Tag: پاکستان کی خبریں

  • جنرل زبیر محمود حیات کی زیرِ صدارت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی  کا اجلاس

    جنرل زبیر محمود حیات کی زیرِ صدارت جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا اجلاس

    راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی زیرِ صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے اجلاس میں وزارتِ دفاع اور دفاعی پیداوار کے حکام نے بھی شرکت کی، اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں علاقائی سیکورٹی کی صورت حال کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا، پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔

    جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو ملک کی مسلح افواج کی روایتی اورغیر روایتی صلاحیتوں پر بھی بریفنگ دی گئی، مسلح افواج کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    کمیٹی میں دہشت گردی و انتہا پسندی کو جڑ سے خاتمے کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا گیا، شرکا نے عزم کیا کہ سی پیک منصوبے کی مکمل سیکورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

    آرمی چیف سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی تعاون پر تبادلہ خیال


    جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے اس اہم اجلاس میں شرکا کی جانب سے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    کمیٹی نے اعلامیہ جاری کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت مکمل، فیصلہ جمعے کو سنایا جائے گا

    شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت مکمل، فیصلہ جمعے کو سنایا جائے گا

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے مریم نواز کے وکیل کے حتمی دلائل مکمل ہونے پر نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا، نوٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم اور ان کی صاحب زادی کو 6 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔

    احتساب عدالت کی طرف سے ریفرنس پر فیصلہ تین دن بعد 6 جولائی کو نامزد ملزمان نواز شریف اور مریم نواز کی موجودگی میں سنایا جائے گا، خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس پر سماعت 9 مہینے اور 20 دن جاری رہی۔

    ریفرنس میں نامزد ملزمان کے طور پر سابق وزیر اعظم نواز شریف، صاحب زادری مریم نواز، بیٹے حسن اور حسین نواز شامل ہیں، کیپٹن (ر) صفدر بھی نامزد ملزم ہیں۔

    عدالت نے عدم حاضری پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا تھا، خیال رہے کہ نواز شریف کے دونوں بیٹے ابتدا ہی سے ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف 8 ستمبر 2017 کو عبوری ریفرنس دائر کیا گیا تھا، مزید شواہد سامنے آنے پر نیب نے 22 جنوری کو ضمنی ریفرنس دائر کیا۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں مجموعی طور پر 18 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے، ان گواہان میں پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا بھی شامل تھے۔

    19 اکتوبر کو مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر پر براہِ راست فردِ جرم عائد کی گئی، نواز شریف کی عدم موجودگی پر ان کے نمائندے کے ذریعے فردِ جرم عائد کی گئی۔

    شریف خاندان کےخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج ہوگی


    26 ستمبر کو نا اہل ہونے والے وزیر اعظم نواز شریف پہلی بار احتساب عدالت کے رو برو پیش ہوئے تھے، جب کہ ان کی صاحب زادی مریم نواز پہلی بار 9 اکتوبر کو احتساب عدالت میں پیش ہوئیں۔

    قبل ازیں وفاقی دارالحکومت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز لندن میں موجود ہونے کے باعث آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جب کہ وکیل امجد پرویز نے حتمی دلائل دیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عالمی امن کے لیے پاکستانی امن دستوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، اقوام متحدہ

    عالمی امن کے لیے پاکستانی امن دستوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، اقوام متحدہ

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے امن مشن جین پیری نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لیے پاکستانی امن دستوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے امن مشن جین پیری نے نَسٹ کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق جین پیری نے نیشنل یونی ورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امن دستوں نے عالمی امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

    یو این انڈر سیکریٹری جنرل نے نسٹ میں عالمی امن و استحکام سینٹر کا بھی دورہ کیا، سینٹر آمد کے موقع پر انھوں نے طلبہ اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ گفتگو کی، انھوں نے کہا کہ عالمی امن مشن میں پاک فوج کا اہم کردار ہے۔

