Tag: پاکستان کی خبریں

  • اسلام آباد سستا ترین اور کوئٹہ سب سے مہنگا شہر ہے: اسٹیٹ بینک آف پاکستان

    اسلام آباد سستا ترین اور کوئٹہ سب سے مہنگا شہر ہے: اسٹیٹ بینک آف پاکستان

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے دارالحکومت اسلام آباد کو  سستا ترین اور بلوچستان کے شہر کوئٹہ کو مہنگا ترین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پانچ بڑے شہروں میں اسلام آباد سب سے سستا شہر ہے جہاں جون 2018 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کا افراطِ زر 4.5 فی صد ریکارڈ کیا گیا جب کہ پچھلے سال یہ 5.0 فی صد تھا۔

    مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ رہن سہن کی لاگت کے حوالے سے ملک کا گراں ترین شہر بن گیا ہے، بلوچستان کے اس مرکزی شہر میں افراطِ زر کی بلند ترین شرح دیکھی گئی جو 9.3 فی صد ہے، جون 2017 میں یہ شرح 2.7 فی صد تھی۔ دوسری طرف سلام آباد میں فوڈ اور نان فوڈ آئٹمز کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔

    بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جون میں ملک کا مرکزی کنزیومر پرائس انڈیکس افراطِ زر 5.2 فی صد تک پہنچ گیا ہے جو کہ پچھلے سال 3.9 تھا، جب کہ پاکستان کے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں افراطِ زر کی شرح ملی جلی رہی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اسلام آباد کے لیے غذائی افراطِ زر 3.1 فی صد تھا اور غیر غذائی افراطِ زر 5.5 فی صد تھا، جب کہ کوئٹہ کا غذائی افراطِ زر 8.5 فی صد اور غیر غذائی 9.8 فی صد ریکارڈ کیا گیا۔

    تجزیہ کاروں نے بڑے شہروں میں رہن سہن کی لاگت میں اضافے کی وجہ فوڈ اور نان فوڈ گروپ کے وزن میں مسلسل اضافے کو قرار دیا ہے، جو کہ کپڑوں اور جوتوں، ہاؤسنگ، پانی، بجلی اور دیگر ایندھن، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور دیگر اشیا پر مشتمل ہے۔

    معاشیات: ڈالر کی قدر میں اضافہ، فرنس آئل کی قیمتیں بڑھ گئیں، اسٹاک مارکیٹ بھی مثبت رہی

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے ساحلی شہر کراچی میں بھی افراطِ زر میں اضافہ ہوا ہے، جون میں یہ 4.8 فی صد تھا جب کہ گزشتہ سال یہ 2.1 فی صد تھا۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق لاہور میں افراطِ زر 4.9 فی صد سے بڑھ کر 5.2 فی صد جب کہ پشاور میں 3.2 فی صد سے بڑھ کر 4.8 فی صد ہو گیا ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں روپے کی قدر میں کمی ہوتی ہے جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم

    الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات: انتخابی مہم کا وقت ختم

    اسلام آباد: الیکشن 2018 کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے، ایک دن بعد قوم اپنے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق رات کے بارہ بجتے ہی ملک بھر میں ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کا وقت ختم ہو گیا، سیاسی شخصیات نے انتخابی مہم روک لی ہیں۔

    ملک میں جاری الیکشن 2018 کے تاریخی لمحات اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ملکی جمہوری تاریخ کا ایک اور سنگ میل عبور ہونے میں ایک دن رہ گیا۔

    انتخابی مہم کے آخری دن لاہور، ڈی جی خان، راولپنڈی، جیکب آباد اور کراچی میں بڑے جلسے منعقد کیے گئے، ووٹرز کو لبھانے کے لیے بڑی سیاسی جماعتوں کی کوششیں عروج پر نظر آئیں۔

    25 جولائی کو بڑی تبدیلی آئے گی یا ملک اپنے معمول کی ڈگر پر یوں ہی چلتا رہے گا، قوم کیا فیصلہ کرے گی، یہ معلوم ہونے میں ایک ہی دن رہ گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے پُر امن اور شفاف انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں، فوجی جوان بھی ملک بھر میں تعینات کیے جا چکے ہیں۔

