Tag: پاکستان کی خبریں

  • لکی مروت میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، پولیس اہلکار شہید

    لکی مروت میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، پولیس اہلکار شہید

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں پولیس چوکی شہباز خیل پر رات گئے دہشت گردوں نے فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل ہی صوبائی دارالحکومت پشاور میں تھانہ سربند کی حدود میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے دو اطراف سے حملہ کر دیا تھا تاہم پولیس نے شدید جوابی فائرنگ کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

    ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے چوکی پر دو اطراف سے فائرنگ کی، جس کے جواب پولیس نے بھرپور فائرنگ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔

  • سزائے موت سے فرار ہونے والا مجرم 29 سال بعد دوبارہ گرفتار

    سزائے موت سے فرار ہونے والا مجرم 29 سال بعد دوبارہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں قتل کے مجرم سابق پولیس اہلکار کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کو سزائے موت کا حکم تھا اور وہ 29 سال سے مفرور تھا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے شعبہ تفتیش نے کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر کارروائی کی۔

    انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کارروائی میں سزائے موت کا مجرم پولیس اہلکار 29 سال بعد گرفتار کرلیا گیا۔

    چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ مجرم نے دوران ڈیوٹی سرکاری رائفل سے مخالف کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی، مجرم غلام حسین ضمانت کے بعد سے مفرور اور اشتہاری تھا۔

    ملزم غلام حسین سنہ 1990 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا، سنہ 1994 میں ملزم کی تعیناتی تھانہ بائی جی شریف سکھر میں تھی۔

    ڈیوٹی کے دوران اسے مخالف شخص انور دکھائی دیا جس پر مجرم غلام حسین نے مخالف کو سرکاری ایس ایم جی سے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم موقع پر گرفتار ہوا، پھر ضمانت کے بعد مفرور اور اشتہاری ہوگیا تھا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سکھر نے ملزم کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

    انچارج کا کہنا ہے کہ مجرم کو متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

  • اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے؟

    اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے؟

    اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی تعداد 30 ہزار اور مدینہ منورہ میں 16 ہزار ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان سے مدینہ منورہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، اب سے 21 جون تک تمام سرکاری حج پروازیں جدہ میں اتریں گی۔

    حج سے قبل 42 ہزار سے زائد عازمین کرام کو مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کروائی جائے گی، پرائیوٹ حج اسکیم کی جانب سے بھی عازمین کی آمد شروع ہوچکی ہے اور اب تک 3 ہزار سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق 35 حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی ہے، نجی حج اسکیم کی 2 شکایات کا ازالہ کیا گیا، شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنے والے 18 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ اور مدینہ میں 2 اسپتال اور 12 ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے، مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

  • اعصابی مرض کی دوا استعمال کرنے والے ہوشیار، جعلی دوا مارکیٹ میں

    اعصابی مرض کی دوا استعمال کرنے والے ہوشیار، جعلی دوا مارکیٹ میں

    اسلام آباد: ملک میں استعمال کی جانے والی اعصابی مرض کی جعلی دوا کی کھلے عام فروخت کا انکشاف ہوا ہے، اعصابی مرض کی گولی فینو بار 30 ایم جی کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اعصابی مرض کی دوا فینو بار گولی کے حوالے سے ریپڈ الرٹ جاری کر دیا، مارکیٹ میں دستیاب فینو بار 30 ایم جی گولی کے 3 بیچز جعلی قرار دیے گئے ہیں۔

    ڈریپ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ فینو بار ٹیبلٹ کے 3 بیچ کیو اے 16، 19 اور 25 جعلی ہیں۔ فینو بار ٹیبلٹ 30 ایم جی اسٹار لیبارٹریز لاہور کی تیار کردہ ہے۔

    ڈریپ کے مطابق صوبائی ڈرگ انسپکٹرز نے مارکیٹس سے فینو بار گولی کے سیمپلز حاصل کیے، ڈرگ انسپکٹرز نے کمپنی سے فینو بار کے دستیاب بیچز کے بارے میں انکوائری کی تاہم کمپنی نے مارکیٹ میں دستیاب مذکورہ بیچز سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

    ڈریپ کا کہنا ہے کہ جعلی دوا میں سائیکو ٹراپک، نارکوٹک اور زہریلے اجزا شامل ہو سکتے ہیں، جعلی اجزا سے تیار کردہ دوا انسانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ غیر قانونی طور پر غیر معیاری ماحول میں تیار دوا انتہائی خطرناک ہے، جعلی دوا کے استعمال سے علاج بھی شدید متاثر ہوتا ہے۔

