Tag: پاکستان کی خبریں

  • طلال چوہدری توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ 2 اگست کو سنایا جائے گا

    طلال چوہدری توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ 2 اگست کو سنایا جائے گا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے خلاف توہینِ عدالت کا محفوظ شدہ فیصلہ جمعرات 2 اگست کو سنائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کے خلاف 11 جولائی کو توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، فیصلے کے دن ملزم کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ جسٹس گلزار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سنائے گا، سابق وزیرِ مملکت کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ فیصلہ انتخابات کے بعد سنایا جائے۔

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کو انتخابات سے قبل نہال ہاشمی اور دانیال عزیز کے خلاف آنے والے عدالتی فیصلوں نے سیاسی دھچکا پہنچایا تھا جس سے ن لیگ شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی۔

    توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ کا طلال چوہدری کو فیصلے کے دن حاضری یقینی بنانے کا حکم

    طلال چوہدری کی نا اہلی کی صورت میں مسلم لیگ ن کے سر پر ایک اور تلوار لٹکنے لگی ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیصلہ طلال چوہدری کے خلاف آئے گا۔

    واضح رہے کہ طلال چوہدری کے خلاف پندرہ مارچ کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی تھی۔ لیگی رہنما پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک جلسے میں سپریم کورٹ کے خلاف توہین آمیز کلمات کہے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نواز شریف کو پمز سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

    نواز شریف کو پمز سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا

    راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے قیدی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو صحت بہتری پر اسپتال سے واپس جیل کی کوٹھری منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پمز کے ڈاکٹروں نے آج ایک بار پھر تفصیلی معائنے کے بعد نواز شریف کی صحت تسلی بخش قرار دی، جس کے بعد انھیں جیل منتقل کر دیا گیا۔

    پمز اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹس کلیئر آئی ہیں، مریض کی حالت بہتر ہونے کی وجہ سے واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

    پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول ہائی تھا جس کی وجہ سے انھیں اسپتال داخل کیا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول نارمل ہو گیا ہے، مریض کو مزید کوئی شکایت نہیں تھی اس لیے انھیں ڈسچارج کر دیا گیا۔

    نوازشریف کی طبیعت بتدریج بہتر ہونے لگی

    قبل ازیں پمز میڈیکل بورڈ نے مجرم نواز شریف کا دوبارہ تفصیلی طبی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کی تجویز پر مریض کا الٹرا ساؤنڈ، ایکو اور بلڈ ٹیسٹ کیے گئے۔

    ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد نواز شریف کو کمرے میں چہل قدمی کی بھی ہدایت کی، میڈیکل بورڈ نے کلینکل ٹیسٹ کی رپورٹس پر مشاورت کے بعد نواز شریف کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا۔

    میڈیکل بورڈ کی رپورٹ اے آر وائی نیوز پر


    پمز کے میڈیکل بورڈ کی مکمل رپورٹ اے آر وائی نیوز نے نشر کر دی، میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو مکمل صحت مند قرار دے دیا، میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مریض کے تمام کلینیکل ٹیسٹ نارمل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق نواز شریف کا بی پی، شوگر، کریٹنین، یوریا لیول نارمل ہونے کے ساتھ ساتھ نبض کی فی منٹ رفتار بھی نارمل ہے، جب کہ ای سی جی، ایکو کارڈیو گرام اور الٹرا ساؤنڈ بھی نارمل آیا ہے۔

    مریض کے لیے ہدایات


    پمز کے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ کے قیدی نواز شریف کو متعدد ہدایات بھی جاری کر دی ہیں، ان ہدایات کے مطابق مریض کو روزانہ خالی پیٹ شوگر لیول مانیٹر کرنی ہے۔

    ڈاکٹرز نے کہا کہ نواز شریف پہلے سے زیرِ استعمال ادویات جاری رکھیں، ڈاکٹرز حسبِ ضرورت مریض کا چیک اپ کرنے اڈیالہ جائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہاتھ ڈالیں گے، چیئرمین نیب

    بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہاتھ ڈالیں گے، چیئرمین نیب

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہی ہاتھ ڈالا جائے گا، کسی کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرِ صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کے دوران چیئرمین نے کہا ’نیب بد عنوانی میں ملوث بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہاتھ ڈالے گا۔‘

    نیب ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں بدعنوانی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پالیسی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکا نے پالیسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن کے چھوٹے کیسز کے بر عکس نیب کی پالیسی یہ ہے کہ وہ بڑے اور میگا اسکینڈلز کی تحقیقات کو ترجیح دے رہا ہے۔

