Tag: پاکستان کی خبریں

  • بارشوں اور سیلاب کے بعد بلوچستان کا سندھ سے زمینی رابطہ منقطع

    بارشوں اور سیلاب کے بعد بلوچستان کا سندھ سے زمینی رابطہ منقطع

    کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد ڈھاڈر کے قریب پنجرہ پل کا عارضی راستہ بہہ گیا، پل بہہ جانے کے بعد دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر کے قریب گزشتہ روز پنجرہ پل کا عارضی راستہ سیلابی پانی میں بہہ گیا جس کے بعد سندھ کا بلوچستان سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

    دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کچھی بولان کا کہنا ہے کہ پنجرہ پل کے عارضی راستے کی بحالی کا کام جاری ہے، مشینری پنجرہ پل پر پہنچا دی گئی ہے 2 گھنٹے بعد ٹریفک بحال ہوجائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق بحالی کا کام جلد مکمل کر کے پہلے چھوٹی گاڑیوں کو گزارا جائے گا۔

  • عید کی تعطیلات کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ

    عید کی تعطیلات کے بعد ڈالر کی قیمت میں اضافہ

    کراچی: عید الفطر کی تعطیلات کے بعد 3 روزہ کاروباری ہفتے کے دوران غیر ملکی کرنسی کی قیمت میں اضافہ ہوا، اس دوران ڈالر 37 پیسے مہنگا ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد 3 روز کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 37 پیسے مہنگا ہوا۔

    26 سے 28 اپریل 2023 (بدھ تا جمعہ) کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 283 روپے 47 پیسے سے بڑھ کر 283 روپے 84 پیسے پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے سستا ہو کر 290 روپے کا ہوگیا۔

    اس عرصے میں اوپن مارکیٹ میں یورو 2 روپے مہنگا ہو کر 317 روپے کا ہوگیا، برطانوی پاؤنڈ 1 روپے 50 پیسے اضافے سے 360 روپے، امارتی درہم 5 پیسے کم ہو کر 79 روپے 20 پیسے اور سعودی ریال 15 پیسے اضافے سے 76 روپے 60 پیسے کا ہوگیا۔

    دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 3 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

    اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 4.43 ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.46 ارب ڈالر ہوگئے۔ کمرشل بینکوں کے ذخائر 3 کروڑ ڈالر اضافے سے 5.56 ارب ڈالر ہوگئے۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ: 3 روز میں کاروبار میں اضافہ

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ: 3 روز میں کاروبار میں اضافہ

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 3 روز کے دوران کاروبار میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور 100 انڈیکس میں 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 3 روز کاروبار ہوا جس کے دوران مثبت رجحان رہا۔

    26 سے 28 اپریل 2023 (بدھ تا جمعہ) کے دوران 100 انڈیکس میں 573 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس 1.40 فیصد اضافے سے 41 ہزار 580 کی سطح پر بند ہوا۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران 62 کروڑ 40 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ 21 ارب روپے مالیت کا کاروبار کیا گیا۔

    ایک ہفتے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 88 ارب روپے بڑھ کر 6289 ارب روپے ہوگئی۔

  • پرویز الٰہی کے گھر حملہ کر کے عوام میں اپنے لیے نفرت بڑھائی گئی: اسد عمر

    پرویز الٰہی کے گھر حملہ کر کے عوام میں اپنے لیے نفرت بڑھائی گئی: اسد عمر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کے گھر رات کو حملہ کر کے عوام میں اپنے لیے نفرت بڑھانے کے علاوہ اور کیا حاصل کیا؟

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پرویز الٰہی کے گھر رات کو حملہ کر کے چادر اور چار دیواری کو پامال کیا گیا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ حملہ کر کے عوام میں اپنے لیے نفرت بڑھانے کے علاوہ اور کیا حاصل کیا؟

    خیال رہے کہ گزشتہ رات گئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے گھر چھاپہ مارا گیا، پولیس نے 3 بار ان کے گھر کی مکمل تلاشی لی۔

    پولیس نے گھر میں موجود ملازمین پر تشدد بھی کیا، اس دوران خواتین اور بچے خوف و ہراس کا شکار رہے، رات گئے مزید 8 افراد کو حراست میں لیا گیا، جس کے بعد سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لیے گئے افراد کی تعداد 25 ہوگئی۔

