Tag: پاکستان کی خبریں

  • گوادر کو خصوصی اقتصادی ڈسٹرکٹ بنانے کا معاملہ وفاقی کابینہ کو پیش

    گوادر کو خصوصی اقتصادی ڈسٹرکٹ بنانے کا معاملہ وفاقی کابینہ کو پیش

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر کو خصوصی اقتصادی ڈسٹرکٹ بنانے کا معاملہ وفاقی کابینہ کو بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں گوادر کے 1200 مربع کلو میٹر کے علاقے کو خصوصی اقتصادی ڈسٹرکٹ ڈکلیئر کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

    نمائندہ بلوچستان حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیئرمین سینیٹ نے اس پر خصوصی اجلاس بلائے ہیں۔

    کمیٹی نے گوادر کو خصوصی اقتصادی ڈسٹرکٹ بنانے کا معاملہ کابینہ کو بھیج دیا۔

    اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) حکام نے بتایا کہ لیکوڈ پیرافین پر کسٹم اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی صفر کرنے کی تجویز ہے، لیکوڈ سوڈا پر کسٹم ڈیوٹی 16 فیصد اور ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی 4 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    این ٹی سی کی جانب سے کہا گیا کہ لیکوڈ سوڈا پر 4 ہزار فی میٹرک ٹن کسٹم ڈیوٹی اور 7 فیصد اے سی ڈی عائد ہے، کیلشیئم کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی 3 فیصد سے بڑھا کر 11 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

    کمیٹی نے این ٹی سی کی متعدد تجاویز کی منظوری دے دی۔

  • پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا، زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم

    پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا، زرمبادلہ ذخائر خطرناک حد تک کم

    اسلام آباد: پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرض ادا کر دیا جس کے بعد زرمبادلہ ذخائر کم ہوگئے، موڈیز کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے چین کا 1 ارب ڈالر قرضہ ادا کر دیا ہے، قرض کی ادائیگی کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر سے بھی نیچے آگئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحٰق ڈار اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ورچوئل میٹنگ جاری ہے، بجٹ کے بعد وزیر خزانہ کا نیتھن پورٹر سے پہلی بار رابطہ ہوا ہے۔

    ورچوئل رابطے میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی، آئی ایم ایف کے خدشات دور کرنے کے لیے میٹنگز کا ایک اور دور ہوگا۔

    موڈیز کے تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 6.7 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پروگرام دوبارہ شروع ہوتا نظر نہیں آرہا۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کا پروگرام جون تک مکمل نہیں کر سکے گا، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنے کی آخری کوشش کر رہا ہے، پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر فنانسنگ گیپ اور ایکسچینج ریٹ بڑی رکاوٹ ہیں۔

  • پختونخواہ کے نوجوانوں کو قرضے اور لیپ ٹاپ دیے جائیں گے: وزیر اعظم

    پختونخواہ کے نوجوانوں کو قرضے اور لیپ ٹاپ دیے جائیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے، کے پی کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض اور لیپ ٹاپس فراہم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی مسلم لیگی قیادت کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور صوبے کے آئندہ انتخابات پر مشاورت ہوئی۔

    ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے، گزشتہ حکومت نے صوبے کی ترقی کو یکسر نظر انداز کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے بجٹ میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے، وفاقی حکومت کے صحت و تعلیم کے منصوبوں سے عوام بھرپور مستفید ہو گی۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کے باصلاحیت نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض اور لیپ ٹاپس فراہم کریں گے، کسانوں کو معیاری بیج اور بروقت کھاد کی فراہمی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی اضلاع میں تجارت میں سہولت فراہم کر کے لوگوں کی معاشی مشکلات دور کریں گے۔

  • صنعت تباہ، تاجر مر رہا ہے: تاجروں کی سینیٹ میں دہائی

    صنعت تباہ، تاجر مر رہا ہے: تاجروں کی سینیٹ میں دہائی

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر کا کہنا تھا کہ تاجر اور صنعت کار روز مر رہے ہیں، جب 33 روپے فی یونٹ بجلی خریدیں گے تو صنعت کا چلنا مشکل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وفاق ہائے ایوان صنعت و تجارت (فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری) کے سابق صدر انجم نثار نے اظہار خیال کیا۔

    انجم نثار کا کہنا تھا کہ تاجر اور صنعت کار روز مر رہے ہیں، پاکستان کی صنعت نے 8 ماہ میں کوئی نوکری نہیں دی۔ گزشتہ 8 ماہ سے صنعتیں ہنر مندوں کو بے روزگار کرنے پر مجبور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صنعتوں تک بجلی 40 سے 42 روپے یونٹ پہنچ رہی ہے، مہنگی بجلی کی وجہ سے ٹیکسٹائل ایکسپورٹ (برآمد) بین الاقوامی مقابلے کے قابل نہیں رہی۔

    انجم نثار کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں صنعتوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے، ایل سیز کھل نہیں رہیں اور 25 فیصد شرح سود پر کاروبار مشکل ہے، بزنس کی لاگت میں اضافہ ہوگیا ہے، اس مارک اپ پر کاروبار نہیں چل سکتا۔

    سینیٹر محسن عزیز نے سوال کیا کہ حکومت نے زراعت کو مراعات دی ہیں، صنعتوں کو کیا دیا ہے؟

    فیڈریشن کی جانب سے انجم نثار نے مزید کہا کہ جب 33 روپے میں بجلی خریدیں گے تو صنعت کا چلنا مشکل ہے۔

