Tag: پاکستان کی خبریں

  • الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    سیہون: انتخابات 2018 سے قبل بڑی دھاندلی کی خبر آگئی ہے، سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم ہو گیا، پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے قدیم شہر سیہون شریف میں ٹھپہ مافیا سرگرم ہو گیا ہے، پی ایس 80 کے انتخابی حلقے میں ابھی سے دھاندلی شروع ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس 80 سیہون کے ایجوکیشن آفس میں ٹھپے مارے جا رہے تھے، اس انتخابی حلقے سے سابق وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

    پولیس نے قربان علی کے دفتر سے پری پول رِگنگ کے الزام میں ایک شخص عزیز راہو پوٹو سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق عزیز راہو کا تعلق پیپلز پارٹی سے بتایا جاتا ہے۔

    الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    ذرائع نے بتایا کہ عزیز راہو پوٹو ایجوکیشن آفس میں بیٹھ کر امیدوار مراد علی شاہ کے انتخابی نشان پر ٹھپے لگا رہا تھا، ملزم سے 200 سے زائد ٹھپے لگے پوسٹل بیلٹ پیپرز بر آمد کر لیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی حیدر آباد سلطان خواجہ نے کہا ہے کہ ایس ایس پی جام شورو کو سیہون روانہ کر دیا گیا ہے جو واقعے کی انکوائری کریں گے۔

    دوسری طرف نگراں وزیرِ اعلیٰ نے سیہون میں بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کی خبر کا نوٹس لے لیا ہے، انھوں نے ڈی سی جام شورو اور ایس ایس پی جام شورو سے رات 9 بجے تک رپوٹ طلب کرلی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور قرار دے دیا

    ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور قرار دے دیا

    کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں مفرور قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کا عبوری چالان کراچی سٹی کورٹ میں جمع کرا دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور مفرور ہیں۔

    کیس چالان کے مطابق مفرور افراد کی فہرست میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام 19 اور 20 ویں نمبر پر درج کیا گیا ہے، مقدمے کا عبوری چالان سیشن جج جنوبی کی عدالت میں جمع کرایا گیا۔

    حسین لوائی و دیگر کے خلاف مقدمے کے چالان میں دونوں ملزمان کو مفرور ظاہر کیا گیا ہے، مفرور قرار دیے گئے دیگر ملزمان میں انور مجید اور ان کے بیٹے کا نام بھی شامل ہے۔

    چالان میں نجی بینک کے چیئرمین سمیت مجموعی طور پر 20 افراد کو مفرور قرار دیا گیا ہے، جن میں زرداری اور فریال تالپور کے نام آخری نمبر پر ہیں۔

    آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

    واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ایک رپورٹ میں 3 بینکوں میں 29 جعلی اکاؤنٹس کی نشان دہی کی تھی جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، اس کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا۔

    منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کا سپریم کورٹ میں‌ پیش نہ ہونے کا فیصلہ

    منی لانڈرنگ کیس میں حسین لوائی سمیت 32 افراد کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں، یہ اکاؤنٹس 2014 میں چند ماہ کے لیے کھولے گئے تھے جن کی تحقیقات 2015 میں شروع کی گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اڈیالہ جیل کے افسر سے الجھ پڑے

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اڈیالہ جیل کے افسر سے الجھ پڑے

    راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ ن کے سابقہ دورِ حکومت میں اسپیکر قومی اسمبلی رہنے والے ن لیگی رہنما ایاز صادق اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ الجھ پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اڈیالہ جیل میں ایون فیلڈ ریفرنس کے سزا یافتہ مجرم نواز شریف سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔

    جیل میں داخلے سے قبل گاڑی کی تلاشی کے معاملے پر جیل حکام سے تو تو میں میں ہوگئی، ن لیگی رہنما نے جیل کے افسر کو دھمکیاں دے دیں۔

    جیل کے دروازے پر ضابطے کے مطابق جب گاڑی کی تلاشی لی جانے لگی تو ایاز صادق نے ضد میں آ کر گاڑی کی تلاشی دینے سے انکار کر دیا۔

