Tag: پاکستان کی خبریں

  • وفاقی بجٹ 24-2023: ٹیکنالوجی منصوبوں کے لیے خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز

    وفاقی بجٹ 24-2023: ٹیکنالوجی منصوبوں کے لیے خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز

    اسلام آباد: وفاقی بجٹ 24-2023 میں سائبر سیکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان منصوبے، آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے لیے سائنو پاک سینٹر کے قیام اور ڈیجیٹل اکنامی منصوبے کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ 24-2023 میں سائبر سیکیورٹی فار ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کے لیے 55 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں، سائبر ایفی شنٹ پارلیمنٹ منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے کا بجٹ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ٹیکنالوجی پارک ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے لیے 54 کروڑ روپے، وفاقی وزارتوں اور محکموں کے اسمارٹ آفس منصوبے کے لیے 23 کروڑ روپے اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے لیے سائنو پاک سینٹر کے قیام کے لیے 15 کروڑ روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔

    آئی سی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے لیے 16 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ٹیکنالوجی ایکسپورٹ مارکیٹنگ پروگرام کے لیے 15 کروڑ روپے، نیشنل فری لانس ٹریننگ پروگرام کے لیے 9 کروڑ روپے، 4 نالج پارکس کے قیام کے لیے 5 کروڑ روپے اور ڈیجیٹل اکنامی منصوبے کے لیے 1 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • کراچی میں ایک اور نادرا میگا سینٹر کی تعمیر جاری

    کراچی میں ایک اور نادرا میگا سینٹر کی تعمیر جاری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نادرا کا ایک اور میگا سینٹر کھولا جارہا ہے جس کے بعد شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے شہریوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کے نئے میگا سینٹر کی تیاری جاری ہے، ڈائریکٹر جنرل نادرا کا کہنا ہے کہ کراچی میں 6 سال بعد بننے والا میگا سینٹر آئندہ 2 سے ڈھائی ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔

    ڈی جی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر بننے والے میگا سینٹر کے لیے جگہ 5 ماہ قبل لی گئی تھی، 4 بار جاری ٹینڈر میں کسی نے دلچسپی نہیں لی تھی، چوتھے ٹینڈر میں کوٹیشنز آگئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ستمبر میں شہر میں 6 سال کے بعد میگا سینٹر کھول دیا جائے گا۔

    ڈی جی کا کہنا تھا کہ حیدر آباد کے شہریوں کے لیے بھی میگا سینٹر کا قیام آخری مراحل میں ہے، ماہ جولائی میں حیدر آباد لطیف آباد میں میگا سینٹر کھول دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں 2 نادرا سینٹر میں پاسپورٹ کے لیے کاؤنٹر کھولے جا رہے ہیں، کراچی ملیر اور عمر کوٹ میں نادرا سینٹرز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں، آنکھوں کے ذریعے شناخت کا نظام ابھی ڈی ایچ اے میگا نادرا آفس میں نصب کیا گیا ہے۔

  • ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی پنشن کا مسئلہ فوری حل کیا جائے: وزیر خزانہ

    ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی پنشن کا مسئلہ فوری حل کیا جائے: وزیر خزانہ

    سلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے لیے خطیر گرانٹ منظور کرلی گئی، وزیر خزانہ نے ریڈیو پاکستان کی پنشن کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے لیے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کرلی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان کو 36 کروڑ روپے کی گرانٹ ملے گی جبکہ اے پی پی کے لیے 34 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

    وزیر خزانہ نے ریڈیو پاکستان کی پنشن کا مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    انہوں نے ریڈیو پاکستان کے پنشنرز کے مسئلے کے حل کے لیے کمیٹی قائم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنشنرز کا مسئلہ 3 سے 4 روز میں حل کیا جائے۔

  • پولیس افسران کی 3 سے زائد چھٹیوں پر پابندی عائد

    پولیس افسران کی 3 سے زائد چھٹیوں پر پابندی عائد

    لاہور: پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں افسران و اہلکاروں کی 3 روز سے زائد چھٹی پر پابندی لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے انوکھا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے افسران و اہلکاروں کی 3 روز سے زائد چھٹی پر پابندی لگا دی۔

    ڈی آئی جی کی جانب سے جاری کراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پیز، ڈویژنل ایس پیز اور اہلکاروں کو 3 دن سے زائد چھٹی نہیں دے سکتے، 3 روز سے زائد چھٹی حاصل کرنے کے لیے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے اجازت لینا ہوگی۔