  • پاکستان میں بچوں کی جبری مشقت کے رجحان میں اضافہ

    پاکستان میں بچوں کی جبری مشقت کے رجحان میں اضافہ

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں سے جبری مشقت کے خلاف آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں ہر 5 میں سے 1 بچہ جبری مشقت کرنے پر مجبور ہے۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ اطفال یونیسف کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت 5 سے 17 سال کی عمر کے 16 کروڑ بچے مشقت کرنے اور روزگار کمانے پر مجبور ہیں۔

    اس کا ایک سبب دنیا کے مختلف ممالک میں ہونے والی جنگیں، خانہ جنگیاں، قدرتی آفات، اور ہجرتیں ہیں جو بچوں سے ان کا بچپن چھین کر انہیں زندگی کی تپتی بھٹی میں جھونک دیتی ہیں۔

    کووڈ 19 کی وبا نے بھی دنیا کی مجموعی غربت میں اضافہ کیا ہے اور کم آمدن والے طبقے کے لیے مزید مشکلات پیدا کردی ہیں۔

    پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں چائلڈ لیبر کے منفی رجحان میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت پاکستان میں 5 سے 16 سال کی عمر کے، اسکول جانے سے محروم افراد کی تعداد 2 کروڑ 28 لاکھ ہے اور یہ تعداد پاکستان کو دنیا میں آؤٹ آف اسکول بچوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر کھڑا کردیتی ہے۔

    تعلیم سے محروم ان بچوں کی بڑی تعداد جبری مشقت کرنے پر مجبور ہے جن کی تعداد اندازاً 1 کروڑ 20 لاکھ ہے۔

    ماہرین عمرانیات و معاشیات کے مطابق ملک میں چائلڈ لیبر میں اضافے کی وجہ عام طور پر بڑھتی ہوئی غربت اور مہنگائی کو ٹھہرایا جاتا ہے جو کہ ان کی رائے میں درست نہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جو بچے اور بچیاں کام کرتے ہیں وہ کبھی بھی اپنے خاندانوں کو مکمل طور پر معاشی سپورٹ نہیں کر رہے ہوتے، بلکہ جو کچھ وہ کما رہے ہیں وہ ایک نہایت معمولی رقم ہے۔

    ان کے مطابق لوگ چائلڈ لیبر کو اس لیے کام پر رکھتے ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ سستی ہوتی ہے، اگر بچوں کو وہ 1 ہزار یا 500 روپے مہینہ بھی دیتے ہیں تو آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس چھوٹی سی رقم سے پورے خاندان کا گزارا ہوگا۔

    پاکستان میں چائلڈ لیبر کے خلاف قوانین بھی موجود ہیں تاہم یہ ناکافی اور غیر مؤثر ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیمی سہولیات کا استطاعت سے باہر ہونا اور غربت مزید بچوں کو جبری مشقت کی دلدل میں دھکیل سکتی ہے۔

  • پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے اب تک 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے ہیں، درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان تیمور علی کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہفتے کے روز آنے والی آندھی سے نقصانات ہوئے۔ نقصانات بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور کرک میں ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثات میں 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہوئے۔

    آندھی سے 158 گھروں کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے نے 4 کروڑ روپے جاری کیے ہیں جو بنوں کے متاثرین میں تقسیم ہوں گے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پی ایم پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔

  • حکومت کی آمدن نہیں، صرف سود بڑھ رہا ہے: ماہر معیشت

    حکومت کی آمدن نہیں، صرف سود بڑھ رہا ہے: ماہر معیشت

    اسلام آباد: ماہر معیشت عابد سلہری کا کہنا ہے کہ حکومت کی آمدن دیکھتے ہوئے بجٹ ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، یہاں حکومت کی آمدن نہیں بڑھ رہی، سود بڑھ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہر معیشت عابد سلہری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں کافی کچھ رکھا گیا ہے، آمدنی سے دگنے اخراجات کریں گے تو مزید قرض لیں گے اور سود ادا کریں گے۔

    عابد سلہری کا کہنا تھا کہ سب چاہتے ہیں کہ بہتر سے بہتر معیار زندگی ہو، حکومت کی آمدن دیکھتے ہوئے ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، یہاں حکومت کی آمدن نہیں بڑھ رہی، سود بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کے ٹرانسمیشن لاسز کو کم کیا جانا چاہیئے۔

  • بحیرہ عرب میں طوفان: کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    بحیرہ عرب میں طوفان: کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں، سمندری طوفان کے پیش نظر بدھ اور جمعرات کو تیز بارش کا امکان ہے، آج شہر کا درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، صبح کے 10 بجے شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے، گرمی کی شدت 45 سے 47 ڈگری تک محسوس کی جا سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔

    طوفان کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندی طوفان آج شام اور کل صبح مشرق کی جانب ہوگا، طوفان بھارتی گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔

    طوفان کے پاکستان پر بھی اثرات ہوں گے، بدھ اور جمعرات کو کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے۔

  • پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    لاہور: صوبہ پنجاب میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بارش سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، پنجاب میں مجموعی طور پر 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات میں 3 بچیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے، مختلف حادثات میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث دیوار گرنے سے 2 جانور بھی ہلاک ہوئے۔

  • کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سمندری طوفان کے سبب طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیشن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی۔

    شہر میں عدالتی احکامات کے باوجود نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، نیو کراچی، شیر شاہ، کورنگی اور پاک کالونی سمیت بیشتر نالوں پر تجاوزات قائم ہیں۔

    نیو کراچی، سائٹ ایریا اور اورنگی ٹاؤن میں چھوٹے نالے کچرے سے بھرے ہوئے ہیں۔ بارشوں کی صورت میں نالے اوور فلو ہو جانے کے باعث مختلف علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں بپر جوائے تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے نتیے میں کراچی میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    کراچی میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