Tag: پاکستان کی خبریں

  • بجلی کی قیمت میں پھر اضافہ

    بجلی کی قیمت میں پھر اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی صارفین کے لیے بجلی 1 روپے سے بھی زائد مہنگی کردی گئی، نیپرا نے اضافے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ ملک میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 1.25 روپے فی یونٹ مہنگی کردی گئی ہے۔

    حالیہ اضافہ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جس کی نیپرا نے منظوری دے دی ہے۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین پر 46 ارب 28 کروڑ 90 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

    نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

  • ملک میں گندم کی بمپر فصل، لیکن کراچی میں آٹا انتہائی مہنگا

    ملک میں گندم کی بمپر فصل، لیکن کراچی میں آٹا انتہائی مہنگا

    کراچی: فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ اس سال ملک میں گندم کی بمپر فصل ہوئی، عالمی مارکیٹ میں گندم کے ریٹ انتہائی کم ہیں، لیکن کراچی میں آٹا انتہائی مہنگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ اس سال ملک میں گندم کی بمپر فصل ہوئی، یوکرین سمیت عالمی مارکیٹ میں بھی گندم کے ریٹ کم ہیں۔

    صدر ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کراچی میں ہی گندم اور آٹا کیوں مہنگا ہے، صوبائی حکومت کراچی کے لیے گندم نہیں کھول رہی، حکومت اور فوڈ ڈپارٹمنٹ میں ہماری شنوائی نہیں ہو رہی۔

    انہوں نے کہا کہ 100 کلو گندم کے نرخ میں 2 ہزار روپے سے زیادہ کا فرق ہے، سارا معاملہ سرکار کے کنٹرول میں ہے لیکن حکومت کراچی کے لیے گندم نہیں کھول رہے۔

  • میاں جلیل شرقپوری نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا

    میاں جلیل شرقپوری نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں جلیل شرقپوری نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

    میاں جلیل شرقپوری کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے تحفظات سے 9 مئی سے قبل ہی سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو آگاہ کر دیا تھا، 9 مئی کے واقعات سمجھ سے بالاتر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط فوج سے ہی ممکن ہے، ان حالات میں تحریک انصاف کے ساتھ چلنا ممکن نہیں۔

  • ملکی ایکسپورٹ میں مسلسل کمی، وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    ملکی ایکسپورٹ میں مسلسل کمی، وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: ملکی برآمدات (ایکسپورٹ) میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں متعلق حکام کے ساتھ بڑے ایکسپورٹرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے برآمدات بڑھانے سے متعلق اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر تجارت، وزیر صنعت و پیداوار، ایف بی آر حکام اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا اور برآمدات میں کمی کی وجوہات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    اجلاس میں ملک کے بڑے برآمد کنندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں برآمدات میں 11.71 فیصد کمی ہوئی۔ اپریل میں سالانہ بنیاد پر برآمدات 26.68 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 10.46 فیصد کم ہوئیں۔

    حکام کے مطابق جولائی تا اپریل 23 ارب 17 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی برآمدات رہیں جبکہ اپریل میں صرف 2 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی برآمدات ہوئیں۔

  • روہڑی اسٹیشن کے قریب ٹرین کو حادثہ

    روہڑی اسٹیشن کے قریب ٹرین کو حادثہ

    سکھر: صوبہ سندھ میں روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب شالیمار ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روہڑی اسٹیشن پر پہنچنے سے قبل آؤٹر سگنل کے قریب بوگی نمبر 5 پٹری سے اتر گئی۔

    ریلوے حکام کے مطابق بوگی اترنے کی وجہ سے اپ ٹریک بلاک ہوگیا، امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، مین ٹریک کو جلد بحال کردیا جائے گا۔

  • منگھو پیر میں انسداد منشیات اسپتال کا افتتاح

    منگھو پیر میں انسداد منشیات اسپتال کا افتتاح

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منشیات کے علاج کے اسپتال کا افتتاح کردیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم سب ساتھ مل کر صوبے اور ملک کو ڈرگ فری بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر میں بے نظیرشہید ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

    صوبائی وزرا شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب، سعید غنی اور مکیش کمار چاولہ جبکہ گیسٹ آف آنر وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

    اسپتال میں نشے کے عادی افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ مریضوں کو سماجی سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سب ساتھ مل کر صوبے اور ملک کو ڈرگ فری بنائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بیشتر گھرانوں کے افراد نشے کی لت میں مبتلا ہیں، نشے کی روک تھام اور ترسیل کے سدباب کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نشے کا معاملہ پوری دنیا کے لیے سنگین مسئلہ بن چکا ہے، چند پیسوں کی خاطر لوگ اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں۔

