Tag: پاکستان کی خبریں

  • 3 سال کے دوران ملکی امپورٹ کی شرح میں اضافہ

    3 سال کے دوران ملکی امپورٹ کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ 3 سال کے دوران امپورٹ کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، یہ شرح ہر سال بتدریج بڑھتی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں کہا گیا ہے کہ 3 سال کے دوران ملکی درآمدات (امپورٹ) کی سالانہ شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ 20-2019 کے دوران 44 ہزار 553 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔

    وزارت تجارت کے مطابق 21-2020 کے دوران 56 ہزار 405 ملین ڈالر جبکہ 22-2021 کے دوران 80 ہزار 136 ملین ڈالر کی درآمدات ہوئی۔

    خیال رہے کہ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2022 تا جنوری 2023 تک 6 ارب ڈالرز کی غذائی اشیا درآمد کی گئیں، صرف جنوری 2023 میں غذائی اجناس کی درآمدات میں 1 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

    جولائی تا جنوری سالانہ بنیاد پر کھانے پینے کی اشیا کی درآمد 6 فیصد بڑھی۔

  • کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، 1 ہلاکت رپورٹ

    کرونا وائرس کیسز میں اضافہ، 1 ہلاکت رپورٹ

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ روز کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 106 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے ایک ہلاکت بھی ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 649 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 106 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 79 ہزار 113 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 213 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 92 لاکھ 33 ہزار 687 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.52 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 22 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • سیلاب کے 8 ماہ بعد بھی متاثرین دربدر

    سیلاب کے 8 ماہ بعد بھی متاثرین دربدر

    کراچی / کوئٹہ: صوبہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے 8 ماہ گزر جانے کے بعد بھی ہزاروں متاثرین تاحال بے گھر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 8 ماہ گزرنے کے باوجود سندھ میں ہزاروں سیلاب متاثرین تاحال بے گھر ہیں، سندھ بھر میں بے گھر سیلاب متاثرین کی تعداد 26 ہزار 203 ہے۔

    سندھ کے شہروں شکار پور، میرپور خاص، جیکب آباد اور ٹھٹھہ میں سیلاب متاثرین تاحال بے گھر ہیں، ملیر فلڈ ٹینٹ سٹی میں 5 ہزار 132 متاثرین تاحال رہائش پذیر ہیں۔

    بلوچستان کی یو سیز گڑھی صحبت پور اور ڈوڈیکہ میں سیلابی پانی کھڑا ہے، دونوں یو سیز میں سیلاب متاثرین عارضی رہائش اختیار کیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب زدہ اضلاع میں ملیریا وبائی شکل اختیار کر رہا ہے، صوبے میں اہم ادویات اور مچھر دانی تقسیم کرنے اور انسداد لاروا مہم جاری ہے۔

  • رواں برس فطرہ اور روزہ توڑنے کا کفارہ کتنا ہوگا؟

    رواں برس فطرہ اور روزہ توڑنے کا کفارہ کتنا ہوگا؟

    کراچی: رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے رواں برس رمضان المبارک میں فطرہ، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کی شرح کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ صدقہ فطر اور فدیے کی کم از کم مقدار 320 روپے فی کس ہے، اہل ثروت اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ و فدیہ ادا کریں۔

    مفتی منیب الرحمٰن کے مطابق رواں برس مختلف اجناس کے لحاظ سے فطرہ و ایک روزے کا فدیہ کچھ یوں ہوگا۔

    گندم کا آٹا 2 کلو (چکی والا)، فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ : 320 روپے۔

    جو (4 کلو)، فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ: 480 روپے۔

    کھجور (4 کلو)، فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ: 2800 روپے۔

    کشمش (درجہ اول 4 کلو)، فطرہ اور ایک روزے کا فدیہ: 6400 روپے۔

    مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ روزہ توڑنے کا کفارہ 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔

    ان کے مطابق گندم کے لحاظ سے روزہ توڑنے کا کفارہ 19 ہزار 200 روپے، جو کے لحاظ سے روزہ توڑنے کا کفارہ 28 ہزار 800 روپے، کھجور کے لحاظ سے روزہ توڑنے کا کفارہ 1 لاکھ 68 ہزار روپے جبکہ کشمش کے لحاظ سے روزہ توڑنے کا کفارہ 3 لاکھ 84 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

