Tag: پاکستان کی خبریں

  • کراچی: زمین میں دفن کیا گیا بوریوں میں بھرا اسلحہ برآمد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کے ڈی اے لینڈ سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے، اسلحہ بوریوں میں بھر کے زمین میں دفن کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن لنک روڈ کے ڈی اے لینڈ سے بھاری اسلحہ ملا ہے، برآمد ہتھیاروں میں کئی ہتھیار 31 جنوری کو چوری ہوئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کھدائی کے بعد نکالے گئے بورے نئے جبکہ اسلحہ پرانا ہے، ہتھیار حلیم عادل شیخ کے بھائی کی سیکیورٹی کمپنی کے تھے۔

    چوری کا مقدمہ 7 فروری کو شاہ لطیف میں درج ہوا تھا، شاہ لطیف اور اسٹیل ٹاؤن کے مقدمات میں ایک جیسے کئی نمبر موجود ہیں۔

    ذرائع کے مطابق 6 بوریوں سے ملنے والا زیادہ تر اسلحہ چوری شدہ ہے، بورے سے میٹل ڈیٹکٹر اور وائر لیس سیٹ بھی ملا ہے۔ تمام برآمد شدہ ہتھیار اور دیگر سامان اسٹیل ٹاون تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

  • طلاق کے بعد زندگی انتہائی پرسکون ہوگئی ہے: کرن اشفاق

    معروف پاکستانی اداکار عمران اشرف کی سابق اہلیہ اور ماڈل کرن اشفاق کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد ان کی زندگی انتہائی پرسکون ہوچکی ہے، ان سے نہیں عمران سے پوچھا جائے کہ طلاق کیوں ہوئی۔

    اداکار عمران اشرف کی سابق اہلیہ ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق نے پہلی بار طلاق کے بعد مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے سوال کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ طلاق کا سبب ان سے نہیں بلکہ ان کے سابق شوہر سے معلوم کیا جائے۔

    عمران اشرف اور کرن اشفاق نے اکتوبر 2022 میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی وجوہات نہیں بتائی تھیں۔

    دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2020 میں بیٹے روہان کی پیدائش ہوئی تھی۔

    دونوں میں کبھی اختلافات کی خبریں سامنے نہیں آئی تھیں جبکہ ان کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا تھا اور ان کی طلاق ہوجانے پر ان کے مداح حیران رہ گئے تھے۔

    طلاق کے بعد جہاں عمران اشرف اپنی معمول کی زندگی کی جانب لوٹ آئے، وہیں ان کی سابق اہلیہ کرن اشفاق نے بھی اپنی سرگرمیاں شروع کردیں۔

    حال ہی میں کرن اشفاق نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے پہلی بار طلاق اور اس کے بعد کی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد ان کی زندگی انتہائی پرسکون ہوچکی ہے۔

    ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ ان کی طلاق کا سبب کیا تھا، وہ تو انہیں مثالی جوڑا سمجھتے تھے؟ جس پر کرن اشفاق نے جواب دیا کہ ہر چمکنے والی چیز سونا نہیں ہوتی۔

    ایک مداح نے پوچھا کہ انہوں نے سابق شوہر کے ساتھ کھنچوائی گئی تمام تصاویر انسٹاگرام سے کیوں ڈیلیٹ کیں جب کہ عمران اشرف نے کوئی تصویر ڈیلیٹ نہیں کی؟

    اس پر کرن اشفاق نے جواب دیا کہ عمران اشرف کے انسٹاگرام پر ان کی 10 سے 12 تصاویر ہی ہوں گی جب کہ ان کا پورا اکاؤنٹ تصاویر سے بھرا پڑا تھا، جس وجہ سے انہیں ڈیلیٹ کرنی پڑیں۔

    ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ عمران اشرف ہمیشہ ٹی وی انٹرویوز میں کہتے تھے کہ کرن اشفاق ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی ہیں، وہ ان سے شادی کے بعد ہی مشہور ہوئے۔

    اس پر کرن اشفاق نے کہا کہ پھر لوگ انہیں یہ طعنے کیوں دیتے ہیں کہ انہوں نے ایک نامور شخص سے شادی کی اور صرف شہرت کو ہی دیکھا۔

    ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ عمران اشرف اتنے اچھے ہیں، انہوں نے ان سے طلاق کیوں لی؟ اس پر کرن اشفاق نے کہا کہ وہ عمران اشرف سے پوچھیں کہ انہوں نے کرن اشفاق کو طلاق کیوں دی۔

  • تعمیراتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    تعمیراتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ 24 گھنٹے کام یقینی بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے جائزہ کمیٹی قائم کردی۔

    وزیر اعظم نے بارہ کہو بائی پاس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مربوط نظام کے حوالے سے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، دیہی علاقوں کی ترقی پر حکومت 10 ارب روپے خرچ کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر 24 گھنٹے کام یقینی بنایا جائے۔

    وزیر اعظم نے اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں پر کام کو تیز کرنے اور پارکنگ کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے جاری منصوبوں کو بین الاقوامی معیار پر تعمیر کیا جائے اور منصوبوں کو شفاف اور ان کا طریقہ کار آن لائن بنایا جائے۔

  • کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی پولیس آفس میں حملے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں جمع کروا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کار موجود ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس آفس میں 17 فروری کو دہشت گردوں نے حملہ کیا، شام 7 بج کر 15 منٹ پر وائر لیس کے ذریعے حملے کی اطلاع ملی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں آپریشن ترتیب دیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، 2 دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے، مقدمہ 18 فروری کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر درج کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے 5 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے۔

    ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، 3 دہشت گرد گاڑی میں سوار ہو کر پولیس صدر لائن پہنچے تھے، صدر پولیس لائن کے قریب کھڑی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔

    کار سوار دہشت گردوں کے ساتھ مزید 2 دہشت گرد موٹر سائیکل پر بھی آئے تھے، موٹر سائیکل پر 2 دہشت گرد ان تینوں سے گلے مل کر فرار ہوگئے تھے، موٹر سائیکل پر آئے دہشت گردوں نے آفس کی نشاندہی کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں سے 5 دستی بم اور 2 خودکش جیکٹس ملی جنہیں ناکارہ بنایا گیا۔

    حملے کا مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمے میں دھماکہ خیز مواد 3 اور 4 کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، پولیس آفس میں موجود تمام افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

  • چین سے 70 کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور

    چین سے 70 کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے چین سے 700 ملین (70 کروڑ) ڈالر ملنے کا مژدہ سنا دیا، رقم آئندہ ہفتے اسٹیٹ بینک کو موصول ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چینی ترقیاتی بینک کے بورڈ نے پاکستان کو 700 ملین (70کروڑ) ڈالر کی منظوری دے دی۔

    وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ضابطے کے مطابق چین کے ترقیاتی بینک کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چین سے آئندہ ہفتے اسٹیٹ بینک کو رقم موصول ہونے کا امکان ہے، اسٹیٹ بینک میں رقم جمع ہونے سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

  • کراچی کے لیے مزید الیکٹرک بسز خریدنے کا فیصلہ

    کراچی کے لیے مزید الیکٹرک بسز خریدنے کا فیصلہ

    کراچی: چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے مزید 15 سے 20 الیکٹرک بسز کی خریداری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے مسائل کو حل کرنے اور مقررہ وقت پر مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ کراچی میں پیپلز بس منصوبہ کامیاب رہا ہے، پنک بس کو بھی عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، کراچی کے لیے مزید 15 سے 20 الیکٹرک بسز کی خریداری کی جائے گی۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی جانب سے کہا گیا کہ ملیر میں بائیو گیس پلانٹ کی تعمیر کے لیے زمین کی منتقلی کا مسئلہ ہے جس پر سہیل راجپوت نے وفد کو منصوبے کو مکمل کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ پروجیکٹ پر کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ سمیت کئی محکموں کی انسٹالیشن موجود ہے، چیف سیکریٹری نے تمام یوٹیلٹی انسٹالیشن کی منتقلی کو یقینی بنانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔

    وفد کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سندھ حکومت اور محکمہ ٹرانسپورٹ سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

  • سندھ اور ملک سے باہر ثقافتی پروگرامز: محکمہ ثقافت سندھ اور آرٹس کونسل کراچی کے لیے عدالتی حکم

    سندھ اور ملک سے باہر ثقافتی پروگرامز: محکمہ ثقافت سندھ اور آرٹس کونسل کراچی کے لیے عدالتی حکم

    کراچی / سکھر: سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے محکمہ ثقافت سندھ کو لندن، پیرس اور کینیڈا سمیت بیرون ملک، اور آرٹس کونسل کراچی کو سندھ سے باہر ثقافتی پروگرام کرنے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ میں دائر ایک درخواست کی سماعت ہوئی، دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ سہیل میمن کا کہنا تھا کہ محکمہ ثقافت سندھ کے بجٹ سے، باہر پروگرامز منعقد کر رہا ہے اسے روکا جائے۔

