Tag: پاکستان کی خبریں

  • بسنت کے دوران قاتل ڈور نے درجنوں پرندوں کی بھی جان لے لی

    بسنت کے دوران قاتل ڈور نے درجنوں پرندوں کی بھی جان لے لی

    لاہور: صوبہ پنجاب میں بسنت کے تہوار کے دوران پتنگ کی تیز دھار ڈور انسانوں کے ساتھ ساتھ پرندوں کے لیے بھی ہلاکت خیز بن گئی، درجنوں جانور اور پرندے ڈور پھرنے سے شدید زخمی اور ہلاک ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں بسنت کے تہوار کے دوران پتنگ بازی سے انسانوں کے ساتھ ساتھ بے زبان پرندے بھی محفوظ نہیں، ٹیپو روڈ پر پتنگ کی قاتل ڈور پھرنے سے ننھی چڑیا بے حس و حرکت نیچے آن گری۔

    بسنت کے تہوار کے دوران پتنگ کی تیز دھار ڈور سے متعدد جانور اور پرندے بھی ہلاک ہوتے ہیں۔

    اکثر پرندے ڈور میں پھنسنے سے شدید زخمی بھی ہوجاتے ہیں۔

    راولپنڈی میں 24 فروری کو بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ سے 3 افراد بھی جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • بلوچستان میں مغربی ہواؤں اور بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان

    بلوچستان میں مغربی ہواؤں اور بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے کا امکان

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے اکثر علاقوں میں 28 فروری سے یکم مارچ کے دوران تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے جس سے فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں مغربی ہواؤں اور بارش کا نیا سسٹم داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے، 28 فروری کو مغربی ہوائیں مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 فروری سے یکم مارچ کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    ان علاقوں میں کوئٹہ، ژوب، خضدار، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبد اللہ، چمن اور پشین شامل ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارانی علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

  • ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے مزید 21 ٹرک روانہ

    اسلام آباد / انقرہ: ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان سے 21 ٹرکوں پر مشتمل قافلہ امدادی سامان لے کر سب سے متاثرہ شہر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ترک زلزلہ متاثرین کے لیے ٹرکوں کا قافلہ امدادی سامان لے کر ملاتیا پہنچ گیا، قافلہ 21 ٹرکوں پر مشتمل ہے جس میں 275 ٹن امدادی سامان موجود ہے۔

    پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ملاتیا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں سے ایک ہے، پاکستانی امدادی سامانِ ایران کے راستے ترکی پہنچا۔

    اب تک 20 پروازیں امدادی سامان ترکی لے کر پہنچی ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی شاندار تاریخ رکھتے ہیں۔

  • گوجرانوالہ: سینٹرل جیل انتظامیہ نے پی ٹی آئی کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی

    گوجرانوالہ: سینٹرل جیل انتظامیہ نے پی ٹی آئی کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی

    لاہور / گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کی سینٹرل جیل انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی، جیل انتظامیہ کے مطابق جیل میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل گوجرانوالہ کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی، جیل انتظامیہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ بھی کر دیا۔

    جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں مزید قیدی رکھنے کی گنجائش موجود نہیں ہے، سینٹرل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہے، جیل میں پہلے سے 33 سو سے زائد قیدی موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں گرفتار کارکنان کو دوسری جیلوں میں منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

  • پنجاب کی نگران حکومت نے 2 سال سے جاری ترقیاتی منصوبے روک دیے

    پنجاب کی نگران حکومت نے 2 سال سے جاری ترقیاتی منصوبے روک دیے

    لاہور: صوبہ پنجاب کی نگران حکومت نے 2 سال سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز روک دیے، کنسٹرکٹرز کو دیے گئے چیک باؤنس ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نگران حکومت نے گوجرانوالہ میں 2 سال سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز روک دیے، چیک کیش نہ ہونے پر کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں جاری منصوبے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس، صحت، تعلیم اور دیگر اداروں میں جاری کام مکمل بند کردیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق عام آدمی کا دیا چیک کیش نہ ہونے پر مقدمہ درج ہو جاتا ہے، حکومت کے بوگس چیک پر کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوتا۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کنسٹرکٹرز کو ادائیگی کے بجائے ارکان قومی اسمبلی 50، 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہو رہے ہیں۔ الیکشن کا بہانہ بنا کر تمام جاری منصوبوں کے فنڈز منجمد کر دیے گئے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت کے بعد ملک کی سب سے بڑی انڈسٹری کنسٹرکشن کی ہے، ترقیاتی کام بند ہونے سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوجائیں گئے۔

