Tag: پاکستان کی خبریں

  • لگژری اشیا پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ

    لگژری اشیا پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: باہر سے درآمد ہونے والی لگژری اشیا پر سیلز ٹیکس 17 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کیا جارہا ہے جس کا نوٹی فکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق منی بجٹ میں لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 17 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کرنے کی منظوری طلب کی گئی ہے۔

    دستاویزات کے مطابق سینکڑوں لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس کی شرح 25 فیصد کی جا رہی ہے، سیلز ٹیکس بڑھانے سے 4 ماہ میں 15 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔

    مذکورہ لگژری آئٹمز میں 500 ڈالر مالیت سے زائد کے امپورٹڈ موبائل فون شامل ہیں جبکہ امپورٹڈ الیکٹرونکس آئٹمز پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد کیا جا رہا ہے۔

    دستاویز کے مطابق امپورٹڈ میک اپ کے سامان، پالتو جانوروں کی امپورٹڈ خوراک، امپورٹڈ برانڈڈ شوز، برانڈڈ پرس، امپورٹڈ شیمپو، صابن، لوشن، شیونگ کریم، شیونگ جیل، امپورٹڈ سن گلاسز، پرفیومز، امپورٹڈ پرائیوٹ اسلحہ، امپورٹڈ برانڈڈ ہیڈ فونز، آئی پوڈ اور اسپیکرز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کیا جا رہا ہے۔

    مزید اشیا میں امپورٹڈ ٹریولنگ بیگ، سوٹ کیس، لگژری برتن، امپورٹڈ ٹائلز، سینیٹری کا سامان، امپورٹڈ فرنیچرز اور لکڑی کے شو پیس، امپورٹڈ منرل واٹر، انرجی ڈرنکس، امپورٹڈ جوسز، امپورٹڈ گاڑیوں، موسیقی کے امپورٹڈ آلات، امپورٹڈ بسکٹ، کیک اور بیکری آئٹمز شامل ہیں۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس میں اضافے کا نوٹی فکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

  • ڈکیتی کے دوران سرکاری اہلکار کا قتل، ملزم ایک ماہ بعد گرفتار

    ڈکیتی کے دوران سرکاری اہلکار کا قتل، ملزم ایک ماہ بعد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں سرکاری اہلکار کو ڈکیتی کے دوران قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کی، کارروائی میں سرکاری اہلکار کو ڈکیتی کے دوران شہید کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان غنی عرف بلوچ، اورنگی ٹاؤن اور اطراف میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    گرفتار ملزم نے 18 جنوری کو سائٹ کے علاقے میں واردات کی تھی، مزاحمت پر ملزم نے سرکاری اہلکار کو زخمی کیا اور موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکار اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ٹی 20 کرکٹ: سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون بولر

    ٹی 20 کرکٹ: سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستانی خاتون بولر

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی 20 میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئیں، انہوں نے 129 ٹی 20 میچز میں 125 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بن گئی ہیں۔

    ندا ڈار نے یہ اعزاز اتوار کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 وکٹیں حاصل کر کے اپنے نام کیا۔

    36 سالہ آل راؤنڈر نے 129 ٹی 20 میچز کھیل کر 125 وکٹیں حاصل کر لی ہیں جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کی بولر انیسہ محمد کے ساتھ ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی مشترکہ بولر بن گئی ہیں۔

    ندا ڈار جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک 3 میچز کھیل کر 4 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں۔

    ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ندا ڈار اور انیسہ محمد کے ساتھ آسٹریلیا کی میگن شوٹ اور ایلیس پیری 122، 122 وکٹیں حاصل کر کے تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

    گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ندا ڈار گزشتہ 13 برسوں سے پاکستان ویمنز ٹیم کا مستقل حصہ ہیں۔

    انہوں نے ستمبر 2010 میں ویسٹ انڈیز میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد وہ 129 ٹی 20 مقابلوں میں 125 وکٹیں اور 16 سو 76 رنز بنا چکی ہیں۔

    ندا ڈار ٹی 20 میچز میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین 100 وکٹیں لینے والی بھی پہلی کھلاڑی تھیں۔

    لیڈی بوم بوم کے نام سے مشہور ندا ڈار نے 2021 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیتا تھا، اسی طرح انہوں نے رواں سال آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں بھی جگہ بنائی تھی۔

    گزشتہ سال انہوں نے مختصر فارمیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔

