Tag: پاکستان کی خبریں

  • پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پاکستان کی پہچان بنے گا: وزیر اعظم

    پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ پاکستان کی پہچان بنے گا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ پاکستان کا جان ہاپکنز بنے گا اور گردے، جگر کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے پاکستان کی پہچان بن جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ ہمیشہ سے میرے دل کے قریب رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ میری تمنا تھی اور ہے کہ یہ شاندار اسپتال پاکستان کا جان ہاپکنز بنے اور گردے، جگر کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے پاکستان کی پہچان بن جائے۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس کہ سابق وزیر اعظم اور ایک سابق چیف جسٹس نے اس مشن کو اپنی سیاست اور ذاتی مفادات کا نشانہ بنایا اور اس اسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے قدم رکنے والے نہیں، میرا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ یقیناً ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جو جذبہ خدمت سے سرشار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتال کو ورلڈ کلاس بنانے اور اس کی بحالی کے لیے ہم تمام کوششیں اور توانائیاں صرف کر رہے ہیں، گزشتہ روز وہاں کے دورے کا مقصد بھی وہاں بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔

  • سکھر میں منکی پاکس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا

    سکھر میں منکی پاکس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں منکی پاکس کا مشتبہ کیس سامنے آگیا، مریض کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں منکی پاکس کا پہلا مشتبہ مریض نجی اسپتال میں داخل کردیا گیا۔

    ڈاکٹر صالح چنا کا کہنا ہے کہ شکار پور کے رہائشی 65 سالہ بہرام جتوئی میں منکی پاکس کی علامت موجود ہیں، زیر علاج مشتبہ مریض میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق تاحال نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ مشتبہ مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری بھی موجود نہیں ہے، مریض کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کی رپورٹ کل تک آجائے گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں منکی پاکس کا مصدقہ کیس سامنے آیا تھا۔

    عمان سے آنے والے مسافر کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا اور اس کے خون کے نمونوں کے ٹیسٹ سے منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتے کاروبار کیسا رہا؟

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتے کاروبار کیسا رہا؟

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے مثبت کاروباری رجحان رہا، 100 انڈیکس میں 111 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 15 سے 19 مئی 2023 کے دوران 100 انڈیکس میں 111 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 41 ہزار 599 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 42 ہزار 110 اور کم ترین سطح 41 ہزار 310 پوائنٹس رہی۔

    ایک ہفتے میں اسٹاک مارکیٹ میں 65 کروڑ 26 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، اس دوران 18.95 ارب روپے مالیت کا کاروبار کیا گیا۔

    ایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 50 ارب روپے بڑھ کر 6263 ارب روپے ہوگئی۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: مورو میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: مورو میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر راجن پور کے کچے کے علاقے میں ہونے والے آپریشن کے 42 روز گزر چکے ہیں، صوبہ سندھ کے شہر مورو کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت و قیادت میں کچے کے علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک رحیم یار خان اور راجن پور کے علاقوں میں 10 ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں، 46 کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 18 نے سرینڈر کیا، کارروائیوں کے دوران 9 مغوی بھی بازیاب کر لیے گئے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ جزیرہ نما کچا رجوانی میں ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، دریائے سندھ کے درمیان خطرناک جزیرہ نما کچے پر ڈرون کی مدد سے ڈاکوؤں کی ریکی کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے شہر مورو کے کچے علاقے میں جدید ہتھیاروں سے لیس بکتر بند گاڑیوں میں پولیس دستے داخل ہوگئے، پولیس نے وقار عرف وقاری عمرانی، گورا عمرانی اور پٹ گینگز کی کمین گاہوں کا محاصرہ کرلیا۔

    مورچہ بند ڈاکوؤں نے پولیس کے خلاف مزاحمت کی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بعد ازاں ڈاکو وقار یاسین نے 4 ساتھیوں سمیت سرینڈر کردیا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ گینگ اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، اسلحہ، اسمگلنگ، قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔

    پولیس اہلکاروں نے ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو بکتر بند گاڑیوں سے تباہ کردیا اور خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر کے جلا دیا گیا۔

    سرینڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایس ایم جی گنز برآمد کرلی گئیں۔

  • 9 مئی کے واقعات: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس کو خواتین کی حراست سے روک دیا

    9 مئی کے واقعات: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس کو خواتین کی حراست سے روک دیا

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث خواتین کو حراست میں نہ لیا جائے، انہوں نے از خود گرفتاری دینے والی ملوث خواتین کو بھی رعایت دینے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس کو خواتین کی حراست سے روک دیا، پنجاب بھر میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات میں 138 مقدمات میں 500 سے زائد خواتین مطلوب ہیں۔

    محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، ان مقدمات میں ملوث خواتین کی گرفتاری لیڈیز پولیس کے ہمراہ یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ گرفتار خواتین کو وومن پولیس اسٹیشن میں رکھا جائے۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا تھا کہ اے ٹی سی کی دفعات کے تحت درج ایف آئی آرز میں شامل خواتین کو بھی گرفتار کیا جائے گا، انہوں نے ملوث خواتین کو از خود گرفتاری دینے کی صورت میں رعایت دینے کی بھی ہدایت کردی۔