    مراسلے کے مطابق افسران ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی اجازت کے بغیر کسی کو معطل نہیں کر سکتے۔ حکم نامے پر عملدر آمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ایک ماہ پہلے مراسلہ جاری کیا جس پر عملدر آمد نہ ہو سکا جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر مراسلہ جاری کر دیا۔

    مراسلہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی سی آئی اے اور ایس پی انویسٹی گیشنز کو روانہ کیا گیا ہے، حکم نامے پر عملدر آمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی ہوگی۔

  • ہر قسم کے پلاسٹک پر پابندی زیر غور ہے: شیری رحمٰن

    ہر قسم کے پلاسٹک پر پابندی زیر غور ہے: شیری رحمٰن

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بوتلیں اور ہر قسم کے پلاسٹک پر پابندی کا سوچ رہے ہیں۔ اگر پلاسٹک کے اوپر مکمل پابندی آگئی ہمارے لیے بڑی کامیابی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، پلاسٹک سے آلودگی سے متعلق آگاہی مہم ناگزیر ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں صرف 9 فیصد پلاسٹک کو ری سائیکل کیا جاتا ہے، پلاسٹک کو ری سائیکل کر کے بھی آلودگی کو کم کیا جا سکتا ہے، متعدد مقامی اشیا پلاسٹک کے متبادل کے طور پر استعمال ہوسکتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہریوں کو انفرادی طورپر پلاسٹک کا استعمال کم کرنا ہوگا، ہم پلاسٹک کی بوتلیں بار بار استعمال کرتے ہیں جو خطرے سے خالی نہیں، پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کے لیے پلانٹس بنانے کی ضرورت ہے۔

    شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کو ختم کرنے کے لیے اپنے گھروں سے شروعات کرنا پڑے گی، پلاسٹک بوتلیں اور ہر قسم کے پلاسٹک پر پابندی کا سوچ رہے ہیں۔ اگر پلاسٹک کے اوپر مکمل پابندی آگئی ہمارے لیے بڑی کامیابی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ 10 سے 20 سالوں میں پلاسٹک کا استعمال تیزی سے بڑھے گا، اس کو روکا نہ گیا تو کچھ سالوں میں پلاسٹک کا ایک پہاڑ بن جائے گا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری منسٹری پلاسٹک پر کام کر رہی ہے، ہم نے مارکیٹس میں بھی پلاسٹک بنانے والوں سے رابطہ کیا۔ پلاسٹک بنانے والوں نے وعدہ کیا ہے کہ ہم عمل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بہت جلد پلاسٹک بیگز پر پابندی لگا دی جائے گی، دودھ، دہی اور دوسری اشیا کے لیے گھر سے بیگز لانا پڑیں گے۔

  • بجٹ 24-2023: سیکیورٹی اداروں کی تعمیر کے لیے بھاری رقم مختص

    بجٹ 24-2023: سیکیورٹی اداروں کی تعمیر کے لیے بھاری رقم مختص

    اسلام آباد: وفاقی بجٹ 24-2023 میں نیکٹا اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر اور ایف آئی اے اکیڈمی کی تعمیر کے لیے بھاری رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ 24-2023 میں اسلام آباد کی جیل کے لیے 69 کروڑ 63 لاکھ روپے کی گرانٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    وفاقی بجٹ میں نیشنل پولیس اسپتال کے لیے 1 ارب 40 کروڑ روپے اور ایف آئی اے سائبر کرائم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 30 کروڑ روپے کی گرانٹ تجویز کی گئی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں نیکٹا اتھارٹی کا ہیڈ کوارٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بجٹ میں نیکٹا اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کے لیے اراضی کی خریداری اور عمارت کے لیے 10 کروڑ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔

    دیہی علاقوں میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے 1 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، غیر ملکیوں کی سیکیورٹی اور دیگر مراعات کے لیے 10 کروڑ روپے، زون 4 میں ایف آئی اے اکیڈمی، ٹریننگ اور ہاسٹل کی تعمیر اور اراضی کے لیے 8 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    محفوظ ترین اسلام آباد اور اسمارٹ کاروں کے ذریعے نگرانی کے لیے 11 کروڑ 27 لاکھ روپے، اور آئی بی ایم ایس فیز 2 کے لیے بھی 30 کروڑ روپے کی گرانٹ مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • روز ویلٹ ہوٹل ایک سال کے لیے 100 فیصد لیز پر دے دیا گیا: خواجہ سعد رفیق

