Tag: پاکستان کی خبریں

  • عازمین حج کے لیے ایک اور سہولت

    عازمین حج کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں عازمین حج کے لیے دنیا کی مختلف زبانوں میں کتابچے تیار کیے گئے ہیں جنہیں عازمین میں تقسیم کیا جارہا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمین حج میں معلوماتی کتابچوں کی تقسیم کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    جدہ کے کنگ عبد العزیز بین الاقوامی حج ٹرمینل پر وزارت اسلامی امور نے اپنے کاؤنٹرز کھول دیے ہیں۔

    وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمین حج کی آگاہی کے لیے دینی امور پر مشتمل مختلف زبانوں میں کتابچوں کی تقسیم کی جاتی ہے۔

    وزارت اسلامی امور کی جانب سے 104 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جس میں خواتین اہلکار اور نگران شامل ہیں۔

    خواتین اہلکار خواتین عازمین حج کو کتابچے تقسیم کرتی ہیں۔

    خیال رہے اسلامی امور کی وزارت کی جانب سے اس وقت 20 ہزار سے زائد کتابچے تیار کیے گئے ہیں جنہیں حج ٹرمینل پر عازمین حج میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

  • بجٹ میں تاجروں کی تجاویز شامل کی جائیں گی: وزیر خزانہ کی یقین دہانی

    بجٹ میں تاجروں کی تجاویز شامل کی جائیں گی: وزیر خزانہ کی یقین دہانی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت کے سی سی آئی کی بجٹ تجاویز پر غور کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں بجٹ 24-2023 کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے معاشی ترقی میں کے سی سی آئی کے اہم کردار کو سراہا، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت کے سی سی آئی کی بجٹ تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانی اور کاروباری برادری کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے مدد فراہم کرے گی۔

  • بجٹ 24-2023: مرغیاں اور کٹے پالنے کے پروگرام بند کرنے کا فیصلہ

    بجٹ 24-2023: مرغیاں اور کٹے پالنے کے پروگرام بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجٹ 24-2023 میں کٹا بچاؤ پروگرام اور مرغ بانی پروگرام کے لیے فنڈز ختم کر کے پروگرامز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت بجٹ 2023 میں سابق حکومت میں شروع کیے گئے متعدد منصوبے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی بجٹ میں کٹا بچاؤ پروگرام کے لیے فنڈز نہیں رکھے گئے، 23-2022 کے بجٹ میں کٹا بچاؤ پروگرام کے لیے 20 کروڑ روپے رکھے گئے تھے۔

    نئے مالی سال میں کٹے کو فربہ کرنے کے پروگرام کے لیے بھی فنڈز نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گزشتہ مالی سال کٹے کو موٹا کرنے کے پروگرام کے لیے 12 کروڑ روپے رکھے گئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں مرغ بانی پروگرام بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گزشتہ مالی سال پسماندہ علاقوں میں مرغ بانی پروگرام کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔

  • چنیوٹ میں 2 ماہ کے دوران ایڈز کے 40 کیسز سامنے آگئے

    چنیوٹ میں 2 ماہ کے دوران ایڈز کے 40 کیسز سامنے آگئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں 2 ماہ کے دوران ایڈز کے 40 کیسز سامنے آگئے، 62 افراد کی اسکریننگ کی گئی جس میں 22 کا ایڈز پازیٹو آیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں 2 ماہ کے دوران ایڈز کے 40 نئے کیسز سامنے آگئے۔

    کوآرڈینیٹر ایڈز کنٹرول پروگرام اظہر عباس کا کہنا ہے کہ 3 سال کے دوران ایڈز کے 715 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    اظہر عباس کے مطابق 62 افراد کی اسکریننگ میں 22 کا ایڈز پازیٹو آیا۔

    انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ انتقال خون، جنسی عمل اور اتائیت ایڈز پھیلنے کی وجہ بن رہے ہیں، مسلسل بخار، وزن کم ہونا، پیٹ خراب رہنا ایڈز کی علامات ہیں۔

  • محکمہ تعلیم سندھ میں 1500 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ

    محکمہ تعلیم سندھ میں 1500 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کی جانب ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، خالی آسامیوں پر بھرتیاں تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ کے تحت کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا فیصلہ کیا ہے، وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے 1500 خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچرز کی خالی آسامیوں پر بھرتیاں تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ کے تحت کی جائیں گی، بچوں کی ارلی اسکولنگ کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کلاسز کا آغاز کیا گیا۔

    وزیر تعلیم نے ارلی چائلڈ ہوڈ ٹیچر کے سروس اسٹرکچر اور پروموشن کے رولز بنانے سے متعلق بھی ہدایت کی۔

    یاد رہے کہ سال 2018 میں آئی بی اے کے ذریعے 1100 ای ٹی سی کی خالی آسامیوں کا اعلان کیا گیا تھا، 660 امیدواروں نے ٹیسٹ پاس کیا جن میں سے 400 سے زائد پوزیشنز خالی رہ گئی تھیں۔

  • کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے: امتیاز شیخ

    کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے: امتیاز شیخ

    کراچی: صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے، 50، 50 میگا واٹ کے 2 پلانٹس کی تکمیل سے کراچی کو ریلیف ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کا ترجیحی منصوبہ ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے، 50، 50 میگا واٹ کے 2 پلانٹس کی تکمیل سے کراچی کو ریلیف ملے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی ہمارا مشن ہے، منصوبے کی تکمیل سے کراچی کے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی۔

  • آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں عوام کی کیا رائے ہے؟ سروے رپورٹ جاری

    آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں عوام کی کیا رائے ہے؟ سروے رپورٹ جاری

    کراچی: ملک میں معاشی اشاریوں کے حوالے سے عوامی توقعات کا اندازہ لگانے کے لیے کیے گئے سروے کی رپورٹ جاری کردی گئی، 42 شرکا آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع ہونے اور 40 فیصد نہ ہونے کی توقع رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 12 جون 2023 کو ہوگا، مانیٹری پالیسی کے نقطہ نظر کا اندازہ لگانے کے لیے ٹاپ لائن ریسرچ کا سروے جاری کردیا گیا۔

    سروے کے مطابق شرکا کی اکثریت یعنی 69 فیصد پالیسی کی شرح میں کسی تبدیلی کی توقع نہیں رکھتی، 23 فیصد شرکا پالیسی کی شرح میں اضافے کی توقع کرتے ہیں جبکہ 8 فیصد کو کمی کی توقع ہے۔

    16 فیصد شرکا 100 بیسز پوائنٹس اضافے کی توقع کرتے ہیں جبکہ 7 فیصد شرکا 100 بیسز پوائنٹس سے زیادہ اضافے کی توقع رکھتے ہیں۔

    آئی ایم ایف کے نویں جائزے پر 42 شرکا آئی ایم ایف پروگرام میں توسیع کی توقع رکھتے ہیں جبکہ 40 فیصد شرکا کو توقع ہے کہ آئی ایم ایف کی فنڈنگ عمل میں نہیں آئے گی۔

  • سولر کے آلات اور ٹیکنالوجی پر رعایت دی جائے گی: خرم دستگیر

    سولر کے آلات اور ٹیکنالوجی پر رعایت دی جائے گی: خرم دستگیر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سولر کا رجحان بڑھ رہا ہے، سولر پینل کی مینو فیکچرنگ کی تیاری کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سولر کا رجحان بڑھ رہا ہے، سولر پینل کی مینو فیکچرنگ کی تیاری کر رہے ہیں۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی معاشی پالیسی کی تجاویز پر پاکستان نے مکمل عملدر آمد کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے کہ بجٹ میں سولر توانائی کے فروغ کے لیے اعلان ہو، کوشش ہے صرف سولر توانائی کے لیے استعمال کے آلات اور ٹیکنالوجی پر رعایت دی جائے۔

  • سعودی عرب: کس ملک کے شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے؟

    سعودی عرب: کس ملک کے شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے؟

    ریاض: سعودی عرب میں سب سے زیادہ تعداد بنگلہ دیشی شہریوں کی مقیم ہے جبکہ پاکستانیوں کی تعداد مملکت میں تیسرے نمبر پر ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شماریات نے 2022 کے دوران ہونے والی مردم شماری میں ان 6 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جہاں کے شہری سب سے زیادہ تعداد میں مملکت میں مقیم ہیں۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ تعداد بنگلہ دیشی شہریوں کی ہے جن کا تناسب 15.8 فیصد ہے۔

    انڈین شہریوں کا تناسب 14.1 فیصد ہے جس کے ساتھ ان کا نمبر دوسرا ہے، پاکستانی 13.6 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر، یمن 13.5 فیصد سے چوتھے، مصری 11.0 فیصد سے پانچویں اور سوڈانی 6.1 فیصد سے چھٹے نمبر پر ہیں۔

    محکمہ شماریات کے مطابق مملکت میں غیر ملکیوں کی تعداد 13.4 ملین ہے، یہ کل آبادی کا 41.6 فیصد ہے، سعودیوں کی تعداد 18.8 ملین ہے، کل آبادی کا 58.4 فیصد ہے۔

    سعودی عرب کی کل آبادی 3 کروڑ 21 لاکھ 75 ہزار 224 نفوس پر مشتمل ہے۔

  • میونسپل کارپوریشن اسلام آباد: صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف

    میونسپل کارپوریشن اسلام آباد: صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی میونسپل کارپوریشن میں، صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا جس کے بعد ایف آئی نے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کے سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ میں صفائی کے ٹھیکے میں 20 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 7 افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ٹھیکے کے ایوارڈ سے قبل سب کمیٹیوں کو تمام مشینری اور رجسٹریشن کی تصدیق کا کام سونپا گیا، سب کمیٹی کی رپورٹس منفی ہونے کے باوجود متعلقہ ٹھیکہ ایوارڈ کیا گیا۔

    ایف اے آئی کے مطابق سب کمیٹی کی رپورٹس کو ریکارڈ سے غائب کردیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کئی افسران نامزد کر دیے گئے ہیں، مقدمے کی مزید تحقیقات کے لیے کسی بھی افسر کو بلایا جا سکتا ہے۔