Tag: پاکستان کی خبریں

  • سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر گھر خالی، متاثرین دربدر: ٹھٹھہ کا شہری عدالت پہنچ گیا

    سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر گھر خالی، متاثرین دربدر: ٹھٹھہ کا شہری عدالت پہنچ گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے گئے 200 گھر خالی اور متاثرین دربدر ہیں، ٹھٹھہ کے رہائشی نے سیلاب متاثرین کو یہ گھر الاٹ کروانے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ٹھٹھہ میں تعمیر شدہ گھر، سیلاب متاثرین کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    درخواست ٹھٹھہ کے مکین نظر علی شاہ نے دائر کی تھی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ٹھٹھہ کے مقام مکلی پر ترک حکومت کے تعاون سے گھر بنائے گئے ہیں، حکومت کے پاس تاحال تعمیر شدہ 200 گھر خالی پڑے ہیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ حقدار سیلاب متاثرین کو یہ گھر الاٹ کیے جائیں۔

    سندھ ہائیکورٹ نے نامکمل دستاویزات کے باعث درخواست کو مسترد کردیا۔

  • کراچی میں حالات معمول پر، ٹریفک رواں دواں

    کراچی میں حالات معمول پر، ٹریفک رواں دواں

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں حالات معمول کے مطابق ہیں، سندھ بورڈ کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری ہیں اس کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کشیدگی اور ہنگاموں کے بعد شہر قائد میں اب صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

    شاہراہ فیصل کے دونوں ٹریک پر ٹریفک رواں دواں ہے، شہر میں پیپلز بس سروس بند ہے اس کے علاوہ باقی ٹرانسپورٹ چل رہی ہے۔

    گزشتہ روز پیپلز بس سروس کی بسوں کو نقصان بھی پہنچایا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

    تحریک انصاف نے آج کراچی میں پہیہ جام ہڑتال کی کال دی ہے اور ٹرانسپورٹرز سے ہڑتال کامیاب کرنے کی درخواست کی۔

  • بورڈ کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری

    بورڈ کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نویں جماعت کا پرچہ شیڈول کے مطابق شروع کردیا گیا، اس کے علاوہ شہر میں تمام تعلیمی ادارے آج بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج بورڈ امتحانات معمول کے مطابق ہورہے ہیں۔

    آج ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے پرچوں کی ترسیل مکمل ہوگئی جس کے بعد نویں کلاس بائیولوجی کا پرچہ شیڈول کے مطابق شروع ہوگیا۔

    پرچے کا دروانیہ صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ہے، دوپہر کی شفٹ میں ڈھائی بجے جنرل گروپ انگریزی کا پرچہ ہوگا۔

    ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ کا کہنا ہے کہ 524 امتحانی مراکز پر پرچے فراہم کیے گئے ہیں، میٹرک بورڈ کی ٹیم کچھ دیر بعد امتحانی مراکز کا دورہ بھی کرے گی۔

  • معیشت سدھارنے کے لیے تحریک انصاف نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا: مزمل اسلم

    معیشت سدھارنے کے لیے تحریک انصاف نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا: مزمل اسلم

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے معیشت سدھارنے کے لیے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، باقی جماعتوں کا علم نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہم تاریخ سے پہلے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ نئی حکومت فوری آئی ایم ایف پروگرام میں جائے اور نئے پروگرام پر مذاکرات کرے۔

    انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کو معیشت پٹری پر لانے کے لیے جارحانہ اصلاحاتی منصوبے پر عمل کرنا چاہیئے، پاکستان تحریک انصاف نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، باقی جماعتوں کا علم نہیں۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتہ کاروبار کے لیے کیسا رہا؟

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتہ کاروبار کے لیے کیسا رہا؟

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے مثبت کاروباری رجحان رہا، 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق یکم سے 5 مئی 2023 کے دوران 100 انڈیکس میں 661 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس 1.60 فیصد اضافے سے 42 ہزار 241 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 94 کروڑ شیئرز کا کاروبار کیا گیا، ایک ہفتے میں مجموعی طور پر 31 ارب 41 کروڑ روپے مالیت کا کاروبار ہوا۔

    ایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 67 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6356 ارب روپے ہوگئی۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: کئی ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرینڈر کردیا

