Tag: پاکستان کی خبریں

  • کراچی: شیر شاہ میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شیر شاہ میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق

    کراچی: کراچی کے علاقے شیر شاہ میں جناح روڈ پر دکان میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی شیر شاہ مارکیٹ میں ایک دکان میں موجود سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان میں سے 2 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

    عینی شاہین کے مطابق دھماکے کی آواز خاصی دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے دکان کی چھت پھٹ گئی اور سامان دور جا گرا۔

    جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

     

  • عمران خان کا وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ، خزانے کو 2 ارب کی بچت

    عمران خان کا وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے کا فیصلہ، خزانے کو 2 ارب کی بچت

    اسلام آباد: خلیجی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے سے قومی خزانے کو پونے 2 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے پر خلیجی اخبار میں شائع کیے گئے تجزیہ کے مطابق عمران خان کے اس عمل سے خزانے کا بوجھ کم ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس استعمال نہ کرنے سے قومی خزانے کو پونے 2 ارب سے زائد کی بچت ہوگی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے وزیر اعظم ہاؤس عوامی فلاح کے لیے استعمال کرنے کا عندیہ دیا تھا، وہ اپنے خطاب میں وزرا کالونی میں مقیم ہونے کا اشارہ دے چکے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ شاید عمران خان بطور وزیر اعظم اسپیکر ہاؤس کو استعمال میں لائیں گے۔ عمران خان جہاں بھی رہیں وزیر اعظم ہاؤس منتقل نہ ہو کر عوام کو واضح پیغام دیں گے۔

    خلیجی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق عوام پر عمران خان کے فیصلے کا نہایت مثبت اثر اور یقین میں اضافہ ہوگا۔ سادہ رہائش سے عوام میں اعتماد پیدا ہوگا کہ ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں ہو رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف نے دو دہائیوں پہلے وزیر اعظم ہاؤس کی عمارت کا افتتاح کیا تھا۔ وزیر اعظم ہاؤس کو مغل دور کے شاہی محلات کی طرز پر تعمیر کیا گیا تھا۔ 5 وسیع باغیچے اور پھلوں کا ایک بڑا باغ وزیر اعظم ہاؤس کا حصہ ہے۔ کئی تالاب، بڑا ہال، کمیٹی رومز بھی وزیر اعظم ہاؤس کا حصہ ہے۔

    وزیر اعظم ہاؤس میں ملازمین، محافظ، پولیس و دیگر عملے کی رہائش گاہیں بھی احاطے میں قائم ہیں۔ 50 افسران پر مشتمل پروٹوکول دستہ آؤ بھگت کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہے۔ شاہی عمارت کی حفاظت پر سالانہ 980 ملین روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کے عملے کے لیے 700 ملین روپے مختص ہوتے ہیں، 150 ملین روپے مہمانوں کے خیر مقدم،تحائف پر خرچ کیے جاتے ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کی سالانہ تزئین و آرائش پر 15 ملین خرچ ہوتے ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ تحریک انصاف قیادت سمجھتی ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس میں 4 جامعات قائم ہوسکتی ہیں۔

  • آرمی چیف سے مالدیپ کے سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف سے مالدیپ کے سفیر کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مالدیپ کے سفیر نے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں متعین مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    جی ایچ کیو آمد کے موقع پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

    اس موقع پر مالدیپ کے سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کے وفد کی عمران خان سے ملاقات

    ایم کیو ایم کے وفد کی عمران خان سے ملاقات

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات جاری ہے۔

    ایم کیو ایم کے وفد اور عمران خان کے درمیان ملاقات ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہو رہی ہے۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم رہنماؤں نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں عارف علوی اور عمران اسمعٰیل بھی شریک تھے۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان، کنور نوید جمیل، وسیم اختر اور فیصل سبزواری شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا عمران خان کی حمایت کا اعلان

    ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کا وفد اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھے گا اور انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی بھی کروائے گا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل ایم کیو ایم پاکستان نے وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے وزارت عظمیٰ کے لیے ایم کیو ایم عمران خان کی حمایت کرے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    گلگت: گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکولوں کو نذر آتش کردیا گیا۔ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم شرپسند عناصر کی جانب سے نذر آتش کیے جانے والے اسکول دیامر، داریل، رونئی، تکیہ اور تبوڑ سمیت مختلف علاقوں میں قائم تھے۔

