Tag: پاکستان کی خبریں

  • ’ڈالر کی فری فلوٹ پالیسی ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے‘

    ’ڈالر کی فری فلوٹ پالیسی ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے‘

    اسلام آباد: پاکستان بزنس فورم کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران ڈالر روپے کے مقابلے میں 100 روپے بڑھا، مہنگائی کی شرح میں 21 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بزنس فورم کے نائب صدر چوہدری احمد جواد کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے ایک سالہ اقتدار کے دوران ڈالر روپے کے مقابلے میں 100 روپے بڑھا۔

    پاکستان بزنس فورم کی جانب سے کہا گیا کہ ایک سالہ دور میں مہنگائی کی شرح میں 21 فیصد اضافہ دیکھا گیا، ڈالر کی فری فلوٹ پالیسی ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے۔

    چوہدری جواد نے کہا کہ ملک کے معاشی نظام کو مہاتیر محمد اکنامک ماڈل کی ضرورت ہے، آئی ایم ایف پاکستان کے ساتھ انصاف نہیں کر رہا، بدقسمتی ہے کہ ہماری حکومتیں ہمیشہ آسان راستہ لیتی ہیں، آئی ایم ایف کے پاس جانا غلطی تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملکی کرنسی کا یہی حال رہا تو مڈل کلاس طبقہ سڑک پر آجائے گا۔

  • کرونا وائرس: ملک میں درجنوں نئے کیسز ریکارڈ

    کرونا وائرس: ملک میں درجنوں نئے کیسز ریکارڈ

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، گزشتہ روز کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 71 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 644 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 71 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 77 ہزار 412 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 860 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 92 لاکھ 29 ہزار 474 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 1.46 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 11 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • پنجاب میں عام انتخابات کے لیے آر اوز اور ڈی آر اوز تعینات

    پنجاب میں عام انتخابات کے لیے آر اوز اور ڈی آر اوز تعینات

    لاہور: صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران (آر او)، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) کی تعیناتیاں کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران (آر او) اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کی تقرری کردی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کو بیورو کریسی سے لیا گیا ہے، پنجاب میں انتخابات کے لیے 36 ڈی آر اوز اور 297 آر اوز کی تعیناتی کی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں پنجاب میں انتخابات کے لیے 594 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر (اے آر اوز) کی بھی تعیناتی کردی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کے لیے سعید گل کی بطور آر او تعیناتی کی گئی ہے۔

  • پنجاب اور پختونخواہ میں انتخابات کے لیے کتنی سیکیورٹی چاہیئے؟

    پنجاب اور پختونخواہ میں انتخابات کے لیے کتنی سیکیورٹی چاہیئے؟

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کے لیے پولیس کے علاوہ 3 لاکھ 53 ہزار سیکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدرات الیکشن سیکیورٹی سے متعلق ہونے والے اجلاس میں اداروں کو الیکشن کمیشن کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ دونوں صوبوں میں پولیس کے علاوہ 3 لاکھ 53 ہزار سیکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے، صوبہ پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 2 لاکھ 97 ہزار اہلکار درکار ہوں گے۔

    بریفنگ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیس کے علاوہ 56 ہزار مزید اہلکار درکار ہوں گے۔

    دونوں صوبوں میں تقریباً 67 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، پنجاب میں 52 ہزار اور پختونخواہ میں 15 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ڈی آر اوز انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کریں گے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں دیگراداروں کے اہلکار درکار ہوں گے۔

  • سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز 8 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

    سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز 8 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

    کراچی: صوبہ سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں نہ ملنے پر کراچی پریس کلب کے سامنے محو احتجاج ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں کرونا ڈیوٹی کرنے والے ویکسی نیٹرز گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں۔

    درجنوں ویکسی نیٹرز کراچی پریس کلب کے سامنے تیسرے روز بھی احتجاج کر رہے ہیں، مظاہرین نے ریڈ زون جانے کی بھی کوشش کی جو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے ناکام بنا دی۔

    ویکسی نیٹرز کا کہنا ہے کہ آج شام 4 بجے تک تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔

    ملازمین نے فوری طور پر تنخواہیں دینے کے ساتھ ساتھ مستقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • ’دفاعی پیداوار کے لیے سرکاری انتظامی ماڈل کو بہتر بنانے کی ضرورت‘