    چیئرمین نیب نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ نیب ملزمان کی گرفتاری کے لیے امتیازی پالیسی پریقین نہیں رکھتا، نیب کی جانب سے کی جانے والی گرفتاریاں بلا امتیاز، شواہد اور قانون کے مطابق ہوتی ہیں۔

    نیب نے سابق وزیراعظم شوکت عزیزکے خلاف ریفرنس دائرکر دیا

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے طریقۂ کار کے حوالے سے کہا ’نیب عدالت میں ملزم پر لگائے گئے الزامات کا ثبوت پیش کرتا ہے، احتساب عدالت مزید تحقیقات کے لیے ملزم کا ریمانڈ دیتی ہے۔‘

    قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ نیب کی تحقیقات سائنسی ہوتی ہیں، وہ ملزم سے سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کرتا ہے اور کرپشن کے ثبوت حاصل کرتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نگراں حکومت کی ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری

    نگراں حکومت کی ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری

    اسلام آباد: نگراں حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزراتِ خزانہ کو ارسال کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت کی جانب سے وزارتِ خزانہ کو بھجوائے جانے والی سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سمری میں جی ایس ٹی کے 2 مختلف ریٹس پر قیمتیں بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں یکم اگست سے بڑھنے کا امکان ہے۔

    سمری کے مطابق موجودہ شرح کے حساب سے پٹرول 2 روپے 45 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے اضافہ متوقع ہے۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 3 روپے 25 پیسے اضافے کا امکان ہے جب کہ سمری میں لائٹ ڈیزل 3 روپے 40 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، پیٹرول 92روپے لیٹر تک جا پہنچا

    نئے سیلز ٹیکس کے تحت پٹرولیم مصنوعات 7 روپے 40 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، تاہم نگراں حکومت قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ کل کرے گی۔

    واضح رہے کہ نگراں حکومت نے آتے ہی پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی لہر پیدا کر دی تھی، جس پر عمران خان سمیت دیگر سیاست دانوں نے بھی ردِ عمل ظاہر کیا تھا، موجودہ اضافے کی تجویز پر اگر عمل ہوتا ہے تو یہ تیسری مرتبہ کا اضافہ ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شریف فیملی کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی

    شریف فیملی کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے شریف فیملی کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی، دوسری طرف نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے خلاف زیرِ سماعت العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت نے یکم اگست تک ملتوی کر دی۔

    احتساب عدالت میں ریفرنسز کی سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکلا اور نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر پیش ہوئے۔

    وکیل نے احتساب عدالت کو بتایا کہ کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنسز میں شریف خاندان کی سزا کی معطلی اور رہائی کی درخواستوں پر سماعت ہوگی۔

    نواز شریف کی صحت بہتر ہونے لگی، رپورٹس تسلی بخش قرار

    دریں اثنا نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی ہے، انھوں نے درخواست میں کہا ہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ان کے دو ریفرنسز پر سماعت نہ کریں۔

    یاد رہے کہ شریف خاندان نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کی معطلی اور رہائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں، ان درخواستوں پر سماعت کل دو رکنی بینچ کرے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں 141 ارکان کی حمایت مل گئی، پی ٹی آئی کا دعویٰ

    پنجاب میں 141 ارکان کی حمایت مل گئی، پی ٹی آئی کا دعویٰ

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں اس نے نمبر گیم پورا کر لیا، حکومت سازی کے لیے 141 ارکان کی حمایت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے لیے تحریکِ انصاف کو مطلوبہ تعداد میں ارکان کی حمایت مل گئی، فواد چوہدری نے ٹارگٹ مکمل ہونے کا دعویٰ کر دیا۔

    پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے ان کی اکثریت واضح ہوگئی ہے، پنجاب میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔

    فواد چوہدری نے کہا ’کچھ دیرمیں پرویزالٰہی کی عمران خان سے ملاقات ہوگی جس کے بعد ارکان کی تعداد 150 تک پہنچ جائے گی۔‘

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ق لیگ سمیت آزاد ارکان کی حمایت کے ساتھ ہمارا ٹارگٹ مکمل ہو جائے گا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کسی اتحادی جماعت سے نہیں ہو گا۔

    مرکز میں حکومت سازی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن، ایم کیوایم کی 6 سیٹوں کے لئے سرگرم