    2 پرائمری اسکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے بھی تباہ کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق شر پسندانہ کارروائی میں تمام اسکول مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔

    افسوسناک واقعے کے اگلی صبح مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔

    واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ تاحال کسی نے بھی اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے شرپسندانہ واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کمشنر دیامر سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    واقعے کے بعد سیاسی رہنماؤں نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

    سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اسکول جلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچیوں کے تعلیمی ادارے جلانا ناقابل معافی جرم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرلز اسکول تباہ کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔ پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق غصب نہیں ہونے دے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اوور سیز پاکستانیز کمشنر پنجاب کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم

    اوور سیز پاکستانیز کمشنر پنجاب کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم

    لاہور: اوور سیز پاکستانیز کمشنر پنجاب افضال بھٹی کی تعیناتی سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ افضال بھٹی کے پاس پاکستانی شہریت نہیں تھی اور غیر ملکی شہریت رکھنے کے باوجود سرکاری ملازمت میں رہے، عدالت نے نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اوور سیز پاکستانیز کمشنر پنجاب افضال بھٹی کی تعیناتی سے متعلق از خود نوٹس پر سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب سلیم شہزاد آڈٹ رپورٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے ان سے دریافت کیا کہ آپ کتنی تنخواہ لیتے رہے ہیں؟ پتہ ہے نا کہ ڈیم بن رہا ہے۔ تمام اضافی تنخواہیں اسی ڈیم میں جانی ہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ افضال بھٹی کے لیے آفر ہے جو اضافی وصول کیا واپس کردیں۔

    ڈی جی نیب نے کہا کہ افضال بھٹی نواز شریف کے سیکریٹری رہے جبکہ وہ شہباز شریف کے پولیٹیکل سیکریٹری بھی رہے۔

    انہوں نے بتایا کہ افضال بھٹی اوور سیز کمشنر کے لیے مطلوبہ تجربہ بھی نہیں رکھتے تھے۔ سلیکشن کمیٹی نے 3 نام اس وقت کے وزیر اعلیٰ کو دیے تھے۔ شہباز شریف کی منظوری کے بعد افضال بھٹی کو تعینات کیا گیا۔

    ڈی جی نیب نے کہا کہ اوور سیز کمشنر افضال بھٹی 5 لاکھ روپے تنخواہ لیتے رہے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ اضافی تنخواہ واپس کریں گے یا ریفرنس نیب کو بھجوا دیں جس پر افضال بھٹی نے کہا کہ میں نیب کی آڈٹ رپورٹ کو چیلنج کرتا ہوں۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ دہری شہریت رکھتے ہیں جس پر افضال بھٹی نے انکشاف کیا کہ میں پیدائشی برطانوی شہری ہوں پاکستانی شہریت نہیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان وہ ملک نہیں جہاں جو بھی آئے اور کھا کر چلا جائے۔

    چیف جسٹس نے افضال بھٹی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیب ملزم کو سننے کے بعد ریفرنس دائر کرے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید

    مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 نوجوان شہید

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فوج نے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج نے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

    کپواڑہ اور قریبی علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

    گزشتہ ماہ جولائی میں بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں صرف جولائی میں 21 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ بھارتی فوج کی بربریت سے 310 کشمیری شدید زخمی ہوئے۔

    اسی ماہ کے دوران حریت رہنماؤں سمیت 169 افراد کو گرفتار کیا گیا اور محاصروں کے دوران 46 گھروں کو تباہ بھی کیا گیا۔

    کشمیر میڈیا کے مطابق کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کرنے والے شہریوں پر بھارتی فوج نے پیلٹ گنوں، آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال بھی کیا جس کی زد میں آکر خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں کشمیری شدید زخمی ہوگئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان حلف کب اٹھائیں گے؟ اپوزیشن کا کیا منصوبہ ہے؟

