Tag: پاکستان کی خبریں

  • لاہور ایئرپورٹ: متعدد پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار

    لاہور ایئرپورٹ: متعدد پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فنی وجوہات کی بنا پر متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوگیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن طیاروں میں کمی اور دیگر فنی وجوہات کی بنا پر متاثر ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آج روانہ ہونے والی 6 پروازیں منسوخ اور 5 تاخیر کا شکار ہیں۔

    شارجہ جانے والی پرواز پی اے 412، شارجہ سے آنے والی پرواز پی اے 413، ابو ظہبی جانے والی پرواز پی اے 430 اور ابو ظہبی سے آنے والی پرواز پی اے 431 منسوخ کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 405 اور کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 406 بھی منسوخ کردی گئی۔

    علاوہ ازیں شارجہ جانے والی پرواز ای آر 721 تین گھنٹے، دبئی جانے والی پرواز ای آر 723 ڈھائی گھنٹے اور دبئی سے آنے والی پرواز ای آر 724 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

  • عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا

    عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا

    اسلام آباد / لاہور: سابق وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج گوجرانوالہ ڈویژن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ افطارکریں گے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ افطار پروگرام کا سلسلہ شروع کردیا، عمران خان روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے ساتھ افطار کریں گے۔

    عمران خان آج گوجرانوالہ ڈویژن کے رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ افطارکریں گے، اس دوران وہ کارکنوں کو آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

    گزشتہ روزعمران خان نے لاہور، قصور اور ننکانہ کے کارکنوں کے ساتھ افطار کیا جبکہ کل یعنی 3 اپریل سوموار کے روز عمران خان جنوبی پنجاب کے کارکنوں کے ساتھ افطار کریں گے۔

  • کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے کا انکشاف

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گرفتار ڈکیت نے اپنے اعترافات میں کہا کہ کراچی سے موٹر سائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کی جاتی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد سے گزشتہ روز گرفتار ڈکیت گروہ کے سرغنہ نے سنسنی خیز انکشافات کیا ہے، سرغنہ نے ساتھیوں کے ساتھ مختلف علاقوں سے سینکڑوں موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے اعترافات میں بتایا کہ موٹر سائیکلیں چھیننے کے بعد بلوچستان میں فروخت کی جاتی تھی، ملزم 10 سال میں 100 سے زائد موٹر سائیکلیں چھین چکا ہے، گرفتار زخمی ملزم متعدد بار مختلف تھانوں میں بند ہو کر جیل جا چکا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل طارق روڈ پر بزرگ شہری کو دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم موجود ہے۔ ملزم نے 2021 میں بھی شاہ فیصل کالونی میں مزاحمت پر ایک شخص کو گولی ماری تھی۔

    دوران حراست ملزم نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر مختلف علاقوں میں شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے ایک پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، مذکورہ موٹر سائیکل کی چوری کا مقدمہ تیموریہ میں درج ہے، ملزم کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔

  • کراچی میں ایک اور ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    کراچی میں ایک اور ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک اور ڈکیت شہریوں کے ہتھے چڑھ کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، کار سوار نے خود کو لوٹنے والے 3 ڈکیتوں کو ٹکر ماری جس پر ایک ڈکیت ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ پل پر ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی گئی۔

    موٹر سائیکل پر سوار 3 ڈکیتوں نے کار سوار کو لوٹنے کی کوشش کی جس پر کار سوار شہری نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، ٹکر سے تینوں ڈکیت زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس موقع پر عوام جمع ہوگئے اور زخمی ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا تاہم اسپتال منتقلی کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق دیگر 2 زخمی ملزمان شیر اللہ اور عبد النصیر کو طبی امداد دی جارہی ہے، ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

  • بجلی، گیس مہنگی اور شرح سود میں اضافہ، انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا: وزیر اعظم کو خط

    بجلی، گیس مہنگی اور شرح سود میں اضافہ، انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا: وزیر اعظم کو خط

    اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مہنگی بجلی، گیساور 20 فیصد شرح سود کے ساتھ انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے  پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط تحریر کیا ہے۔

    خط میں گوہر اعجاز نے لکھا ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس انتہائی مہنگی ہوچکی ہے اور شرح سود 20 فیصد ہونے سے انڈسٹری چلانا مشکل ہوگیا ہے، ایل سیز نہ کھلنے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو خام مال بھی دستیاب نہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شدید معاشی مشکلات کے باعث 50 فیصد ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہوچکی ہے۔

    گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ اس سال ٹیکسٹائل برآمدات 3 ارب ڈالر کم ہونے کا خدشہ ہے، پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے سے دیگر ممالک کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

    خط میں گوہر اعجاز نے لکھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف صورتحال کا نوٹس لیں اور انڈسٹری کو تباہ ہونے سے بچائیں۔

