Tag: پاکستان کی خبریں

  • کراچی سے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی سے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں محکمہ انسداد محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور وفاقی ادارے کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جدید تکنیکی اور انٹیلی جنس ذرائع کے ذریعے ایس آر اے کا نیٹ ورک توڑا، کارروائی میں کالعدم دہشت گرد تنظیم ایس آر اے کا دہشت گرد عبید اللہ لانگا گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد نے ابتدائی تفتیش میں کئی انکشافات کیے۔

    ملزم کا کہنا تھا کہ کمانڈر انعام عباسی اور معشوق قمبرانی کے کہنے پر گجر ڈیری کے مالک پر قاتلانہ حملہ کیا، 11 اپریل کو گلشن حدید فیز 2 میں پنجابی سیٹلر اعجاز احمد و گولیاں مار کر زخمی کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے

    وزیر اعظم شہباز شریف برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ماہ برطانیہ کا دورہ کردیں گے جہاں وہ برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا آئندہ ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں دورہ برطانیہ کا قوی امکان ہے، وزیر اعظم برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ہمراہ کابینہ ارکان بھی برطانیہ جائیں گے۔

    برطانوی بادشاہ چارلس سوئم اور ملکہ کمیلا پارکر کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو منعقد ہوگی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف دیگر مہمانوں کے ہمراہ بکھنگم پیلس، ویسٹ منسٹر ایبے میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر اعظم رشی سونک سے ملاقات کا شیڈول بھی طے کیا جا رہا ہے۔

    شہباز شریف، پارٹی سربراہ نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، آئندہ عام انتخابات اور دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

  • کراچی: ساحل سمندر پہ دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ

    کراچی: ساحل سمندر پہ دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید کے موقع پر سمندر کے مقامات پر پولیس کی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ لوگ فیملی کے ساتھ ساحل پر آسکتے ہیں، پانی میں جانے کی اجازت کسی کو نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ سمندر میں جانے پر دفعہ 144 لگانے کا فیصلہ کیا ہے، سمندر کے مقامات پر پولیس کی نفری تعینات کی جائے گی۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ لوگ فیملی کے ساتھ ساحل پر آسکتے ہیں، پانی میں جانے کی اجازت کسی کو نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ عید کے روز ساؤتھ میں ریس یا ون ویلنگ کرنے والا جیل جائے گا، ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ون ویلنگ کرنے والوں کی ریس جان لیوا حادثے کا سبب بنتی ہے، قانون ہاتھ میں لے کر شہریوں کو پریشان کرنے کی اجازت کسی کو نہیں۔

  • پاکستان میں خلائی سینٹر کی تعمیر، چین قرض دے گا

    پاکستان میں خلائی سینٹر کی تعمیر، چین قرض دے گا

    اسلام آباد: پاکستان میں خلائی سینٹر بنائے جانے کے منصوبے کے لیے چین نے ایک ارب یو آن (چین کرنسی) قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے پاکستان اسپیس سینٹر منصوبے کے لیے 1 ارب یو آن قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ نے منصوبے کے لیے قرض کے معاہدے کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لی گئی۔

    پاکستان نے اسپیس سینٹر منصوبے کے لیے چین سے رعایتی قرض کی درخواست کی تھی، قرض پر سالانہ 2 فیصد سود جبکہ ون ٹائم مینجمنٹ فیس 0.25 فیصد ہوگی۔

    منصوبے کے لیے قرض پر سالانہ 0.2 فیصد کمٹمنٹ چارجز ہوں گے۔

  • سوڈان میں خانہ جنگی طویل، 1500 پاکستانی خاندان پھنس گئے

    سوڈان میں خانہ جنگی طویل، 1500 پاکستانی خاندان پھنس گئے

    خرطوم: سوڈان میں خانہ جنگی شدید ہوچکی ہے، ملک میں مقیم 15 سو پاکستانی خاندانوں کو خوراک، ادویات اور دیگر اشیا کی قلت کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان میں مسلح افواج اور نیم فوجی دستوں میں اقتدار کی جنگ طول پکڑگئی، سوڈان میں اس وقت 15 سو پاکستانی خاندان مقیم ہیں جن میں زیادہ تر دارالحکومت خرطوم میں رہائش پذیر ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سوڈان میں خانہ جنگی کے باعث خوراک، ادویات و دیگر اشیا کی قلت کا سامنا ہے، مواصلات اور انٹرنیٹ کا نظام شدید متاثر ہے جس سے رابطے محدود ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق خرطوم اور دیگر شہروں کے ہوائی اڈے بند ہوچکے ہیں جبکہ زمینی راستوں سے بھی گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    پاکستانی سفارتی مشن خرطوم ہم وطنوں کے انخلا کے لیے مشاورت کر رہا ہے، مصر اور ایتھوپیا میں پاکستانی سفارتی مشنز بھی متعلقہ حکومتوں سے رابطے میں ہیں، پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو زمینی راستوں سے ہمسایہ ممالک پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری اور سفارتی عملہ فی الحال محفوظ ہے، کسی جانی و مالی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع نہیں۔