    ڈریپ کے مطابق فینو بار کے بارے میں ریپڈ الرٹ کا اجرا فیلڈ فورس، شہریوں اور ڈاکٹرز کے لیے کیا گیا ہے۔

    ڈریپ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ فیلڈ فورس مارکیٹ میں دستیاب فینو بار دوا کے جعلی بیچز ضبط کریں۔ کیمسٹ فینو بار کے جعلی بیچز کی فروخت روکنے کے لیے اسٹاک چیک کریں، ڈریپ کی صوبائی ٹیمیں میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھائیں اور ڈاکٹرز مریضوں کو فینوبار دوا کے جعلی بیچز استعمال نہ کروائیں۔

  • رواں برس سندھ کا تعلیمی بجٹ کتنا رکھا جائے گا؟

    رواں برس سندھ کا تعلیمی بجٹ کتنا رکھا جائے گا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے رواں برس کے بجٹ میں تعلیم کے لیے 34 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، صوبے بھر میں نئے اسکولز قائم کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے رواں برس کے بجٹ میں تعلیم کے شعبے سے متعلق محکموں کا ترقیاتی بجٹ 34 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    محکمہ اسکول ایجوکیشن کا ترقیاتی بجٹ 16 ارب 50 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اسکولوں کی بحالی، نئے اسکول بنانے اور سہولت فراہم کرنے کے لیے 208 نئی اسکیمیں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سندھ کے شہروں لاڑکانہ، خیرپور، سکھر اور نوشہرو فیروز کے اضلاع میں 20 نئے اسکول قائم کرنے کی سفارش دی گئی ہے۔

    محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے نئے مالی سال کے بجٹ میں 6 ارب 57 کروڑ روپے ترقیاتی بجٹ میں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، اسٹیوٹا کے ترقیاتی بجٹ میں 1 ارب 50 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    سندھ کی جامعات اور بورڈ نے 1 ارب 34 کروڑ روپے کی نئی اسکیمیں رکھنے کی سفارش کی ہے، سندھ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے رتو ڈیرو میں گرلز کمیونٹی ماڈل اسکول قائم کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔

  • بجٹ 24-2023: پولیس اہلکاروں کے ہیلتھ الاؤنس بڑھانے کا مطالبہ

    بجٹ 24-2023: پولیس اہلکاروں کے ہیلتھ الاؤنس بڑھانے کا مطالبہ

    کراچی: وفاقی بجٹ 24-2023 میں سندھ پولیس کے لیے 12 ارب روپے اضافی رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے افسران و اہلکاروں کے ہیلتھ الاؤنس بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں سندھ پولیس کے لیے 12 ارب روپے اضافی رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    سندھ پولیس نے انسداد محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی)، اسپیشل برانچ اور انویسٹی گیشن کے لیے اضافی بجٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

    سیلاب اور برساتوں میں تباہ ہونے والی پولیس لائنز کی تعمیر کے لیے بھی بجٹ رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، پولیس لائنز اور پولیس فیملی کوارٹرز کے لیے 6 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    سندھ پولیس کی جانب سے کچے کے پولیس کے لیے بھی اضافی بجٹ کا مطالبہ کیا گیا، پولیس نے جدید اسلحہ کی خریداری اور افسران و اہلکاروں کے ہیلتھ الاؤنس بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

  • سابق حکومت کا شروع کیا گیا صحت سہولت پروگرام، اس سال بھی جاری رکھنے کا فیصلہ

    سابق حکومت کا شروع کیا گیا صحت سہولت پروگرام، اس سال بھی جاری رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی بجٹ 24-2023 میں سابق دور حکومت میں شروع کیے گئے صحت سہولت پروگرام کے لیے بھی رقم مختص کی جائے گی، منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 31 ارب سے زائد کی رقم منظور کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال کے بجٹ میں، سابق دور حکومت میں شروع کیا گیا صحت سہولت پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں صحت سہولت پروگرام کے لیے 2 ارب 30 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق منصوبے پر اب تک 11 ارب 79 کروڑ روپے کے اخراجات ہوچکے ہیں، منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 31 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے منظور کیے گئے تھے۔

    رواں مالی سال میں صحت سہولت پروگرام کے لیے 2 ارب 50 کروڑ روپے مختص تھے۔

  • حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کے علاج کے لیے حکومت کا اہم اقدام

    حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کے علاج کے لیے حکومت کا اہم اقدام