    ن لیگی رہنما ایاز صادق نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ’تمھیں دیکھ لوں گا۔‘ تاہم سنگین نتائج کی دھمکیوں کا جیل افسر پر کوئی اثر نہیں ہوا۔

    عوام کی نمائندگی کرنے والے کو اڈیالہ جیل میں بند کردیا گیا ،پرویزرشید

    قبل ازیں ایک اور ن لیگی رہنما پرویز رشید نے بھی ایون فیلڈ ریفرنس کے مجرم نواز شریف سے ملاقات کی، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں اداروں پر سخت تنقید کی۔

    انھوں نے کہا ’عمران خان کو نیب نے سہولیات فراہم کیں، وہ اپنے خلاف فیصلہ بھی خود لکھتے ہیں، اس سے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • خطرات کے پیشِ نظر عمران خان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی

    خطرات کے پیشِ نظر عمران خان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی

    اسلام آباد: ملک میں سیاسی جلسوں اور سیاست دانوں پر حملوں کے بعد بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں انتخابات 2018 کے پُر امن انعقاد کے سلسلے میں تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عمران خان سمیت دیگر سیاسی شخصیات کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا۔

    تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کا اجلاس ڈی آئی جی سیکورٹی وقار چوہان کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس میں سیاست دانوں کے تحفظ کے سلسلے میں اہم فیصلے کیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سیکورٹی پر 2 اسکواڈ سمیت 16 اہل کار تعینات ہیں، تاہم خطرات بڑھنے کی وجہ سے سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

    سانحہ مستونگ کے مزید زخمی دم توڑ گئے‘ شہدا کی تعداد 149 ہوگئی

    اجلاس میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہم راہ بھی 2 اسکواڈ سمیت 16 اہل کار تعینات ہیں، ذرائع نے کہا کہ پارٹی سربراہوں کی اسلام آباد آمد پر بھی انھیں مکمل سیکورٹی دی جاتی ہے۔

    بنوں: ایم ایم اے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر حملہ، 4 افراد جاں بحق

    ذرائع کے مطابق تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسوں اور کارنر میٹنگز کی سیکورٹی ایس او پی کے مطابق رکھی جائے۔

    پشاور: اے این پی کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکا، ہارون بلور سمیت 13 شہید


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈی جی سول ایوی ایشن نے جہاز کو سیر کے لیے کیوں استعمال کیا؟ نیب نے نوٹس لے لیا

    ڈی جی سول ایوی ایشن نے جہاز کو سیر کے لیے کیوں استعمال کیا؟ نیب نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: چیئرمین نیب نے ڈی جی سول ایوی ایشن کے خلاف شکایات کی جانچ کا حکم دے دیا، جہاز کو سیر کے لیے استعمال کرنے پر رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے اسکردو میں پی آئی اے کی ائیر سفاری کی پرواز میں غیر معمولی تاخیر میں ڈی جی سی اے اے حسن بیگ کے ملوث ہونے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایئر پورٹ پر مسافروں کے اڑھائی گھنٹے اذیت ناک انتظار پر ملنے والی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی، شکایات سی اے اے اور پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف کی گئی ہیں۔

    چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ’بتایا جائے ایئر سفاری کو نانگا پربت پر کیسے لے جایا گیا۔‘ نیب نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی کارکردگی قوم کی امنگوں کے برعکس ہے، پی آئی اے ترقی کی بہ جائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے، قومی سرمائے کی حفاظت نیب کی ذمہ داری ہے۔

    اسکردو: پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر، مسافر سراپا احتجاج، عدالت کا نوٹس

    واضح رہے کہ اسکردو ایئر پورٹ پر پی آئی اے نے پرواز کی تاخیر کو موسم کی خرابی قرار دیا تھا، وی آئی پی فلائٹ کو موسم کی خرابی بتا کر مسافروں کو گھنٹوں انتظار کروایا گیا، مذکورہ پرواز میں ڈی جی سول ایوی ایشن حسن بیگ بھی موجود تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم نواز شریف کے بی کلاس میں مزے

    ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم نواز شریف کے بی کلاس میں مزے

    راولپنڈی: قیدیوں کی جنت سمجھے جانے والے اڈیالہ جیل کی بی کلاس میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مجرم سابق وزیر اعظم نواز شریف کے مزے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے مجرم نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے کے لیے الگ کمرہ الاٹ کیا گیا ہے جس میں اکیس انچ ٹی وی لگا ہوا ہے۔

    نواز شریف کے کمرے میں باہر کی دنیا سے با خبر رہنے کے لیے اخبار اور ریڈیو بھی میسر ہے، آرام کے لیے پلنگ اور پنکھا بھی لگا ہوا ہے۔

    قید کے دوران مجرم نواز شریف کو واک کرنے کی اجازت بھی ملی ہوئی ہے، انھیں خصوصی غذائیں کھلائی جا رہی ہیں جن میں پھل اور قیمہ بھی شامل ہیں۔

    ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دو ڈاکٹر قیدی نواز شریف کا باقاعدہ چیک اپ کرتے ہیں، جمعرات کو ملاقات کی سہولت بھی حاصل ہے۔

    ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے غلیظ ٹوائلٹ اور بستر نہ ملنے کی خبریں جھوٹی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجرمہ مریم نواز کو بھی خواتین سیل میں بہتر سہولتیں دی جارہی ہیں۔

    پنجاب کے نگراں وزیرِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل صوبائی حکومت کے زیرِ نگرانی آتا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کو قانون کے مطابق سہولتیں میسر ہیں۔

    اڈیالہ جیل : نوازشریف اورمریم کو بی کلاس اور قیدی نمبرز الاٹ، یونیفارم آج ملے گا

    بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ قانون میں گنجائش ہے کہ ٹرائل جیل میں بھی کیا جاسکتا ہے، سیکورٹی تھریٹ کی صورت میں ٹرائل جیل میں کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ نواز شریف کا ٹرائل اوپن کورٹ میں کیے جانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب کی 43 جیلوں میں بند 881 قیدی خواتین کو سی کلاس بیرکوں میں بند کیا گیا ہے، مریم نواز پہلی خاتون ہیں جنھیں پنجاب کی جیل میں بی کلاس فراہم کی گئی۔

    متعدد قیدی خواتین کے اہلِ خانہ نے اس امتیازی سلوک پر جیل انتظامیہ کے خلاف عدالتوں میں جانے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو قانون کے مطابق بی کلاس دی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کے پی کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر نیب نے عمران خان کو طلب کر لیا

    کے پی کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر نیب نے عمران خان کو طلب کر لیا

    لاہور: خیبر پختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر انتخابی مہم کے لیے استعمال کرنے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان نے انتخابی مہم کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے معاملے پر نیب کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کا خیر مقدم کیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے نیب میں درخواست جمع کراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان نیب میں پیش نہیں ہوسکتے، درخواست اُن کے وکیل بابر اعوان نے جمع کرائی۔

    وکیل بابر اعوان نے نیب میں کہا کہ عمران خان آج اٹھارہ جولائی کو انتخابی مہم میں مصروف ہیں جس کے باعث وہ پیش نہیں ہوسکتے۔

    بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین الیکشن کے فوراً بعد نیب میں پیش ہوجائیں گے، عمران خان کے وکیل کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست نیب نے قبول کر لی۔

    پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل: شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا

    تحریک انصاف کے سربراہ نے نیب کی جانب سے تحقیقات کے آغاز پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی عزائم سے مبرّا ہو کر احتساب کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین ملک میں سیاست دانوں کے مکمل احتساب کے لیے پوری طاقت کے ساتھ آواز اٹھا رہے ہیں، ان کی جدوجہد کے نتیجے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف جیل پہنچ گئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آپریشن ردُّ الفساد: پنجاب کے مختلف علاقوں سے پانچ دہشت گرد گرفتار

