Tag: پاکستان کی خبریں

  • ملزم 2 سال کی قید کاٹ کر جیل سے رہا، اپیل کا فیصلہ 18 سال بعد سنا دیا گیا

    ملزم 2 سال کی قید کاٹ کر جیل سے رہا، اپیل کا فیصلہ 18 سال بعد سنا دیا گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منشیات رکھنے پر گرفتار ملزم 2 سال کی قید کاٹ کر جیل سے رہا ہوگیا، سزا کے خلاف دائر کی گئی اس کی اپیل پر آج 18 سال بعد فیصلہ سنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے 2 سال کی سزا کے خلاف اپیل پر 18 سال بعد فیصلہ سنا دیا، عدالت نے ملزم شاہ محمد کی 2 سالہ سزا کے خلاف اپیل عدم پیروی پر مسترد کردی۔

    ملزم محمد شاہ کو چاکیواڑہ پولیس نے 12 گرام ہیروئن رکھنے پر 2003 میں گرفتار کیا تھا، ملزم کے وکیل کا کہنا ہے کہ ملزم شاہ محمد مسلسل غیر حاضر ہے اور رابطے میں نہیں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے اپیل کو طویل عرصہ زیر التوا نہیں رکھا جاسکا، اس طرح کی درخواستوں سے عدالتوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے، ملزم شاہ محمد 22 اپریل 2006 کو سزا مکمل کر کے رہا ہوچکا ہے۔

  • ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کتنی ہوگئی؟

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 390 تک پہنچ گئی، سب سے زیادہ ووٹرز صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد 7 کروڑ سے زائد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 390 تک پہنچ گئی، سب سے زیادہ ووٹرز صوبہ پنجاب میں ہیں جن کی تعداد 7 کروڑ 15 لاکھ 65 ہزار 168 ہے۔

    سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 63 لاکھ 96 ہزار 53، خیبر پختونخواہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 14 لاکھ 490 اور بلوچستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 52 لاکھ 28 ہزار 726 ہوگئی۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 20 ہزار 953 ہے۔

  • ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا: وزیر اعظم

    ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو مشکل حالات سے بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا، اتحادی حکومت کو ایک سال ہوگیا ہے، مشکلات اور چیلنجز ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر منعقد ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین آج بھی زندہ سلامت ہے، دستور کا تحفہ دینے والے قائدین، جماعتوں اور ارکان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئین یاد دلاتا ہے کہ 1955 میں نظریہ ضرورت کو ایجاد کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے اپوزیشن نے پاکستان کو مشکل حالات سے بچانے کے لیے آئین کا سہارا لیا، اتحادی حکومت کو ایک سال ہوگیا ہے، مشکلات اور چیلنجز ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایک چیف جسٹس نے بغیر پوچھے ایک ڈکٹیٹر کو 3 سال کی رعایت دی، تمام جماعتوں نے اپنے منشور کے مطابق الیکشن میں جانا ہے، جب طے کرلیں کہ مل کر چلنا ہے تو بڑے بڑے معاملات حل ہو جاتے ہیں۔

  • حج کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    حج کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: رواں برس حج کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حج انتظامات کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال درخواست دینے والے تمام افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

    وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال کے حج انتظامات کی منظوری دے دی، حج انتظامات کے لیے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق اس سال درخواست دینے والے تمام افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے، رواں برس کل 72 ہزار 869 افراد حج ادا کریں گے۔

  • کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن شروع

    کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا گرینڈ آپریشن شروع

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی صادق آباد میں کچے کے علاقے میں پولیس نے گرینڈ آپریشن شروع کردیا، نیشنل سیکیورٹی کونسل کے حکم پر شروع ہونے والے آپریشن کی قیادت آئی جی خود کر رہے ہیں۔

    آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    آئی جی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے لیے پنجاب سے 2 ہزار جوانوں پر مشتمل نفری بھجوائی گئی ہے، مجموعی طور پر 11 ہزار جوان آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی سی اور مختلف اضلاع سے 2 ہزار کی مزید نفری آپریشن میں حصہ لینے کے لیے روانہ ہوچکی ہے۔

    آئی جی کے مطابق کچے کے علاقے میں پولیس چوکیاں مکمل بحال کردی گئی ہیں، آج اندرونی علاقوں میں پیش قدمی کا آغاز کیا جائے گا، سندھ پولیس بھی اپنے علاقوں میں آپریشن کا آغاز کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے سے مجرموں کی پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ریاست اور قانون کی رٹ کو بحال کیا جائے گا۔

  • ملک بھر کے 70 فیصد کاروباری ادارے مشکل ترین حالات کا شکار: گیلپ سروے

    ملک بھر کے 70 فیصد کاروباری ادارے مشکل ترین حالات کا شکار: گیلپ سروے

    اسلام آباد: حال ہی میں کیے گئے گیلپ سروے کے مطابق کاروباری برادری مہنگائی اور روپے کی بے قدری سے سخت پریشان ہے، 70 فیصد کاروباری اداروں کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گیلپ بزنس کانفیڈنس انڈیکس کی 2023 کی پہلی سہ ماہی رپورٹ جاری کردی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور پختونخواہ کے تقریباً 70 فیصد اور پنجاب کے 64 فیصد کاروباری اداروں کو خراب حالات کا سامنا ہے، 90 فیصد کاروباری اداروں کے مطابق ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔

    گیلپ سروے کے مطابق تاریخی مہنگائی نے صارفین کی قوت خرید کو کم کر دیا ہے، لوگوں میں سیاسی نظام میں استحکام کے مکمل فقدان اور دیوالیہ ہونے کے خطرات کے پیش نظر مایوسی ہے۔