    25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟


    الیکشن کمیشن نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ محفوظ ماحول میں ووٹ کاسٹ کر سکیں گے چناں چہ وہ بے خوف ہو کر 25 جولائی کو گھروں سے نکل کر ووٹ ڈال کر اپنا جمہوری حق ادا کریں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق آج رات بارہ بجے کے بعد سے کوئی امیدوار یا سیاسی جماعت انتخابی مہم نہیں چلا سکتی، جلسے، ریلی یا کارنر میٹنگز اور میڈیا تشہیری مہم انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی، جس کی سزا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کردیے گئے، آئی ایس پی آر

    الیکشن ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کردیے گئے، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ انتخابات میں ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سے تعاون کے لیے فوجی دستوں کی تعیناتی مکمل ہوگئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے فوجی دستے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے، تاکہ پُر امن ماحول میں انتخابات ہوں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ فوجی دستے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطوں کو یقینی بنائیں گے، محفوظ اور پُر امن ماحول میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت مسلح افواج سے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تعاون طلب کیا تھا۔

    شہریوں کو جمہوری فرض ادا کرنے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کریں‌ گے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ پاک فوج کی جانب سے شہریوں کو جمہوری فرض ادا کرنے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کے لیے سیاست دانوں نے دل چسپ انداز اپنا لیا

    ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کے لیے سیاست دانوں نے دل چسپ انداز اپنا لیا

    کراچی: ووٹرز کو مائل اور قائل کرنے کے لیے سیاست دانوں نے دل چسپ انداز اپنالیا ہے، مختلف سیاست دانوں نے دل چسپ کام کرکے ووٹرز کو اپنی جانب مائل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیاست دانوں کی انتخابی مہم کے خاتمے میں صرف دو گھنٹے رہ گئے ہیں، بارہ بجے رات کے بعد ہر قسم کے انتخابی مہم پر الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق پابندی ہوگی۔

    انتخابی مہم کے سلسلے میں سیاسی جلسوں اور ریلیوں کی گہما گہمی کے دوران عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری نے بھرپور انداز میں اپنی مہمات چلائیں، شہباز شریف نے بھی طوفانی دورے کیے۔

    دوسری طرف متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی نے بھی جلسے اور کارنر میٹنگوں کے ذریعے عوام کو اپنی جانب متوجہ کیا۔

    کراچی میں ایم کیو ایم کی انتخابی مہم پہلے جیسی جان دار نظر نہ آئی، تاہم ملک کی بڑی جماعتوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی، کچھ امیدواروں نے دل چسپ مہمیں چلائیں۔

    25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟


    ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں کلیجی بھونی اور پراٹھے تلے، فیصل واوڈا بن کباب والے بنے اور انھوں نے برگر بنایا، شیخ رشید نے تندور پر کھڑے ہو کر روٹیاں لگائیں اور حلقے میں موٹرسائیکل پر گھومتے پھرے۔

    عارف علوی نے بھی دل چسپ مہم کا راستہ اختیار کرتے ہوئے رکشا چلایا، خورشید شاہ بھی موٹر سائیکل پر بیٹھ مہم چلاتے رہے، کراچی سے آزاد حثیت میں کھڑے امیدوار ایاز میمن موتی والا نے حد ہی کردی، گندے پانی میں لیٹ گئے اور منہ بھی دھویا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عدلیہ کم زور پڑ گئی تو ملکی سالمیت الم ناک صورتِ حال میں گِھر جائے گی، چیف جسٹس

    عدلیہ کم زور پڑ گئی تو ملکی سالمیت الم ناک صورتِ حال میں گِھر جائے گی، چیف جسٹس

    لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اگر عدلیہ کا ادارہ کم زور پڑ گیا تو یہ ملکی سالمیت کے لیے الم ناک صورتِ حال ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ عدلیہ کو بد نام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ادارے پر الزامات لگائے جاتے ہیں تاکہ یہ کم زور پڑ جائے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی اگلی چیف جسٹس طاہرہ صفدر ہوں گی، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس خاتون ہوں گی۔

    چیف جسٹس نے وکلا سے خطاب میں کہا ’میں بہت چھوٹا انسان ہوں، میرے اندر تکبر نام کی کوئی چیز نہیں، آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنے اور انصاف کی فراہمی کے لیے کوشش کرتا ہوں۔‘

    میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ انھوں نے قوم سے ملک میں بر وقت انتخابات کے انعقاد کا وعدہ کیا تھا، یہ وعدہ پورا ہوگا، ملک میں آئین اور جمہوریت قائم رہیں گے۔

