Tag: پاکستان کی خبریں

  • عمران خان ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے ساتویں بڑے عالمی رہنما بن گئے

    عمران خان ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے ساتویں بڑے عالمی رہنما بن گئے

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والے ساتویں بڑے عالمی رہنما بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جدید ڈیجیٹل دور میں عالمی رہنماؤں کی عوام میں مقبولیت کا اندازہ اب سوشل ویب سائٹس پر مقبولیت سے لگایا جاتا ہے، اس لحاظ سے پاکستان کے سیاسی رہنما اور اگلے متوقع وزیرِ اعظم عمران خان دنیا کے ساتویں بڑے رہنما بن گئے ہیں۔

    عوام میں مقبول رہنماؤں کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹویٹر، انسٹا گرام اور فیس بک وغیرہ پر فالوورز کی تعداد کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے، عمران خان بھی عالمی رہنماؤں کے اس کلب میں شامل ہو چکے ہیں جن کی فالوور شپ ٹویٹر پر سب سے زیادہ ہے۔

    ٹویٹر پر پی ٹی آئی رہنما کے فالوورز کی تعداد 8 ملین (80 لاکھ) تک پہنچ گئی ہے، یوں وہ عالمی رہنماؤں میں ساتویں نمبر پر براجمان ہو گئے ہیں، عمران خان کے ٹوٹل فالوورز کی تعداد اس وقت 18.7 ملین ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان اپنی بڑھتی ہوئی آن لائن سرگرمیوں کے ساتھ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں میں بے حد مقبول ہیں، جس کی وجہ ان کے فی البدیہہ ٹویٹس ہیں۔

    پاکستان کے انتخابات 2018 میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد عمران خان نے Top 10 Most Followed World Leaders on Twitter میں بھی ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

    ٹویٹر پر فالوورز کی تعداد کی ٹاپ ٹین فہرست میں عمران خان نے کینیڈا کی مشہور اور ہر دل عزیز شخصیت جسٹن ٹروڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، کینڈین وزیرِ اعظم کے فالوورز کی تعداد 4.26 ملین ہے۔

    چائے والے کے بعد پاکستانی تربوز والا سوشل میڈیا اسٹار بن گیا

    عمران خان کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک رہنے کی وجہ سے ’فیس بک خان‘ بھی کہا جاتا ہے، امید ہے کہ جب وہ 14 اگست کو وزراتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے تو ان کے فالوورز کی تعداد میں یک لخت بڑا اضافہ ہو جائے گا، اور وہ ٹویٹر پر مزید کئی عالمی رہنماؤں کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔

    واضح رہے کہ اس وقت ٹویٹر کی فہرست میں سب سے اوپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ براجمان ہیں، ٹرمپ کے فالوورز کی تعداد 53.4 ملین ہے۔ 43.3 ملین فالوورز کے ساتھ بھارت کے نریندر مودی دوسرے نمبر پر اور 17.7 ملین فالوورز کے ساتھ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس تیسرے نمبر ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اے پی سی: ایوان کے اندر اور باہر احتجاج، وزارتِ عظمیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ

    اے پی سی: ایوان کے اندر اور باہر احتجاج، وزارتِ عظمیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے تیسرے بڑے اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ ایوان کے اندر اور باہر رہتے ہوئے بھرپور احتجاج اور وزارتِ عظمیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اسپیکر ایاز صادق کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی اے پی سی میں عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کی غرض سے 10 رکنی ایکشن کمیٹی بھی قائم کر لی گئی۔

    الیکشن 2018 سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس میں شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، لیاقت بلوچ، شیری رحمان، خورشید شاہ، قمرزمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی، فرحت اللہ بابر، میرحاصل بزنجو، آفتاب شیر پاؤ، محمود خان اچکزئی، راجہ ظفرالحق، مشاہد حسین سید اور احسن اقبال شریک ہوئے۔

    پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اے پی سی میں شریک نہیں ہوئے، کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں کی قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے متفقہ امیدوار لانے پر مشاورت کی گئی۔

    اے پی سی اعلامیہ


    دریں اثنا انتخابات 2018 میں تمام جماعتوں کو پیچھے چھوڑنے والے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں متحدہ اپوزیشن نے ایوان میں جانے کا حتمی فیصلہ کرلیا، اپوزیشن ایوان کے اندر اور باہر رہتے ہوئے بھرپور احتجاج کرے گی، اپوزیشن جماعتوں کے آگے بڑھنے کے لیے لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔

    کانفرنس کے اختتام پر شیری رحمان نے اے پی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے پریس کانفرنس سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ ملک کے انتخابات غیر منصفانہ اور دھاندلی زدہ ہیں، تمام اپوزیشن جماعتیں اس پر متفق ہیں اور پارلیمنٹ میں وائٹ پیپر لے کر آئیں گی، اپوزیشن کو الیکشن اور اس کے نتائج منظور نہیں ہیں۔

    شیری رحمان نے مزید کہا کہ اے پی سی میں فیصلہ ہوا ہے کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار مسلم لیگ (ن) سے، اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے امیدوار پیپلز پارٹی سے، جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے امیدوار ایم ایم اے سے لیا جائے گا۔

    پاکستان تحریک انصاف وفاق میں حکومت بنانے کی مضبوط پوزیشن میں

    ایکشن کمیٹی


    اے پی سی اعلامیے کے مطابق اپوزیشن کے آگے بڑھنے کے لیے لائحہ عمل طے کرنے والی ایکشن کمیٹی کے ارکان کے لیے احسن اقبال، سعد رفیق، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، غلام بلور، عثمان کاکڑ، انیسہ زیب، لیاقت بلوچ اور اویس نورانی کے نام چُنے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام جماعتیں پارلیمنٹ میں حلف لیں گی، متحدہ مجلس عمل کو بھی حلف لینے پر آمادہ کر لیا گیا، اے پی سی میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تمام نمائندے پارلیمنٹ کے اندر ہوں گے تو ہی متفقہ امیدوار کو ووٹ دے سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • طلال چوہدری کا سزا کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان

    طلال چوہدری کا سزا کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے اپنی سزا کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف کیس کئی ماہ سے چل رہا تھا۔ انتخابات میں کیس کا فائدہ مخالفین نے اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسند ہوں، آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا تھا۔ ایسا کوئی لائحہ عمل نہیں اپناؤں گا جس سے جمہوریت کمزور ہو۔

    طلال چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ سے سزا کے خلاف اپیل کروں گا۔

    خیال رہے کہ آج صبح طلال چوہدری کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے عدالت برخاست ہونے تک کی سزا سنائی جس کے بعد وہ اگلے 5 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہل ہوگئے۔

    طلال چوہدری پر 1 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کچھ عرصہ قبل جڑانوالہ کے جلسے میں عدلیہ کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔

    بعد ازاں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے انہیں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا نام سب کے لیے سرپرائز ہوگا، عمران خان

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا نام سب کے لیے سرپرائز ہوگا، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا نام سب کے لیے سرپرائز ہوگا، وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی قیادت میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے منصب کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہو گئی ہے، قیادت کے ساتھ کئی دنوں کی مشاورت کے بعد عمران خان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا نام سب کے لیے سرپرائز ہوگا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ ضرور بنایا جائے گا، تاہم الگ صوبے کے لیے آئینی راستہ ہی اختیار کیا جائے گا۔

    دریں اثنا عمران خان سے پی ٹی آئی کے نو منتخب ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی سے متعلق صلاح مشورے کیے گئے۔

    کپتان نے ملاقات میں اہم امور پر اراکین اسمبلی کو اعتماد میں لے لیا، وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے ق لیگ اور پی ٹی آئی میں فارمولا بھی طے ہو گیا۔

    عمران کی حلف برداری کو مختصر رکھنے کا فیصلہ، سرحد پار کھلاڑیوں کا شکریہ

    فارمولے کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ اسپیکر پنجاب اسمبلی ہوں گے جب کہ ق لیگ کو وفاق اور پنجاب میں دو دو وزارتیں بھی دی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے تازہ اعلامیے کے مطابق چیئرمین اور پاکستان کے ممکنہ وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کو مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سوشل میڈیا پرسب سے بڑا چیلنج ’جعلی خبریں‘ ہے

    سوشل میڈیا پرسب سے بڑا چیلنج ’جعلی خبریں‘ ہے

    فیک نیوز، فیک نیوز سن سن کر آپ کے کان پک گئے ہوں گے، یہ ایک ایسی اصطلاح ہے جو آپ نے دو سال قبل نہیں سنی ہوگی، لیکن آج سوشل میڈیا کی وجہ سے یہ سب کے لیے ایک جانی پہچانی ’چیز‘ بن گئی ہے۔ جی ہاں، سماجی دانش ور اسے ’عالمی اور مقامی منڈی کی حکمت عملی‘ سمجھتے ہیں۔