    سروے کے مطابق 66 فیصد کاروباری اداروں کو خراب یا بدترحالات کا سامنا ہے، بہت زیادہ خراب کاروباری حالات کا سامنا کرنے والے اداروں کی تعداد میں 7 فیصد اضافہ ہوا، 7 فیصد کاروباری اداروں کے خیال میں مستقبل میں حالات مزید خراب ہوں گے۔

    61 فیصد کاروباری اداروں کو مستقبل کے بارے میں منفی توقعات ہیں جبکہ 38 فیصد کاروباری اداروں کو توقع ہے کہ چیزیں بہتر ہوں گی۔

    سروے کے مطابق 38 فیصد اداروں نے افرادی قوت میں کمی کی ہے جبکہ 72 فیصد کاروباری ادارے پاکستان کے ممکنہ ڈیفالٹ کی وجہ سے پریشان ہیں۔

  • مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے قرض منظور

    مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے قرض منظور

    اسلام آباد: سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے 240 ملین ڈالر پاکستان کو دے گا، قابل تجدید توانائی سے چلنے والا مہمند ڈیم منصوبہ 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے تحت سعودی فنڈ برائے ترقی نے مہمند ڈیم منصوبے کے لیے 240 ملین ڈالر قرض منظور کرلیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم مہمند ملٹی پرپز ڈیم پراجیکٹ کے لیے سعودی فنڈ برائے ترقی نے فراہم کی ہے۔

    وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ معاہدے نے پائیدار ترقی کے لیے دو طرفہ شراکت داری کو مضبوط کیا ہے، 240 ملین ڈالر کے قرض سے توانائی کی حفاظت کو فروغ ملے گا۔

    وزارت کے مطابق قابل تجدید توانائی سے چلنے والا مہمند ڈیم منصوبہ 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا، مہمند ڈیم منصوبہ پائیدار زراعت کو فروغ اور نئی زمین کی آبپاشی کو قابل بنایا جائے گا۔

  • سندھ میں مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی خرد برد

    سندھ میں مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی خرد برد

    کراچی: سندھ کے محکمہ اوقاف نے بزرگان دین کے مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کرلی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی انسپکشن ٹیم نے سیکریٹری محکمہ اوقاف سے تفصیلات طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف سندھ کےافسران کی کرپشن منظر عام پر آگئی، مزارات کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کی گئی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی انسپکشن ٹیم کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے دفاتر کے لیے 10 کروڑ فنڈز خرد برد کیے گئے، محکمے نے ٹھیکیداروں کو ایڈوانس ادائیگیاں کیں۔

    محکمہ اوقاف صوفی بزرگ سچل سرمست اور نور ولی شاہ سمیت دیگر مزارات کی مرمت کے لیے دیے جانے والے پیسے ہڑپ کر گیا۔

    انسپکشن ٹیم نے سیکریٹری محکمہ اوقاف سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

  • پاکستانی ماہر تعلیم ڈاکٹر عادل نجم تحفظ جنگلی حیات کے عالمی ادارے کے سربراہ مقرر

    پاکستانی ماہر تعلیم ڈاکٹر عادل نجم تحفظ جنگلی حیات کے عالمی ادارے کے سربراہ مقرر

    پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم اور پالیسی ایکسپرٹ ڈاکٹر عادل نجم جنگلی حیات اور ماحولیات کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) انٹرنیشنل کے صدر مقرر کردیے گئے۔

    ڈاکٹر عادل نجم صدر ڈبلیو ڈبلیو ایف انٹرنیشنل کا عہدہ یکم جولائی 2023 سے سنبھالیں گے۔

    ڈاکٹر عادل نجم گزشتہ کئی دہائیوں سے ماحولیات، پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرتے رہے ہیں، وہ بین الاقوامی پالیسی سازوں میں ایک انتہائی با اثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

    وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں جبکہ کئی بین الاقوامی جامعات میں بطور لیکچرر اور پروفیسر تعلیم دے چکے ہیں۔

    درجنوں مقالات لکھنے والے ڈاکٹر عادل نجم اب تک عالمی و قومی معیشت و ماحولیات پر کئی کتابیں بھی تحریر کر چکے ہیں۔

    ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر عادل 8 سال تک ادارے کے بین الاقوامی بورڈ میں بطور ٹرسٹی خدمات انجام دے چکے ہیں، 2010 میں ڈاکٹرعادل نجم کو صدر پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

    اپنی تقرری کے بعد ڈاکٹر عادل نجم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ یہ تقرری ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور انہیں اس کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں مل رہے۔

    خیال رہے کہ سنہ 1961 میں قائم کیا جانے والا سوئس ادارہ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ پاکستان سمیت دنیا بھر میں تحفظ جنگلی حیات اور ماحولیات کے لیے کام کر رہا ہے۔

  • مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے، 15 گھنٹے بعد لاشیں برآمد

    مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے، 15 گھنٹے بعد لاشیں برآمد

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر میلسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے جن کی لاشیں 15 گھنٹے بعد نکالی جاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر میلسی میں مٹی کا تودہ گرنے سے 3 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    واقعے کے 15 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں اور مزدوروں کو نہیں نکالا جاسکا، تینوں مزدور دم گھٹنے سے اندر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہیوی مشینری کے ذریعے کھدائی مشکل ہو گئی تھی، ریسکیو ٹیم نے مینز پاورز سے 40 فٹ تک کھدائی کی اور بعد ازاں لاشوں کو باہر نکالا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبنے والے تینوں مزدور کم عمر اور ایک ہی خاندان سے ہیں۔