    ایڈووکیٹ سہیل میمن نے کہا کہ سندھ میں ثقافتی ورثہ تباہ ہو رہا ہے اور لائبریریز بند ہو رہی ہیں۔

    درخواست کی سماعت جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

    جسٹس صلاح الدین پنہور نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سندھ کا پیسہ باہر کیوں خرچ کیا جا رہا ہے، اپنے فیصلے میں ہائیکورٹ نے محکمہ ثقافت سندھ کو لندن، پیرس اور کینیڈا سمیت بیرون ملک ثقافتی پروگرامز منعقد کرنے سے روک دیا۔

    عدالت نے آرٹس کونسل کراچی کو بھی سندھ سے باہر پروگرام کرنے سے روک دیا۔

  • کیا آپ پاکستان میں بولی جانے والی زبانوں سے واقف ہیں؟

    کیا آپ پاکستان میں بولی جانے والی زبانوں سے واقف ہیں؟

    پاکستان کو دنیا میں ایک کثیر اللسان ملک کی حیثیت حاصل ہے جہاں درجنوں زبانیں بولی جاتی ہیں، حال ہی میں کی گئی تحقیق کے مطابق پاکستان میں کل زبانوں کی تعداد 77 ہے۔

    دنیا بھر کی زبانوں پر تحقیق کرنے والی ویب سائٹ ایتھنالوگ کی، سنہ 2022 میں کی جانے والی جامع تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں 7 ہزار 115 زبانیں بولی جاتی ہیں جن میں سے 360 مردہ یا متروک ہوچکی ہیں۔

    بقیہ فعال زبانوں میں سے 42.58 فیصد متروک ہونے کے خطرے کا شکار ہیں۔

    ایتھنالوگ کے مطابق پاکستان میں کل 77 زبانیں بولی جاتی ہیں، پاکستان کی زبانوں کی درجہ بندی کرنے کے لیے جرمنی اور ناروے کے ماہرین لسانیات نے کام کیا ہے۔

    ایتھنا لوگ کے مطابق پاکستان کا لسانی تنوع نہایت حیرت انگیز ہے اور صرف شمالی علاقہ جات میں 30 زبانیں بولی جاتی ہیں۔

    ان میں سے ایک زبان بروشسکی کو ماہرین لسانیات نے باقاعدہ زبان کا درجہ نہیں دیا، اس کی وجہ یہ ہے کہ دیگر زبانوں کے برعکس اس زبان کے الفاظ کسی دوسری زبان میں نہیں ملتے۔

    خوش قسمتی سے چند سال قبل جامعہ کراچی کے تعاون سے ایک بروشسکی ۔ اردو لغت مرتب کی گئی ہے جسے نصیر الدین ہنزئی نے مرتب کیا ہے۔

    اسلام آباد کا ایک غیر سرکاری ادارہ بھی یو ایس ایڈ کے تعاون سے گزشتہ 10 سالوں سے شمالی علاقہ جات میں بولی جانے والی زبانوں پر تحقیق کر رہا ہے۔

    فورم فار لینگویج انیشی ایٹو نامی یہ ادارہ 5 زبانوں دمیلی، گورباتی، پالولا، یوشوجو اور یدغا کی بنیادی گرامر اور الفاظ کے اردو معنوں پر کتابیں مرتب کرچکا ہے۔

    ان کتابوں پر اپنی رائے دینے والے اسٹاک ہوم یونیورسٹی کے پروفیسر ہنرک للجگرن بھی گزشتہ کئی سال سے ہندوکش قراقرم کے خطے میں بولی جانے والی زبانوں پر تحقیق کر رہے ہیں۔

    انہوں نے مذکورہ بالا تمام زبانوں کو شمالی علاقہ جات میں بولی جانے والی دیگر زبانوں کے مقابلے میں چھوٹی زبانیں قرار دیا ہے۔

    یہ زبانیں کہاں بولی جاتی ہیں؟

    پروفیسر ہنرک کے مطابق دمیلی ایک انڈو آریائی زبان ہے جو چترال کے جنوب مغربی علاقے دمل میں بولی جاتی ہے۔ اسے بولنے والے افراد کی تعداد لگ بھگ 5 ہزار ہے۔

