Tag: پاکستان کی آبادی

  • پاکستان کی آبادی 2050 تک دگنی ہونے کا خدشہ

    پاکستان کی آبادی 2050 تک دگنی ہونے کا خدشہ

    اسلام آباد: پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح دنیا سمیت خطے میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، جس سے 2050 تک آبادی دگنی ہونے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساتویں مردم شماری پر ادارہ شماریات کی فائنڈنگ رپورٹ جاری کردی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح دنیا سمیت خطے میں سب سےزیادہ ریکارڈ کی گئی ، موجودہ شرح ریٹ کے مطابق 2050 تک پاکستان کی آبادی دگنی ہونےکا خدشہ ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں21 لاکھ 26 ہزار79افغانی، بنگالی ودیگر ممالک کے لوگ مقیم ہیں جبکہ 87لاکھ ہندو، مسیحی و دیگر مذہب کے لوگ آبادہیں۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ 5سے 16 سال کے2کروڑ53لاکھ 70ہزار بچے اسکولزسےباہرہیں جبکہ پاکستان میں کل آبادی کا 3.10فیصد معذور لوگوں پرمشتمل ہے۔

    فائنڈنگ رپورٹ کے مطابق 2017 کے بعد سب سے زیادہ آبادی 2023 میں ریکارڈ ہوئی، پاکستان میں61 فیصد لٹریسی ریٹ ریکارڈ ہوا جبکہ مرد 68 فیصد اور خواتین53 فیصد پڑھی لکھی ہیں۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں 96 لاکھ، سندھ میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 78لاکھ ہے جبکہ کے پی میں 49 لاکھ بچے، بلوچستان میں50لاکھ سے زائد بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں۔

  • ملکی آبادی قابو کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ کیا ہے؟

    ملکی آبادی قابو کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ کیا ہے؟

    دنیا کی مجموعی آبادی آٹھ ارب کا ہندسہ عبور کرچکی ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق آٹھ ارب میں سے تقریباً تین فیصد آبادی پاکستانی عوام پر مشتمل ہے۔

    پاکستان دنیا کے ان آٹھ ممالک میں شامل ہے جو سال2050 تک دنیا میں بڑھنے والی کل آبادی میں پچاس فیصد حصہ ڈالیں گے۔

    ویسے تو پاکستان کی ہر سیاسی جماعت نے اپنے منشور میں آبادی پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے ایک لائحہ عمل تو دیا ہوا ہے لیکن وہ اس پر عمل درآمد کرانے کیلئے کتنے سنجیدہ ہیں ایک اہم سوال ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں سینئر کنسلٹنٹ فار پاپولیشن ڈاکٹر یاسمین قاضی نے اس مسئلے پر روشنی ڈالی اور آبادی پر کنٹرول سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔

    انہوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ہی پاکستان کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، جب تک ہم ملکی آبادی پر مؤثر طور پر قابو نہیں پائیں گے تب تک ہم ترقی نہیں کرسکیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سنہ 71 کے بعد بنگلہ دیش نے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے پر بہت عمدہ طریقے سے قابو پایا اور وقت کے ساتھ وہاں کی بدلتی ہوئی حکومتوں نے بھی اس منصوبے کو جاری رکھا۔

    ڈاکٹر یاسمین قاضی نے کہا کہ اگر ہم آج سے اس مسئلے پر کام کرنا شروع کریں گے تو 15 سال بعد جاکر اس کے ثمرات حاصل کرسکیں گے لہٰذا سیاسی جماعتیں محض باتیں کرنے کے بجائے عملی اقدامات کریں۔

  • 30 سال میں ہماری آبادی دگنی ہو جائے گی، علما سے مدد کی اپیل

    30 سال میں ہماری آبادی دگنی ہو جائے گی، علما سے مدد کی اپیل

    اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آیندہ 30 برسوں میں ہماری آبادی بڑھ کر دگنی ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین نے کہا کہ 30 سال میں ہماری آبادی دگنی ہو جائے گی، جب کہ جنوبی ایشیا میں ایسا 60 برس میں ہوگا۔

    پارلیمانی سیکریٹری نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان اس معاملے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ماضی کی حکومت نے آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ڈاکٹر نوشین کا کہنا تھا کہ آبادی کنٹرول کرنے کے لیے علما کے تعاون کی بھی ضرورت ہے، ہم آبادی کے سلسلے میں عالمی معاہدوں کی پاس داری کریں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں یو این رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ عالمی آبادی 2050 تک تقریباً 2 ارب ہو جائے گی، جب کہ پاکستان کی موجودہ آبادی کا نصف حصہ 2050 میں دگنا ہو جائے گا، خیال رہے کہ عالمی آبادی اس وقت 7 ارب 70 کروڑ ہے جو 2050 تک تقریباً 9 ارب 70 کروڑ تک پہنچ جائے گی، جب کہ پاکستان کی موجودہ آبادی 21 کروڑ 70 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

    یاد رہے کہ 2017 میں پاکستان میں چھٹی مردم شماری کرائی گئی تھی، جس کے مطابق پاکستان کی آبادی 13 کروڑ 23 لاکھ سے بڑھ کر21 کروڑ 70 لاکھ ہو گئی ہے جب کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت یہ آبادی 21 کروڑ 90 لاکھ تک پہنچ جاتی ہے، آبادی میں 1998 سے 2017 تک 7 کروڑ 87 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ ہوا۔

