Tag: پاکستان کی خبریں

  • کراچی میں 2 روٹس پر پنک بس سروس کا آغاز

    کراچی میں 2 روٹس پر پنک بس سروس کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج سے 2 روٹس پر پنک پیپلز بس سروس چلائی جارہی ہے، روٹ نمبر 2 پر ٹوٹل 8 بسیں اور روٹ نمبر 10 پر 2 پنک بسیں چلائی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آج سے 2 روٹس پر پنک پیپلز بس سروس چلائی جارہی ہے، روٹ نمبر 2 اور روٹ نمبر 10 پر خواتین کے لیے مخصوص پنک بسیں چلیں گی۔

    روٹ نمبر 2 کی پنک بس پاور ہاؤس چورنگی سے کورنگی انڈس اسپتال تک چلے گی جبکہ روٹ نمبر 10 کی پنک بس نمائش سے سی ویو تک چلائی جائے گی۔

    روٹ نمبر 2 پر ٹوٹل 8 بسیں اور روٹ نمبر 10 پر 2 پنک بسیں چلائی جارہی ہیں، روٹ نمبر 1 پر مزید 2 بسیں بڑھا دی گئیں جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی۔

    پنک بس سروس کے ڈرائیور مرد جبکہ کنڈیکٹر خواتین ہوں گی۔

  • ملک کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل باعث تشویش ہیں: صدر مملکت

    ملک کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل باعث تشویش ہیں: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل ہونا باعث تشویش ہے، مینٹل ہیلتھ پروفیشنلز کو استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیت دینا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت نفسیاتی صحت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں صدر پاکستانی امریکن سائیکٹرک ایسوسی ایشن، قومی کمیشن انسانی حقوق، عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں، پاکستان سائیکٹری سوسائٹی، وزارت صحت اور نفسیاتی صحت کے ماہرین نے شرکت کی۔

    اجلاس میں صدر مملکت نے ذہنی صحت کے علاج اور روک تھام کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی 24 فیصد آبادی کو نفسیاتی صحت کے مسائل ہونا باعث تشویش ہے، نفسیاتی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صرف 5 سے 6 سو ماہرین نفسیات ہیں۔

    انہوں نے ذہنی صحت کے پروفیشنلز کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز کو استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیت دینا ہوگی۔

    اجلاس کے شرکا نے نفسیاتی صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز دیں۔

  • پالتو بلی کی موت پر زمیندار نے مقدمہ درج کروا دیا

    پالتو بلی کی موت پر زمیندار نے مقدمہ درج کروا دیا

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک زمیندار نے اپنی بلی کے قتل کا مقدمہ درج کروا دیا، بلی کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ چونترہ کے علاقے میں زمیندار نے اپنی پالتو بلی کو گولی مار کر قتل کرنے پر مقدمہ درج کروا دیا۔

    مقدمہ زمیندار محمد عثمان کی درخواست پر خرم شہزاد نامی شہری کے خلاف درج کیا گیا۔

    مدعی کا کہنا ہے کہ وہ بلی کے ساتھ کھیتوں پر جا رہا تھا جب خرم شہزاد نے 12 بور کی رائفل سے گولی چلائی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بلی کا پوسٹ مارٹم کر کے خرم شہزاد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ بلی کی موت کے واقعے کی مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

  • حکومت اسکولوں میں فرنیچر نہیں دے سکتی تو تعلیم کیا دے گی؟ عدالت برہم

    حکومت اسکولوں میں فرنیچر نہیں دے سکتی تو تعلیم کیا دے گی؟ عدالت برہم

    سکھر: صوبہ سندھ میں سرکاری اسکولز بند ہونے کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومت اسکولوں میں فرنیچر ہی مہیا نہیں کر سکتی تو تعلیم کیا فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ میں سرکاری اسکولز بند ہونے کے کیس کی سماعت کی گئی۔ عدالت نے دریافت کیا کہ سندھ میں بند اسکولز کی تعداد کتنی ہے؟ ڈائریکٹر تعلیم نے بتایا کہ سکھر میں 219 بند اسکول دوبارہ کھولے جا رہے ہیں۔