    جدید دنیا میں آج نظامِ حکومت کے لیے جمہوریت (ڈیمو کریسی) کو درست ترین انتخاب سمجھا جاتا ہے، دل چسپ امر یہ ہے کہ فیک نیوز یعنی جعلی خبر کو اسی جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جعلی خبر آزادانہ بحث اور اس سے بڑھ کر خود ’مغربی نظام‘ کی دشمن بن گئی ہے۔

    ہم ایک ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جہاں لوگ اب سوشل میڈیا کو صرف انٹرنیٹ کا دروازہ نہیں سمجھتے، بلکہ ’خبر‘ کا ایک اہم ذریعہ بھی سمجھتے ہیں۔ دو سال سے ابھرنے والا یہ مسئلہ اب ایک زبردست چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے کیوں کہ جعلی خبروں اور غلط اطلاعات پھیلانے کے لیے زیادہ جدید ٹیکنالوجی وجود میں آ چکی ہے۔

    فیک نیوز یعنی جعلی خبر کیا ہے؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ ’فیک نیوز غلط اطلاع دینے کی ایک شکل ہے، یہ ایک غلط اور جھوٹی خبر کو کہتے ہیں۔‘ بعض اوقات جعلی خبر پوری طرح جعلی نہیں ہوتی اس لیے اسے پکڑنا آسان نہیں ہوتا، اور اکثر لوگ طنزیہ انداز میں دی جانے والی خبر کو بھی سنجیدہ سمجھ کر اسے فیک نیوز کے زمرے میں شامل کر دیتے ہیں جو درست نہیں ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ لوگوں میں طنز کو سمجھنے کی صلاحیت کی کمی ہے۔

    آپ نے پاکستانی اخبارات میں اور برقی میڈیا پر ’زرد صحافت‘ کی اصطلاح بھی بہت سنی ہوگی، فیک نیوز اسی ’یلو جرنلزم‘ یا پروپگینڈے کی ایک قسم ہے، جو جان بوجھ کر پرنٹ، براڈ کاسٹ نیوز میڈیا یا آن لائن سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جاتا ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ پہلے پہل سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی اطلاع آخر کار مرکزی دھارے کی میڈیا میں بھی جگہ بنا لیتی ہے۔

    سوال یہ ہے کہ جعلی خبر کا مقصد کیا ہوتا ہے؟ زیادہ تر اس کا تعلق سیاست سے جڑا ہوا ہے جیسا کہ عالمی سطح پر بھی اسے جمہوریت کو نقصان پہچانے کے لیے بنایا جانے والا ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔ خود پاکستان میں بھی اس سے یہ کام وسیع سطح پر لیا گیا ہے۔ سیاست دانوں کے بارے میں لاتعداد غلط خبریں پھیلائی گئیں، آج ملک میں سیاست کا نام ہی گالی بن چکا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ سیاست دانوں کی اپنی حرکتیں زیادہ تر مشکوک رہی ہیں تاہم ملک میں جمہوریت کو کم زور کرنے کے لیے اس ہتھیار سے بہت کام لیا گیا ہے۔

    غلط خبر، جھوٹی خبر یا فیک نیوز کی زد میں ریاستی ایجنسی بھی ہوتی ہے، سرکاری ادارہ بھی، کوئی اہم اور نمایاں شخصیت بھی، اور فیک نیوز کے ذریعے مالی یا سیاسی فائدہ بھی حاصل کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کلک ریونیو بڑھانے کے لیے بھی سنسنی خیزی سے کام لیا جاتا ہے جو جھوٹی خبر یا غلط انداز سے لکھی اور شایع کی گئی خبر کے ذریعے پیدا کی جاتی ہے۔

    فرخ ندیم انٹرنیشنل اسلامک یونی ورسٹی کے شعبۂ انگریزی میں لیکچرار کے عہدے پر فائز ہیں، یہ ادبی اور ثقافتی نقاد ہیں اور ثقافتی تنقید کے موضوع پر دو ماہ قبل ان کی ایک بے حد وقیع کتاب بھی شایع ہوئی ہے، فیک نیوز کے حوالے سے کہتے ہیں ’فیک نیوز دراصل سرمایہ دارانہ کلچر کا ایک بڑا بحران ہے۔‘ یعنی جعلی خبر کا تعلق سرمائے سے بھی ہے، اس کے پیچھے سرمائے کی طاقت ہوتی ہے، دولت کے پجاری ادارے عوام کی ذہن سازی کی خاطر فیک نیوز کا استعمال کرتے ہیں۔ فرخ ندیم نے ایک زبردست مثال دی، انھوں نے کہا ’جیسے اسٹاک ایکس چینج کو بعض اوقات فیک نیوز سے تحریک دی جاتی ہے۔‘