    سال 2022 میں انہوں نے 14 ٹی 20 میچز کھیلے جن میں صرف 3 میچز ایسے تھے جب وہ کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکیں۔

    ندا ڈار نے گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف 37 گیندوں پر 56 رنز بنانے کے ساتھ 23 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی حاصل کیں جس کے باعث پاکستان نے انڈیا کو شکست دے دی تھی۔

  • بلوچستان کے کئی اضلاع میں تاحال سیلاب کا پانی موجود

    بلوچستان کے کئی اضلاع میں تاحال سیلاب کا پانی موجود

    کراچی / کوئٹہ: سیلاب گزر جانے کے کئی ماہ بعد بھی بلوچستان کے سیلاب زدہ اضلاع سے پانی کی نکاسی کا عمل تاحال جاری ہے، سندھ اور بلوچستان کے ہزاروں سیلاب متاثرین اب بھی بے گھر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین تاحال مشکلات کا شکار ہیں، بلوچستان کے سیلاب زدہ اضلاع سے پانی کی نکاسی کا عمل تاحال جاری ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، اوستہ محمد اور صحبت پور کی بعض یو سیز میں تاحال سیلابی پانی موجود ہے۔

    ذرائع کے مطابق بلوچستان، پنجاب اور پختونخواہ میں سیلاب متاثرین کیمپس بند ہو چکے ہیں۔ سندھ بھر میں 29 ہزار 692 سیلاب زدگان تاحال بے گھر ہیں، ایک فلڈ ٹینٹ سٹی میں 5 ہزار 132 متاثرین تاحال مقیم ہیں۔

    سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں سے ملیریا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں البتہ ہیضہ اور ڈینگی کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں طبی عملے کی شدید غذائی قلت سے نمٹنے کی ٹریننگ مکمل ہوگئی، علاوہ ازیں سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں اہم ادویات کی عام تقسیم بھی جاری ہے۔

    سیلاب زدہ علاقوں کے ملیریا کیسز والے علاقوں میں مچھر دانیوں اور ملیریا ٹیسٹ کٹس کی تقسیم بھی جاری ہے۔

  • بلوچ خاتون کے لاپتہ ہونے کا پروپیگنڈا، خاتون خودکش حملہ آور نکلی

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے گرفتار خودکش حملہ آور خاتون سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے، خاتون کا شوہر علیحدگی پسند عسکری تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے کمانڈرز کا قریبی شخص تھا جبکہ خاتون کے لاپتہ ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا بھی کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے گرفتار خودکش حملہ آور خاتون سے متعلق اہم انکشافات ہوئے ہیں، خاتون ماہل بلوچ کے شوہر بیبا گار بلوچ عرف ندیم کا تعلق بھی علیحدگی پسند عسکری تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے عسکری ونگ سے ہے۔

    خودکش حملہ آور خاتون ماہل بلوچ کے سسر ماسٹر محمد حسین کا تعلق بی این ایم مرکزی کمیٹی سے ہے، بیبا گاربلوچ اور اس کا بھائی بی ایل ایف کمانڈرز کے قریب ترین ساتھیوں میں شامل ہیں، ان کمانڈرز میں واحد بخش قمبر، بی ایل ایف کا بانی ڈاکٹر اللہ نذر اور دلیپ شکاری شامل ہیں۔

    سنہ 2016 میں بیباگار اور اس کا بھائی نوکب آپس میں پیسے اور ہتھیاروں کے تنازعہ پر لڑائی میں مارے گئے، ماہل کی بہن کی شادی بھی ڈاکٹر اللہ نذر کے بھتیجے یوسف سے ہوئی جو بلوچ حقوق کی تنظیم کا چیئرمین ہے، علاوہ ازیں ماہل کو استعمال کر کے زور دیا گیا کہ وہ بی ایل ایف کے عسکری ونگ کو سپورٹ کرے۔

    علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر بی ایل ایف نے خودکش حملہ آور خاتون ماہل کو لاپتہ افراد میں شامل بنانے کا پروپیگنڈا بھی کیا جو بے نقاب ہوگیا، ٹویٹر پر بی ایل ایف کی دا بلوچستان پوسٹ کے ہینڈل سے شائع تصویر اور جھوٹا بیانیہ صرف مکروہ چہرے کو چھپانے کی ناکام سازش ثابت ہوئی۔

