Tag: پاکستان کی خبریں

  • کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، گزشتہ روز کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 17 رہی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 641 ہے۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 76 ہزار 658 ہوگئی۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

    این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 160 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 92 لاکھ 19 ہزار 382 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

    این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.33 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 11 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

  • تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں: وزیر اعظم

    تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو ترکیہ میں اکیسویں صدی کے بدترین زلزلے کے بعد مدد کو پہنچا، تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس تباہ کن جانی و مالی نقصان پر افسردہ ہیں، کاش ہم کسی خوشی کے موقع پر آئے ہوتے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو ترکیہ میں اکیسویں صدی کے بدترین زلزلے کے بعد مدد کو پہنچا، 30 ہزار سے زائد ترک سانحے میں جاں بحق ہوئے، زلزلے کے بعد ترک صدر کو فون کر کے تعزیت کی اور مدد کی پیشکش کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے 14 افراد کو ملبے سے زندہ نکالا، اب تک 500 ٹن سے زائد امدادی سامان ترکیہ بھیج چکے ہیں۔ او آئی سی اجلاس بلائے، تمام مسلم ممالک ترکیہ کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا ترکیہ نے مدد کی، ہم ایک خاندان کی طرح ہیں،ہمارا جینا مرنا مشترکہ ہے۔ یہ ہمارا باہمی تعلق ہے اس کی صدیوں پرانی تاریخ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مذہب، بھائی چارے اور اجتماعیت کی بدولت ہمارے تعلقات کی تاریخ صدیوں پرانی ہے، یہ وہ جذبہ ہے جو ہمیں متحرک کرتا ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میں یہ تذکرہ ضرور کروں گا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی مسئلہ درپیش ہوا، چاہے وہ 2005 کا زلزلہ تھا یا 2010 کا سیلاب یا گزشتہ سال پاکستان میں آنے والا سیلاب، طیب اردوان اور ان کی حکومت پاکستانیوں کی مدد کے لیے بساط سے بڑھ کر آگے آئے۔

  • آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی: وزیر اعظم

    آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والوں کو شہدا پیکج دینے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹہ طویل آپریشن میں فورسز نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آپریشنل تیاری اور پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔

    وزیر اعظم نے آپریشن میں زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

  • پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں مزید 4 مشیروں کا اضافہ

    پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں مزید 4 مشیروں کا اضافہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں وزیر اعلیٰ کے لیے مزید 4 مشیروں کا تقرر کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی نگراں کابینہ میں وزیر اعلیٰ کے لیے 4 نئے مشیروں کے تقرر کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق سید جرار حسین بخاری کو مشیر برائے سماجی بہبود اور ظفر محمود کو مشیر برائے ثقافت و سیاحت اور آثار قدیمہ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔

    رحمت سلام خٹک ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری تعلیم کے جبکہ ڈاکٹر عابد جمیل محکمہ صحت کے لیے وزیر اعلیٰ کے مشیر ہوں گے۔

  • بجلی کا ملک گیر بریک ڈاؤن: شفٹ انچارج ذمہ دار قرار

    بجلی کا ملک گیر بریک ڈاؤن: شفٹ انچارج ذمہ دار قرار

    اسلام آباد: ملک بھر میں 23 جنوری کے بجلی بریک ڈاؤن کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بروقت اقدامات سے بدترین بلیک آؤٹ سے بچا جاسکتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کی سربراہی کمیٹی نے ملک بھر میں 23 جنوری کے بدترین بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ تیار کرلی۔

    رپورٹ میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے افسران، پاور کنٹرول مینجمنٹ اور شفٹ انچارج کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

    انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوب سے اضافی بجلی کی فراہمی کے باعث ملک میں بلیک آؤٹ ہوا، سسٹم میں توازن پیدا کرنے کے لیے غازی بروتھا پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کم کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق اس اقدام سے صورتحال مزید بدترین ہوگئی، بروقت اقدامات سے بدترین بلیک آؤٹ سے بچا جاسکتا تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ این ٹی ڈی سی کا سسٹم آپریٹر بلیک آؤٹ کا ذمہ دار ہے، پاور سیکٹر کے اداروں میں کوآرڈینیشن کا فقدان ہے، وفاقی حکومت کوآرڈینیشن بہتر کرنے کے لیے نیپرا کو احکامات جاری کرے۔

    بریک ڈاؤن کی 13 صفحات پرمشتمل انکوائری رپورٹ وفاقی کابینہ کوبھجوا دی گئی۔

  • آباد کا ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان

    آباد کا ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) نے ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کردیا، آباد کا کہنا ہے کہ ملک میں تعمیراتی شعبے کا خام مال بہت مہنگا ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں آباد نے ملک بھر میں تعمیراتی سرگرمیاں تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    آباد نے سریے کی خریداری بند کرنے اور ایک ہفتے سے جاری ہڑتال مزید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایسوسی ایشن چیئرمین عارف جیوا کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسائل حل نہیں کیے تو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان اور تعمیراتی سرگرمیان بند کر دی ہیں۔

    چیئرمین کے مطابق پاکستان میں تعمیراتی شعبے کا خام مال بہت مہنگا ہوچکا ہے، سریے اور سیمنٹ کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، منی بجٹ کے اعلان کے بعد پاکستان میں فی ٹن سریے کی قیمت ساڑھے 3 لاکھ روپے 60 ہزار روپے اور سیمنٹ کی بوری 1 ہزار روپے سے زائد ہوگئی ہے۔