  • نگران وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت، 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری

    نگران وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت، 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی جانب سے امراض جگر اور بون میرو کے 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر چیف منسٹر فنڈ سے امراض جگر اور بون میرو کے 52 مریضوں کے علاج کے لیے رقم جاری کردی گئی۔

    52 مستحق مریضوں کے لیے 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کی گئی ہے۔

    نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مریضوں کے علاج کے لیے وسائل مہیا کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جگر اور بون میرو جیسے امراض میں مبتلا مریض بھرپور توجہ کے مستحق ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امراض جگر اور بون میرو کا علاج عام آدمی کے بس کی بات نہیں، حکومت تعاون کر رہی ہے، صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہوں اور رہوں گا۔

  • عوامی خدمت کے میدان میں سیاست بند ہونی چاہیئے: وزیر اعظم

    عوامی خدمت کے میدان میں سیاست بند ہونی چاہیئے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجر ممنوعہ قرار دینا چاہیئے، کوئی حکومت آئے یا جائے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن اسپتال کا دورہ کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کو اسپتال سے متعلق انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتال 255 بستروں پر مشتمل ہے، اسپتال کا ایک فیز تقریباً مکمل ہوچکا ہے، دوسرا فیز دسمبر 2023 میں مکمل ہوگا۔

    اسپتال کے دورے کے بعد وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج راولپنڈی یورولوجی سینٹر کا دورہ کیا ہے، اسپتال میں مریضوں کا بہترین طریقے سے علاج کیا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس اسپتال کی بنیاد میں نے 2009 میں رکھی تھی اور 2013 میں اس کے لیے فنڈز مہیا کیے گئے، راولپنڈی یورولوجی اسپتال میں 5 ارب کے فنڈز لگ چکے ہیں، کرونا کے دور میں بھی اس اسپتال نے بے پناہ خدمات انجام دیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں سے مطمئن ہوں، ثاقب نثار دن رات کہتا تھا شہباز شریف نے 20 ارب روپے کہاں لگائے، یہ غرق ہوگئے، پیسے غرق ہوگئے تھے تو لاہور کا اسپتال کرونا میں اہم مرکز کیسے بن گیا تھا۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ خدارا ہمیں عوامی خدمت کے میدان میں سیاست کو شجر ممنوعہ قرار دینا چاہیئے، کوئی حکومت آئے یا جائے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیئے۔

  • موسمیاتی تبدیلیوں پر دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش: وزیر اعظم کی شیری رحمٰن کی تعریف

    موسمیاتی تبدیلیوں پر دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش: وزیر اعظم کی شیری رحمٰن کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمٰن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے بعد موسمیاتی تبدیلیوں پر جس طرح آپ نے پاکستان کا مقدمہ پیش کیا وہ قابل تعریف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شیری رحمٰن اعزاز کی مستحق ہیں۔

  • ملک کی صنعتی بنیاد تباہ کر دی گئی ہے: اسد عمر

    ملک کی صنعتی بنیاد تباہ کر دی گئی ہے: اسد عمر

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ فروری 2023 میں صنعتوں کی پیدوار پچھلے سال کے مقابلے میں 11.6 فیصد کم رہی، انہوں نے ملک کی صنعتی بنیاد کو تباہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فروری 2023 میں صنعتوں کی پیدوار پچھلے سال کے مقابلے میں 11.6 فیصد کم رہی۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کے وقت یہ پیداوار تقریباً 12 فیصد بڑھ رہی تھی، ایک سال میں رفتار گر رہی ہے، انہوں نے ملک کی صنعتی بنیاد کو تباہ کر دیا ہے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے وزارت داخلہ کو رینجرز تعیناتی میں توسیع کی تحریری سفارش کردی ہے، مراسلے میں ریڈ زون کے لیے 300 رینجرز اہلکار، کوئیک رسپانس فورس میں تعینات کرنے کی سفار ش کی گئی ہے۔

    اپنے مراسلے میں ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مزید 6 ماہ کے لیے رینجرز تعینات کی جائے، وفاقی دارالحکومت میں 2523 رینجرز فورس پہلے ہی تعینات ہے۔

    رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کا فیصلہ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