Tag: پاکستان کی خبریں

  • ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت سینکڑوں سرکاری افسران کا پیٹرول بند

    ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت سینکڑوں سرکاری افسران کا پیٹرول بند

    کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سمیت کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے 400 افسران کا پیٹرول بند کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے افسران کا پیٹرول بند کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے کے ایم سی افسران کو ملنے والا پیٹرول واجبات کی عدم ادائیگی پر بند کیا گیا۔

    پی ایس او ذرائع کے مطابق پی ایس او کے واجبات کی مد میں سو کروڑ روپے واجب الادا ہیں جن کی عدم ادائیگی کی بنا پر پی ایس او نے پیٹرول بند کردیا۔

    پیٹرول کی بندش کے باعث کے ایم سی کے 400 کے قریب افسران کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی اور میونسپل کمشنر بھی ان افسران میں شامل ہیں جنہیں اب سرکاری خرچ پر پیٹرول نہیں مل رہا۔

  • حکومت نے مزید کئی کھرب کا قرض لے لیا

    حکومت نے مزید کئی کھرب کا قرض لے لیا

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ 8 ماہ کے دوران بینکوں سے 2 ہزار 260 ارب روپے قرض لیا ہے، سال 2021 کے مقابلے میں سال 2022 میں حکومتی قرض کے حجم میں 9 کھرب روپے کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق بجٹ سپورٹ کے لیے حکومتی قرضوں کا حجم 2 ہزار ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جولائی 2022 تا مارچ 2023 حکومت نے بینکوں سے 2 ہزار 260 ارب روپے قرضہ لیا، گزشتہ سال اس عرصے میں 535 ارب روپے قرض لیا گیا تھا۔

    اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا ہے کہ جولائی سے مارچ تک مختلف کمپنیوں نے بھی 248 ارب روپے کے قرضے حاصل کیے ہیں، جس کا حجم گزشتہ سال کے اس عرصے میں 911 ارب روپے تھا۔

    خیال رہے کہ صرف دسمبر 2022 میں حکومت نے 92 ارب روپے کا قرض لیا تھا جبکہ دسمبر 2022 تک حکومت کا مجموعی قرض 51 کھرب روپے تک جا پہنچا تھا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2021 کے مقابلے میں حکومتی قرض میں 9 کھرب 50 کروڑ کا اضافہ ہوا، دسمبر 2021 میں حکومت کی جانب سے لیا جانے والا قرض 41 کھرب 54 کروڑ روپے تھا۔

  • وزیر اعظم کی قبائلی اضلاع کے ترقیاتی فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی قبائلی اضلاع کے ترقیاتی فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے انضمام شدہ فاٹا اضلاع کے لیے فوری طور پر ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر کے معاشی طور پر کمزور علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم سے انضمام شدہ فاٹا اضلاع کے ارکان، قومی اسمبلی کے پانچ رکنی وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں محسن داوڑ اور علی وزیر بھی شامل تھے۔

    وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف کو متعلقہ حلقوں کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا، وزیر اعظم نے انضمام شدہ فاٹا اضلاع کے لیے فوری طور پر ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متعلقہ اسکیموں کے لیے فنڈز کی منظوری ای سی سی و دیگر فورمز سے جلد کروائی جائے، حکومت انضمام شدہ فاٹا اضلاع کی ترجیحی بنیادوں پر ترقی کے لیے پر عزم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک بھر کے معاشی طور پر کمزور علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

  • سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس تعمیر، عثمان بزدار کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا

    سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس تعمیر، عثمان بزدار کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا

    لاہور: اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کرلیا، اینٹی کرپشن کے مطابق عثمان بزدار نے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے بزدار ہاؤس تعمیر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اراضی پر بزدار ہاؤس کی تعمیر کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو طلب کر لیا، اینٹی کرپشن پنجاب نے عثمان بزدار کو 30 مارچ کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے فورٹ منرو میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کیا، قبضہ شدہ سرکاری اراضی کے 2 کنال رقبہ پر بزدار ہاؤس تعمیر کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن کے مطابق اختیارات کے ناجائز استعمال اور عملے کی ملی بھگت سے 2 کنال کمرشل اراضی پر قبضہ کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے جعلسازی سے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

    اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ محکمہ مال کے افسران کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اراضی و تعمیر کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔

  • امارات کی جانب سے شامی زلزلہ متاثرین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئرز

    امارات کی جانب سے شامی زلزلہ متاثرین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئرز

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئرز روانہ کی گئی ہیں جس سے زلزلے میں معذور ہوجانے والے افراد کو امید کی نئی کرن ملی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ہلال احمر امارات کی جانب سے شام میں فروری میں آنے والے ہولناک زلزلے سے متاثرہ افراد کو طبی امداد اور سہولیات کے علاوہ الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کی جا رہی ہیں۔

    زلزلہ متاثرین کی امداد میں ضعیف افراد کے لیے ادویات اور غذائی سپلیمنٹس بھی شامل ہیں، امارات ہلال احمر کی جانب سے تمام پروگرام شامی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر ترتیب دیے گئے ہیں۔

