے آگے بڑھتے ہیں۔

    [bs-quote quote=”بولیاں لگانا پرانے پاکستان میں ہوتا تھا اب ایسا نہیں ہوگا، اب ہم نہیں چاہیں گے کہ کوئی کسی کی بولی لگائے۔” style=”style-2″ align=”left” author_name=”شاہ محمود قریشی”][/bs-quote]

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا ’بولیاں لگانا پرانے پاکستان میں ہوتا تھا اب ایسا نہیں ہوگا، اب ہم نہیں چاہیں گے کہ کوئی کسی کی بولی لگائے، پارلیمنٹ کا وقار بلند کرنا پی ٹی آئی کی پالیسی کا حصہ ہوگی۔‘

    شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن میں معیشت سب سے بڑا چیلنج ہے، اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرائیں گے، پاکستانی معیشت اور پانی بحران سے متعلق واضح پالیسی بنائی جائے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے آج اتحادیوں کو عشائیے کی دعوت دے دی ہے، نیا پاکستان بدلے ہوئے رویوں اور نئی سوچ کا نام ہے، تحریکِ انصاف خندہ پیشانی سے آگے بڑھے گی۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    شاہ محمود قریشی نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا سعودی عرب پاکستان کا پرانا دوست ملک ہے، سعودی فرماں روا نے عمران خان کی طرف سے دورۂ پاکستان کی دعوت قبول کرلی جب کہ عمران خان نے بھی دورۂ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی ہے۔

  • قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بلوچستان سے رکن نامزد

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بلوچستان سے رکن نامزد

    اسلام آباد: عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے بلوچستان سے رکن نامزد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے بلوچستان کو ساتھ لے کر چلنے کا وعدہ پورا کر دیا، ایوانِ بالا میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بلوچستان سے رکن اسمبلی کو پی ٹی آئی کی طرف سے نامزد کردیا گیا۔

    قومی اسمبلی میں قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار ہوں گے، دوسری طرف اسد قیصر نے بھی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ وہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے انھیں ڈپٹی اسپیکر نامزد کیا، بلوچستان کی نمائندگی سے بلوچستان کا احساس محرومی دورہوگا۔

    قبل ازیں عمران خان کی زیرِ صدارت پی ٹی آئی کور گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم امور پر مشاورت کی گئی، وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور وفاقی کابینہ کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی میں اسپیکر شپ کے لیے خورشید شاہ نے بھی کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔

    دو دن قبل قومی اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے کے لیے تحریکِ انصاف اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جس میں خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے اسد قیصر کے حق میں دست بردار ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

  • ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان  آج حلف اٹھائیں گے

    ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ پاکستان کی پندرہ ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، ملک میں جمہوریت ایک اور سنگِ میل کے قریب پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک نئے عہد کا آغاز ہو گیا ہے، 15 ویں قومی اسمبلی کے منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے منعقد ہوگا۔

    نو منتخب اور مخصوص نشستوں کے ارکان آئین کی پاس داری کا عہد کریں گے، جب کہ عمران خان وزارتِ عظمیٰ کی جانب پہلا پارلیمانی قدم بڑھائیں گے۔

    دوسری طرف پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن کا حلف اٹھائیں گے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی اپوزیشن لیڈر بن کر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار نظر آتے ہیں۔

    ملک کی پندرہ ویں قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے، حلف کے بعد ہر رکن رجسٹر پر دستخط کرے گا۔

    نئی حکومت کا انتظار، اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 4 ارب ڈالر دینے کو تیار

    آج کے دن کا ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس 15 اگست تک ملتوی کر دیا جائے گا، 15 اگست کو اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور نو منتخب اسپیکر نئے ڈپٹی اسپیکر کے لیے رائے شماری کروائیں گے،  جب کہ عمران خان 18 اگست کو وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    دریں اثنا آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، دونوں ارکان قومی اسمبلی نے رجسٹریشن کروائی، ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا اپوزیشن متحد ہوجائے گی؟ اس پر سابق صدر نے جواب دیا کہ آپ ہمارے ساتھ رہا کریں، سب پتا چل جائے گا۔