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن: کئی ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرینڈر کردیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے صادق آباد میں پنجاب پولیس کا کچے میں آپریشن 25 ویں روز بھی جاری ہے، آپریشن کے دوران 5 کارندوں نے سرینڈر کر کے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد کچے میں سرگرم عمل عمرانی اور قیصرانی گینگز کے 5 کارندوں نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کا کہنا ہے کہ ملزمان ڈکیتی، قتل اور پولیس پر فائرنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ سرینڈر کرنے والوں کے مقدمات انصاف کے عین مطابق نمٹائے جائیں گے، دیگر افراد بھی سرینڈر کریں گے تو ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق کچے میں آپریشن کے دوران گرفتاریوں کی تعداد 33 ہوگئی جبکہ 3 ڈاکو مقابلوں میں مارے گئے۔

    خیال رہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کے گرینڈ آپریشن میں اب تک ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کروا کر اور خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے تباہ کیے گئے ہیں۔

  • برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات تاریخی ہیں: وزیر اعظم

    برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات تاریخی ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے روانگی کے موقع پر کہا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات تاریخی ہیں اور گزشتہ دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے آج برطانیہ جا رہا ہوں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات تاریخی ہیں اور دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے، برطانوی بادشاہ اور شاہی خاندان پاکستان کے عظیم دوست رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران دولت مشترکہ رہنماؤں کی کانفرنس میں شرکت بھی ہوگی جہاں دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقات بھی ہوگی۔

  • پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    اسلام آباد: حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے بچے کو تعلیم و صحت کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا امکان 1 فیصد سے بھی کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان میں انسانی سرمائے کے بحران کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی، ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی سرمائے کے شدید بحران کا سامنا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی ترقی پر سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کی ضرورت ہے، تعلیم اور صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان وسطی آمدنی کے سطح تک پہنچ گیا ہے، پاکستان نے گزشتہ 2 دہائیوں میں غربت میں کمی لانے پر کارکردگی دکھائی، پاکستان میں پیدا ہونے والا بچہ مکمل تعلیم و صحت سے 0.41 فیصد استفادہ کر سکتا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان انسانی سرمائے کے حوالے سے جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہے، انسانی سرمائے کے نتائج کے مطابق پاکستان افریقہ کے مقابلے میں بہتر ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ انسانی سرمائے کے بحران کی وجہ خواتین لیبر فورس کی کمی ہے، ملک میں 2 کروڑ بچے پاکستان میں اسکول سے باہر ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں بچوں کو بڑے پیمانے پر غذائی قلت کا سامنا ہے، انسانی ترقی کے لیے پاکستان کو پائیدار اور طویل مدتی انسانی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

  • امیر ممالک کی وجہ سے غریب ممالک موسمیاتی بحران کا خمیازہ بھگت رہے ہیں: بلاول بھٹو

    امیر ممالک کی وجہ سے غریب ممالک موسمیاتی بحران کا خمیازہ بھگت رہے ہیں: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں اس بار اپریل سے ہی بارشیں شروع ہوگئیں، امیر ممالک کے پیدا کردہ موسمیاتی بحران کا خمیازہ غریب اقوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی صورتحال پر کہا ہے کہ امیر ممالک کے پیدا کردہ موسمیاتی بحران کا خمیازہ غریب اقوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔

    وزیر خارجہ نے بارش کے دوران حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار بھی کیا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ موسمی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں اس بار اپریل سے ہی بارشیں شروع ہوگئیں، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ ریکارڈ بارشوں کے متاثرین کی بڑی تعداد ابھی بھی مدد کی منتظر ہے، بہہ جانے والے لاکھوں گھروں اور انفراسٹرکچر کی از سر نو بحالی کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ اداروں اور حکام بارشوں کے پیش نظر ہمہ وقت چوکس رہیں، بارشوں کے دوران عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفر کرنے سے بھی اجتناب برتیں۔

  • چترال میں زلزلے کے جھٹکے

    چترال میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے چترال اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز چترال سے 5 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے چترال اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.3 ریکارڈ کیا گیا، زلزلے کا مرکز چترال سے 5 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلے سے پختونخوا میں 9 افراد جاں بحق اور 44 زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