Tag: پاکستان کی خبریں

  • پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے 4 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے 4 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

    لاہور: دہشت گردی کے خدشات پر صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے خفیہ آپریشنز جاری ہیں، کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے 4 مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے ملتان، راولپنڈی اور سرگودھا میں کارروائیاں کیں، کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے 4 انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں میں ایاز خان، یاسین، سلیم اور اسد شامل ہیں۔

    حکام کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ سے ہے، ملزمان سے بارودی مواد، اسلحہ، اور خودکش جیکٹ بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا۔

    گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور تفتیش جاری ہے، دہشت گردوں کی نشاندہی پر مزید 26 مشتبہ افراد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے سی ٹی ڈی نے صوبے بھر میں 419 کومبنگ آپریشنز کیے جن کے دوران 94 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

  • پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتے کاروبار میں مثبت رجحان

    پاکستان اسٹاک مارکیٹ: گزشتہ ہفتے کاروبار میں مثبت رجحان

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کاروبار مثبت رجحان میں رہا، 100 انڈیکس میں 155 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کاروبار کا رجحان مثبت رہا، 100 انڈیکس 155 پوائنٹس اضافے سے 40 ہزار 205 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    10 سے 14 اپریل 2023 کے دوران انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 40 ہزار 417 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 39 ہزار 722 پوائنٹس رہی۔

    ایک ہفتے کے دوران مارکیٹ میں 33 کروڑ 45 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 8 ارب 54 کروڑ روپے رہی۔

    گزشتہ ہفتے مارکیٹ کیپٹلائزیشن 9 ارب روپے بڑھ کر 6103 ارب روپے رہی۔

  • رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس

    رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس میں پولیس، کسٹم اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی ملک سے باہر اسمگلنگ نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، اس مکروہ عمل کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ سنگین مسئلہ ہے، اس کے انسداد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی، اس کی روک تھام کے لیے سخت فیصلے لینے ہوں گے۔

    اجلاس میں پولیس، کسٹم اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

    سیکریٹری داخلہ علی مرتضیٰ نے اجلاس کے شرکا کو پچھلے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جوائنٹ پٹرولنگ کا آغاز بھی جلد کر دیا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ایف بی آر میں اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ کے لیے سینٹرل ڈیٹا سیل کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے قوانین میں ترامیم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

  • معیشت اور تعلیم میں اصلاحات اے آئی کے ذریعے، ٹاسک فورس تشکیل

    معیشت اور تعلیم میں اصلاحات اے آئی کے ذریعے، ٹاسک فورس تشکیل

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق ٹاسک فورس تشکیل دے دی، ٹاسک فورس معیشت، گورننس اور تعلیم میں اصلاحات متعارف کروانے کا لائحہ عمل تجویز کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے 15 رکنی قومی ٹاسک فورس برائے آرٹیفیشل انٹیلی جنس تشکیل دے دی۔

    ٹاسک فورس میں مصنوعی ذہانت کے ماہرین، نجی شعبہ اور حکومتی نمائندے شامل ہیں۔

    ٹاسک فورس معیشت، گورننس اور تعلیم میں اصلاحات متعارف کروانے کا لائحہ عمل تجویز کرے گی۔

    وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں مہارت آنے والے دور میں ترقی کی ضامن ہے، معیشت، گورننس اور تعلیم میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے دور رس تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال، فیصلہ سازی اور 10 سالہ روڈ میپ تیار کرے گی، سنہ 2018 میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے اے آئی کا قومی مرکز قائم کیا تھا۔

  • اسحٰق ڈار کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے عہدے داران سے میٹنگ ہوگی

    اسحٰق ڈار کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے عہدے داران سے میٹنگ ہوگی

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج ایشیائی ترقیاتی بینک کے عہدے داران سے میٹنگ کریں گے، میٹنگ میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج شام ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر جین لیکون سے ورچوئل میٹنگ کریں گے، اسحٰق ڈار کی عالمی بینک کے نائب صدر جنوبی ایشیا مارٹن ریزر سے بھی میٹنگ ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا سمیت معاشی ٹیم کے دیگر ارکان بھی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گے۔