  • کراچی پولیس آفس پر حملہ: دیگر سرکاری محکمے بھی الرٹ

    کراچی پولیس آفس پر حملہ: دیگر سرکاری محکمے بھی الرٹ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس آفس پر حملے کے بعد ایم ایس پولیس اسپتال کی جانب سے اضافی سیکیورٹی مانگ لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملے کے بعد دیگر سرکاری محکمے بھی الرٹ ہوگئے، ایم ایس پولیس اسپتال نے اے آئی جی ویلفیئر کو سیکیورٹی کے لیے خط لکھ دیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس اسپتال کراچی کی سیکیورٹی بڑھائی جائے، پولیس اسپتال کے لیے کم از کم 12 سیکیورٹی گارڈز فراہم کیے جائیں۔

    خط کے مطابق سیکیورٹی گارڈز صبح، شام اور رات کی شفٹوں میں کام کریں گے، اسپتال میں مکمل بیریئر اور واک تھرو گیٹ لگایا جائے، اور سیکیورٹی پر مامور عملے کو میٹل ڈیٹیکٹر فراہم کیا جائے۔

    خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔

  • پاکستانی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں بھی شدید تشویش ہے: فواد چوہدری

    پاکستانی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں بھی شدید تشویش ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں شدید تشویش ہے، طاقتور حلقوں نے پاکستانی معیشت مسخروں کے حوالے کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستانی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں شدید تشویش ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معیشت کو بچانے کے بجائے عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچانے کی سوچ جاری ہے، طاقتور حلقوں نے پاکستانی معیشت مسخروں کے حوالے کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ان کی گفتگو پر اب ہنسی کے بجائے رونا آتا ہے، موجودہ حکومت میں جو جتنا بڑا جوکر ہے اسے اتنا ہی بڑا عہدہ حاصل ہے۔

  • لکی مروت: کراچی پولیس آفس حملے میں شامل دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر لکی مروت میں، کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت کا کہنا ہے کہ لکی مروت میں کراچی پولیس آفس حملے کے دہشت گرد کفایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

    چھاپہ تھانہ صدر لکی مروت کی حدود گاؤں وانڈہ امیر میں مارا گیا، چھاپے کے دوران شدت پسند کفایت اللہ کے گھر والوں سے تفتیش کی گئی۔

    ڈی پی او کے مطابق کفایت اللہ گھر سے 3 ماہ قبل فرار ہو گیا تھا، گھر والوں کو علم نہیں تھا کہ کفایت اللہ کہاں چلا گیا، کراچی پولیس دفتر پر حملے کے بعد خاندان والوں کو پتہ چلا کہ کفایت اللہ پاکستان میں ہی تھا۔

    خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔

  • این ای ڈی یونیورسٹی میں اینی میشن اور گیمنگ کے مفت کورسز

    این ای ڈی یونیورسٹی میں اینی میشن اور گیمنگ کے مفت کورسز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں سالانہ 2 ہزار طلبا و طالبات کے لیے مفت اینی میشن اور گیمنگ کورسز کے پروگرام کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے این ای ڈی یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    امین الحق کا کہنا ہے کہ 500 ارب ڈالرز کی عالمی گیمنگ انڈسٹری میں پاکستان کا حصہ 5 کروڑ ڈالر ہے، سینٹر سے گیمنگ انڈسٹری کو 50 کروڑ ڈالرز تک لے کر جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سالانہ 2 ہزار طلبا و طالبات کو مفت اینی میشن اور گیمنگ کورسز کروائے جائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سینٹر سے صرف کراچی ہی نہیں پورے ملک کی تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی، 13 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل سینٹر آف ایکسیلنس 6 ماہ میں فعال ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سینٹر میں گیمنگ و اینی میشن کا کام کرنے والی 50 کمپنیوں کو جگہ فراہم کی جائے گی، سینٹر کے ساتھ ملک کا پہلا جدید ترین ورچوئل پروڈکشن اسٹوڈیو بھی قائم کیا جارہا ہے۔

  • رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    رحیم یار خان کے شہریوں کی جانب سے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے امداد روانہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے شہریوں نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے 2 کروڑ روپے مالیت کا امدادی سامان روانہ کر دیا، امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان سے 2 کروڑ مالیت کا امدادی سامان شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

    تاجر برادری اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے 2 مال بردار ٹریلر پہلی امدادی کھیپ لے کر روانہ ہوگئے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں خشک راشن، خیمے، گرم بستر اور ضروری سامان شامل ہے، دکھ کی گھڑی میں ترک اور شامی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