Tag: پاکستان کی خبریں

  • جامشورو: زائرین کی بس کو حادثہ، متعدد جاں بحق

    جامشورو: زائرین کی بس کو حادثہ، متعدد جاں بحق

    جامشورو: صوبہ سندھ کے شہر جامشورو کے قریب زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مانجھند کے قریب زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

    ایس ایس پی جامشورو کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچی بھی شامل ہے، زخمیوں کو مانجھند اسپتال اور سیہون عبد اللہ شاہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو سیہون جا رہے تھے۔

  • خاتون کی آواز کے جھانسے میں آ کر 2 نوجوان اغوا

    خاتون کی آواز کے جھانسے میں آ کر 2 نوجوان اغوا

    شکار پور: صوبہ سندھ کے شہر شکار پور میں 2 نوجوانوں کو خاتون کی آواز کا جھانسہ دے کر اغوا کرلیا گیا، مغویوں کے ورثا سے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور کے علاقے ٹاؤن مدیجی کے قریب 2 نوجوانوں کو مبینہ طور پر عید کے روز اغوا کر لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ محمد خان اور احمد علی کو اغوا کاروں نے خاتون کی آواز سے جھانسہ دے کر اغوا کیا، دونوں نوجوانوں کا موبائل نمبر گزشتہ روز دوپہر 12 بجے سے بند ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے ورثا سے تاوان طلب کیا گیا ہے، اغوا کاروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب مغویوں کے ورثا کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

  • عمران خان عید کا تیسرا دن بھی کارکنان کے ساتھ منائیں گے

    عمران خان عید کا تیسرا دن بھی کارکنان کے ساتھ منائیں گے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ آج شام 7 بجے عمران خان اپنے کارکنان کے ساتھ خصوصی سیشن کا اہتمام کریں گے، کل ہم عمران خان کے ساتھ مل تحریک انصاف کی 27 ویں سالگرہ منائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج شام 7 بجے عید کے تیسرے دن بھی عمران خان زمان پارک سے اپنے کارکنان کے ساتھ خصوصی سیشن کا اہتمام کریں گے۔

    فیصل جاوید نے کہا کہ آپ کے سوالات اور کپتان کے جواب ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کل 25 اپریل 2023 بروز منگل ہم عمران خان کے ساتھ مل تحریک انصاف کی 27 ویں سالگرہ منائیں گے۔ زمان پارک عمران خان کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کی جدوجہد کے حوالے سے کپتان کا خصوصی خطاب ہوگا۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ کل ہی سے تمام حلقوں میں الیکشن مہم کا آغاز ہو رہا ہے، عمران خان کا خطاب شہر شہر اسکرین پر دکھایا جائے گا، تحریک انصاف انشا اللہ تاریخی فتح حاصل کرنے کے بعد سندھ اور بلوچستان کا رخ کرے گی۔

  • سعودی عرب اور امارات کی یقین دہانی، آئی ایم ایف سے معاہدے کی راہ ہموار

    سعودی عرب اور امارات کی یقین دہانی، آئی ایم ایف سے معاہدے کی راہ ہموار

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے فنانسنگ کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے جس کے بعد پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی تمام شرائط پوری ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو فنانسنگ کے معاملے پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو آگاہ کردیا۔

    اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر فراہم کرنے جبکہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو 1 ارب ڈالر فراہم کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی تمام شرائط پوری ہوگئیں، امید ہے آئی ایم ایف جلد اسٹاف لیول معاہدہ کر کے ایگزیکٹو بورڈ سے منظور کروائے گا۔

  • سال 2022: ایشیائی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ فنڈز پاکستان کو دیے

    سال 2022: ایشیائی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ فنڈز پاکستان کو دیے

