Tag: پاکستان کی خبرین

  • آئی ایم ایف پیکج پاکستان کی معاشی محاذ پر کلیدی کامیابی ہے: فردوس عاشق اعوان

    آئی ایم ایف پیکج پاکستان کی معاشی محاذ پر کلیدی کامیابی ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے آئی ایم ایف پیکج پر کہا ہے کہ یہ پاکستان کی معاشی محاذ پر کلیدی کام یابی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی پاکستان کے لیے پیکج کی منظوری عمران خان کے اکنامک وژن پر اعتماد ہے۔

    مشیر اطلاعات نے مزید لکھا کہ آئیے سب مل کر مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھیں، عمران خان مضبوط پاکستان کا نشان ہیں۔

    خیال رہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی ہے، یہ پیکج عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے پاکستان کے لیے بڑی خبر ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی

    آئی ایم ایف کے ترجمان گیری رائس نے ٹویٹر کے ذریعے پیکج کی تصدیق کی اور کہا کہ پاکستان کے لیے یہ پیکج 39 ماہ کے لیے ہوگا۔

    آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قرض کی منظوری کے بعد ایک ارب ڈالر فوری ملیں گے، آئی ایم ایف پیکج پاکستان کی معاشی مشکلات دور کرے گا، پیکج سے پبلک ڈیٹ میں کمی لائی جائے گی۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ زر مبادلہ کی شرح کا تعین مارکیٹ خود کرے گی، آئی ایم ایف پیکج سے توانائی شعبے کے خسارے کو کم کیا جائے گا، پیکج سے اداروں کو مضبوط، شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔

  • شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش

    شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش

    لاہور : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوئے اور سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، نیب ٹیم حمزہ شہبازکی جانب سے فراہم کی گئیں دستاویزات کا جائزہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں گرفتار شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوگئے، نیب کی دورکنی تحقیقاتی ٹیم نے حمزہ شہباز سے اڑھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

    حمزہ شہباز نے نیب ٹیم کی جانب سے دیئے گئے سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، انھیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

    نیب ٹیم حمزہ شہباز کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات اور سوالوں کے جوابات کا جائزہ لے گی اور اگر مطمئن نہ ہوئی تو دونوں بھائیوں کو دوبارہ طلب کرے گی۔

    نیب نے سلمان شہباز کو بھی آج طلب کر رکھا تھا لیکن وہ بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔

    خیال رہے نیب اس سے قبل دونوں بھائیوں کو دو مرتبہ طلب کر چکا ہے، سلمان شہباز ایک مرتبہ پیش ہو چکے ہیں جبکہ حمزہ شہباز آج پہلی مرتبہ اس کیس میں پیش ہوئے۔

    مزید  پڑھیں:  آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس:‌ حمزہ شہباز نیب میں پیش نہیں ہوئے

    نیب نے گزشتہ ہفتے حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا لیکن سیکورٹی خدشات پر وہ پیش نہیں ہو سکے تھے، عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کا مؤقف تھا کہ وہ شہر کے حالات کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہوئے، جس پر نیب کی جانب سے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل نیب کی جانب سے دونوں بھائیوں‌ کو 30 اکتوبر کو بھی طلب کیا گیا تھا، مگر وہ نیب ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے، حمزہ شہباز نے گزشتہ پیشی پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دی تھی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیاسی نوعیت کے مقدمے میں نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی 13 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو انھیں آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