Tag: پاکستان کی خبریں

  • خیبر پختونخواہ میں ایک بار پھر طوفانی بارشیں، کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    خیبر پختونخواہ میں ایک بار پھر طوفانی بارشیں، کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے اب تک 27 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے لکی مروت، کرک اور بنوں میں 27 افراد جاں بحق اور 146 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، متاثرین کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے، ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

    ترجمان اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے بنوں کے متاثرین کے لیے 4 کروڑ روپے جاری کردیے، متاثرین کو حکومتی پالیسی کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

  • کراچی میں چکن سب سے زیادہ مہنگا، کمشنر کراچی کا اہم اقدام

    کراچی میں چکن سب سے زیادہ مہنگا، کمشنر کراچی کا اہم اقدام

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چکن کی قیمتیں انتہائی بڑھ جانے پر کمشنر کراچی نے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور خاص طور پہ کراچی میں پنجاب کی نسبت مرغی کا گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے کے معاملے پر کمشنر کراچی نے مرغی کے گوشت کے نرخ کے تعین کے لیے ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    کمشنر کراچی کی جانب سے سندھ پولٹری فارم کے نمائندوں سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔

    کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ پنجاب، سندھ اور کراچی میں مرغیوں کے گوشت کی قیمتیں یکساں ہونی چاہیئے، مرغی کے مہنگے داموں گوشت فروخت ہونے پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جلد مرغی کے گوشت کی مناسب قیمت کا تعین کر لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ کراچی میں اس وقت مرغی کا گوشت 600 سے 660 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

  • پشاور میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کتنی گرفتاریاں ہوئیں؟

    پشاور میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران کتنی گرفتاریاں ہوئیں؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران پرتشدد واقعات میں ملوث 7 سو سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کی گزشتہ ایک ماہ کے دوران کی جانے والی گرفتاریوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی۔

    پرتشدد مظاہروں میں ملوث اب تک 731 افراد کو گرفتار کیا گیا، 284 کو دہشت گردی اور 447 کو توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی دفعات میں گرفتار کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق پرتشدد احتجاج سے متعلق 25 ایف آئی آرز درج ہیں جن میں 5 میں سے دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

    ان مقدمات میں 180 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، مقدمات میں 5 ہزار 700 سے زائد نامعلوم ملزمان بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ویڈیوز اور تصاویر سے کی گئی ہے۔

  • صوبائی بجٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، کوئی نیا ٹیکس نہیں

    صوبائی بجٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، کوئی نیا ٹیکس نہیں

    اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخواہ میں نگران حکومت کی بجٹ کی تیاریاں جاری ہیں، تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافہ زیر غور ہے جبکہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں نگران حکومت نے بجٹ کے لیے تیاریاں شروع کردیں، 4 ماہ کے بجٹ کا حجم 560 ارب سے لے کر 595 ارب تک متوقع ہے۔

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد اضافہ زیر غور ہے، بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 120 ارب روپے سے زائد ہے۔

    بجٹ میں ضم قبائلی اضلاع کے لیے ٹیکسز میں چھوٹ کو 2 سال تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سابقہ قبائلی علاقے مالا کنڈ ڈویژن کو بھی 2 سال تک ٹیکسز میں چھوٹ دی جائے گی۔

    صوبے کو اگلے مالی سال کے دوران مرکز سے 850 ارب سے زائد کی رقم ملنے کا امکان ہے جبکہ صوبے کو اپنے وسائل سے 80 ارب روپے سے زائد کی آمدنی کا امکان ہے۔

  • ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں 131 فیصد اضافہ کیا گیا ہے: احسن اقبال

    ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں 131 فیصد اضافہ کیا گیا ہے: احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ترقیاتی بجٹ جو 26 ارب تھا، 131 فیصد اضافے کے ساتھ 60 ارب کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنہ 2022 میں ہمیں 550 ارب کا ترقیاتی بجٹ ورثے میں ملا تھا۔

    احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 550 ارب کے اس ترقیاتی بجٹ کو 24-2023 کے بجٹ میں 100 فیصد اضافے 1100 ارب تک پہنچا دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس سے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے اور ترقی کا پہیہ چلانے میں مدد ملے گی۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ترقیاتی بجٹ 26 ارب ملا تھا جسے 131 فیصد اضافے کے ساتھ 60 ارب کر دیا گیا ہے، اس سے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

  • گجرات: تعمیراتی ٹھیکوں کی مد میں سوا ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف

    گجرات: تعمیراتی ٹھیکوں کی مد میں سوا ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف

    لاہور: صوبہ پنجاب میں تعمیراتی ٹھیکوں کی مد میں سوا ارب روپے کی کرپشن کے بعد، قومی ادارہ احتساب (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور دیگر افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر گجرات اور منڈی بہاؤ الدین میں تعمیراتی ٹھیکوں کی مد میں 1 ارب 25 کروڑ روپے کی کرپشن کی شکایت سامنے آئی ہے۔