  • سندھ میں اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر و بدعنوانی، صوبائی وزیر کا نوٹس

    سندھ میں اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر و بدعنوانی، صوبائی وزیر کا نوٹس

    کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ میرٹ پر آنے والے اساتذہ کے ساتھ بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گا، نئے بھرتی اساتذہ کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی میں رشوت طلب کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سردار شاہ نے اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر اور بدعنوانی کی شکایات پر نوٹس لے لیا۔

    صوبائی وزیر نے ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرنے اور نوکری سے برخاست کرنے کی وارننگ دی ہے۔

    سردار شاہ کا کہنا تھا کہ نئے بھرتی کیے جانے والے اساتذہ کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی میں رشوت طلب کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلقہ ایجوکیشن آفس ہدایات دے کہ مجرمانہ عمل سے اجتناب برتا جائے، میرٹ پر آنے والے اساتذہ کے ساتھ ایسا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد مہنگائی میں کتنی کمی ہوئی؟

    پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد مہنگائی میں کتنی کمی ہوئی؟

    اسلام آباد: ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں بھی معمولی سی کمی دیکھنے میں آئی، ایک ہفتے میں 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 13 کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی کردی۔

    ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.16 فیصد کمی ہوئی، ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 45.72 فیصد پر آگئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 13 سستی ہوئیں، 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔

    ایک ہفتے میں چکن 7.51 اور چائے کی پتی 4.53 فیصد مہنگی ہوگئی، گڑ 2.79، انڈے 2.29، انرجی سیور 2.22 اور ٹماٹر 2.11 فیصد مہنگے ہوئے۔

    پیاز 9.04، لہسن 1.76، چینی 1.42 اور آٹا 1.40 فیصد سستا ہوا۔

  • ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین سیکیورٹی سسٹم فعال

    ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین سیکیورٹی سسٹم فعال

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین فیشل ریکگنیشن نظام فعال کر دیا گیا ہے، سسٹم سے غیر قانونی بین الاقوامی نقل و حرکت کو روکنے میں مدد ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدید ترین فیشل ریکگنیشن نظام فعال کر دیا گیا، یہ سسٹم کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کے بعد ملتان ایئرپورٹ پر بھی فعال کردیا گیا ہے۔

    سسٹم آپریٹ کرنے کے لیے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن سسٹم نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) حکام کو تربیت فراہم کی۔

    نیا سسٹم بارڈر مینجمنٹ ایجنسیوں کے لیے انتہائی مددگار ثابت ہوگا، بارڈرمینجمنٹ ایجنسیز اس نظام کی مدد سے غیر قانونی بین الاقوامی نقل و حرکت کو روک سکیں گی۔

  • کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی میں جلاؤ گھیراؤ: کتنے افراد کو گرفتار کیا گیا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ دنوں جلاؤ گھیراؤ، دہشت گردی اور پھر ملزمان کی گرفتاری کے معاملات پر اہم اجلاس طلب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف مقامات پر جلاؤ گھیراؤ اور دہشت گردی کے معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے تمام ایس ایس پیز کو طلب کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی 9 مئی کو ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ لیں گے۔

    اجلاس میں شعبہ تفتیش کے افسران کو پروگریس رپورٹ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں اس حوالے سے تفصیلات ہوں گی کہ کتنے ملزمان گرفتار ہوئے اور کتنے مفرور ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسٹ پولیس نے دہشت گردی ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج کیے، 75 ملزمان کو نامزد کرنے کے بعد 31 کو گرفتار کر کے جیل بھجوایا گیا۔

    دہشت گردی میں ملوث 44 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔

    ان کے علاوہ 6 مقدمات میں 97 ملزمان کو نامزد کر کے 88 کو گرفتار کیا گیا، 54 ملزمان ضمانت پر، 30 کو سیکشن 63 کے تحت رہا کیا گیا۔

    اجلاس میں پیش کیے جانے کے لیے شارع فیصل پر موجود تمام کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جائیں گی جس کے لیے پولیس حکام کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

  • سجاول سول اسپتال: انتظامیہ نے نااہلی چھپانے کے لیے ایکسپائرڈ دوائیں نذر آتش کردیں

    سجاول سول اسپتال: انتظامیہ نے نااہلی چھپانے کے لیے ایکسپائرڈ دوائیں نذر آتش کردیں

    سجاول: صوبہ سندھ کے شہر سجاول کے سول اسپتال میں لاکھوں روپے کی سرکاری ادویات ایکسپائر اور سخت گرمی سےخراب ہوگئیں، اسپتال انتظامیہ نےادویات کو نذر آتش کر کے خاکستر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سجاول کے سول اسپتال کی انتظامیہ کی غفلت سے لاکھوں روپے کی سرکاری ادویات ایکسپائر ہوگئیں، لاکھوں روپے کی ادویات اسٹور میں پڑی ایکسپائر اور سخت گرمی سےخراب ہوگئیں۔

    اسپتال انتظامیہ نےادویات کو نذر آتش کر کے خاکستر کردیا، ادویات نذر آتش کرنے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