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ سال 2022 میں سب سے زیادہ فنڈ پاکستان کو دیے گئے، پاکستان سے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالر کے وعدے ہوئے جن میں سے صرف 1.5 ارب ڈالر فراہم کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق سنہ 2022 میں سب سے زیادہ فنڈ پاکستان کے لیے دیے گئے، ایشیائی ترقیاتی بینک اور پارٹنرز نے پاکستان کو 5.5 ارب ڈالر کے پراجیکٹس دیے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2022 میں پاکستان کو 2.6 ارب ڈالر کے رعایتی قرضے دیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا میں مجموعی طور پر 31.8 ارب ڈالر کی پراجیکٹ فنانسنگ کی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی معیشت کو سب سے زیادہ سیلاب نے نقصان پہنچایا، سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں فصلوں کی بڑی تباہی ہوئی، فصلیں تباہ ہونے سے پاکستان میں طلب اور رسد کا توازن خراب ہوا جبکہ مقامی طور پر مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا۔

    ایشیائی بینک کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کے لیے ماہرین کی ضرورت ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے بچنے کے لیے ماہرین کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب نے پاکستان کی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا، سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالر کے وعدے ہوئے جن میں سے پاکستان کو صرف 1.5 ارب ڈالر فراہم کیے گئے۔

  • لین دین کے تنازعے پر گھر پہ فائرنگ، خاتون جاں بحق

    لین دین کے تنازعے پر گھر پہ فائرنگ، خاتون جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کی گئی جس سے خاتون جاں بحق ہوگئیں، پولیس ملزمان کو تلاش کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے علاقے ٹبہ شیر کوٹ میں لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہوگئیں جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ رقم کے تنازعے پر احمد اور جاوید نامی ملزمان نے فائرنگ کی۔

    پولیس نے لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

  • ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کا احتجاج کا اعلان

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا،پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ ہمیں پنجاب اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ملک بھر میں ایک دن الیکشن کے لیے احتجاج کا اعلان کردیا، ایک ہی روز الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب 25 اپریل کو احتجاج کرے گی۔

    پارٹی عہدیدار فاروق سعید کا کہنا ہے کہ منگل کے روز وسطی پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی تنظیمیں منگل کو پریس کلب کے سامنے احتجاج کریں، ہمیں پنجاب میں اور دیگر جگہوں پر الگ الگ الیکشن قبول نہیں۔

  • عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    عید الفطر: سندھ میں پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار

    کراچی: صوبہ سندھ میں عید الفطر کے موقع پر 33 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں عید الفطر سے دوران پولیس کا سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ سندھ میں 33 ہزار 560 اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    آئی جی سندھ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی میں 9 ہزار 825 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، حیدر آباد میں 8 ہزار 222 اہلکار، لاڑکانہ میں 6 ہزار 811 اہلکار اور سکھر میں 4 ہزار اہلکار سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔

    علاوہ ازیں میر پور خاص میں 1690 اور شہید بے نظیر آباد میں 313 اہلکار سیکیورٹی دیں گے۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور نماز عید کے کھلے مقامات پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور مختلف علاقوں میں پولیس گشت کو بڑھایا جائے گا۔

    انہوں نے ٹریفک پولیس کو بلا تعطل ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا۔

  • سپریم کورٹ کے آڈٹ سے متعلق خبروں پر ترجمان کی وضاحت

    سپریم کورٹ کے آڈٹ سے متعلق خبروں پر ترجمان کی وضاحت

    اسلام آباد: ترجمان سپریم کورٹ آف پاکستان نے آڈٹ سے متعلق خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزام لگایا جارہا کہ مذکورہ آڈٹ 10 سال سے نہیں کیا گیا، ایسی رپورٹس حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے آڈٹ کی خبریں میڈیا میں بڑے پیمانے پر شائع ہوئیں، الزام لگایا گیا کہ مذکورہ آڈٹ 10 سال سے نہیں کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کہا گیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو طلب کر لیا۔

    ترجمان کے مطابق سپریم کورٹ کا آڈٹ 30 جون 2021 تک کیا گیا اور مکمل کیا گیا، سپریم کورٹ کا مالی سال 22-2021 کا آڈٹ زیر عمل ہے، اس کی تصدیق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر سے کی جا سکتی ہے۔

    ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ ٹھوس الفاظ میں واضح کیا جاتا ہے کہ ایسی رپورٹس حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے رکھی گئی تفصیلات غلط معلومات پر مبنی ہیں۔