    آپریشن ردُّ الفساد: پنجاب کے مختلف علاقوں سے پانچ دہشت گرد گرفتار

    راولپنڈی: سیکورٹی فورسز نے آپریشن ردُّ الفساد کے تحت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ غازی خان اور لاہور سے 24 مشتبہ افراد کو بھی غیر قانونی اسلحہ سمیت گرفتار کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے اٹک، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی، فیصل آباد، بہاول پور اور ڈی جی خان میں کارروائیاں کی گئیں۔

    دریں اثنا ملتان میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ملتان میں دہشت گردی کا منصوبہ نا کام بنا دیا، چار دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

    کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پولیس نے بائی پاس روڈ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، کارروائی میں گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

    دہشت گردی میں ملوث ہاتھ الیکشن کا التوا چاہتے ہیں، الیکشن 25 جولائی کو ہی ہوں گے، نگراں وزیراطلاعات

    گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں عبد السلام، لیاقت، واجد اللہ اور محمد احمد شامل ہیں، دہشت گردوں سے 5 دستی بم، آتشیں اسلحہ اور اہم نقشے بر آمد ہوئے۔

    سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد ملتان میں سیاسی رہنماؤں کو ہدف بنانا چاہتے تھے، پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنسز: نوازشریف کا ٹرائل کھلی عدالت میں کرنے کا فیصلہ

    العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنسز: نوازشریف کا ٹرائل کھلی عدالت میں کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کا ٹرائل اوپن کورٹ میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں دس سال قید کی سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا مزید دو ریفرنسز میں ٹرائل کھلی عدالت میں کیا جائے گا۔

    العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں کھلی عدالت میں کیس کی سماعت کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کل جیل ٹرائل کا نوٹی فکیشن واپس لینے کی منظوری دے گی۔

    کل اسلام آباد میں نگراں کابینہ کے منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں ملک میں امن و امان کی بگڑی صورتِ حال سے متعلق بھی اہم ترین فیصلے متوقع ہیں۔

    وفاقی وزیرِ داخلہ نگراں کابینہ اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دیں گے۔

    اجلاس میں ملک میں ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں بھی اہم پیش رفت ہوگی، چیف جسٹس کے قائم کردہ ڈیمز فنڈ کے لیے تنخواہوں کی کٹوتی کی منظوری دی جائے گی۔

    احتساب عدالت میں نوازشریف کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

    کابینہ اجلاس میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ڈائریکٹرز کی نامزدگی واپس لینے کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت جاری ہے، یہ سماعت کل دوبارہ ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • احتساب عدالت کے جج نے نواز شریف کے خلاف مزید ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کر لی

    احتساب عدالت کے جج نے نواز شریف کے خلاف مزید ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کر لی

    اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف مزید دو ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جج محمد بشیر کی جانب سے لکھا گیا معذرت کا خط اسلام آباد ہائی کورٹ کو موصول ہوگیا ہے، جس میں انھوں نے کیس سے علیحدگی کی ایک قانونی پوزیشن اختیار کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج نے خط میں لکھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کر چکا ہوں، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت کو منتقل کر دیے جائیں۔

    جج محمد بشیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے وکیل نے بھی ان پر اعتراض کر دیا ہے، اس لیے وہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت نہیں کرسکتے۔ انھوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو لکھا ’ایک ریفرنس کا فیصلہ دیا، مجھ پر اعتراضات آرہے ہیں، چاہیں تو میرا تبادلہ کر دیں۔‘

    ایون فیلڈ فیصلہ، نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیں کل سماعت کے لیے مقرر

    احتساب عدالت کے جج نے ہائی کورٹ سے دریافت کیا ’موجودہ حالات میں انھیں ریفرنسز کے حوالے سے پوزیشن بتائی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ بتائے کہ ریفرنسز پر سماعت جاری رکھی جائے یا نہیں۔‘

     ذرائع کا کہنا ہے کہ جج محمد بشیر نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رہنمائی مانگی ہے، سماعت سے معذرت نہیں کی۔ واضح رہے کہ شریف خاندان نے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کردی ہیں جنھیں سماعت کے لیے منظور کر لیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