    چیف جسٹس نے کہا ’ججز آئین اور جمہوریت کا علم بلند رکھیں۔‘ دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اس قوم کو عمر خطاب ثانی جیسی بہترین قیادت عطا فرمائے۔

    کالا باغ اور بھاشا ڈیموں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ایک سازش کے تحت نہیں بننے دیا گیا، پانی زندگی ہے، اس کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ کو احکامات صادر کرنے پڑے۔

    شوکت عزیزازخود نوٹس کیس: چیف جسٹس کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رائے طلب

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جو کام حکومتوں کو کرنا چاہیے تھے، وہ نہیں ہوئے، اسی لیے خلا پُر کرنے کے لیے از خود نوٹس لینا پڑے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی  بار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس شوکت صدیقی نے عدلیہ اور پاک فوج پر سنگین نوعیت کے الزامات لگا دیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • افواہیں دم توڑ گئیں، نواز شریف کو صحت کا کوئی بڑا مسئلہ لاحق نہیں، میڈیکل رپورٹ

    افواہیں دم توڑ گئیں، نواز شریف کو صحت کا کوئی بڑا مسئلہ لاحق نہیں، میڈیکل رپورٹ

    راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ابتدائی طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آگئی، میڈیکل رپورٹ کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس کے بڑے مجرم کو صحت کا کوئی بڑا مسئلہ لاحق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں دس سالہ قید کی مدت شروع کرنے والے سابق وزیر اعظم دسویں دن ہی بیمار پڑ گئے، ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کر کے صحت تسلی بخش قرار دے دی۔

    میڈیکل رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل کے قیدی نواز شریف کو صحت کا کوئی بڑا مسئلہ لاحق نہیں ہے، طبی معائنہ پمز اسپتال کے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ نے کیا۔

    میڈیکل بورڈ نے طبی معائنے کی رپورٹ میں لکھا کہ نواز شریف کے خون اور پیشاب کے ٹیسٹ نارمل ہیں، وہ اپنی معمول کی دوائیں جاری رکھیں۔

    میڈیکل بورڈ کی لکھی ہوئی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے خون کے مزید ٹیسٹ اور دل کی صحت کو جانچنے کے لیے ایکو کارڈیالوجی کل کی جائے گی۔

    صفدر اور مریم ٹھیک ہیں، نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے، آئی جی جیل خانہ جات

    خیال رہے کہ صدرِ پاکستان ممنون حسین نے نواز شریف کے مکمل علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    دوسری طرف آئی جی جیل خانہ جات نے اڈیالہ جیل کے قیدی کی صحت کی خرابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں آ کر سبھی بیمار ہو جاتے ہیں، تاہم مریم اور صفدر ٹھیک ہیں تو نواز شریف کیوں بیمار ہو گئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صفدر اور مریم ٹھیک ہیں، نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے، آئی جی جیل خانہ جات

    صفدر اور مریم ٹھیک ہیں، نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے، آئی جی جیل خانہ جات

    لاہور: آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم نے کہا ہے کہ صفدر اور مریم ٹھیک ہیں تو پھر نواز شریف کیسے بیمار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیمار پڑنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں تو سب ہی بیمار ہو جاتے ہیں تاہم صفدر اور مریم ٹھیک ہیں، صرف نواز شریف بیمار ہوگئے۔

    مرزا شاہد سلیم کا کہنا تھا کہ گھر سے جیل کھانا 3 گھنٹے میں پہنچے گا تو وہ خراب ہی ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ میڈیکل بورڈ رپورٹ کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

    دوسری طرف صدرِ پاکستان ممنون حسین نے نواز شریف کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، انھوں نے اس سلسلے میں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو ٹیلی فون بھی کیا۔

    صدر ممنون حسین نے نواز شریف کے مکمل علاج کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی، انھوں نے کہا ’نواز شریف کو علاج  معالجے کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔‘

    نوازشریف جیل جاتے ہی بیمار، طبی معائنے کے لئے میڈیکل ٹیم اڈیالہ پہنچ گئی

    واضح رہے کہ محلات میں رہنے کے عادی اور شاہانہ زندگی گزارنے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں آج دسواں دن ہے، جیل کے ماحول نے ان کی نازک طبع پر برے اثرات مرتب کر دیے ہیں۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف کے طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال کے چار سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ چکی ہے، جب کہ طبی معائنے کے لیے نواز شریف کو سیل سے جیل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس  این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کا نوٹس لیں، شیخ رشید

