Tag: پاکستان کی خبریں

  • ترقیاتی منصوبوں کے لیے ملنے والی گرانٹس میں سے کروڑوں غائب ہونے کا انکشاف

    ترقیاتی منصوبوں کے لیے ملنے والی گرانٹس میں سے کروڑوں غائب ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سال 2017-18 میں 4 منصوبوں کے لیے ملنے والی گرانٹ میں سے 23 کروڑ غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کنوینر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں قانون و انصاف ڈویژن سےمتعلق 17-2016 اور 2017-18 کی گرانٹس کا جائزہ لیا گیا۔

    2017-18 میں 4 منصوبوں کے لیے ملنے والی گرانٹ میں سے 23 کروڑ لیپس ہونے کا انکشاف ہوا، ذیلی کمیٹی نے معاملے کی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کا حکم دے دیا۔

    آڈٹ حکام کا کہنا تھا کہ یہ ترقیاتی گرانٹ ہے، 27 فیصد گرانٹ لیپس کروائی گئی، اس کی تحقیقات کروائیں، یہ سارے تعمیرات کے منصوبے ہیں، فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کروائی جائے۔

    کمیٹی نے معاملے پر ایک ماہ میں فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کروانے کی ہدایت کردی۔

    ذیلی کمیٹی نے مختلف سپلیمنٹری گرانٹس کی پارلیمنٹ سےمنظوری نہ لینے پر تشویش کا اظہار کیا۔

    آڈٹ حکام نے بتایا کہ ایک سپلیمنٹری گرانٹ 35 ملین کی لی گئی جو پارلیمنٹ سے منظور نہیں کروائی گئی۔

    کمیٹی رکن سید حسین طارق نے کہا کہ سپلیمنٹری گرانٹس کو ریگولرائز نہیں کروایا جارہا، یہ سنجیدہ بات ہے کہ پیسے استعمال کرلیے جائیں اور منظور نہ کروائیں۔

    ذیلی کمیٹی نے ہدایت کی کہ ایک ماہ میں آڈٹ کے خدشات دور کیے جائیں، کمیٹی نے وزارت قانون و انصاف کو ہر ماہ محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی۔

  • مارگلہ ہلز میں درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو اب جیل بھیجا جائے گا

    مارگلہ ہلز میں درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو اب جیل بھیجا جائے گا

    اسلام آباد: چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز میں درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو جرمانے کے بجائے جیل بھیجا جائے۔

    اسلام آباد کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین کی سربراہی میں مارگلہ ہلز میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اجلاس ہوا۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ سید پور رینج میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کرے گا۔

    انہوں نے ہدایت کی کہ دفعہ 144 کے نفاذ سے متعلق سائن بورڈ لگائے جائیں، ایکو فرینڈلی سائن بورڈ لگانے کو ترجیح دی جائے۔ فاریسٹ گارڈز کے لیے ریفلیکٹر جیکٹس پہننا لازمی کیا جائے۔

    چیئرمین نے انوائرنمنٹ پروٹیکشن سیل کو فور بائی فور گاڑیاں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ درخت کاٹنے اور آگ لگانے والوں کو جرمانے کے بجائے جیل بھیجا جائے۔

  • پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف

    پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے خصوصی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سرحد پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈی جی نے تمام زونز کو خصوصی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ 2 سال میں مشتبہ افراد نے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا استعمال کیا، مشتبہ افراد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

    ایف آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام زونز خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی کریں، جعلی پاسپورٹ سے انٹری کرنے والے افراد کو ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ ایف آئی اے نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات پر خصوصی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔

  • سینیٹ اجلاس بلائے جانے کا امکان، چیئرمین سینیٹ نے دورہ سعودی عرب مختصر کردیا

    سینیٹ اجلاس بلائے جانے کا امکان، چیئرمین سینیٹ نے دورہ سعودی عرب مختصر کردیا

    اسلام آباد: سینیٹ آف پاکستان کا اجلاس رواں ہفتے بدھ کو 2 بجے بلائے جانے کا امکان ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی دورہ سعودی عرب مختصر کر کے وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سینیٹ اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن اجلاس بلانے کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دورہ سعودی عرب مختصر کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی آج عمرے کی سعادت کے بعد بدھ کی صبح وطن واپس پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق سینیٹ کا اجلاس بدھ کو 2 بجے بلائے جانے کا امکان ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