    گورباتی بھی انڈو آریائی زبان ہے جو پاکستان اور افغان کے سرحدی علاقوں جیسے چترال ور افغانستان میں کنڑ میں بولی جاتی ہے۔ اس زبان کے افراد کی تعداد لگ بھگ 10 ہزار ہے۔

    یوشوجو بھی انڈو آریائی زبان ہے جو سوات کے کچھ علاقوں میں بولی جاتی ہے۔ یہ زبان شمالی گلگت میں بولی جانے والی زبان شنا سے مماثل ہے۔

    یہاں یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ لسانیاتی لحاظ سے صوبہ خیبر پختونخواہ کا ضلع چترال نہایت متنوع علاقہ ہے۔ چترال میں 10 سے 12 زبانیں بولی جاتی ہیں۔

    یدغا بھی انہی میں سے ایک ہے تاہم یہ زبان متروک ہونے کے خطرے کا شکار ہے۔ ضلع چترال کی مرکزی زبان کھووار ہے اور یدغا بھی اسی زبان سے مماثل ہے۔

    زبانوں کے نام

    ایتھنالوگ کی ویب سائٹ پر پاکستان میں بولی جانے والی زبانوں کو انگریزی حرف تہجی کے لحاظ سے ترتیب دیا گیا ہے جو یہ ہیں۔

    ایر
    بدیشی
    باگری
    بلوچی ۔ مرکزی زبان
    بلوچی ۔ مشرقی
    بلوچی ۔ جنوبی
    بلوچی ۔ مغربی
    بلتی
    بتری
    بھایا
    براہوی
    بروشسکی
    چلیسو
    دمیلی
    دری
    دیہواری
    دھٹکی
    ڈومکی
    گورباتی
    گاوری
    گھیرا
    گوریا
    گورو
    گجراتی
    گجاری
    گرگلا
    ہزارگئی
    ہندکو ۔ شمالی
    ہندکو ۔ جنوبی
    جدگلی
    جندوارا
    جوگی
    کبوترا
    کچھی
    کالامی
    کالاشا
    کلکتی
    کمی ویری ۔ اسے کم کتویری بھی کہا جاتا ہے
    کشمیری
    کٹی
    کھیترانی
    کھووار
    کوہستانی
    کولی ۔ کچھی
    کولی ۔ پرکاری
    کولی ۔ ودیارا
    کنڈل شاہی
    لہنڈا
    لاسی
    لارکئی
    منکیالی
    مارواڑی
    میمنی
    اوڈکی
    ارماڑی
    پہاڑی ۔ پوٹھو ہاری
    پالولا
    پشتو ۔ مرکزی
    پشتو ۔ شمالی
    پشتو ۔ جنوبی
    پنجابی ۔ مشرقی
    پنجابی ۔ مغربی
    سانسی
    سرائیکی
    سرائیکولی
    ساوی
    شنا
    شنا ۔ کوہستانی
    سندھی
    سندھی ۔ بھل
    تامل
    توروالی
    اردو
    یوشوجو
    وگھاری
    وکھی
    ونسی
    یدغا

    گو کہ اس فہرست میں پنجابی زبان کی کئی شاخوں کو شامل نہیں کیا گیا تاہم پاکستان کے لسانیاتی تنوع کو جاننے کے لیے یہ فہرست نہایت کارآمد ہے۔

    فہرست میں 68 زبانوں کو مقامی، 9 کو غیر مقامی، 24 کو ترقی پذیر اور 4 کو متروک پذیر زبانیں قرار دیا گیا ہے، اردو زبان کو بھی ترقی پذیر زبان کے طور پر لکھا گیا ہے یعنی وہ زبان جو اپنے ارتقائی مراحل سے گزر رہی ہو۔

  • اسحٰق ڈار کی اہم ملاقات، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت پر گفتگو

    اسحٰق ڈار کی اہم ملاقات، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت پر گفتگو

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو باہمی مفادات کے لیے بڑھانے کی ضرورت ہے، حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام لانا ہے جس سے معاشی بحالی اور ترقی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تعلقات کو باہمی مفادات کے لیے بڑھانے کی ضرورت ہے، حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام لانا ہے جس سے معاشی بحالی اور ترقی ہوگی۔

    وزیر خزانہ نے قائم مقام برطانوی ہائی کمشنر کو سیلاب اور معاشی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔

    برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر نے حکومت کے عملی اقدامات کو سراہا، وزیر خزانہ نے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کی جانب سے نیک نیتی اور تعاون کو سراہا۔