    چیئرمین کا کہنا ہے کہ پہلے فی اسکوائر فٹ سریے کی لاگت 700 روپے تھی جو اب 22 سو روپے کی ریکارڈ پر پہنچ چکی ہے، حکومت سریے پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرے تاکہ اس کی قیمت میں کمی ہو۔

  • زراعت کے طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت

    زراعت کے طلبا کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت

    لاہور: اوکاڑہ یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے طلبا کے لیے جی پی ایس ڈیٹا کلیکشن سے متعلق تربیت کا انعقاد کیا گیا جس سے زرعی شعبے میں مثبت تبدیلی پیدا ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ پاکستان نے صوبہ پنجاب کے محکمہ آبپاشی، آن فارم واٹر مینجمنٹ کے افسران اور اوکاڑہ یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد (اوکاڑہ کیمپس) کے طلبا کے لیے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔

    ورکشاپ کا مقصد جی پی ایس کے ذریعے ڈیٹا جمع کرنے کے ٹولز کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا، علاوہ ازیں متعلقہ سرکاری محکموں بالخصوص پنجاب کے محکمہ آبپاشی میں مختلف ایپلی کیشنز اور ٹیکنالوجیز کے استعمال اور فوائد کے بارے میں معلومات فراہم کرنا بھی تھا۔

    واٹر ریسورس مینجمنٹ کے محقق ڈاکٹر انصر الیاس کے مطابق ڈیفرینشل گلوبل نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم (ڈی جی این ایس ایس) زراعت کے شعبے کا منظر نامہ بدل سکتا ہے۔

    اسے خاص طور پر حکومتی اہلکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا تھا تاکہ انہیں زراعت میں استعمال ہونے والے ضروری آلات اور معلومات سے آراستہ کیا جا سکے۔

    ورکشاپ کے دوران ڈیفرینشل گلوبل پوزیشننگ سسٹم (ڈی جی پی ایس) کے استعمال کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس کے ذریعے شرکا نے درست مقام کی نشاندہی کی سرگرمی کی۔

    انٹرنیشنل واٹر مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے منعقد کی گئی ایک اور ورکشاپ میں انٹیگریٹڈ واٹر ریسورسز مینجمنٹ کے لیے صنفی مساوات اور سماجی شمولیت پر بھی آگاہی فراہم کی گئی۔

    ورکشاپ میں لیبر کی صنفی تقسیم کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف مشقیں کروائی گئیں جس سے شرکا کو روایتی صنفی تصورات کے ساتھ ساتھ جنس اور صنفی فرق کو سمجھنے میں مدد ملی۔

  • سندھ میں سی این جی کب بند کی جائے گی؟

    سندھ میں سی این جی کب بند کی جائے گی؟

    کراچی: صوبہ سندھ میں سی این جی کی بندش کا شیڈول جاری کردیا گیا، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا کہنا ہے کہ سی این جی کی بندش سے گھریلو صارفین کی گیس کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں سی این جی اسٹیشن اگلے 3 دن اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی ایک دن کے لیے بند رہے گی۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کا کہنا ہے کہ 17 فروری صبح 8 بجے سے 20 فروری صبح 8 بجے تک سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند رہے گی۔

    انڈسٹریز اور کیپٹیو پاور کو 19 فروری صبح 8 بجے سے اگلے 24 گھنٹوں کے لیے گیس کی ترسیل بند رہے گی۔

    ایس ایس جی سی کے مطابق سی این جی کی بندش سے گھریلو صارفین کی گیس کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔

  • پنجاب میں سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی نگرانی کا فیصلہ

    پنجاب میں سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی نگرانی کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی نگرانی شروع کردی گئی ہے جبکہ سائبر پٹرولنگ سافٹ ویئر سے مزید آٹومیٹک سرویلنس بھی شروع کردی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف سائبر پٹرولنگ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کی سرویلنس شروع کردی گئی ہے، سائبر پٹرولنگ سافٹ ویئر سے سوشل میڈیا پر آٹو میٹک سرویلنس کا آغاز ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق 1 لاکھ 27 ہزار 131 سائٹس پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو رپورٹ کی گئی ہیں جبکہ 74 ہزار 223 سائٹس کو بلاک کروا دیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سائبر پٹرولنگ سے ہائی پروفائل کیسز کو ٹریس کیا جاسکے گا یا ان کی مکنہ منصوبہ بندی کا علم ہو سکے گا۔

  • 2 بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزمان بدلے کی فائرنگ میں ہلاک

    2 بھائیوں کو قتل کرنے والے ملزمان بدلے کی فائرنگ میں ہلاک

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر منڈی بہاؤ الدین کے نواحی گاؤں میں 2 بھائیوں سمیت 4 افراد کو قتل کرنے والے ملزمان مخالف پارٹی کی فائرنگ سے مارے گئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤ الدین کے نواحی گاؤں 33 چک میں پرانی دشمنی پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں سرور، قاسم عرف سنی اور عنایت شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق 1 ماہ قبل ملزمان نے 2 بھائیوں سمیت 4 افراد کو قتل کیا تھا۔

    فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوچکے ہیں، پوليس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ڈی پی او ساجد کھوکھر نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کا حکم دیا ہے۔