    جین پیری نے اقوام متحدہ کی طرف سے دنیا کے مختلف حصوں میں تعینات پاکستانی امن دستوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا یو این امن مشن میں پاکستانیوں نے کئی قیمتی جانیں بچائی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق جین پیری نے کہا کہ اقوام متحدہ کے 44 سے زائد امن مشنز کے دوران پاکستان کے 156 اہل کار شہید ہو چکے ہیں، ہم ان فوجیوں کے خاندانوں کے شکر گزار ہیں۔

    اقوام متحدہ کے محکمہ امن آپریشن کے انڈر سیکریٹری جنرل کا جی ایچ کیو کا دورہ


    یو این انڈر سیکریٹری جنرل کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی امن دستے 1960 سے مختلف یو این مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ یو این انڈر سیکریٹری جنرل جین پیری نے آج صبح جی ایچ کیو کا دورہ کرتے ہوئے آرمی چیف سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تحت عالمی امن کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چیف جسٹس پنڈی اسپتال کا جائزہ لینے آئے تھے، میری الیکشن مہم چلانے نہیں، شیخ رشید

    چیف جسٹس پنڈی اسپتال کا جائزہ لینے آئے تھے، میری الیکشن مہم چلانے نہیں، شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کل ویمن چلڈرن اسپتال کا جائزہ لینے آئے تھے، ان کی الیکشن مہم چلانے کے لیے نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے سپریم کورٹ میں جاری کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، کہا چیف جسٹس نے خود واضح کیا کہ دورے کا مقصد شیخ رشید کے لیے مہم چلانا نہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ 18 ماہ کے اندر ویمن چلڈرن اسپتال آپریشنل ہوجائے گا، آج سے اسپتال پر کام شروع ہو گیا ہے، لوگ ناک میں تکلیف کے لیے بھی لندن علاج کے لیے چلے جاتے ہیں۔

    قبل ازیں پنڈی اسپتال کیس کی سماعت کے دوران شیخ رشید نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے سالوں پرانا کام مکمل کرایا ہے، سوشل میڈیا پر ایک خاص طبقہ آپ کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کل میں کسی کی بھی انتخابی مہم میں نہیں گیا، میرا شیخ رشید صاحب سے کوئی سیاسی تعلق نہیں، ہم سپریم کورٹ کی جانب سے اسپتال گئے تھے، کسی کی مہم کے لیے نہیں لوگوں کے لیے گئے۔

    ویمن چلڈرن اسپتال کیس کی سماعت


    دریں اثنا سپریم کورٹ میں راولپنڈی کے زچہ و بچہ اسپتال کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کمیٹی روم میں کی۔ سماعت کورٹ روم نمبرایک میں ہونی تھی تاہم چیف جسٹس کی طبیعت کی نا سازی کی وجہ سے  کمیٹی روم میں کی گئی۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت کے استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسپتال کی تعمیر کے لیے اٹھارہ ماہ کا وقت مانگا، چیف جسٹس نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کو تاکید کی کہ کام کے سلسلے میں کوئی ناانصافی نہ ہو اور کام جائز طریقے سے کیا جائے۔

    مائیں بہنیں چیف جسٹس کے لیے دعا کریں، شیخ رشید


    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اسپتال کی تعمیر کے معاملے پر ایک دو دن میں کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے جو اسپتال کی مشینری کی خریداری و دیگر معاملات دیکھے گی، پہلے اسپتال کے 3 آپریشن تھیٹر تھے، اب 14 ہوں گے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ اسپتال کی تکمیل کے لیے شراکت داروں نے یقین دہانی کرائی ہے، سپریم کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار خواجہ داؤد کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے اور اسپتال کی تعمیرسے متعلق ماہانہ رپورٹ جمع کرائی جائے، اسپتال کا تخمینہ 5 اعشاریہ 3 ارب روپے ہے اس لیے وزارتِ خزانہ سے پریشانی آ سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چوہدری نثار کی باتیں تکلیف دیتی ہیں، نواز شریف

