Tag: پاکستان کی خبریں

  • سعودی کینیڈا تنازعہ: پاکستان کا سعودی عرب کی حمایت کا اعلان

    سعودی کینیڈا تنازعہ: پاکستان کا سعودی عرب کی حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان جاری سفارتی تنازعے پر تشویش ہے اور وہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سعودی کینیڈا تنازعے میں اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے مغربی دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ مملکتِ سعودی عربیہ کے مفاد کے ساتھ کھڑا ہے۔

    دفتر خارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ’پاکستان کو سعودی عرب اور کینیڈا تنازعے پر تشویش ہے، موجودہ صورتِ حال میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔‘

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ممالک کی خود مختاری اور عدم مداخلت پر یقین رکھتا ہے، یہ دونوں اصول اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہیں۔

    کینیڈا کو اپنی غلطیاں درست کرنے کی ضرورت ہے: سعودی عرب

    ترجمان نے واضح کیا کہ اصولوں کی بنیاد پر پاکستان سعودی عرب کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔ مزید کہا کہ ہم او آئی سی کے بیان کی حمایت کرتے ہیں۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں نمایاں مقام رکھتا ہے، کسی ملک کو اس کے داخلی معاملات میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے۔

    کینیڈا کا سعودی عرب سے معافی مانگنے سے انکار

    دوسری طرف آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ عادل بن احمد الجبير کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ثالثی کی کوئی گنجائش نہیں، ایک غلطی کی گئی جسے سدھارنا ہوگا۔

  • عمران خان کی چار حلقوں میں کام یابی کا نوٹیفکیشن جاری

    عمران خان کی چار حلقوں میں کام یابی کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی چار حلقوں میں کام یابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کی قومی اسمبلی کے چار حلقوں میں کام یابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، ای سی پی نے باقاعدہ طور پر عمران خان کو کام یاب قرار دے دیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کام یابی کا پہلے جاری کردہ نوٹیفکیشن مشروط تھا، آج مختلف وقفوں سے مجموعی طور پر عمران خان کی 4 حلقوں میں کام یابی کے نوٹیفکیشن جاری کیے جا چکے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان این اے 35، این اے 95، اور این اے 243 سے کام یاب قرار پائے ہیں، جب کہ این اے 131 لاہور سے بھی عمران خان کی کام یابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔

    این اے 131 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹی فیکیشن جاری

    حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے حلقے این اے 53 پر ووٹ کی رازداری کی وجہ سے کام یابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، ووٹ کی رازداری کا معاملہ الیکشن کمیشن میں زیرِ سماعت ہے۔

    خیال رہے کہ این اے 53 اسلام آباد کے حلقے میں عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ تھا۔

  • پاکستان اور امریکا میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان کی امریکی سفارتی وفد سے بات چیت

    پاکستان اور امریکا میں باہمی اعتماد کا فقدان ہے، عمران خان کی امریکی سفارتی وفد سے بات چیت

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے امریکی سفارتی وفد کی بنی گالہ آمد کے موقع پر وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات میں اتار چڑھاؤ کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کا فقدان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائم مقام امریکی سفیر جان ہُووَر کی قیادت میں آج امریکی سفارتی وفد نے بنی گالہ میں ملک کے اگلے متوقع وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات اور باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے وفد سے کہا ’تحریکِ انصاف امریکا کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کے لیے پُرعزم ہے، ہم امریکا کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں، پاکستان کے امریکا سے سفارتی تعلقات میں سرگرمی وقت کا تقاضا ہے۔‘

    عمران خان نے خطے میں افغانستان سے متعلق تزویراتی پالیسی کے حوالے سے امریکی سفارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’پاکستان افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔‘

    ایرانی صدر کا عمران خان کو ٹیلی فون، دورہ ایران کی دعوت

    انھوں نے کہا کہ امریکا سے بھی افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں، یہ خوشی کی بات ہے، کیوں کہ جنگ اور قوت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان، امریکا اور خطے کے مفاد میں ہے۔ مزید کہا کہ پاک امریکا تعلقات نے تاریخ میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے، جس کی وجہ باہمی اعتماد کا فقدان تھا۔

    لوگوں سے عہد کیا ہے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بناؤں گا ،عمران خان

    واضح رہے کہ آج ایران کے صدرحسن روحانی نے بھی عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے الیکشن میں کام یابی پر مبارک باد اور دورۂ ایران کی دعوت دی ہے۔ دوسری طرف عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے نو منتخب اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے وعدے کو دہرایا ہے کہ وہ پاکستان کو مدینے کی ریاست بنائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں: علیم خان

    جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں: علیم خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کا کہنا ہے کہ جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں۔ مجھ پر کیس نہیں ہے صرف انکوائری چل رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار اور تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد سے پنجاب میں حکومت بنانے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جن لوگوں پر کیسز ہیں انہیں عہدے نہیں ملنے چاہئیں۔ مجھ پر کیس نہیں ہے صرف انکوائری چل رہی ہے۔

    علیم خان نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ عمران خان کس کو وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کریں گے، میری جدوجہد پنجاب کا وزیر اعلیٰ بننے کے لیے نہیں تھی۔ کسی عہدے کی خواہش نہیں، صرف عمران خان کو وزیر اعظم دیکھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیب نے رواں ماہ 10 دن میں 3 دفعہ طلب کیا، ’لگتا ہے نیب کی مجھ سے محبت بڑھتی جا رہی ہے، جس دن نیب میں پیش ہوتا ہوں اسی دن اگلی پیشی کا نوٹس مل جاتا ہے‘۔

    علیم خان نے مزید کہا کہ اپنی طرف سے تمام تفصیلات جمع کروا دیں، معلوم نہیں اب کیا باقی رہ گیا ہے۔

  • نگراں وزیر اعظم کے دورہ سوات پر کروڑوں روپے کے اخراجات، حکومت کو نوٹس جاری

    نگراں وزیر اعظم کے دورہ سوات پر کروڑوں روپے کے اخراجات، حکومت کو نوٹس جاری

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں لاہور ہائیکورٹ نے نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کے سوات کے دورے پر کروڑوں روپے کے اخراجات کی واپسی کے لیے دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کے سوات کے دورے پر کروڑوں روپے کے اخراجات سے متعلق کیس پر جسٹس مامون الرشید شیخ نے بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر سماعت کی۔

    عدالتی حکم کے باوجود وفاقی حکومت نے جواب داخل نہیں کروایا جس پر عدالت نے دوبارہ نوٹس جاری کردیے۔

    درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نگران وزیر اعظم نے اپنی آبائی رہائش گاہ سوات جانے کے لیے 22 گاڑیوں کا استعمال کیا۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعظم نے ریاستی ذمہ داری کے بجائے ذاتی امور کے لیے پروٹوکول استعمال کیا جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ عدالت اس معاملے پر کارروائی کرے اور پروٹوکول پر اٹھنے والے اخراجات واپس سرکاری خزانے میں جمع کروانے کا حکم دے۔

     

  • سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان آرڈر 2018 بحال کردیا

    سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان آرڈر 2018 بحال کردیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے گلگت بلتستان آرڈر 2018 بحال کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے بھی حقوق ہیں، تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل منظور ہوگئی۔

    سپریم کورٹ نے گلگت بلتستان آرڈر 2018 کو بحال اور گلگت بلتستان کی عدالت کا فیصلہ معطل کردیا۔

    چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو بھی وہ ہی حقوق حاصل ہیں جو دوسرے شہریوں کو حاصل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت یقینی بنائے کہ گلگت بلتستان کے شہریوں کو بھی بنیادی حقوق میسر ہوں۔

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے لیے پیکج دیا تھا جسے گلگت بلتستان کے چیف اپیلٹ کورٹ نے کالعدم قرار دے کر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

     

  • سپریم کورٹ نے نندی پور پاور پلانٹ کیس ری اوپن کردیا

    سپریم کورٹ نے نندی پور پاور پلانٹ کیس ری اوپن کردیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے نندی پور پاور پلانٹ کیس ری اوپن کردیا، کیس کی سماعت کل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے کہا کہ آپ وفاقی وزیر تھے آپ نے مسئلہ حل کیوں نہیں کرایا؟

    خواجہ آصف نے جواب دیا کہ مجھے معاملے سے الگ کر دیا گیا تھا کیونکہ مفادات کا ٹکراؤ تھا۔ یہ منصوبہ گزشتہ پانچ سال سے جاری ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو معاملے سے الگ کیا گیا تو آپ تحقیقات کروا سکتے تھے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاملے میں رحمت حسین جعفری کمیشن بھی بنا تھا۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کمیشن نے ذمہ داری کا تعین بھی کر دیا تھا، آپ نے یہ ٹھیکہ چینی کمپنی کو دے دیا تھا۔

    خواجہ آصف نے بتایا کہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا جس کی وجہ سے لاگت بڑھی، اس میں حکم تھا کہ نندی پور اور چیچو کی ملیاں پر کام مکمل کریں۔

    سپریم کورٹ نے وفاق، پیپکو اور واپڈا سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔ کیس کی سماعت کل ہوگی۔