    قومی ادارہ احتساب (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، علی افضل ساہی و دیگر افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، ملزمان پر 226 ٹھیکوں میں فرنٹ مین کے ذریعے سوا ارب کی کرپشن و کک بیکس کا الزام ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رشوت وصولی کے لیے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کی نگرانی میں پورا گروہ سرگرم رہا۔

    ایکسیئن رانا اقبال کے خلاف پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کے افسران اور اہلکاروں سے تبادلوں پر بھی رشوت لینے کا الزام ہے۔

    نیب کی جانب سے محکمہ مواصلات و دیگر اعلیٰ حکام کے خلاف تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

  • لاہور میں اسموگ: شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ طلب

    لاہور میں اسموگ: شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی رپورٹ طلب

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اسموگ کے تدارک کے حوالے سے دائر کی گئی درخواست پر، عدالت نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے درخواست گزار ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    عدالت نے شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی جبکہ 16 جون کو تمام محکموں سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے وکیل کا کہنا ہے کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جارہی ہے، ڈی جی ایل ڈی اے خود تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ بڑی عمارتوں کی چھت پر شجر کاری نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ شہر میں املتاس کے پودے کافی نظر آرہے ہیں، پودے لگانے کے لیے کیا کیا اقدامات کیے جارہے ہیں؟

    عدالت کو بتایا گیا کہ اسکول اور کالجز میں پودے اور نئے درخت لگائے جارہے ہیں۔

    سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ روز گارڈن پارک میں تعمیرات کی جارہی ہیں، ایک پارک کی 17 کنال جگہ پر قبضہ مافیا قابض ہے، درخواستیں دینے کے باوجود ایل ڈی اے نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

    عدالت نے کہا کہ یہ عدالت کا حکم ہے ایل ڈی اے اس پر کارروائی کرے، عدالت نے ایل ڈی اے سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کرلی۔

  • سالانہ ترقیاتی بجٹ: کراچی سمیت پورے صوبے پر کتنی رقم خرچ کی جائے گی؟

    سالانہ ترقیاتی بجٹ: کراچی سمیت پورے صوبے پر کتنی رقم خرچ کی جائے گی؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے بجٹ 2023 میں ترقیاتی پروگرامز کے لیے 4 کھرب سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت کراچی کے منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 4 کھرب 10 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت کراچی کے لیے غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے۔

    صوبے کے ترقیاتی بجٹ کا فوکس 2022 کی بارشوں اور سیلاب کے دوران تباہ بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی پر رکھا گیا ہے۔

    بجٹ میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 980 بلین روپے اور ضلع کے لیے 30 بلین روپے رکھے گئے ہیں۔

    ترقیاتی بجٹ میں 33 سو 11 اسکیموں کے لیے 291.727 بلین روپے جبکہ نئی 19 سو 37 اسکیموں کے لیے 88.273 بلین روپے رکھے گئے ہیں۔

    آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سندھ میں پہلے سے جاری اسکیموں کے لیے تقریباً 80 فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

  • اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار

    اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار

    اسلام آباد: انسداد منشیات کی فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد اور کراچی کے ائیر پورٹس پر کریک ڈاؤن کے دوران بین الاقوامی اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے انٹیلی جنس اطلاع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کریک ڈاؤن کیا، کارروائی میں بحرین جانے والا بین الاقوامی اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار کرلیا گیا۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ 3 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسول کی موجودگی کا اعتراف کر لیا۔

    اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کو اسپتال منتقل کر کے کیپسولز برآمد کر لیے گئے، ملزمان سے مجموعی طور پر 575 ہیروئن اور 159 آئس بھرے کیپسول برآمد کرلیے گئے۔

    گرفتار افراد کا تعلق پشاور، مردان اور چارسدہ سے ہے۔

    دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی کے جناح ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے پیٹ سے 91 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرلیے۔ برآمد ہیروئن کا مجموعی وزن 1 کلو 170 گرام ہے۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر موقع پر موجود سہولت کار بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں ملزمان کا تعلق منشیات فروش گروہ سے ہے۔

    ملزمان لاہور کے رہائشی تھے جو چین کے لیے روانہ ہو رہے تھے، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

  • سانحہ 9 مئی: آخری شرپسند کی گرفتاری تک تعاقب جاری رکھنے کا اعلان

    سانحہ 9 مئی: آخری شرپسند کی گرفتاری تک تعاقب جاری رکھنے کا اعلان

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس نے اس حوالے سے پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

    اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل میں پیش رفت پر بھی غور کیا گیا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث مزید 11 سو 63 شر پسندوں کا ڈیٹا بیس مل گیا، سائنٹفک انداز سے 11 سو 63 شرپسندوں کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا۔

    نگران وزیر اعلیٰ نے مفرور شرپسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ضروری وسائل بروئے کار لا کر مفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ آخری شرپسند کی گرفتاری تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے، کسی شرپسند سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، شرپسندوں اور انہیں اکسانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

    اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور پولیس اور پراسیکیوشن کو بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ کیسز کی پیروی کی ہدایت کی گئی۔

    نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی گناہ گار کو چھوڑنا نہیں اور کسی بے گناہ کو پکڑنا نہیں۔