  • آئی ایم ایف کی شرائط: حکومت کا سعودی عرب اور امارات سے رابطہ

    آئی ایم ایف کی شرائط: حکومت کا سعودی عرب اور امارات سے رابطہ

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر تحریری ضمانت کے لیے حکومت پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے رابطے کر رہی ہے، تاحال دونوں ممالک کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس اور وزارت خزانہ حکام نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے رابطہ کیا ہے اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر دوست ممالک سے ڈپازٹ کے لیے تحریری ضمانت دینے کی درخواست کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور امارات کی جانب سے ڈپازٹ کے لیے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا، دوست ممالک نے آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی دینے کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دوست ممالک سے ڈپازٹ کی یقین دہانی کے بعد آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا، تحریری یقین دہانی کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل مذاکرات آگے بڑھیں گے۔

    ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے لیے باقی تمام معاملات طے پا چکے ہیں۔

  • دریائے سندھ سے 2 لاشیں برآمد، ایمبولینس نہ ملنے پر مال گاڑی میں اسپتال منتقل

    دریائے سندھ سے 2 لاشیں برآمد، ایمبولینس نہ ملنے پر مال گاڑی میں اسپتال منتقل

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر مورو میں دریائے سندھ سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ایمبولینس نہ ملنے پر لاشوں کو مال گاڑی میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مورو کے قریب دریائے سندھ سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں، لاشوں کی شناخت شریف چانڈیو اور اکرم کھوسو کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایمبولینس نہ ملنے پر لاشوں کو مال گاڑی میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کوریجہ برادری کے کسان بتائے جارہے ہیں، کوریجہ برادری کے 2 گروپوں میں زمینی تنازعے پر پہلے بھی ایک شخص قتل ہو چکا ہے۔

  • موسلا دھار بارش جاری: لاہور، اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

    موسلا دھار بارش جاری: لاہور، اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ

    لاہور / اسلام آباد: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث وفاقی و صوبائی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آ جانے کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش جاری ہے جس کے باعث لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام ڈی سیز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھیں۔

    ڈی جی اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کا عملہ بھی شہریوں کی مدد کے لیے تیار رہے۔

  • بچپن کا خواب پورا ہوگیا: مختلف فنکاروں کی عمران خان سے ملاقات

    بچپن کا خواب پورا ہوگیا: مختلف فنکاروں کی عمران خان سے ملاقات

    پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات کی سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، فنکاروں نے اسے ایک خوشگوار لمحہ قرار دیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

    جن شخصیات نے عمران خان سے ملاقات کی ان میں اداکار بلال قریشی اور ان کی اہلیہ، اداکار فہد مرزا، مشی خان، ڈیزائنر ماریہ بی، یوٹیوبر شاہ ویر جعفری، ان کی اہلیہ اور دیگر شامل تھے۔

    تمام فنکاروں نے اسے اپنے لیے ایک قابل فخر اور حیران کن لمحہ قرار دیا، اکثر نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے عمران خان سے ملنے کی خواہش رکھتے تھے جو آج پوری ہوگئی۔

    تمام افراد نے عمران خان کے ساتھ تصاویر اپنے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Mishi Khan MK (@mishikhanofficial2)

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Bilal Qureshi (@bilal.qureshi)

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Shahveer (@shahveerjay)

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی رمضان میں مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی رمضان میں مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رمضان میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ قیمتیں چیک کریں اور انہیں کنٹرول کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں 19 نکات شامل ہیں جن پر غور اور فیصلے ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ نے گزشتہ کابینہ اجلاس کے منٹس منظور کر لیے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رمضان میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ پرائس چیک کریں اور اس کو کنٹرول کریں، سیلاب اور بارشوں کے باعث ملک میں غربت بڑھی ہے، رمضان کے بابرکت مہینے میں مخیر حضرات مدد کریں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت غریب لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

  • پولیو کا خاتمہ: فرانس ساڑھے 5 کروڑ ڈالر دے گا

    پولیو کا خاتمہ: فرانس ساڑھے 5 کروڑ ڈالر دے گا

    اسلام آباد: پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی نے ساڑھے 5 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (اے ڈی ایف) نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے 5.5 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔

    اے ڈی ایف پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں تعاون کے لیے پرعزم ہے اور انسداد پولیو کی کوششوں میں عالمی شراکت داروں کی فہرست میں شامل ہے۔

    وفد نے عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ پولیو کے خاتمے میں پاکستان کی پیش رفت قابل تحسین ہے، عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ملک میں سال 2023 کا پہلا پولیو کیس رپورٹ ہوا۔

    قومی ادارہ صحت کی لیبارٹری نے پولیو کیس کی تصدیق کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو کیس صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں سے رپورٹ ہوا ہے۔