    عمران خان حلف کب اٹھائیں گے؟ اپوزیشن کا کیا منصوبہ ہے؟

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان وزارتِ عظمیٰ کا حلف کب اٹھائیں گے، کیا عمران خان 11اگست کو حلف اٹھا سکیں گے، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے ایسا ممکن نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عمران خان 11 اگست تک وزارتِ عظمیٰ کا حلف نہیں اٹھا سکتے، 11 اگست کو حلف برداری کی تقریب تکنیکی طور پر ممکن نہیں ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی اخراجات جمع کرانے کی مہلت 4 اگست کو ختم ہوگی، جب کہ کام یاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے میں 2 دن لگیں گے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد بھی آزاد ارکان کو کسی پارٹی میں شمولیت کے لیے 3 دن دیے جائیں گے، جن میں وہ اپنے لیے پارٹی کا فیصلہ کریں گے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ الیکشن کمیشن 2 دن اقلیتوں اور خواتین کی مخصوص نشستوں کے فیصلے کے لیے بھی دے گا، یہ تمام مراحل 11 اگست کو مکمل ہوں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف وفاق میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں

    الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نو منتخب اسمبلی اراکین 12 اگست سے پہلے حلف نہیں اٹھا سکتے، اس صورتِ حال میں عمران خان کا 14 اگست کو بہ طور وزیرِ اعظم حلف اٹھانے کا امکان ہے۔

    حلف برداری کے موقع پر اپوزیشن کا منصوبہ


    دوسری طرف عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی تقریب کے موقع پر اپوزیشن نے بھی اپنا منصوبہ ترتیب دے دیا ہے، اپوزیشن کے لائحہ عمل کے مطابق تقریبِ حلف برداری کے موقع پر بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں حلف برداری والے دن اسلام آباد میں احتجاجی جلسہ منعقد کریں گی، اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کے باہر بھی احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عمران خان کہاں رہیں گے، فیصلہ ایک دو دن میں ہو جائے گا، نعیم الحق

    عمران خان کہاں رہیں گے، فیصلہ ایک دو دن میں ہو جائے گا، نعیم الحق

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان کہاں رہیں گے، اس کا فیصلہ ایک دو دن میں ہو جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان وزیرِ اعظم ہاؤس میں نہیں رہیں گے، ایک دو دن میں فیصلہ ہو جائے گا کہ وہ کہاں رہیں گے۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان کہاں رہیں گے اس کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے، کچھ لوگوں کی تجویز تھی کہ اسپیکر ہاؤس میں رہا جائے، تاہم انھوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس کے علاوہ کہاں رہیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دراصل پاکستان سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے، ہماری حکومت میں اخراجات کم کرے گی، اس پر تو سب کا اتفاق ہے کہ ملک میں فضول خرچی انتہا کو پہنچ چکی ہے، ہم پہلے ہی ہفتے سے انقلابی اقدامات اور بڑے ترقیاتی کام کریں گے۔

    اے پی سی: ایوان کے اندر اور باہر احتجاج، وزارتِ عظمیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ

    نعیم الحق نے آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کو جمہوریت کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہی چاہتے ہیں کہ ملک آگے بڑھے، اپوزیشن کی طرف سے پارلیمنٹ میں آنے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے، تاہم اپوزیشن ایک طرف پارلیمنٹ میں آنے کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف الیکشن کو مسترد کرنے کی بات بھی۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے پاس اسپیکر کے لیے نمبرز پورے ہیں، شیری رحمان کا بیان حقائق کے منافی ہے۔ خیال رہے کہ اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ان کے پاس قومی اسمبلی کی سیٹیں زیادہ ہیں اس لیے اسپیکر وہ لائیں گے۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر پارلیمنٹ میں بات کرنی چاہیے، پارلیمنٹ خود مختار ادارہ ہے وہ کارروائی کر سکتی ہے، احتجاج برائے احتجاج نہیں ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ آج اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں نے ایوان کے اندر اور باہر دونوں جگہ احتجاج کرنے کا مشترکہ فیصلہ کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی، خاتون شہید، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

    لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی، خاتون شہید، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

    اسلام آباد: لائن آف کنٹرول پر واقع مندل سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 33 سالہ خاتون شہید ہوگئیں، پاکستان نے واقعے پر بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کر کے ایک پاکستانی خاتون کو شہید کر دیا، پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

    ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ سے بھارتی خلاف ورزیوں پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کسی اشتعال کے بغیر ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

    ڈاکٹر فیصل نے فائرنگ کے واقعے پر ایک احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کے حوالے کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے رواں برس 30 شہری شہید ہوئے ہیں۔

    پاک فوج نے ایل او سی پربھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا


    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے 2018 میں 1400 بار لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی، جس کے نتیجے میں 121 پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