لاہور / بہاولنگر: صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری سے کپاس کی فصل کو نقصان پہنچا ہے، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق بھی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر میں 2 روز کے دوران مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے، حادثات دیواریں، چھتیں، درخت، سائن بورڈز اور پولز گرنے سے پیش آئے۔
شدید بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمد و رفت متاثر ہوگئی، متعدد فیڈرز کی بندش سے شہر میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آندھی، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے باغات بھی متاثر ہوئے ہیں، جبکہ کپاس کی فصل کو بھی نقصان پہنچا۔