    چیف جسٹس این اے 60 میں انتخاب ملتوی کرنے کا نوٹس لیں، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ وہ این اے 60 میں انتخاب ملتوی کیے جانے کا نوٹس لیں۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن ملتوی کیے جانے کو سازش قرار دیا اور کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، وہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کل ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔

    شیخ رشید نے کہا ’الیکشن کمیشن نے اختیارات کا غیر آئینی استعمال کیا ہے، میں الیکشن کمیشن گیا تو مجھ سے کہا گیا کہ کل آپ کو فیصلے کی کاپی دی جائے گی۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت صرف امیدوار کی موت پر الیکشن ملتوی ہوتا ہے، الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کا غلط استعمال کیا۔

    ایفی ڈرین کوٹہ کیس، حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

    سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ہائی کورٹ میں اپنے اقدام کا جواب دینا ہوگا، الیکشن کے لیے ہماری تیاری مکمل تھی، اب ہمیں خوف زدہ کیا جا رہا ہے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے حلقوں میں الیکشن ملتوی کیوں نہیں کیے گئے، آئین کے تحت کوئی طاقت الیکشن روک نہیں سکتی، مجھے امید ہے الیکشن کمیشن آئینی راستہ اختیار کرے گا۔

    واضح رہے کہ انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور امیدوار حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا دی ہے، ان پر 500 کلو ایفی ڈرین منشیات اسمگلروں کو فروخت کرنے کا الزام تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کوک اسٹوڈیو سیزن 11 نے مشہورنغمہ ’ہم دیکھیں گے‘ ریلیزکردیا

    کوک اسٹوڈیو سیزن 11 نے مشہورنغمہ ’ہم دیکھیں گے‘ ریلیزکردیا

    کراچی: کوک اسٹوڈیو نے سیزن 11 کا پہلا گیت ’ہم دیکھیں گے‘ ریلیز کر دیا، ملک میں تبدیلی کی علامت اس گیت کو پچاس سے زائد گلوکاروں اور میوزک بینڈز نے گایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو نے ایک بار پھر سیزن 11 کے آغاز پر تہلکہ مچا دیا ہے، ایک قوم ایک جذبہ اور ایک آواز کی حامل سوچ پر مبنی گیت ریلیز کر دیا گیا جس کے متنوع رنگوں میں اتحاد کا گہرا رنگ اپنی بہار دکھا رہا ہے۔

    گیت ’ہم دیکھیں گے‘ اردو کے مشہور اور مقبول شاعر فیض احمد فیض کی مشہور نظم ’و یبقٰی وجہ ربک‘ پر مبنی ہے، جسے سب سے پہلے 1986 میں اقبال بانو نے لاہور کے الحمرا آرٹس کونسل میں گایا تھا۔

    1985 میں جنرل ضیاء الحق نے عورتوں کے ساڑی پہننے پر پابندی لگا دی تھی جس پر پاکستان کی مشہور گلوکارہ اقبال بانو نے احتجاج کرتے ہوئے لاہور کے ایک اسٹیڈیم میں کالے رنگ کی ساڑی پہن کر ہزاروں سامعین کے سامنے فیض کی یہ نظم گائی۔

    کوک اسٹوڈیو کا کہنا ہے کہ وہ فخریہ طور پر یہ گانا ریلیز کررہا ہے، یہ گانا پاکستان کے لوگوں کی طرف سے پاکستان کے لوگوں کے لیے ہے۔

    اس گیت کو پروفیسر اسرار نے کمپوز کیا ہے، اس کے پروڈیوسر زوہیب قاضی اور علی حمزہ ہیں، اسے البم کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں ریلیز کیا گیا ہے۔

    گیت میں اپنی آواز شامل کرنے والوں میں کیلاش کی آریانا اور ثمرینہ، فقیرا فیم شمو بائی، کریویلا امریکی میوزیکل بینڈ کی یاسمین یوسف اور جہان یوسف اور علی عظمت شامل ہیں۔