    جسٹس صلاح الدین کا کہنا تھا کہ کیا بلڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے اسکول بند یا ختم کر دیے جائیں گے؟

    عدالت کو بتایا گیا کہ ضلع سانگھڑ میں 201 اسکول تاحال بند ہیں، تھر پارکر میں 628 اسکول بند ہیں جن میں سے 95 کھول دیے گئے ہیں، عمر کوٹ میں 417 اسکول بند ہیں جن میں سے 69 کھولے گئے ہیں۔

    عدالت نے کہا کہ عدالت میں جمع کروائے گئے اعداد و شمار غلط نکلے تو کارروائی کی جائے گی، سرکاری اسکولوں میں غریبوں کے بچے پڑھتے ہیں، فرنیچر ہی مہیا نہیں کر سکتے تو تعلیم کیا فراہم کریں گے۔

  • کراچی والوں کے لیے بجلی مزید مہنگی

    کراچی والوں کے لیے بجلی مزید مہنگی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں پر ایک اور بم گرا دیا گیا، کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کی درخواستوں پر سماعت مکمل کرلی۔ درخواستیں فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تھیں۔

    کے الیکٹرک صارفین کے لیے فیول پرائس کی مد میں بجلی مہنگی کردی گئی، فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں 1 روپے 71 پیسے کا اضافہ منظور کرلیا گیا۔ کے الیکٹرک نے 2 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست تھی۔

    سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 36 پیسے کمی کی درخواست کی گئی تھی جس پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا، ایف سی اے اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم نے اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا، ان کا کہنا تھا کہ موبائل اسکولز کے ذریعے دیہات میں بھی بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسکول آن ویلز کے منصوبے کا افتتاح کردیا، وزیر اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بچوں کو تعلیم سے لیس کریں گے تو انشا اللہ یہ ملک کے معمار بنیں گے، یہ منصوبہ دیہات تک بھی پھیلائیں گے جو قومی خدمت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں، موبائل اسکولز کے ذریعے دیہات میں بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ امید ہے موبائل اسکولز کا پروگرام دیہات میں انقلاب لے کر آئے گا۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کو گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک لے کر جائیں گے۔

  • مینگرووز درختوں کی بدولت سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول

    مینگرووز درختوں کی بدولت سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر جنگلات تیمور تالپور کا کہنا ہے کہ تیمر (مینگرووز) کے جنگلات سے کاربن کریڈٹ کی مد میں سندھ حکومت کو 3 ارب روپے موصول ہوئے۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر جنگلات تیمور تالپور کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور میں بھی تسلیم کیا گیا کہ سندھ کے محکمہ جنگلات نے بہتر کام کیا۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے مینگرووز سے کاربن کریڈٹ دنیا خرید رہی ہے، سندھ حکومت ایک ہیکٹر پر 10 ہزار روپے میں مینگرووز لگا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مینگروز سے کاربن کریڈٹ کی مد میں سندھ حکومت کو 3 ارب روپے وصول ہوئے، مینگرووز لگانے پر 3 دفعہ سندھ حکومت کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں آیا۔

  • پاکستانیوں کے لیے ٹرانزٹ ویزا، سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکام نے پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے افراد کے لیے ٹرانزٹ ویزا کے حوالے سے ہدایات اور وضاحت جاری کی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ٹرانزٹ ویزے کی سہولت کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا پاکستان سے آنے والوں کو ٹرانزٹ ویزا مل سکتا ہے۔

    مملکت کا ٹرانزٹ ویزا کسی بھی ملک کے ان شہریوں کو جاری کیا جاتا ہے جو مملکت سے ہوتے ہوئے کسی دوسرے ملک جا رہے ہوں۔

    اگر پاکستان سے یورپ یا کسی اور ملک کا ویزا لگایا ہے اور وہاں جانے سے قبل سعودیہ ایئر یا ناس ایئر کی فلائٹ سے کنکٹنگ ٹکٹ خریدا جائے، اس صورت میں 4 دن کے لیے ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جاتا ہے جس کی انٹری سعودی عرب کے کسی بھی بین الاقوامی ایئر پورٹ پر متعین امیگریشن اہلکار کرتے ہیں۔