    ’دفاعی پیداوار کے لیے سرکاری انتظامی ماڈل کو بہتر بنانے کی ضرورت‘

    اسلام آباد: ملک میں دفاعی پیداواری صلاحیت کے موضوع پر سیمینار میں مقررین نے کہا کہ پاکستان کو اپنی دفاعی پیداواری صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، اسٹیبلشمنٹ کو نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دفاعی پیداواری صلاحیت کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا، سیمینار میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، وائس ایڈمرل (ر) افتخار احمد راؤ اور ایم ڈی کراچی شپ یارڈ ایئر وائس مارشل (ر) اسد اکرام نے خطاب کیا۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ دفاعی پیداوار کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا چاہیئے، دفاعی پیداوار کے لیے سرکاری انتظامی ماڈل کو بہتر بنانے اور تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

    مقررین کے مطابق پبلک سیکٹر، پرائیوٹ سیکٹر کو سپورٹ کر کے تحقیق و ترقی اور پیداوار کی منتقلی کو فروغ دے، تحقیق و ترقی کے فروغ کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کی مالی معاونت کرنی چاہیئے۔

    خطاب میں کہا گیا کہ پاکستان کو اپنی دفاعی پیداواری صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، تعلیم اور معیاری تحقیق و ترقی، انسانی صلاحیت کے شعبوں میں ترقی اور پیش رفت کا باعث ہے، صنعتکاری، ٹیکنالوجی، اکیڈمی و انڈسٹری میں روابط نجی شعبے کو ترقی کا ماحول فراہم کرتے ہیں۔

  • تعلیم یافتہ اور خود اعتماد خواتین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں: بلاول بھٹو

    تعلیم یافتہ اور خود اعتماد خواتین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ملک کے ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت ضروری ہے، تعلیم یافتہ اور خود اعتماد خواتین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کی بھرپور شرکت کے بغیر ملک کو ترقی یافتہ بنانے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملک کے ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت ضروری ہے، تعلیم یافتہ اور خود اعتماد خواتین پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی خواتین کی قدر و منزلت کے حوالے سے منفرد تاریخ رکھتی ہے، مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم پیپلز پارٹی کا اعزاز ہے، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیر خارجہ بنانا بھی پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہے۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا خواب تھا کہ خواتین کو زندگی کی ہر شعبے میں برابری حاصل ہو۔

  • موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے: وزیر اعظم

    موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کےموقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو عالمی دن کے موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، اس دن کا مقصد معاشرے میں خواتین کے کلیدی کردار کو پہچاننے کا اعتراف کرنا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ انسانی معاشرے کی ترقی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہ تھی، خواتین کا ہر روپ انسان کو معاشرے کا کارآمد رکن بنانے میں مصروف نظر آتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے 14 سو سال قبل خواتین کے حقوق کے بارے میں تنبیہ کی، موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروف ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت خواتین کو منصفانہ حقوق کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے، خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے، وراثت، تعلیم اور لیپ ٹاپس کی فراہمی میں خواتین کے لیے اقدامات کیے۔

  • ملک کا مجموعی قرض 54 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا

    ملک کا مجموعی قرض 54 کھرب روپے سے تجاوز کرگیا

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک کا مجموعی حکومتی قرض 54 کھرب 94 ارب سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ صرف بیرونی قرض 20 کھرب 68 ارب 30 کروڑ روپے ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مجموعی حکومتی قرض جنوری 2023 میں 54 کھرب 94 ارب 20 کروڑ روپے ہوگیا۔

    دسمبر 2022 کے مقابلے میں مجموعی قرض میں 7.7 فیصد یعنی 3 کھرب 94 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    گزشتہ برس کا تقابل کیا جائے تو جنوری 2022 سے اب تک مجموعی قرض میں 29.6 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری 2023 میں صرف بیرونی قرض 20 کھرب 68 ارب 30 کروڑ روپے ہوگیا۔

    بیرونی قرض گزشتہ جنوری 2022 کے مقابلے میں 38.1 فیصد اور دسمبر 2022 کے مقابلے میں 15.7 بڑھ گیا۔

  • سندھ میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا: مراد علی شاہ

    سندھ میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا: مراد علی شاہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کرنا ہوگی، صوبے میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کے تحفظ کے عزم کا یقین دلاتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کی افتتاحی کانفرنس سے خطاب کیا۔

    کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عالمی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی سائنس کا ادارہ تعارف کا محتاج نہیں، مسلم ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غربت، غذائی عدم تحفظ اور کلائمٹ چینج کے مسائل کا حل سائنس سے ممکن ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی سے ہم ان مسائل سے نمٹ سکتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کرنا ہوگی، صوبے میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کے تحفظ کے عزم کا یقین دلاتا ہوں۔