    خیال رہے کہ تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی بھی کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی وفاق میں بہ آسانی حکومت بنا لے گی، ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر بھی نمبر پورے ہیں۔

    دوسری طرف مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اسمبلیوں میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، غالب امکان ہے کہ وہ پنجاب میں بھی اپوزیشن جماعت کا کردار ادا کریں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نواز شریف کی صحت بہتر ہونے لگی، رپورٹس تسلی بخش قرار

    نواز شریف کی صحت بہتر ہونے لگی، رپورٹس تسلی بخش قرار

    اسلام آباد: سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صحت بہ تدریج بہتری کی جانب گام زن ہے، ڈاکٹرز نے ان کی میڈیکل رپورٹس تسلی بخش قرار دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے قیدی نواز شریف کے کلینیکل ٹیسٹ کی رپورٹس ڈاکٹرز کو موصول ہوگئیں، بیش تر ٹیسٹوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹس عارضۂ قلب اور امراضِ گردہ سے متعلق ہیں، نواز شریف کے خون میں پروٹین کی مقدار نارمل ہے۔

    ذرائع کے مطابق رپورٹس میں نواز شریف کا کولیسٹرول، یوریا اور اے ایل ٹی لیول نارمل ہے، ہیمو گلوبن اور پلیٹ لیٹس کی مقدار بھی نارمل آئی ہے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز کے میڈیکل بورڈ نے موصول شدہ رپورٹس کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے، ٹیسٹوں کے نتائج نواز شریف کے ذاتی معالج کو بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں طبیعت کی اچانک خرابی کے باعث نواز شریف کو پمز اسپتال کے شعبۂ امراضِ قلب منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں ان کے پرائیویٹ وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

    میڈیکل بورڈ کے سربراہ کو دل کا دورہ پڑ گیا


    دوسری طرف ذرائع نے خبر دی ہے کہ پمز اسپتال کے 5 رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز قدیر کو دل کا دورہ پڑ گیا ہے اور وہ کل رات سے علیل ہیں۔

    نوازشریف اڈیالہ سے پمز اسپتال منتقل، شعبہ امراض قلب کا پرائیویٹ وارڈ سب جیل قرار

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اعجاز قدیر کو دل کا دورہ کل رات کو پڑا، انھیں پمز اسپتال کے کارڈیک سینٹر کے سی سی یو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر اعجاز قدیر اڈیالہ جیل کے قیدی نواز شریف کا معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہیں، یہ پانچ رکنی طبی بورڈ نواز شریف کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کی زیرِ صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس، حکومت سازی اور کابینہ اراکین کے ناموں پرغور

    عمران خان کی زیرِ صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس، حکومت سازی اور کابینہ اراکین کے ناموں پرغور

    اسلام آباد: بنی گالہ میں پاکستان تحریکِ انصاف کا مشاورتی اجلاس عمران خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں حکومت سازی اور کابینہ اراکین کے ناموں پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں حکومت سازی کے متعلق مشورے کیے گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ علی زیدی کو آئی ٹی کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔

    کراچی سے عمران اسماعیل کی گورنر سندھ بننے کے لیے بھاگ دوڑ شروع ہو گئی ہے، ثمرعزیز، نعیم الحق اور عقیل کریم ڈھیڈی کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کا نام فائنل نہیں ہوا تاہم پشاور میں اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ انھوں نے کے پی کے وزیرِ اعلیٰ کا نام منتخب کر لیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے علیم خان کے ساتھ یاسمین راشد کا نام بھی مضبوط امیدوار کے طور پر لیا جا رہا ہے، فیاض الحسن چوہان پنجاب کے وزیرِ اطلاعات ہوں گے۔

    عمران خان کی نواز شریف کے لیے دعا


    تحریکِ اںصاف کے اعلامیے کے مطابق چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کے لیے جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کی، واضح رہے کہ نواز شریف کو صحت کی خرابی کے باعث اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال کے خصوصی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بابر اعوان کی پریس کانفرنس اور فیصل واوڈا کی عمران خان سے ملاقات


    تحریکِ انصاف کے مرکزی سینیئر نائب صدر اور ممتاز قانون دان بابر اعوان نے کہا ہے کہ مرکز، کے پی اور پنجاب میں تحریکِ انصاف حکومت بنائے گی۔

    بابر اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں، بلوچستان میں مخلوط حکومت قائم کی جائے گی۔