  • کچے کا ہزاروں ایکڑ نو گو ایریا کلیئر، ڈاکوؤں کی کمین گاہیں نذر آتش

    کچے کا ہزاروں ایکڑ نو گو ایریا کلیئر، ڈاکوؤں کی کمین گاہیں نذر آتش

    لاہور: صوبہ پنجاب کے علاقے روجھان میں کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، اب تک ہزاروں ایکڑ اراضی اور نو گو ایریا کلیئر کردیا گیا، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں، کمین گاہوں کو مسمار اور نذر آتش کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور کے قریب روجھان میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن 18 ویں روز بھی جاری ہے۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راجن پور محمد ناصر سیال کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 ڈاکو گرفتار کیے گئے ہیں جن سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔

    ڈی پی او کے مطابق پولیس نے کچہ میانوالی میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ پولیس کا سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

    محمد ناصر سیال کا کہنا ہے کہ اب تک 4 ڈاکو ہلاک اور 5 کو گرفتار کیا گیا ہے، ڈاکوؤں کے 16 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچے کا ہزاروں ایکڑ رقبہ کلیئر کر کے پولیس چوکیاں قائم کی گئیں، چک عمرانی، چک بیلے شاہ اور چک کپڑا کے علاقے کلیئر کروائے گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق اب تک ہزاروں ایکڑ اراضی اور نو گو ایریا کلیئر کروا کر پولیس کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں، کمین گاہوں کو مسمار اور نذر آتش کر دیا گیا۔

  • منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ: کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع

    منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ: کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منکی پاکس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مسافروں کی اسکیننگ کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں منکی پاکس کے 2 مصدقہ کیسز اور اس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر طبی عملہ بیرون ملک سے آنے والوں کے ہاتھ اور بازو چیک کر رہا ہے، مشتبہ علامت کی تصدیق پر طبی عملے اور مسافروں کو اسکینر سے گزرا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ بیرون ملک سے آئے 2 مسافروں میں منکی پاکس کی تصدیق کے بعد قومی وزارت صحت نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

    قومی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے دیگر کیسز کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ملک میں منکی پاکس کے مقامی پھیلاؤ کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق پاکستان سے منکی پاکس کا عالمی سطح پر زیادہ پھیلاؤ نہیں ہوا، متعلقہ صحت حکام کو ایڈوائزری جاری کی جا چکی ہے۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: عثمان بزدار کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: عثمان بزدار کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اپنے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری کیس میں، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

    عثمان بزدار نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، عثمان بزدار کے وکیل کا کہنا تھا کہ سوال نامے کا جواب تیار کرلیا ہے آج نیب آفس میں جمع ہوگا۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ فیصلہ میرٹ پر ہوگا اگر آپ کا حق بنتا ہوا تو آپ کو انصاف ملے گا، اگر میرٹ پر پورا نہیں اترتے تو ضمانت نہیں ملے گی۔

    جج نے کہا کہ اگر عثمان بزدار نے اپنے آفس کو صاف شفاف طریقے سے استعمال کیا ہے تو ٹھیک ہے، اگر اس میں کوئی غلط یا غیر قانونی کام ہوا تو رپورٹ میں لکھا جائے۔

    عثمان بزدار کی جانب سے کہا گیا کہ 20 اگست 2018 سے 16 اپریل 2022 تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر رہا، اس دوران کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

    عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ کی ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی۔

  • لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت میں دہشت گردوں کا پولیس پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک

    لکی مروت: صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے لکی مروت میں زیر تعمیر عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا، پولیس کی جواب فائرنگ سے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ لکی مروت کی حدود میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران زیر تعمیر عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔

    دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاوید اور ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں کمانڈر زبیر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی

    نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 1 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی ہے، گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت گزشتہ 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں ایک فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    برینٹ خام تیل 91 سینٹ 1.11 فیصد گر کر 80.75 ڈالر فی بیرل ہو گیا، امریکی خام تیل 91 (1.17) فیصد کم ہو کر 76.96 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت گزشتہ 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔

    ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے باعث دنیا بھر میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا تاہم اب عالمی مارکیٹ استحکام کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔

  • وزیر اعظم نے کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا

    وزیر اعظم نے کابینہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں معاشی صورتحال، دوست ممالک سے مالی یقین دہانیوں اور آئی ایم ایف سے رابطوں کے معاملات پر بریفنگ کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال زیر غور آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کے حوالے سے امور پر غور کیا جائے گا، سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئیں گے۔

    اجلاس میں معاشی صورتحال، دوست ممالک سے مالی یقین دہانیوں اور آئی ایم ایف سے رابطوں کے معاملات پر بریفنگ کا بھی امکان ہے۔