  • مورو کے کچے میں پولیس کا کامیاب آپریشن، علاقہ ڈاکوؤں سے خالی

    مورو کے کچے میں پولیس کا کامیاب آپریشن، علاقہ ڈاکوؤں سے خالی

    کراچی / لاہور: صوبہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے، مورو کے کچے میں بھی پولیس نے کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے، سندھ کے شہر مورو کے کچے میں بھی کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا گیا۔

    کچا مورو میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں پر راجن پور پولیس کی 3 نئی پولیس پکٹس قائم کردی گئیں۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ کچے کا 75 فیصد حصہ دہشت گردوں اور ڈاکوؤں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے، سندھ کے کچے میں اب تک 7 ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں۔

    علاوہ ازیں 13 ڈاکوؤں نے سرینڈر کیا ہے جبکہ 31 کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کچے کے علاقے سے 9 مغویوں کو بھی بازیاب کروایا گیا جبکہ کمین گاہوں سے بھاری اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کے دستے 2 روز قبل جدید ہتھیاروں سے لیس بکتر بند گاڑیوں میں مورو کے کچے میں داخل ہوئے تھے، پولیس نے وقار عرف وقاری عمرانی، گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کرلیا تھا۔

    مورچہ بند ڈاکوؤں نے پولیس کے خلاف مزاحمت کی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ بعد ازاں ڈاکو وقار یاسین نے 4 ساتھیوں سمیت سرینڈر کردیا۔

  • 10 ماہ میں امپورٹ کی جانے والی اشیا ہزار ارب سے بھی تجاوز

    10 ماہ میں امپورٹ کی جانے والی اشیا ہزار ارب سے بھی تجاوز

    اسلام آباد: جولائی 2022 سے اپریل 2023 کے دوران پونے 2 ہزار ارب کی غذائی اشیا امپورٹ کی گئیں، غذائی اشیا کی درآمدات میں 37 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 23-2022 کے 10 ماہ میں غذائی اشیا کی درآمدات میں 37.32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    جولائی 2022 تا اپریل 2023، 1 ہزار 838 ارب 76 کروڑ 80 لاکھ روپے کی غذائی اشیا درآمد کی گئیں، اس عرصے میں 30 ارب 44 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بچوں کا دودھ اور کریم درآمد کی گئیں۔

    10 ماہ میں 251 ارب 61 کروڑ روپے کی گندم درآمد کی گئی، گزشتہ سال کی نسبت گندم کی درآمد میں 81.65 فیصد اضافہ ہوا۔ 110 ارب 44 کروڑ 80 لاکھ روپے کی چائے منگوائی گئیں، سالانہ بنیادوں پر چائے کی درآمد میں 19.73 فیصد اضافہ ہوا۔

    جولائی تا اپریل 30 ارب 54 کروڑ 50 لاکھ روپے کے مصالحہ جات درآمد کیے گئے، 61 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ روپے کا سویا بین آئل، 730 ارب 60 کروڑ 70 لاکھ روپے کا پام آئل اور 195 ارب 63 کروڑ 50 لاکھ روپے کی دالیں درآمد کی گئیں۔

    10 ماہ میں 109 ارب 15 کروڑ 80 لاکھ روپے کے موبائل فون بھی منگوائے گئے۔

  • معیشت دگرگوں: شرح نمو 1 فیصد سے بھی کم رہنے کا امکان

    معیشت دگرگوں: شرح نمو 1 فیصد سے بھی کم رہنے کا امکان

    اسلام آباد: مالی سال 23-2022 کے دوران معاشی شرح نمو کا ہدف 5 فیصد مقرر کیا گیا تھا تاہم معاشی سست روی کے باعث شرح نمو 1 فیصد سے بھی کم رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کی تیاریوں سے متعلق اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا، اجلاس میں موجودہ مالی سال کی معاشی کارکردگی کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں مالی سال 23-2022 کےدوران جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ پیش ہوگا جبکہ صنعت، زراعت، سروسز اور دیگر شعبوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    موجودہ مالی سال معاشی شرح نمو کا ہدف 5 فیصد مقرر کیا گیا تھا تاہم معاشی سست روی کے باعث شرح نمو 1 فیصد سے بھی کم رہنے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس 24 مئی کو بلانے کی تجویز دی گئی ہے، حکومت معاشی اعداد و شمار کی بنیاد پر اگلے مالی سال کے اہداف کا تعین کرے گی۔

  • پختونخواہ کے کئی شہروں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    پختونخواہ کے کئی شہروں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں بشمول صوبائی دارالحکومت پشاور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کے جھٹکے صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت سوات، صوابی، چترال اور گرد و نواح میں محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 91 کلومیٹر جبکہ مرکز افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

    خیال رہے کہ مارچ میں دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلے سے پختونخوا میں 9 افراد جاں بحق اور 44 زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