    ’ہم دیکھیں گے‘ میں شامل دیگر اہم آوازوں میں عابدہ پروین، عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی، حسن جہانگیر، ابرار الحق، جواد احمد، حمیرہ ارشد، مومنہ مستحسن ساحر علی بگا، دو قوال بھائی استاد غلام فرید الدین ایاز اور ابو محمد بھی شامل ہیں۔

    کوک اسٹوڈیو نے باصلاحیت گلوکار تلاش کرلیے

    وادی ہنزہ کی نتاشا بیگ، کوک اسٹوڈیو سے بیکنگ ووکلسٹ کے طور پر ابتدا کرنے والی کراچی کی سنگر ریچل وکاجی، میوزک گروپ زیب اور ہانیہ سے شہرت پانے والی سنگر ہانیہ اسلم، جمی خان، عاصم اظہر، شجاع حیدر اور آئما بیگ نے بھی گیت کو اپنی خوب صورت آوازیں دی ہیں۔

    پاریک: کوک اسٹوڈیو کے پلیٹ فورم سے کیلاشی فوک میوزک کا انوکھا تجربہ

    اداکار احد رضا میر، میوزک بینڈ ساونڈز آف کولاچی، دنیا بھر میں پاکستان کو بہترین انداز میں پیش کرنے والا پشاور کا پشتو بینڈ خماریان، بوہیمیا گیم ٹائم کے لیے مشہور رائٹر ینگ دیسی اور لیاری سے تعلق رکھنے والے ہپ ہاپ گروپ لیاری انڈر گراؤنڈ نے بھی گیت میں پرفارم کیا ہے۔

    گیت میں جام شورو سندھ سے تعلق رکھنے والا صوفی راک فولک بینڈ دی اسکیچز، طبلہ اور ڈھولک پلیئر بابر علی کھنا، بہترین بیس گٹار پلیئر کامران ظفر عرف منو، پاکستانی کرسچن کمیونٹی کے ابھرتے ہوئے کی بورڈ پلیئر رفس شہزاد اور کراچی کے ڈرمسٹ اور ریلوکٹینٹ فنڈامنٹلسٹ میں کام کرنے والے کامی پال کی پرفارمنس بھی شامل ہے۔

    کوک اسٹوڈیو سیزن 10 – اسٹرنگز کی یاد گارپرفارمنس پر اختتام پذیر

    عمران شفیق عرف مومو، عالمی سطح پر ناول ’دی وِش میکر‘ کے لیے مشہور علی سیٹھی، ریاض قادری اور غلام علی قادری، مشہور پشتو سنگر گل پانڑا، عطاء اللہ عیسی خیلوی کے بیٹے سانول عیسیٰ خیلوی، ایلزبتھ رائے، بلال خان، مشال خواجہ نے بھی پرفارمنس دی ہے۔

    کوک اسٹوڈیو کے گیت میں لاہور سے تعلق رکھنے والا جدید فیوژن فنک بینڈ مغلِ فنک، وشنو اور سنگر اور رائٹر اسرار، نغمہ اور لکی، کوئین آف پشتون فوکلور زرسانگہ، مہر، شہاب اور وجہیہ، چاند تارا آرکسٹرا اور بلوچستان کے پہاڑوں سے اترنے والی آواز شایان منگل دریہان بینڈ کی آوازوں نے بھی جادو جگایا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم، پنجاب کے چار افسران بھی معطل

    سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم، پنجاب کے چار افسران بھی معطل

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ کے شہر سیہون شریف اور سانگھڑ میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے دھاندلی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سندھ سے رابطہ کر کے کہا کہ سیہون کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو گرفتار کیا جائے۔

    قبل ازیں الیکشن کمیشن نے ڈی ایس پی سمیت پنجاب کے چار افسران کو بھی سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں معطل کر دیا ہے۔

    سرکاری افسران پر اپنے اختیارات کے نا جائز استعمال کا الزام ہے، مذکورہ چار افسران نے سیاسی مہم میں حصہ لیا۔

    معطل افسران میں ڈی ایس پی پنجاب پولیس شبہاز احمد ڈھکو، ڈپٹی سیکریٹری پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب اللہ یار ڈھکو شامل ہیں۔

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    چنیوٹ کے سرجن ڈی ایچ کیو ڈاکٹر محمد علی اور اسکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزر بی ایچ یو چنیوٹ عمران خان کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایس 80 سیہون کے ایجوکیشن آفس میں ٹھپے لگانے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اس انتخابی حلقے سے سابق وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