    چوہدری نثار کی باتیں تکلیف دیتی ہیں، نواز شریف

    لندن: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق نا اہل وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ چوہدری نثار کی باتیں انھیں تکلیف دیتی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور افسوس ہوتا ہے جب چوہدری نثار ان کے متعلق بات کرتے ہیں۔

    نواز شریف نے کہا کہ آج تک چوہدری نثار کی باتوں کا جواب نہیں دیا، ان کی باتیں مجھے دکھ دیتی ہیں، نہیں چاہتا کہ ان باتوں کا جواب دوں۔

    انھوں نے سوال کیا کہ ڈالر 125 روپے پر پہنچ گیا ہے، اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے، ہماری حکومت جانے کے بعد ڈالر 104 سے 125 روپے پر کیسے پہنچا۔

    نواز شریف نے کہا کہ وہ اہلیہ کے علاج کے سلسلے میں لندن میں مقیم ہیں، اگر اہلیہ کی بیماری عام نوعیت کی ہوتی تو اتنے دن لندن میں نہ رہنا پڑتا۔

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے، ان کی صحت بہتر ہونے پر ہی ملک واپس جاؤں گا۔

    نوازشریف کے جھوٹ کی لنکا خود ان کے گھر کے بھیدی نے ڈھائی: فواد چوہدری


    نواز شریف نے عدالتی فیصلے کے بعد وزارت عظمیٰ کے لیے نا اہل ہونے پر اپنے مشہور بیانیے کو دہراتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔

    ملک میں انتخابات سے قبل ن لیگ میں رہنماؤں کی بغاوت اور پارٹی چھوڑ کر جانے کی صورت حال میں اگرچہ ن لیگ کے لیے الیکشن میں جیتنا بے حد مشکل ہوگیا ہے تاہم نواز شریف پُر امید ہیں کہ ایک بار پھر قوم انھیں منتخب کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ وہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 20 جولائی کو مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن

    بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 20 جولائی کو مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے انتخابات 2018 کے سلسلے میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے جو بیس تاریخ کو مکمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) نے 14 ٹن بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس میں بر وقت ترسیل کو ممکن بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے چھپائی کا عمل بر وقت مکمل ہونے کا امکان ہے۔

    دریں اثنا سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کیا، انھوں نے پرنٹنگ پریس میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 55 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز وقت پر پہنچانے کی کوشش کی جائے گی، خیال رہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے۔

    بابر یعقوب نے بتایا کہ انتخابات میں خاص سیکورٹی والا بیلٹ پیپر استعمال کیا جاتا ہے، پرنٹنگ پریس میں پہنچائے گئے کاغذ میں سیکورٹی کے تمام فیچرز موجود ہیں۔ واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز تاریخ کے مہنگے ترین بیلٹ پیپرز ہیں۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی ایئر لائن نے بیلٹ پیپرز کی بر وقت ترسیل میں بہت مدد کی، چھپائی کا عمل بر وقت مکمل ہو جائے گا۔

    انھوں نے ٹرانسفر کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی ٹرانسفر اور پوسٹنگ سے متعلق آر او قانون کے مطابق دیا جاتا ہے، 2014 کی جوڈیشنل انکوائری کے بعد مانیٹرنگ کا نظام بھی بہتربنایا گیا۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر بینرز اور پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں، خلاف ورزیاں دہرانے پر امیدواروں کو نا اہل بھی کیا جا سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی سے فاٹا تک تحریک انصاف کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری

    کراچی سے فاٹا تک تحریک انصاف کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے، چیئرمین عمران خان کراچی سے فاٹا تک دورے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنی انتخابی مہم میں تیزی لا کر ملک بھر میں عوامی جلسے ترتیب دے دیے ہیں، جلسوں کے سلسلے میں چیئرمین ملک کے مختلف حصوں کے دورے کریں گے۔

    پی ٹی آئی کے ترتیب کردہ پروگرام کے مطابق آج عمران خان نے لاہور میں جلسے سے خطاب کیا، اسلام آباد کے بعد وہ خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے۔

    پروگرام کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کل بنوں کا دورہ کریں گے، بنوں میں ایک عوامی جلسہ ترتیب دیا گیا ہے جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔

    دو جولائی کو عمران خان 2 روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے، کراچی میں وہ مختلف مقامات پر خطاب کریں گے، یاد رہے کہ عمران خان این اے 243 کراچی سے امیدوار ہیں، کراچی میں وہ اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    پانامالیکس میں شریف خاندان رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، اقتدارملا، تو کرپشن کاخاتمہ کردیں گے: عمران خان


    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رزمک کا دورہ ملتوی کر دیا ہے، یہ دورہ کل ہونا تھا، جب کہ فاٹا کا دورہ بھی بعد میں کیا جائے گا، فاٹا میں 2 سے 3 جلسے کیے جائیں گے۔

    آج لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ زندگی میں کبھی ہارنا نہیں سیکھا، بھرپور تیاری کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عام انتخابات 2018: تحریک انصاف نے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کر دیں

    عام انتخابات 2018: تحریک انصاف نے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کر دیں

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 2018 کے عام انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کردیں، فہرستوں میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے معمولی تبدیلیاں کرنے کے بعد اپنے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کردیں، چیئرمین عمران خان نے منظوری دے دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ فہرستیں حتمی ہیں، مزید کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

    پی ٹی آئی نے نظرثانی کے بعد کئی امیدوار تبدیل کردیے، بنی گالہ میں احمد حسین کا احتجاج رنگ لے آیا، ٹکٹ جاری کر دیا گیا، ملتان کے این اے 154 سے سکندر بوسن سے ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔

    ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے لیے 244 امیدواروں کو ٹکٹ دیے گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کے لیے277، سندھ اسمبلی کے لیے 97، کے پی اسمبلی کے لیے97، بلوچستان اسمبلی کے لیے 40، کراچی سے قومی اسمبلی کے لیے 21 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق عمران خان قومی اسمبلی کے 5 حلقوں سے میدان میں اتریں گے، جن میں این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 95 میانوالی، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی شامل ہیں۔

    پرویز خٹک این اے 25 نوشہرہ، اسد عمر این اے 54 اسلام آباد سے جب کہ شاہ محمود قریشی این اے 155 ملتان، این اے 220 عمر کوٹ اور این اے 221 تھر پارکر سے انتخاب لڑیں گے۔

    ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے لیے 14 خواتین کوٹکٹ جاری کیے، این اے 13 مانسہرہ سے عنبرین سواتی، غلام بی بی بھروانہ  این اے 115 جھنگ سے، این اے 90 سرگودھا سے نادیہ عزیز، فردوس عاشق اعوان  این اے 72 سیالکوٹ، زر تاج گل  این اے 191 ڈیرہ غازی خان، قراۃ العین  این اے 201 لاڑکانہ سے اور این اے 200 سے حلیمہ بھٹو الیکشن لڑیں گی۔

    عام انتخابات 2018: پیپلزپارٹی نے لاہور سے امیدواروں کی حتمی فہرست تیار کرلی


    فواد چوہدری این اے 67 جہلم سے، ابرار الحق این اے 78 نارووال سے، ندیم افضل چن این اے 88 سرگودھا سے،غلام سرور خان این اے 59 اور این اے 63 راولپنڈی سے، نذر گوندل این اے 86 منڈی بہاؤالدین سے، شہر یار آفریدی این اے 32 کوہاٹ سے، علی امین گنڈاپور این اے 38 ڈیرہ اسماعیل خان سے، طاہرصادق این اے 55 اور این اے 56 اٹک سے، عبد المجید خان نیازی این اے187 لیہ سے، جب کہ علی محمد خان این 22 مردان سے الیکشن لڑیں گے۔

    ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی نے این اے 64 اور 65 سے امیدوار کھڑا نہیں کیا، ان حلقوں میں ق لیگ سے ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے کے مطابق شیخ رشید کی حمایت کی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کی پہلی فتح، ورلڈ نمبر دو ارجنٹینا آؤٹ کلاس

    ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کی پہلی فتح، ورلڈ نمبر دو ارجنٹینا آؤٹ کلاس