    شام کے علاقے الاذقیہ میں الیکٹرک وہیل چیئرز وصول کرنے پر شامی عوام نے رمضان المبارک میں اس خصوصی مدد پر متحدہ عرب امارات سے اظہار تشکر کیا ہے۔

    وہیل چیئر حاصل کرنے والے شامی بچے زین العابدین نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے دو نئے پاؤں کی طرح ہے، اب میں اس کی مدد سے جہاں چاہوں جا سکتا ہوں اور یہ مجھے تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد کرے گی۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے شام میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادا کا سلسلہ جاری ہے جس میں صحت کے شعبے کے علاوہ تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے امداد بھی شامل ہے۔

  • وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا

    وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال اور 2 صوبوں میں عام انتخابات سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا، وفاقی کابینہ کا اجلاس شام 5 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں 2 صوبوں میں عام انتخابات سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب اپوزیشن میں تھے تب بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ماضی کی سیاسی انتقامی کارروائیوں پر کسی نے نوٹس نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ لاڈلے کی حکومت نے جو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا اس کی خلاف ورزی کی، عمران خان نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی اور پاکستان کو ڈیفالٹ کی نہج پر پہنچایا۔

  • خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

    خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والا گروہ گرفتار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں خاتون کی آڑ میں ڈکیتیاں کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کرلیا۔

    گروہ خاتون کی آڑ لے کر گھروں میں گھس کر وارداتیں کرتا تھا۔

    ایس پی ڈولفن زوہیب رانجھا کا کہنا ہے کہ گروہ کو پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی میں واردات کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گروہ میں شامل خاتون کے ہینڈ بیگ سے پستول بھی برآمد کیا گیا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق ساہیوال سے ہے، گروہ کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

  • کروڑوں تنخواہیں لینے والوں نے 10 سال میں زراعت میں کیا تحقیق کی؟ رپورٹ طلب

    کروڑوں تنخواہیں لینے والوں نے 10 سال میں زراعت میں کیا تحقیق کی؟ رپورٹ طلب

    اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے گزشتہ 10 سال میں زرعی شعبے میں کی گئی تحقیق کی رپورٹ طلب کر لی، کمیٹی کا کہنا تھا کہ سالانہ کروڑوں روپے کی تنخواہیں دی جارہی ہیں لیکن کام صفر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی آڈٹ رپورٹ 22-2021 کا جائزہ لیا گیا۔

    پی اے سی نے گزشتہ 10 سال میں زرعی شعبے میں کی گئی تحقیق کی رپورٹ طلب کر لی، کمیٹی چیئرمین نور عالم خان کا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے سے سالانہ 50 کروڑ روپے تنخواہیں دی جارہی ہیں لیکن سرکاری افسران کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔

    چیئرمین ایگری کلچر ریسرچ کونسل نے پی اے سی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسٹرابیری بھی زرعی سائنسدانوں کی تحقیق ہے۔

    پی اے سی نے اسٹرابیری کے بجائے گندم جیسی فصلوں پر توجہ دینے پر زور دیا، کمیٹی ارکان نے دریافت کیا کہ 10 سال میں گندم یا چاول کی کتنی اقسام متعارف کروائی گئی ہیں؟

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملکی میں پی ایچ ڈی ہولڈرز بہت زیادہ ہیں لیکن زرعی شعبے میں تحقیق نہیں ہے۔

  • رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک: پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، لوگ خریدنے سے قاصر

    رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچیں، قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ عام سبزی اور پھل بھی غریب کی پہنچ سے دور ہوگئے۔

    اس وقت ملک بھر میں پیاز 160 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، آلو 70 روپے کلو، بینگن 80 روپے کلو، کھیرا 70 روپے کلو اور بھنڈی 260 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    یہی حال پھلوں کا ہے، رمضان سے قبل 150 سے 200 روپے درجن ملنے والے کیلے اس وقت 400 روپے پر پہنچ گئے ہیں، سیب کی قیمت 430 روپے کلو پر جا پہنچی ہے۔

    رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے، کھجور 580 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ رمضان کے ابتدائی ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 48.35 فیصد تک پہنچ گئی۔

    20 سے 24 مارچ 2023 کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

  • مینار پاکستان جلسہ: پودوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان، تحریک انصاف پر جرمانہ

    مینار پاکستان جلسہ: پودوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان، تحریک انصاف پر جرمانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے بعد، پودوں اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچنے پر پارٹی کو جرمانہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی نے مینار پاکستان جلسے پر پاکستان تحریک انصاف کو جرمانہ کردیا، پی ایچ اے نے تحریک انصاف لاہور کے صدر کو مراسلہ ارسال کردیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے میں کروڑوں کا نقصان کیا، گریٹر اقبال پارک کو 2 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

    پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے مارچ 2022 میں ہونے والے جلسے کے نقصان کے 42 لاکھ روپے بھی تاحال ادا نہیں کیے۔

    پی ایچ اے کی جانب سے نراسلے میں کہا گیا کہ تحریک انصاف اس حالیہ نقصان کا ازالہ کرے۔