  • اپنے حالات کی وجہ سے بچپن میں ہی ٹوٹ گئی تھی: فضہ علی

    اپنے حالات کی وجہ سے بچپن میں ہی ٹوٹ گئی تھی: فضہ علی

    معروف اداکارہ فضہ علی کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی اپنے گھر کے حالات دیکھ کر ٹوٹ چکی تھیں اور اس کے بعد پھر ان کی شادی بھی ناکام رہی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ فضہ علی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی زندگی کی تلخیوں کے بارے میں بتایا۔

    اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد نے کبھی بھی ان کی اور والدہ کی ذمہ داری نہیں اٹھائی، ہماری والدہ نے ہی ہمیں پالا اور ہمارے تمام اخراجات پورے کیے۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کبھی انہیں دادا دادی کے گھر چھوڑ جاتی تھیں تو وہاں وہ سب کے درمیان بہت عجیب سا محسوس کرتے تھے کیونکہ سب بچے اپنے والدین کے ساتھ ہوتے تھے جبکہ وہ اکیلا پن محسوس کرتے تھے۔

    اسکول میں بھی سب ان کے والد کے بارے میں دریافت کرتے تھے اور وہ مختلف جوابات دیا کرتی تھیں۔

    فضہ نے بتایا کہ اس کے بعد ان کی شادی ہوئی تو شوہر کو لوگوں میں گھلنا ملنا اور تقریبات میں جانا پسند تھا، انہیں فیملی لائف نہیں چاہیئے تھی۔

    اداکارہ کے مطابق وہ خود ہی اپنے اخراجات پورے کرتی تھیں اور پھر جلد ہی انہوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

  • مارچ 2023: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کیسا رہا؟

    مارچ 2023: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کیسا رہا؟

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مارچ 2023 کے دوران کاروباری سرگرمیوں کی رپورٹ جاری کردی گئی، گزشتہ ماہ مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا۔

    تفصیلات کے مطابق مارچ 2023 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان دیکھنے میں آیا، مارچ میں 100 انڈیکس میں 509 پوائنٹس کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ایک ماہ کے دوران 100 انڈیکس 1.25 فیصد کم ہو کر 40 ہزار پوائنٹس کی سطح تک گر گیا۔

    ایک ماہ کے دوران بازار میں 3 ارب 67 کروڑ کے شیئرز کے سودے ہوئے، مارچ میں اسٹاک مارکیٹ کے کاروبار کی مالیت 124 ارب روپے رہی۔

    اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن 164 ارب روپے کم ہو کر 6108 ارب روپے رہی۔

  • مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگڈر اور ہلاکتیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دائر

    مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگڈر اور ہلاکتیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دائر

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ مفت آٹے کی تقسیم کے دوران ہونے والی بھگدڑ سے ہلاکتوں پر کاررواٸی کا حکم دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں آٹے کی مفت تقسیم میں بھگدڑ سے ہلاکتوں پر کاررواٸی کے لیے درخواست داٸر کر دی گٸی۔

    درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک بھر میں آٹے کی تقسیم میں شدید بدنظمی کی وجہ بھگڈر کے واقعات پیش آرہے ہیں جس کی وجہ سے کئی افراد کی جان چلی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ حکومت نے مفت آٹے کی تقسیم کا طریقہ کار انتہاٸی ناقص ہے جس کی وجہ سے عوام میں پریشانی کے باعث بھگدڑ مچ جاتی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ تقسیم کے ناقص طریقہ کار پر ذمہ داروں کے خلاف کاررواٸی کا حکم دیا جائے جبکہ آٹے کا معیار بھی عالمی لیب سے چیک کروانے کی استدعا کی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اندوہناک واقعہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع فیکٹری میں پیش آیا تھا جہاں راشن کی تقسیم کی جارہی تھی، تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 3 بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد خواتین بے ہوش ہوگئیں۔

  • بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے

    بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے سیکریٹری صحت صالح محمد ناصر کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ تعینات کرنے سمیت بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرریاں و تعیناتیاں کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں، سیکریٹری صحت صالح محمد ناصر کو ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ تعینات کردیا گیا۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ زاہد سلیم کو ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تعیناتی کے منتظر وقاص علی محمود کو سیکریٹری صحت تعینات کردیا گیا، سیکریٹری ایکسائز محمد اکبر کو سیکریٹری انڈسٹریز تعینات کیا گیا ہے جبکہ سی ایم آئی ٹی ممبر ظفر علی بخاری کو سیکریٹری ایکسائز تعینات کیا گیا ہے۔

    سیکریٹری انڈسٹریز عابد سلیم قریشی کو بھی ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • کراچی کے لیے بجلی مزید مہنگی، فیصلہ کل ہوگا

    کراچی کے لیے بجلی مزید مہنگی، فیصلہ کل ہوگا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کی تقسیم کے ادارے کے الیکٹرک نے بجلی 1.62 روپے مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے جس پر سماعت کل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواستوں پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کل سماعت کرے گا۔

    کے الیکٹرک کی بجلی کی قیمت میں 1 روپے 62 پیسے اضافے کی درخواست کی گئی ہے، کراچی کے علاوہ باقی ملک کے لیے بجلی 86 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    نیپرا میں درخواستیں فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی گئیں، نیپرا سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ کرے گا۔