    بریڈا: نیدر لینڈ کے شہر بریڈا میں جاری ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2018 میں پاکستان نے پہلی فتح حاصل کرتے ہوئے ورلڈ نمبر دو ارجنٹینا کو آؤٹ کلاس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہاکی ٹیم نے بریڈا میں کھیلے گئے میچ میں ارجنٹینا کے خلاف بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اسے 1-4 سے شکست دے کر اپنا پہلا میچ جیت لیا۔

    مسلسل تین شکستوں سے دوچار پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کم بیک کرتے ہوئے دنیا کی دوسری بہترین ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی اس وقت بجادی جب عرفان جونیئر نے میچ کے دسویں منٹ میں پاکستان کی طرف سے پہلا گول کر دیا۔

    اگلے نو منٹ تک دونوں ٹیموں کے درمیان گول اسکور کرنے کے لیے زبردست کشمکش جاری رہی، 29 ویں منٹ پر ارجنٹینا کی طرف سے پریٹیس ماٹیز نے گول اسکور کر کے پاکستان کی سبقت ختم کردی۔

    پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے اس اہم میچ میں اگلے اٹھارہ منٹ بعد گرین شرٹس نے مخالف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے شان دار کھیل پیش کیا اور پے در پے دو گول اسکور کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

    چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 2-1 سے ہرادیا


    گرین شرٹس کی طرف سے 47 ویں منٹ میں علی مبشر نے گول اسکور کیا، جب کہ 49 ویں منٹ پر احمد اعجاز نے خوب صورت گول اسکور کیا۔

    دنیا کی دوسری بہترین ہاکی ٹیم پاکستان ٹیم کی تین ایک سے برتری کو ختم نہ کر سکی، 58 ویں منٹ میں بلال محمد علیم نے ایک اور گول اسکور کرکے گرین شرٹس کی جیت یقینی بنا دی۔

    خیال رہے کہ نیدر لینڈ میں جاری ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کو اب تک بھارت، آسٹریلیا اور میزبان ٹیم نیدر لینڈز کی جانب سے شکست کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آرمی چیف کی زیرِ صدارت پروموشن بورڈ کا اجلاس، 37 بریگیڈیئرز کی میجر جنرل کےعہدے پر ترقی

    آرمی چیف کی زیرِ صدارت پروموشن بورڈ کا اجلاس، 37 بریگیڈیئرز کی میجر جنرل کےعہدے پر ترقی

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ فوج کے 37 بریگیڈیئرزکو میجر جنرل کےعہدے پر ترقی دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں پاک فوج کے پروموشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فوج کے 987 افسروں کی ترقی سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ترقی پانے والوں میں آرمی میڈیکل کور کے 9 افسر بھی شامل ہیں، پاک فوج کی ایک خاتون افسر شہلا بقائی کو بھی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جو پاک فوج کی تاریخ میں تیسری خاتون میجر جنرل ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں منیر افسر، خرم سرفراز، بابر افتخار، محمد احمد ملک، عرفان ارشد، شہبازخان اور طاہر حمید شاہ بھی شامل ہیں۔

    عرفان احمد ملک، رضا علی خان، ظفر اقبال، زاہد سرور ملک، کاشف نذیر کے علا وہ عدنان آصف، زاہد خان اور غلام جعفر کو بھی میجرجنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق یوسف جمال، احسان محمد، یوسف مجوکہ کی بھی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی ہوئی ہے، اسد نواز جنجوعہ، راحت نسیم احمد بھی میجر جنرل کےعہدے پر ترقی پاگئے۔

    ممتازحسین، نیئرنصیر، عامر احسن نواز، نجیب احمد، کامران خورشید، عاصم اقبال، حسن اختر کیانی اور ایوب احسن بھی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔

    آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ترقی پانے والے فوجی افسران میں ملک مسعود، سلمان اشرف، چوہدری قمرالحق، رضا جعفر کا تعلق آرمی میڈیکل کور سے ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خورشید محمد اترا، وسیم عالم گیر، اسد قریشی اور راسخ مقصود کو بھی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