  • الیکٹرک وہیکلز خریدنے کی پالیسی میں ایک اور پیش رفت

    الیکٹرک وہیکلز خریدنے کی پالیسی میں ایک اور پیش رفت

    کراچی: سندھ کابینہ نے الیکٹرک وہیکلز خریدنے کی پالیسی کے لیے تجاویز کی منظوری دے دی، بورڈ آف ریونیو کو وفاقی بورڈ آف ریونیو کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے الیکٹرک وہیکلز خریدنے کی پالیسی کے لیے تجاویز کی منظوری دے دی، سندھ کابینہ نے الیکٹرک وہیکلز کی خریداری کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔

    کمیٹی اراکین میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ اور شبیر بجارانی شامل ہیں، کمیٹی میں عبد الرسول میمن اور ڈاکٹر غلام رسول شاہ کو ہیلتھ کیئر کمشنرز مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

    سندھ کابینہ نے بورڈ آف ریونیو کو وفاقی بورڈ آف ریونیو کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کی اجازت بھی دے دی، کابینہ کے مطابق ڈیٹا شیئرنگ ریونیو جنریشن کے لیے ہے۔

  • سندھ ہائیکورٹ میں 6 ایڈیشنل ججز تعینات

    سندھ ہائیکورٹ میں 6 ایڈیشنل ججز تعینات

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں 6 ایڈیشنل ججز تعینات کردیے گئے، ججز کی تعیناتی کی منظوری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سندھ ہائیکورٹ میں 6 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی، صدر مملکت کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ججز میں امجد علی، محمد عبد الرحمٰن، خادم حسین سومرو، ارباب علی ہاکرو، جواد اکبر سروانہ اور ثنا اکرم منہاس کو ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ہے۔

    سندھ ہائیکورٹ میں ججز کی تعیناتی ایک سال کے لیے ہوگی، تعیناتیوں کا اطلاق عہدے کا حلف لینے کے روز سے ہوگا۔

  • رواں ماہ سورج کو مکمل گرہن لگے گا

    رواں ماہ سورج کو مکمل گرہن لگے گا

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے سال 2023 کا پہلا مکمل سورج گرہن 20 اپریل کو ہوگا، سورج گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 20 اپریل کو سورج کو مکمل گرہن لگے گا، سورج گرہن کا مشاہدہ کہیں مکمل اور کہیں جزوی طور پر کیا جاسکے گا۔

    سورج گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا، سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، سورج کو مکمل گرہن 7 بج کر 37 منٹ پر لگے گا۔

    9 بج کر 17 منٹ پر سورج گرہن اپنے عروج پر ہوگا، گرہن کا اختتام 11 بج کر 59 منٹ پر ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ جنوب اور مشرقی ایشیا میں کیا جاسکے گا، آسٹریلیا، پیسیفک، انڈین اوشین اور انٹارکٹکا میں بھی جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔

    خیال رہے کہ رواں برس 2 سورج اور 2 چاند گرہن ہوں گے، پہلا مکمل سورج گرہن 20 اپریل اور دوسرا 14 اکتوبر کو ہوگا، پہلا چاند گرہن 5 اور 6 مئی کی رات جبکہ دوسرا 28 اور 29 اکتوبر کی درمیانی رات رونما ہوگا۔

  • رواں برس بھی سیلاب آنے کا قوی امکان: این ڈی ایم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    رواں برس بھی سیلاب آنے کا قوی امکان: این ڈی ایم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تباہ کن سیلاب آنے کے 72 فیصد امکانات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے بریفنگ دی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی تباہ کن سیلاب آنے کے 72 فیصد امکانات ہیں، گرمی کی شدت میں جلد تیزی، گلیشیئرز پگھلنے اور قبل از وقت مون سون سے سیلاب آسکتا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی 17 سیٹلائٹس کو مانیٹر کر رہے ہیں، ملک بھر میں 36 مقامات پر فلڈ ارلی وارننگ سسٹم نصب کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چین کے پاس کم سے کم ایک سال قبل فلڈ وارننگ جاری کرنے کا نظام موجود ہے، یہ نظام 90 فیصد درست پیش گوئی کر سکتا ہے۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر رواں برس بھی سیلاب آیا تو بڑی تباہی کا خدشہ ہے، گزشتہ برس کے سیلاب کے بعد تعمیر نو کا کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

  • موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ

    موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 3 ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 46 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا، بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 46 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے۔

    بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی۔

    نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین پر 15 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا، بجلی صارفین کو 3 ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

    نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے اپریل، مئی، جون کے بلوں میں اضافی وصولیاں کی جائیں گی، بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے کا اطلاق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے، کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