    جعلی خبر کو پکڑنا آسان نہیں ہوتا لیکن بعض اوقات اسے پکڑا بھی جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ضرور دیکھا جانا چاہیے کہ کوئی خبر اگر معمول سے ہٹ کر آ رہی ہے تو کیا اس کو زیادہ ویریفائیڈ اکاؤنٹس اور ذمہ دار لوگ شیئر کر رہے ہیں۔ اکثر آپ نے دیکھا ہوگا کہ خبر ٹویٹر اور فیس بک پر ٹرینڈ بنی ہوئی ہے لیکن ذمہ دار لوگ اسے شیئر نہیں کر رہے ہوتے۔ اس سلسلے میں یہ کرنا چاہیے کہ ذمہ دار اداروں اور لوگوں کے اکاؤنٹس چیک کیے جائیں کہ کیا وہاں سے بھی خبر دی گئی ہے یا نہیں۔

    فیک نیوز اور انتخابات کا قریبی تعلق ہے۔ پاکستان میں انتخابات 2018 سے قبل سوشل میڈیا جعلی خبروں کے طوفان کی زد میں تھا جس کی بے شمار مثالیں پڑی ہیں۔ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی بیگم کلثوم کی موت خبر، خود نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے کی خبریں، انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سابقہ بیوی ریحام خان کی کتاب کے مندرجات کے حوالے سے بے تحاشا غلط خبریں، پاک فوج کے شعبۂ اطلاعات (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے خبریں، اور ان فیک نیوز کے درمیان کرکٹر عبد الرزاق کی موت کی خبر، اس کی محض چند مثالیں ہیں۔

    عالمی سطح پر امریکی انتخابات اس کی تازہ اور بڑی مثال ہے جس کے سلسلے میں ابھی بھی فیس بک ایسے جعلی اکاؤنٹس اور پیجز کی تلاش میں لگا ہوا جہاں سے امریکی انتخابات میں رائے عامہ پر باقاعدہ طور پر اثرات ڈالے گئے۔ امریکا نے روس پر بھی الزام لگایا کہ اس نے مداخلت کی ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ اس سلسلے میں روس کی انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی کو بھی ملوث قرار دیا گیا جس نے وسیع پیمانے پر غلط خبریں اور اطلاعات پھیلا کر رائے عامہ تبدیل کی۔

    پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ماہرین کہتے ہیں کہ فیک نیوز کی ایک بڑی پہچان ’ہیٹ اسپیچ‘ بھی ہوتی ہے، ایک ایسا مواد جو نفرت پر مبنی ہوتا ہے، جس کے ذریعے کسی فرد، کسی جماعت، کسی ادارے، کسی صوبے یا حکومت کے بارے میں حقایق کو مسخ کیا جاتا ہے اور لوگوں کو نفرت پر ابھارا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں بھی اپنا کردار ادا کیا کرتی ہیں اور دشمن ممالک کی ایجنسیاں بھی، جس کی روک تھام کے لیے ریاستیں قانون سازی کرتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو مزید تقویت دی جائے: آرمی چیف

    دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو مزید تقویت دی جائے: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں علاقائی و داخلی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

    کانفرنس میں علاقائی و داخلی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو مزید تقویت دی جائے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں الیکشن کمیشن کی مدد پر آرمی الیکشن سپورٹ سینٹر کو سراہا گیا جبکہ الیکشن کمیشن کی مدد پر فیلڈ فارمیشنز کو بھی سراہا گیا۔

    اس دوران انتخابی عمل کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ آرمی چیف نے انتخابی عمل میں معاونت پر پاک فوج کے کردار کی تعریف بھی کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں افغانستان سے عسکری تعلقات پر اظہار اطمینان بھی کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • العزیزیہ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 3 اگست تک ملتوی

    العزیزیہ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 3 اگست تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت بغیر کارروائی کے 3 اگست ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

    جج نے دونوں ریفرنسز کی منتقلی کی درخواست ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہونے پر سماعت بغیر کارروائی کے 3 اگست تک ملتوی کر دی۔

    اس سے قبل 30 جولائی کو ہونے والی سماعت بھی اسی بنیاد پر ملتوی کردی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ نواز شریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ان کے دو ریفرنسز پر سماعت نہ کریں۔