    روز ویلٹ ہوٹل ایک سال کے لیے 100 فیصد لیز پر دے دیا گیا: خواجہ سعد رفیق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل ایک سال کے لیے 100 فیصد لیز پر دے دیا ہے، روز ویلٹ ہوٹل کے 1 ہزار 25 کمرے لیز پر لگ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، روز ویلٹ سنہ 2020 میں کرونا وائرس کے دوران بند کر دیا گیا تھا، بند ہوٹل کی لاگت 25 ملین ڈالر ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ خطرہ تھا کہ ہوٹل کو استعمال نہ کیا تو لینڈ مارکنگ کی زد میں آجائے گا، ایسا ہونے سے ہوٹل کی قیمت بھی کم ہوجاتی، گزشتہ حکومت نے فیصلہ کیا ہوٹل کو پرائیوٹ پبلک سیکٹر کی طرف لے جایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل کے لیے حکومت کا نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن سے معاہدہ ہوگیا، روز ویلٹ ہوٹل 1 سال کے لیے 100 فیصد لیز پر دے دیا ہے، روز ویلٹ ہوٹل کے 1 ہزار 25 کمرے لیز پر لگ گئے ہیں۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمارا ارادہ ہے ہوٹل کو 3 سال تک لیز پر دیں گے، پہلے سال 202، دوسرے سال 250 اور تیسرے سال 210 ڈالر پر ڈے رینٹ ملے گا۔ پرائیوٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت ہوٹل کی مزید تزئین آرائش ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاق نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ کیا ہے، ایئر پورٹس کا آپریشن انٹرنیشنل فرم کے حوالے کیا جائے گا۔ ایئر پورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا مطلب بیچنا نہیں ہے۔

  • فضائی مسافروں اور ٹریفک میں اضافہ

    فضائی مسافروں اور ٹریفک میں اضافہ

    ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کے دوران فضائی سفر کی گھٹ جانے والی شرح میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، اپریل 2023 میں ٹریفک اپریل 2022 کے مقابلے میں 45.8 بڑھ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا) نے اپریل کے دوران فضائی سفر کے اعداد و شمار جاری کردیے، اپریل میں فضائی مسافروں کے ہوائی ٹریفک میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    ایاٹا کا کہنا ہے کہ اپریل کے دوران عالمی سطح پر ہوائی پسنجرز کی ڈیمانڈ بڑھ گئی، اپریل 2023 میں ٹریفک اپریل 2022 کے مقابلے میں 45.8 بڑھ گیا۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ہوائی ٹریفک اب پری کووڈ کی سطح کے 90.5 فیصد پر ہے۔

    اپریل 2023 میں ڈومیسٹک ٹریفک میں گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 42.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، عالمی سطح پر کرونا وبا کے ڈومیسٹک فضائی سفر اب مکمل طور پر بحال ہوگیا ہے۔

    اپریل 2023 کے دوران بین الاقوامی ہوائی ٹریفک میں اپریل 2022 کے مقابلے میں 48.0 فیصد اضافہ ہوا۔

  • بجٹ 24-2023: بیرون ملک سفر، حج اور عمرہ پر مزید ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    بجٹ 24-2023: بیرون ملک سفر، حج اور عمرہ پر مزید ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی بجٹ 24-2023 میں اکثر بیرون ملک سفر کرنے والوں، حج اور عمرہ زائرین اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ بجٹ میں متواتر بیرون ملک سفر کرنے والوں پر اضافی ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی ہے، بیرون ملک دورے کرنے والے نان فائلرز پر 20 فیصد انکم ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔

    بجٹ میں بیرون ملک سفر کرنے والے ٹیکس فائلرز پر 5 فیصد انکم ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے، نان فائلرز کے اخرجات پر 20 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔

    ٹیکس فائلرز کے ہوٹلز اور دیگر اخراجات پر بھی 5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں حج اور عمرہ زائرین پر بھی اضافی ٹیکسوں کی تجویز دی گئی ہے البتہ پہلی بار حج اور عمرہ کرنے والوں کے لیے ٹیکس چھوٹ کی تجویز دی گئی ہے۔

  • ٹیکسٹائل برآمدات میں مسلسل کمی

    ٹیکسٹائل برآمدات میں مسلسل کمی

    اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2022 سے مئی 2023 تک برآمدات مسلسل کمی کا شکار ہے، اس عرصے میں ٹیکسٹائل برآمدات 15 فیصد گر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کا کہنا ہے کہ مسلسل 8 ماہ سے ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

    اپٹما کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت 11 ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات 15 فیصد گر گئیں، رواں مالی سال مئی میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    اپٹما کے مطابق اکتوبر میں ٹیکسٹائل برآمدات 15 فیصد کم ہوئیں، نومبر میں 18 فیصد، دسمبر میں 16 فیصد، جنوری میں 15 فیصد اور فروری میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 30 فیصد تک کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    مارچ میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 23 فیصد، اپریل میں 29 فیصد اور مئی میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 20 فیصد تک کمی ہوئی۔