    لاہور: صوبہ پنجاب کی نگران حکومت نے حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کے علاج کے لیے مفت سروسز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کے علاج کے لیے پنجاب حکومت نے اہم اقدام کرلیا۔ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبہ بھر کے لیے پیراپلیجک سروسز کا آغاز کیا جارہا ہے۔

    ٹریفک اور دیگر حادثات میں چوٹ لگنے سے مفلوج ہونے والے افراد کا علاج ممکن ہوگا، فالج کے خطرے سے دو چار زخمی مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ فوری علاج سے مریض کے مفلوج ہونے کا اندیشہ نہیں رہے گا۔

    ٹراما سپائنل کارڈ سرجری کے لیے پہلی مرتبہ پنجاب میں 5 سینٹرز قائم کیے جائیں گے، حادثات میں مفلوج ہونے والے افراد کا فوری علاج کیا جائے گا۔

    سپائنل کارڈ انجری کی صورت میں بحالی کے لیے جدید فزیو تھراپی مشینیں بھی میسر ہوں گی جبکہ معذوری کا شکار افراد کی بحالی کے لیے مصنوعی اعضا کی ورکشاپ بھی قائم کی جائے گی۔

    مصنوعی اعضا کی ورکشاپ کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    نگران صوبائی کابینہ نے پیراپلیجک ری ہیبلی ٹیشن سینٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

  • ملک بھر کے شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ ہوگی

    ملک بھر کے شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ ہوگی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک گیر سطح پر ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے، 5 سال کے دوران نصف آبادی کی مرض کی اسکریننگ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہیپاٹائٹس سی کے بڑھتے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملکی سطح پر ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی آبادی کی ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، اسکریننگ پلان وزارت قومی صحت نے تیار کیا ہے۔ منصوبہ پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے نام سے شروع کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام کا 5 سالہ پی سی ون تیار ہے، پروگرام کا باضابطہ اعلان رواں ماہ ہوگا۔ پی ایم ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے بجٹ میں 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پروگرام کی فنڈنگ کے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں، پروگرام کے لیے نصف فنڈنگ وفاق اور نصف صوبے کریں گے۔

    پی ایم ہیپاٹائٹس سی پروگرام کے لیے عالمی ڈونرز سے رابطے کیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سال کے دوران نصف آبادی کی اسکریننگ کی جائے گی، 12 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ ہوگا، ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ ریپڈ ڈائیگناسٹک ٹیسٹ سے ہوگی۔ ٹیسٹ پازیٹو ہونے پر شہری کی ہیپاٹائٹس سی ویکسی نیشن ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے تک شہری کا علاج معالجہ جاری رہے گا، شہریوں کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ اور علاج فری ہوگا۔

    یاد رہے کہ پرائم منسٹر ہیپاٹائٹس سی پروگرام سنہ 2015 میں بند کر دیا گیا تھا، قومی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ پلان کا مقصد مرض کا پھیلاؤ روکنا ہے، مرض کا پھیلاؤ روکنے سے شرح اموات میں کمی آئے گی۔

    دوسری جانب ماہر امراض معدہ و جگر ڈاکٹر حیدر عباسی کا کہنا ہے کہ ملکی آبادی کی 5 فیصد آبادی ہیپاٹائٹس سی سے متاثرہ ہے، ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہے۔

    ڈاکٹر حیدر کا کہنا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کے کیسز کا تعلق سندھ اور بلوچستان سے ہے، مرض غیر ضروری انجکشن اور ناقص ڈرپس لگوانے، سرجری کے ناقص آلات اور حجامت کے گندے آلات سے پھیلتا ہے۔

  • تھر پارکر: 2 بلدیاتی اقلیتی عہدوں پر خواتین کی تقرری

    تھر پارکر: 2 بلدیاتی اقلیتی عہدوں پر خواتین کی تقرری

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع تھر پارکر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے 2 بلدیاتی اقلیتی عہدے خواتین کو دے دیے گئے، ضلع تھر میں مختلف ٹاؤنز میں بھی اقلیتی امیدواروں کو ترجیح دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے تھر پارکر میں 2 بلدیاتی اقلیتی عہدے خواتین کو دے دیے۔

    ضلع تھر پارکر کونسل کی وائس چیئرمین کملا بھیل ہوں گی، مٹھی میونسپل کمیٹی کی وائس چیئرمین سمترا میگھواڑ ہوں گی۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دونوں خواتین کے ناموں کی منظوری دے دی، ضلع تھر میں مختلف ٹاؤنز میں بھی اقلیتی امیدواروں کو ترجیح دی گئی۔