  • نواز شریف کی احتساب عدالت میں کل پیشی کے انتظامات مکمل، سیکورٹی پلان تیار

    نواز شریف کی احتساب عدالت میں کل پیشی کے انتظامات مکمل، سیکورٹی پلان تیار

    اسلام آباد: سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے ٹرائل کے لیے احتساب عدالت میں کل پیشی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے، سیکورٹی کا فول پروف پلان بھی تیار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے احتساب عدالت میں سیکورٹی کے لیے پلان تیار کرلیا، کل نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل شروع ہوگا۔

    سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے نواز شریف کی سیکورٹی کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کو خط لکھ دیا، انھوں نے کہا کہ احتساب عدالت پیشی کے لیے فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر متعلقہ افراد کا فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں داخلہ بالکل بند ہوگا، نواز شریف کی سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، احتساب عدالت کے اطراف 200 سے زائد اہل کار تعینات ہوں گے۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم نواز شریف کے بی کلاس میں مزے

    ذرائع نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے آرمرڈ وہیکل کے ذریعے عدالت لایا جائے گا، قافلے میں جیمرز والی گاڑی اور ایمبولینس بھی شامل ہوگی۔

    احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے بعد نئے جج ملک ارشد ٹرائل شروع کریں گے۔ خیال رہے کہ نواز شریف نے جج محمد بشیر پر اعتراض کر دیا تھا اور انھیں تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

    نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر

    واضح رہے کہ نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں اڈیالہ جیل میں دس سال کی قید کاٹ رہے ہیں، ان کی جانب سے سپریم کورٹ میں سزا کے خلاف اپیلیں بھی کی گئی ہیں جن پر سماعت کا آغاز ہو چکا ہے۔

  • قومی اسمبلی اسپیکر: تحریک انصاف نے خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دست برداری کی درخواست کردی

    قومی اسمبلی اسپیکر: تحریک انصاف نے خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دست برداری کی درخواست کردی

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دست بردار ہونے کی درخواست کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے وفود کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تحریکِ انصاف نے خورشید شاہ سے درخواست کی کہ وہ پی ٹی آئی کے اسد قیصر کے حق میں دست بردار ہوجائیں۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’خورشید شاہ سے اسد قیصر کے حق میں دستبرداری کی درخواست کی ہے، پیپلز پارٹی سے کہا کہ وہ ہمیں ووٹ دے۔‘

    فواد چوہدری نے کہا کہ ملاقاتوں کا مقصد پارلیمانی جماعتوں کا تعاون حاصل کرنا تھا، ہم نے پارلیمان کو مضبوط بنانا ہے، سب کو متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

    پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے فون آ رہے ہیں، دنیا عمران خان کو عالمی لیڈر کی طرح دیکھ رہی ہے، سعودی ولی عہد شاہ سلمان نے بھی عمران خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    نئے پاکستان میں نئی بات ہونی چاہیے، اسپیکر سینئر ترین پارلیمنٹیرین ہو، خورشید شاہ

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم، بی این پی مینگل اور پی پی کے رہنماؤں کو تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت نامے دیے ہیں، عمران خان سوال جواب کے لیے خود پارلیمنٹ آئیں گے۔

    دریں اثنا پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے منصب کے لیے نامزد امیدوار اسد قیصر نے بھی میڈیا سے گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ آج ایم کیو ایم سمیت پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی گئیں، چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتیں عوامی توقعات پر پورا اتریں۔

    نامزد اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو سنجیدہ چیلنجز کا سامنا ہے، قومی ایجنڈے کو سامنے رکھ کر چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور قوم کو ایک نیا پاکستان بنا کردیں گے۔

  • نئے پاکستان میں نئی بات ہونی چاہیے، اسپیکر سینئر ترین پارلیمنٹیرین ہو، خورشید شاہ

    نئے پاکستان میں نئی بات ہونی چاہیے، اسپیکر سینئر ترین پارلیمنٹیرین ہو، خورشید شاہ

    اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے وفد سے ملاقات کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان میں نئی بات ہونی چاہیے۔

    پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کرنے والے پیپلز پارٹی کے وفد میں خورشید شاہ، شیری رحمان اور نوید قمر شامل تھے، پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کے وفد کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے وفد میں فواد چوہدری، اسد قیصر، عمر ایوب اور ریاض فتیانہ شامل تھے۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سینئر ترین پارلیمنٹرینز کو اسپیکر بنانا چاہیے، انھوں نے اپنی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’سینئر ترین پارلیمنٹرین میں اور نوید قمرہیں۔‘

    پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے استحکام کے لیے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے، ہم کوشش کریں گے کہ پارلیمنٹ بہتر انداز میں چلایا جائے۔

    سید خورشید نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نئی حکومت کی جانب سے کی جانے والی ملکی مفادات میں قانون سازی کی حمایت کرے گی، سب کو آ کر پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

    خورشید شاہ اسپیکر قومی اسمبلی کے امیدوار نامزد، کامیابی کے لیے رابطے شروع

    قبل ازیں پاکستان تحریکِ انصاف نے مذاکرات میں پیپلز پارٹی سے درخواست کی کہ وہ قومی اسمبلی میں اسپیکر شپ کے لیے سید خورشید شاہ کو پی ٹی آئی کے اسد قیصر کے حق میں دست بردار کرا دیں۔

    خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی وفد نے مذاق میں اسپیکر کے انتخاب پر بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے لیے کسی سینئر پارلیمنٹیرین ہی کو منتخب کرنا چاہیے۔

    دوسری طرف مسلم لیگ ن، ایم ایم اے اور عوامی نیشنل پارٹی نے بھی خورشید شاہ کی حمایت کر دی ہے، امید ہے کہ وہ اسد قیصر کے خلاف اسپیکر کا انتخاب لڑیں گے۔

  • میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے: علیم خان

    میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے: علیم خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ 130 مختلف دستاویزات جمع کروا چکا ہوں۔ میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ 130 مختلف دستاویزات جمع کروا چکا ہوں۔ کوئی برا کام نہیں کیا، جہاں بلائیں گے حاضر ہوں گا۔

    علیم خان نے کہا کہ نیب جتنی بار چاہے مجھے بلائے میں پیش ہوں گا۔ 2011 میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا، ’میں نے عمران خان کے ساتھ 7 سال جدوجہد کی، ایک نظریے کے تحت عمران خان کا ساتھ دیا‘۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ برے وقت میں کھڑا رہا، ڈٹ کر مسلم لیگ ن کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 18 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    علیم خان نے مزید کہا کہ میں نے کبھی سمجھوتہ یا سودے بازی نہیں کی، 2013 میں ٹکٹ نہ ملنے پر بھی عمران خان کا ساتھ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میرے خلاف 10 مختلف اداروں میں انکوائری ہوئی ہے۔

  • یوم آزادی نہ منانے کا بیان، مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کے خلاف درخواست دائر

    یوم آزادی نہ منانے کا بیان، مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کے خلاف درخواست دائر

    لاہور: جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے یوم آزادی نہ منانے کے بیان پر دونوں رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کے یوم آزادی نہ منانے کے بیان پر دونوں کے خلاف مقدمے کی درخواست لاہور کی سیشن کورٹ میں دائر کردی گئی۔

    درخواست کے بعد سیشن عدالت نے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔۔

    درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے 8 اگست کو اشتعال انگیز تقریر کی۔ تقریر میں مولانا فضل الرحمٰن نے عوام کو پاک فوج کے خلاف بھڑکایا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ فضل الرحمٰن کے 14 اگست پر بیان سے عوام کے جذبات مجروح ہوئے، ان کی تقریر بغاوت کے زمرے میں آتی ہے۔ شہباز شریف نے بھی عوام کو 14 اگست نہ منانے کی تلقین کی۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کے خلاف مقدمے کا حکم دے۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ ہر سال 14 اگست یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن اب کی بار ہم 14 اگست کو یوم آزادی نہیں منا سکتے کیونکہ ہماری رائے کا حق چھین لیا گیا ہے۔

    مولانا فضل الرحمٰن کے متنازعہ بیان پر شہباز شریف نے بھی تائید کی تھی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ وہ فضل الرحمٰن سے متفق ہیں، کیا 14 اگست کے ساتھ شفاف الیکشن کی خوشی منا سکتے ہیں؟ اس کا جواب نفی میں ہے۔