    حال ہی میں سعودی حکام کی جانب سے ٹرانزٹ ویزا متعارف کروایا گیا ہے جس کی کوئی فیس نہیں تاہم اس ویزے کی 2 بنیادی شرائط ہیں۔

    اول یہ کہ مسافر کی منزل کوئی دوسرا ملک ہو اور راستے میں وہ سعودی عرب مختصر قیام کرنا چاہتا ہو، اس صورت میں اسے ٹرانزٹ ویزا جاری کیا جاتا ہے۔

    دوسری اہم شرط یہ ہے کہ ٹرانزٹ ویزا صرف سعودیہ یا ناس ایئر لائن کے مسافروں کو ہی جاری کیا جاتا ہے، کسی اور ایئر لائن سے سفرکرنے والوں کو یہ سہولت فراہم نہیں کی جاتی۔

    ٹرانزٹ ویزے کے حصول کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ فضائی مسافر السعودیہ اور ناس ایئر کے الیکڑانک پلیٹ فارم سے ٹرانزٹ ویزے کی درخواست کریں گے جو خود کار سسٹم کے تحت دفتر خارجہ کے قومی ویزا پلیٹ فارم میں منتقل ہوجائے گی۔

    دفتر خارجہ اس پر فوری کارروائی کر کے ڈیجیٹل ویزا جاری کرے گا جو ای میل پر امیدوار کو بھیجا جائے گا۔

  • گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    گھر بنانا مشکل ہوگیا، تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر

    ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا جس کے بعد تعمیراتی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکسز میں بے تحاشہ اضافے کے بعد ہر شعبے کی طرح تعمیراتی شعبہ بھی ٹھپ ہوگیا۔

    عام شہری کا گھر بنانا خواب ہوگیا جبکہ بلڈرز نے بھی اپنے پروجیکٹس ادھورے چھوڑ دیے۔

    تعمیرات میں استعمال ہونے والے سریے، بجری اور سیمنٹ وغیرہ کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں، صرف ایک ماہ قبل ڈیڑھ لاکھ روپے فی ٹن ملنے والا سریا 3 لاکھ روپے میں فروخت ہورہا ہے۔

    تعمیراتی سامان فروخت کرنے والے دکاندار بھی پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کے بعد سامان کی کھپت نصف ہوچکی ہے۔

    عام افراد اور بلڈرز کا کہنا ہے کہ ٹیکسز میں کمی کی جائے اور پائیدار معاشی حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ ملک بھر میں ٹھپ پڑا کاروبار کا پہیہ پھر سے چل سکے۔

  • کراچی: انسانوں کے بعد جانوروں کو بھی اغوا کیا جانے لگا، تاوان طلب

    کراچی: انسانوں کے بعد جانوروں کو بھی اغوا کیا جانے لگا، تاوان طلب

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انسانوں کے بعد جانوروں کو بھی تاوان کے لیے اغوا کیا جانے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے بھی اغوا برائے تاوان کا انکشاف ہوا ہے۔

    بھینس کالونی کے اطراف نا معلوم ملزمان کا گینگ متحرک ہے جسے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز مویشی چھڑوانے کے لیے بھتہ دینے پر مجبور ہیں۔

    ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ جانوروں کو اغوا کے بعد بھتہ لے کر چھوڑا جاتا ہے، 2 ماہ کے دوران 7 ڈیری فارمرز کے مویشی اسلحے کے زور پر چھینے گئے۔

    علاوہ ازیں لنک روڈ پر مویشیوں سے بھری گاڑیاں بھی اسلحے کے زور پر چھینی جا رہی ہیں۔

    2 روز قبل مویشیوں سے بھری گاڑی چھیننے کا مقدمہ اسٹیل ٹاون تھانے میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق 6 ملزمان اسلحے کے زور پر مویشیوں سے بھرا ٹرک لے گئے۔