  • سال 2046  تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی ،رپورٹ

    سال 2046 تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی ،رپورٹ

    لاہور: پاکستان ڈیمو گرافک اور ہیلتھ سروے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آبادی کے تناسب میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ، 2046 تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی جبکہ 2030 تک پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے گنجان آباد ملک بن جائے گا۔

    تٖفصیلات کے مطابق آبادی میں اضافے پر پاکستان ڈیمو گرافک اور ہیلتھ سروے نے رپورٹ جاری کردی ہے ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح 2.40فیصدتک پہنچ گئی، اضافےکی شرح یہی رہی تو2046میں آبادی دگنی ہوجائے گی۔

    سروے کے مطابق 2030 تک پاکستان دنیاکاچوتھا سب سے گنجان آباد ملک بن جائے گا جبکہ 2040 تک پاکستان میں 12 کروڑ مزید نوکریاں درکار ہوں گی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت پانی کی کمی کا شکار دنیا کے تین ممالک میں سے ایک ہے۔

    ڈیمو گرافک اور ہیلتھ سروے کی رپورٹ میں کہا ہے کہ ، رہائش کے لیے ایک کروڑ 90لاکھ گھروں کی ضرورت ہوگی جبکہ 2040 تک پاکستان میں 85 ہزارمزیدپرائمری سکول بنانے پڑیں گے۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا دنیا میں دورانِ زچگی ماؤں اور بچوں کی اموات بھی سب سے زیادہ پاکستان میں ہو رہی ہیں، ہر سال بارہ ہزار مائیں دوران زچگی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں۔ پاکستان میں ہر ایک ہزار پیدائشوں میں 62 شیرخواربچے ایک سال کی عمر تک نہیں پہنچ پاتے۔

    سروے کے مطابق جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کی شرح پاکستان میں ہے ، تبھی پانچ سال سے کم عمر 68%بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔

  • ملکی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ ہوگئی، مردم شماری کے نتائج جاری

    ملکی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ ہوگئی، مردم شماری کے نتائج جاری

    اسلام آباد:حکومت نے چھٹی مردم شماری کے عبوری نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق ملکی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ ہوگئی جو کہ 1998ء میں 13 کروڑ تھی۔

    یہ رپورٹ آج مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں پیش کی گئی۔

    اسٹیٹسٹکس (شماریات) بیورو آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق نئی مردم شماری کےتحت اس وقت پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 نفوس پر مشتمل ہے، آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کا اعزاز پنجاب کو ہی حاصل ہے اور اس کی آبادی 11 کروڑ 12 ہزار 442 افراد پر مشتمل ہے۔

    census

    ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے صوبے سندھ کی آبادی 4کروڑ 78 لاکھ 86 ہزار 51 افراد پر مشتمل ہے،آبادی کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر صوبہ خیبر پختون خوا ہے جس کی آبادی 3 کروڑ 5 لاکھ 23 ہزار 371 ہوچکی ہے۔

    Pakistan population

    اسی طرح رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے کا اعزاز رکھنے والا صوبہ بلوچستان آبادی کے اعتبار سے چوتھے نمبر پر ہے، اس کی آبادی ایک کروڑ 23 لاکھ 44 ہزار 408 افراد پر مشتمل ہے۔

    نئی مردم شماری کے مطابق قبائلی علاقہ جات پر مشتمل علاقے فاٹا کی کل آبادی 50 لاکھ ایک ہزار 676 ہوگئی، بیورو آف شماریات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کل آبادی 20 لاکھ 6ہزار 572افرادہوچکی ہے۔

    population

    خیال رہے کہ سال 1998ء کی مردم شماری کے تناسب سے 2017 تک ملکی آبادی میں 57 فیصد اضافہ ہوا اور سالانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو ہر سال 2.7 فیصد اضافہ ہوا، 1998 میں یہ آبادی 13 کروڑ تھی جو اب 20 کروڑ 77 لاکھ ہوچکی ہے۔

    ملک میں پہلی مردم شماری 1951 میں،دوسری 1961، تیسری 1972، چوتھی 1981،  پانچویں 1998 اور چھٹی مردم شماری اب 2017 میں ہوئی ہے۔

  • سن2100میں پاکستان کی آبادی 36 کروڑ 40 لاکھ ہوسکتی ہے،اقوام متحدہ

    سن2100میں پاکستان کی آبادی 36 کروڑ 40 لاکھ ہوسکتی ہے،اقوام متحدہ

    نیویارک : اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سن2100 میں پاکستان کی آبادی چھتیس کروڑ چالیس لاکھ ہوسکتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ دو ہزار پندرہ سے دو ہزار پچاس کے درمیان دنیا کی نصف آبادی کی گروتھ نو ممالک میں ہوسکتی ہے، جن میں بھارت، نائجیریا، پاکستان، کانگو، ایتھوپیا، تنزانیہ، امریکا، انڈونیشیا اور یوگانڈا شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ آئندہ سات سالوں میں ہندوستان کی آبادی چین سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

    اس وقت پاکستان کی آبادی انیس کروڑ کے قریب ہے جبکہ دوہزار تیس تک یہ آبادی چوبیس اعشاریہ چار کروڑ ہونے کا خدشہ ہے۔