  • ریکوری کے لیے آنے والے فیسکو ملازمین پر حملہ اور تشدد

    ریکوری کے لیے آنے والے فیسکو ملازمین پر حملہ اور تشدد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پیر محل کے ایک گاؤں میں بجلی کمپنی کے ملازمین پر حملہ کردیا گیا، گاؤں والوں نے حملہ کر کے ریکوری کے لیے آنے والے افسران کو زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیر محل کے نواحی گاؤں میں نمبردار نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے ملازمین پر حملہ کردیا۔

    حملہ آوروں کے تشدد سے 7 فیسکو ملازمین زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں معذور ملازم بھی شامل ہے۔ حملہ آوروں نے فیسکو کی سرکاری گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیسکو ملازمین نواحی گاؤں میں ریکوری کے سلسلے میں گئے تھے۔

  • 27 رمضان کو تعطیل کا اعلان

    27 رمضان کو تعطیل کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے 27 رمضان المبارک کے موقع پر نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کل 27 رمضان (18 اپریل 2023 منگل) کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں کل اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہیں گے، کل صوبے بھر میں نجی اسکول بھی بند رہیں گے۔

    خیال رہے کہ عید الفطر کے موقع پروفاقی حکومت کی جانب سے 5 روز کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    ملک بھر میں 21 سے 25 اپریل 2023، جمعہ تک منگل عام تعطیلات ہوں گی، عید الفطر کی چھٹیوں کی منظوری کابینہ ڈویژن کی سفارش پر دی گئی۔

  • مفت آٹا اسکیم: پنجاب حکومت کی جانب سے اعداد و شمار جاری

    مفت آٹا اسکیم: پنجاب حکومت کی جانب سے اعداد و شمار جاری

    لاہور: ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ایک ماہ میں مفت آٹا اسکیم کے دوران 53 ارب روپے مالیت کا آٹا تقسیم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے مفت آٹا اسکیم اختتام پذیر ہونے پر اعداد و شمار جاری کر دیے، ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 3 کروڑ 10 خاندانوں میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مفت آٹا تقسیم مہم میں 53 ارب روپے مالیت کا آٹا تقسیم کیا گیا، 10 کلو گرام آٹے کے 4 کروڑ 39 لاکھ 36 ہزار 648 تھیلے تقسیم کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 69 لاکھ 82 ہزار 168 تھیلے، دوسرے نمبر پر بہاولپور میں 57 لاکھ 52 ہزار 833 تھیلے اور تیسرے نمبر پر ملتان ڈویژن میں 55 لاکھ 68 ہزار 117 تھیلے تقسیم کیے گئے۔

    ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور راولپنڈی میں بھی آٹا تقسیم کیا گیا۔

  • پنجاب انتخابات: الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ قومی اسمبلی بھیجنے کا فیصلہ

    پنجاب انتخابات: الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ قومی اسمبلی بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ قومی اسمبلی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر رقم مختص کی لیکن اس کے اجرا کا اختیار اسٹیٹ بینک کے پاس نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں انتخابات کے لیے 21 ارب روپے کے فنڈز کے اجرا کے معاملے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں سپریم کورٹ کے اسٹیٹ بینک کو جاری احکامات کا قانونی جائزہ لیا گیا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک بیرون ملک دورے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، تاہم خصوصی دعوت پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت اور سیما کامل نے شرکت کی۔

    وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان، آڈیٹرجنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور پختونخواہ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات سنانا چاہتا ہوں جس پر رکن کمیٹی برجیس طاہر نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو بریفنگ سے روک دیا۔

    برجیس طاہر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 63 اے میں ترمیم کی، اب آرٹیکل 84 میں بھی مرضی کی ترمیم کرلے، اسٹیٹ بینک کا الیکشن کروانے کے لیے فنڈز جاری کرنا خلاف قانون ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر صرف پنجاب میں الیکشن ہوئے تو یہ پورے ملک کو اثر انداز کریں گے، ابھی ہونے والے الیکشن چھوٹے صوبوں کا استحصال کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم خلاف آئین فنڈز نہیں دے سکتے، ہم نے آئین کی پاسداری کا حلف لیا ہے، 21 ارب کی خلاف ضابطہ فراہمی آڈٹ پر اعتراضات اٹھیں گے۔

    قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک سیما کامل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 21 ارب روپے مختص کرنے کا حکم دیا ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر رقم مختص کی لیکن اس کے اجرا کا اختیار اسٹیٹ بینک کے پاس نہیں۔

    وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہدایت دی ہے لیکن فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈ حکومت کا ہے، اس سال بجٹ میں الیکشن کے لیے پیسے مختص نہیں کیے گئے ہیں، سپلیمنٹری گرانٹ کے طور پر منظوری قومی اسمبلی سے لینا ہوگی۔

    کمیٹی رکن نوید قمر نے کہا کہ حکام وزارت خزانہ، اسٹیٹ بینک حکام کو توہین عدالت سے نہ ڈرائیں، پارلیمنٹ کو بھی اپنی توہین پر ایکشن کا اختیار ہے، پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا پورا اختیار ہے، پارلیمنٹ سب سے سپریم ہے۔

    رکن کمیٹی موسیٰ گیلانی نے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کی دلیل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے اکاؤنٹ سے پیسے نکالنے کا اختیار میرے والد کو بھی نہیں ہوسکتا، اسٹیٹ بینک کون ہوتا ہے جو پبلک منی کو قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر خرچ کرے۔

    اجلاس میں الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ قومی اسمبلی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، کیمٹی نے فیصلہ کیا کہ وزارت خزانہ الیکشن کمیشن فنڈز کی سمری کابینہ میں لائے اور قومی اسمبلی سے منظوری لے۔

    وفاقی حکومت نے فنڈز کے لیے سمری آج ہی وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ کابینہ سے منظوری کے بعد آج ہی معاملہ قومی اسمبلی لے جایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اخراجات کا اختیار نہیں، قومی اسمبلی نے منظوری دی تو فنڈز جاری ہوجائیں گے۔ خزانہ ڈویژن بھی کابینہ اور قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈز استعمال نہیں کر سکتی۔

  • مختلف وزارتوں کو 129 ارب روپے جاری

    مختلف وزارتوں کو 129 ارب روپے جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مختلف وزارتوں کو 129 ارب روپے جاری کردی گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چوتھی سہ ماہی کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 129 ارب روپے جاری کردیے گئے جن میں فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 27 ارب روپے بھی شامل ہیں۔

    ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزارت آبی وسائل کو 30 ارب، وزارت مواصلات کو 22 ارب، وزارت ریلوے کو 8 ارب، ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 7 ارب، وزارت توانائی کو 5 ارب جبکہ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو 4 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔

    رواں سال ترقیاتی بجٹ کے لیے گزشتہ سال سے 50 ارب روپے زائد جاری کیے گئے ہیں، آخری سہ ماہی کے لیے جاری 129 ارب روپے کے بعد مجموعی ترقیاتی بجٹ 600 ارب روپے ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری معاشی بحران کے باوجود وزارت منصوبہ بندی نے چوتھی سہ ماہی کی ریلیز کو یقینی بنایا، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے کوئی ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے گئے تھے۔

  • مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

    اسلام آباد: گزشتہ روز وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی، وفاقی وزیر کی گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کی رفتار 110 کلو میٹر تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کی گاڑی کو حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پولیس نے تیار کرلی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گاڑی پولٹری بزنس سے وابستہ شخصیت کے اسکواڈ میں شامل تھی، مفتی عبد الشکور کی گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کی رفتار 110 کلو میٹر تھی جبکہ حادثے کے وقت مفتی عبد الشکور کی گاڑی کی رفتار 30 کلو میٹر تھی۔

    رپورٹ کے مطابق شاہراہ دستور پر جائے حادثہ کے مقام پر گاڑی کی حد رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، شاہراہ دستور پر جائے حادثہ کے مقام پر اس وقت ٹریفک سگنلز فری کیے ہوئے تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹکر مارنے والی گاڑی میں کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں تھا، حادثے کے باعث مفتی عبد الشکور کی گاڑی کا ٹائر اور ایکسل الگ ہو گیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز مولانا عبد الشکور اپنی گاڑی میں نجی ہوٹل سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جاتے ہوئے خوفناک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔

    وفاقی وزیر کو حادثے کے فوراً بعد پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