    عمران خان نے 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کا اعلان کر دیا

    دوسری طرف کراچی کے رہنما فیصل واوڈا نے عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتِ حال اور مرکز میں نمبر گیم پر مشاورت کی گئی۔

    ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات تاخیر کا شکار


    پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنماؤں میں ملاقات تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، ایم کیو ایم نے کراچی کے آٹھ حلقوں میں تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لیے بڑا ترقیاتی پیکج، سول اداروں کا کنٹرول اور ترقیاتی اخراجات کا اختیار شہری حکومت کو دیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان نے 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کا اعلان کر دیا

    عمران خان نے 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کا اعلان کر دیا

    پشاور: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ 11 اگست کو وزراتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے پشاور میں خیبر پختونخوا کے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’میں 11 اگست کو وزارتِ عظمیٰ کا حلف لوں گا۔‘

    عمران خان نے خطاب میں کہا کہ وہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلی کا فیصلہ بھی کر چکے ہیں، انھوں نے کہا ’آئندہ 48 گھنٹوں میں وزیرِ اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دوں گا۔‘

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ کے پی وزیرِ اعلیٰ سے متعلق جو بھی فیصلہ کیا ہے وہ عوام کی بہتری کے لیے کیا ہے، انھوں نے واضح کیا ’وزارتِ اعلیٰ کے سلسلے میں کسی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا۔‘

    عمران خان نے اپنے خطاب میں سندھ کے حوالے سے بھی بات کی، ان کا کہنا تھا کہ اندرونِ سندھ کی پس ماندگی کا خاتمہ تحریکِ انصاف کی اولین ترجیح ہے۔

    افغان صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد

    بنی گالہ اجلاس: تحریکِ انصاف کا سب سے بڑی جماعت بننے کا دعویٰ


    قبل ازیں وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کے سلسلے میں بنی گالہ میں عمران خان کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کہا گیا کہ تحریکِ انصاف پنجاب میں سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔

    اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان نے پنجاب میں نمبر گیم پر عمران خان کو بریفنگ دی، ارکان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 134 ارکان ہوگئے ہیں، وہ آئندہ 3 روز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملنے چوہدری پرویز الٰہی بھی اسلام آباد پہنچ گئے، بنی گالہ میں اجلاس کے بعد عمران خان کے پی اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کے لیے پشاور چلے گئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے رہنماؤں کی ملاقات: پی پی کا اسمبلی میں بیٹھنے کا فیصلہ

    پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے رہنماؤں کی ملاقات: پی پی کا اسمبلی میں بیٹھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد اور متحدہ مجلس عمل کے رہنماؤں کے درمیان اہم ترین ملاقات میں پی پی نے اسمبلی میں بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے دارلحکومت میں ہونے والی اہم ترین ملاقات میں دونوں جماعتوں نے الیکشن کمیشن سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔

    پی پی وفد اور ایم ایم اے رہنماؤں کی ملاقات میں انتخابی صورتِ حال سے متعلق اہم مشاورت کی گئی، ملاقات کے بعد پی پی وفد نے میڈیا سے گفتگو کی۔

    پیپلز پارٹی کے وفد کے سربراہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انھوں نے اسمبلی میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے، مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو۔

    ملاقات میں الیکشن میں شکست کا معاملہ پارلیمنٹ کے فلور پر اٹھانے پر زور دیا گیا، تاہم مولانا فضل الرحمان کی طرف سے کہا گیا کہ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ کل آل پارٹیز کانفرنس میں کریں گے۔

    یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اپنی آواز قومی اسمبلی میں اٹھانا ہوگی۔ پی پی وفد میں خورشید شاہ، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ شامل تھے۔

    فضل الرحمان


    دوسری طرف ایم ایم اے رہنما فضل الرحمان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بھی انتخابات کو دھاندلی قرار دیا ہے، ہم اس الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے، یہ دھاندلی زدہ ہیں۔

    پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری، شہباز شریف کی پیپلز پارٹی رہنما سے ملاقات

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ جمہوری جماعتیں موجودہ صورتِ حال میں بھرپور کردار ادا کریں، ہم عوام کے حق کی جنگ لڑیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن بھی اس بات پر متفق ہو گئی ہیں کہ پارلیمان میں بیٹھ کر مضبوط حزبِ اختلاف کا کردار ادا کیا جائے، دونوں نے الیکشن کمشنر سے فی الفور مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