  • عمران خان کے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل

    عمران خان کے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حلقہ این اے 131 لاہور میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے لاہور کے حلقہ این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا۔

    حلقہ این اے 131 سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران فتحیاب ہوئے تھے جبکہ سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے شکست کھائی تھی۔

    عمران خان نے سخت مقابلے کے بعد 84 ہزار 313 ووٹ حاصل کیے جبکہ سعد رفیق 83 ہزار 633 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    اپنی شکست کے بعد خواجہ سعد رفیق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ریٹرننگ افسر محمد اختر بھنگو کو درخواست جمع کروائی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پریزائڈنگ افسر نے سینکڑوں ووٹ مسترد کیے، اس لیے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کی جائے اور مسترد کیے گئے ووٹوں اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک رزلٹ جاری نہ کیا جائے۔

    تاہم مسترد شدہ ووٹوں کی گنتی کے بعد بھی عمران خان فاتح قرار پائے، مگر سعد رفیق نے ہار ماننے سے انکار کر دیا اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا۔

    سعد رفیق نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

    تاہم فتحیاب امیدوار عمران خان نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی اور دوبارہ گنتی کا عمل روکنے کی استدعا کی۔

    درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم کسی حلقے کو غیر نمائندہ نہیں چھوڑ سکتے۔ روٹین میں دوبارہ گنتی کا سلسلہ نہیں چلے گا۔

    جسٹس اعجاز الامین نے ریمارکس دیے کہ ایک دفعہ رزلٹ مکمل ہوگیا تو وہ فائنل ہے۔ بار بار گنتی کا سلسلہ نہیں چلے گا۔

    سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا ہائیکورٹ کا حکم معطل کردیا۔

     

  • بھارت کی آبی جارحیت، دریائے چناب میں پانی چھوڑنے سے درمیانے درجے کا سیلاب

    بھارت کی آبی جارحیت، دریائے چناب میں پانی چھوڑنے سے درمیانے درجے کا سیلاب

    لاہور: بھارت نے ایک بار پھر آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا جس سے دریا میں درمیانے درجے کا سیلاب آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا جس سے دریا میں درمیانے درجے کا سیلاب آگیا۔ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 85 ہزار 120 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا اخراج 1 لاکھ 52 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا تھا۔

    اس سے قبل 6 اگست کو دریائے چناب میں پانی کی آمد 77 ہزار کیوسک تھی۔

    مقامی انتظامیہ کی جانب سے دریائے چناب کے اطراف آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    گزشتہ روز بھی بھارت نے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ دیا تھا جس کے باعث اونچے درجے کا سیلاب آگیا۔

    پانی چھوڑنے کے بعد چھہو کے مقام پر 25 ہزار کیوسک کا ریلہ گزرا جبکہ نالہ ڈیک میں کنگرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوگیا تھا۔

    بھارت کی جانب سے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑنے کے باعث دریائے چناب بھی تباہی پھیلانے لگا تھا اور سیالکوٹ اور ظفر وال کے کئی علاقے پانی کی لپیٹ میں آگئے تھے۔

  • عمران خان کی 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری

    عمران خان کی 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات 2018 میں کامیاب امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے۔ عمران خان کی 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 817 کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 23 حلقوں کے نوٹیفکیشن روک دیے گئے ہیں۔ روکے گئے نوٹیفکیشن عدالتی فیصلوں کے بعد جاری ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے 8، اور پنجاب اسمبلی کے 8 حلقوں کے نتائج روکے گئے ہیں۔

    روکے جانے والے نتائج میں این اے 90، این اے 91، این اے 106، این اے 108، این اے 112، این اے 131، این اے 140 اور این اے 215 کے نتائج شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پی کے 32 اور پی کے 23 کے نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیے گئے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخواہ اور سندھ کے 3،3 حلقوں کے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے گئے۔ پرویز خٹک کے 3 حلقوں کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان میں پی بی 26، پی بی 36 اور پی بی 41 کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا۔


    عمران خان کے حلقوں کا مشروط نوٹیفکیشن

    الیکشن کمیشن نے الیکشن میں فتح پانے والی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 3 حلقوں سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عمران خان کی 2 حلقوں سے الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا بھی ہے جن میں این اے 53 اسلام آباد اور این اے 131 لاہور شامل ہیں۔

    جن حلقوں سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے ان میں این اے 35 بنوں، این اے 95 میانوالی اور این اے 243 کراچی کے حلقے شامل ہیں۔


    الیکشن کمیشن کی وضاحت

    عمران خان کی کامیابی سے متعلق نوٹی فکیشن پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم کےعہدےکاحلف لےسکتے ہیں،  دو حلقوں سے الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جانا اس راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