    شریف خاندان نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کی معطلی اور رہائی کے لیے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لیاری گینگ وار کے 2 کارندوں کو سزائے موت سنا دی گئی

    لیاری گینگ وار کے 2 کارندوں کو سزائے موت سنا دی گئی

    کراچی: سیشن عدالت نے قتل میں ملوث لیاری گینگ وار کے 2 کارندوں کو موت کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وار کے کارندوں بلال اور نبیل نے سیکیورٹی گارڈ شکیل کو قتل کیا تھا جنہیں جرم ثابت ہونے کے بعد سیشن عدالت کی جانب سے موت کی سزا سنائی گئی ہے۔

    سیشن عدالت نے مجرموں پر فی کس ڈھائی لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مجرموں کا تعلق لیاری گینگ وار اور عذیر بلوچ گروپ سے تھا۔

    پولیس کے مطابق مجرموں کے خلاف دہشت گردی کے متعدد دیگرمقدمات بھی درج ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ووٹوں کی گنتی ہمارے سامنے ہوتی تو شکست تسلیم کرتے: مصطفیٰ کمال

    ووٹوں کی گنتی ہمارے سامنے ہوتی تو شکست تسلیم کرتے: مصطفیٰ کمال

    اسلام آباد: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ کراچی کا نتیجہ 4 دن بعد آیا، ووٹوں کی گنتی ہمارے سامنے ہوتی تو شکست تسلیم کرتے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق میئر کراچی اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی مردم شماری سے متعلق درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی گئی۔

    سپریم کورٹ میں چیف جسٹس نے ان چیمبر درخواست قابل سماعت ہونے پر سماعت کی۔ انہوں نے رجسٹرار کے اعتراضات کو ختم کردیا۔

    سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج مردم شماری سے متعلق ہماری درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست پر جو اعتراضات تھے وہ ختم ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں سندھ کی شہری آبادی کو کم کر دیا گیا۔ بہت ظلم ہوا ہے کہ کراچی کی آبادی کو کم دکھایا گیا۔ ’وزیر اعلیٰ کو آواز اٹھانی چاہیئے تھی، خود پارٹنر ان کرائم بن گئے‘۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ شہر کی جو پارٹی تھی اس نے بھی اس مسئلے پر آواز نہیں اٹھائی، اس ظلم سے شہر کو ملنے والے ترقیاتی فنڈز میں کمی ہوگی۔ مردم شماری کا مقصد معیشت اور وسائل سے متعلق ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں کراچی کے 70 لاکھ لوگوں کو کم کیا گیا۔ پاک سرزمین واحد پارٹی ہے جس نے مردم شماری سے متعلق آواز اٹھائی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی گنتی ہمارے سامنے نہیں ہوئی۔ ’اگر ڈبے سامنے گنے جاتے تو جیتنے والوں کو مبارکباد دیتا، پولنگ ایجنٹس کو نہ نکالا جاتا تو مان لیتا کہ ہمیں مسترد کر دیا گیا‘۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ارشد وہرہ کے حلقے میں انہیں 21 پولنگ اسٹیشنز میں 8 ہزار 2 سو 22 ووٹ ملے۔ 48 گھنٹے بعد 305 حلقوں میں انہیں صرف 7 سو ووٹ ملے، یہ کیسے ہوا؟

    انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ الیکشن میں بد دیانتی ہوئی، اعتراضات داخل کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسحٰق ڈار کے خلاف ریفرنس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی

    اسحٰق ڈار کے خلاف ریفرنس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی۔

    سماعت میں گواہ واصف حسین دوسری بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ واصف حسین کا تعلق کیبنٹ ڈویژن سے ہے۔

    استغاثہ کے گواہ واصف حسین نے 11 نوٹیفیکیشن عدالت میں جمع کروا دیے جبکہ اپائنٹ منٹس سے متعلق تمام آرڈرز بھی احتساب عدالت میں جمع کروا دیے گئے۔

    واصف حسین نیب عدالت میں پہلی بار 23 اگست2017 کو پیش ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں سماعت میں گواہ اشتیاق احمد کا بیان بھی قلمبند کیا گیا جبکہ ملزم سعید احمد کو عدالت سے جانے کی اجازت مل گئی۔

    اسحٰق ڈار کے خلاف ریفرنس کی مزید سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

    خیال رہے کہ اسحٰق ڈار ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی مفرور ملزم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ چند روز قبل نیب نے انہیں واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کیے تھے۔

    علاوہ ازیں انہیں ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن تعیناتی کیس میں بھی مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