  • کراچی پولیس آفس حملہ: گاڑی کے پرانے مالک کا بیان ریکارڈ

    کراچی پولیس آفس حملہ: گاڑی کے پرانے مالک کا بیان ریکارڈ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہونے والے پولیس آفس حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، حملے میں استعمال کی گئی گاڑی بیچنے والے شوروم مالک اشفاق کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی آخری مرتبہ 2016 میں فروخت کی گئی تھی، گاڑی بیچنے والے شوروم مالک اشفاق کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔

    شوروم مالک کا کہنا ہے کہ گاڑی آخری مرتبہ محمد شفیق نامی شخص کو فروخت کی تھی، محمد شفیق کوئٹہ کا رہائشی تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کی خرید و فروخت کی دستاویز نہ ہونے سے تحقیقاتی حکام کو مشکلات کا سامنا ہے، محمد شفیق سے رابطے اور تلاش کے لیے دیگر تحقیقاتی اداروں سے مدد لی جائے گی۔

    خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔

  • آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے: وفاقی وزیر

    واشنگٹن: وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے تجارت نوید قمر نے واشنگٹن میں پاک امریکا ٹیفا اجلاس سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیفا اجلاس میں زراعت، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم معاملات پر بات ہوئی۔

    نوید قمر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے، پاکستان اس وقت بہت زیادہ معاشی دباؤ کا شکار ہے۔ امریکا پاکستانی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے، ہمیں برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد زرمبادلہ ذخائر تیزی سے بڑھیں گے، مذاکرات کی کامیابی سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے کپاس کی فصل سب سے زیادہ متاثر ہوئی، اس وقت کپاس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا سے تجارت کو فروغ دینے کے لیے کاروباری طبقے کو مراعات فراہم کریں گے، توقع کرتے ہیں کہ پاکستان کے لیے یو ایس ایڈ پروگرام پر مثبت پیش رفت ہوگی۔

  • عدلیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری ادا نہ کریں: شیخ رشید

    عدلیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری ادا نہ کریں: شیخ رشید

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایپکس کمیٹی یہ تو کہہ رہی ہے کہ ملک داخلی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، لیکن یہ نہیں بتا رہی کہ الیکشن کی تاریخ کس نے دینی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ امید ہے آئندہ 10 دنوں میں سپریم کورٹ بتادے گی کہ الیکشن کی تاریخ کس نے دینی ہے اور خلاف ورزی پر کس نے جیل جانا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدلیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری ادا نہ کریں، ساری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، وزیر داخلہ، دفاع اور مریم نواز عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کہہ رہی ہے کہ ملک داخلی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن یہ نہیں بتارہی الیکشن کی تاریخ کس نے دینی ہے۔

    سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چچا کے بچت کا دعویٰ بھتیجی کے 18 رکنی شاہانہ سیکیورٹی اسکواڈ پر لاگو نہیں۔

  • بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی جس سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ شٹرنگ گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزدوروں کو نکالنے کا کام شروع کیا جس کے بعد ایک مزدور کی ہلاکت کا علم ہوا جبکہ بقیہ مزدور زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔

    بعد ازاں ایک اور مزدور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، تینوں مزدوروں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریلر نے 2 پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا، ٹریلر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس کے بعد کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے بھارہ کہو واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • کراچی میں دودھ من مانی قیمتوں پر فروخت

    کراچی میں دودھ من مانی قیمتوں پر فروخت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں دودھ من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جارہا ہے، دودھ کی فی کلو قیمت 220 روپے تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا، مختلف علاقوں میں دودھ 210 سے 220 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔

    ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دودھ کی قیمت بڑھانی پڑی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والے دکان دار نے پوچھ گچھ پر طیش میں آ کر اسسٹنٹ کمشنر پر فائرنگ کردی تھی۔

    کراچی کے علاقے سچل سکندر گوٹھ میں میں مہنگے داموں دودھ کی فروخت کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر عام شہری بن کر گئے تو ان پر دودھ فروش نے فائرنگ کردی۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ دکاندار سے سرکاری ریٹ پوچھے تو وہ طیش میں آگیا، انہوں نے پولیس موبائل طلب کی تو دودھ فروش نے دکان بند کردی اور جب باہر نکلنے کا کہا تو اس نے فائرنگ کردی۔