Tag: پاکستان کی خبریں

  • سانحہ مستونگ: چینی صدر شی جن پنگ کا صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام

    سانحہ مستونگ: چینی صدر شی جن پنگ کا صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام

    اسلام آباد: چین کے صدر شی جن پنگ نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے بم دھماکے پر اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کو تعزیتی پیغام بھیجا۔

    تفصیلات کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے مستونگ میں انتخابی جلسے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔

    چین کے صدر نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہم دردی ہے۔

    چینی صدر شی جن پنگ نے دہشت گردوں کو انسانیت کے مشترکہ دشمن قرار دیا، کہا ’دہشت گرد انسانیت کے مشترکہ دشمن ہیں۔‘

    مستونگ، پشاوراوربنوں دھماکوں پرملک بھرمیں یوم سوگ‘ قومی پرچم سرنگوں


    شی جن پنگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوامی جمہوریہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ دو دن قبل صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنرمیٹنگ میں خود کش دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت 130 افراد شہید جب کہ 146 زخمی ہوئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہ ہونے سے مشکلات بڑھی ہیں، عمران خان

    نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہ ہونے سے مشکلات بڑھی ہیں، عمران خان

    کوئٹہ : عمران خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات میں بڑھیں ہیں، الیکشن ملتوی ہوئے تو دہشت گرد کامیاب ہوجائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سراج رئیسانی کے اہل خانہ اور مستونگ دھماکے میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ پر پورا پاکستان افسردہ ہے، اے پی ایس حملے کے بعد اس واقعے میں سب سے زیادہ نقصان ہوا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سراج رئیسانی بلوچستان عوامی پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے، یہاں آکر پتہ چلا مستونگ دھماکے میں 200 سے زائد افراد جان سے گئے، جو دہشت گردی ہو رہی ہے اس کا مقصد الیکشن کو متاثر کرنا ہے، دہشت گرد عوام کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں، ہم نہیں ڈریں گے۔

    چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی میں اندرونی و بیرونی دونوں عناصر ملوث ہیں، 25 جولائی کے الیکشن بہت اہم ہیں، اس لئے یہ سب ہورہا ہے، تمام پاکستانیوں کو اکٹھا ہونا ہوگا، صوبائی حکومتوں کو متحد ہونا ہوگا۔

    عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن ملتوی ہوئے تو دہشت گرد کامیاب ہوجائیں گے، دہشت گردی پرکافی حد تک قابو پاچکے ہیں، لیکن نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہ ہونے سے مشکلات بڑھی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کا الیکشن پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین الیکشن ہے، کرپشن نے ادارے تباہ اور ملک کو مقروض اور دیوالیہ کردیا ہے، کرپشن اہم مسئلہ ہے اس کی ہی وجہ سے روپے کی قدرگررہی ہے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے2013 انتخابات میں کہا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، کرپٹ لوگوں کے ساتھ ملک کر کیسے حکومت بنا سکتے ہیں؟ جن پر منی لانڈرنگ کے کیس ہیں ان کے ساتھ حکومت نہیں بنا سکتے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پاکستان کا بلیک لسٹ میں شامل ہونے سے خود کو بچانا بڑی کامیابی تھی، شمشاد اختر

    پاکستان کا بلیک لسٹ میں شامل ہونے سے خود کو بچانا بڑی کامیابی تھی، شمشاد اختر

    کراچی: نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ پاکستان نے خود کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے بلیک لسٹ میں شامل ہونے سے کام یابی کے ساتھ بچا لیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ممبرز اسٹاک بروکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیرِ خزانہ نے ممبرز کو بتایا کہ انھیں ایف اے ٹی ایف کی جانب سے بلیک لسٹ کیے جانے کے حوالے سے خط کے ذریعے واضح پیغام ملا تھا۔

    ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ’فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے خط لکھا اور واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کو بلیک لسٹ کر رہی ہے۔‘

    وزیرِ خزانہ شمشاد اختر کے مطابق ایف اے ٹی ایف نے اس سلسلے میں کسی مذاکرات کے امکان کو بھی رد کر دیا تھا، فنانشل ٹاسک فورس نے لکھا ’مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔‘

    ڈاکٹر شمشاد کے مطابق ایف اے ٹی ایف کی طرف سے ایکشن پلان پر عمل در آمد کے لیے صرف تین سے گیارہ ماہ دیے گئے تھے، جسے چھے سے پندرہ ماہ تک بڑھوایا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اٹھائیس جون کو پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، اس دوران گرے لسٹ سے نام واپس نکلوانے کے لیے پاکستان کی جانب سے ایکشن پلان پر عمل در آمد کے حوالے سے گفتگو بھی جاری تھی۔

    انھوں نے کہا ’پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے ایکشن پلان کی 47 شرائط کم کروا کر 29 کروائیں، پاکستان نے گرے لسٹ سے متعلق بہت سی سہولتیں حاصل کیں۔

    ایکشن پلان پرعمل کر کے گرے لسٹ سے نام نکلوا سکتے ہیں: دفتر خارجہ


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر شمشاد اختر نے ملک کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے سمیت کالعدم تنظیموں اور دیگر گروہوں کے خلاف اقدامات کیے ہیں۔

    فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایک بین الحکومتی ادارہ ہے جس کا قیام 1989 میں عمل میں آیا، اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کو دہشت گردی، کالے دھن کو سفید کرنے اور اس قسم کے دوسرے خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں، انتخابی مہم نہیں روکیں گے، عمران خان

    دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں، انتخابی مہم نہیں روکیں گے، عمران خان

    صوابی، مردان: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد انتخابات ملتوی کروانا چاہتے ہیں، دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں، انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ شہید سراج رئیسانی محبّ وطن پاکستانی تھا، ملک کے خلاف بیرون ملک سے دہشت گردی کی سازش ہو رہی ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں عوام باہر نہ نکلیں۔

    صوابی کے بعد مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کا مردان میں مقابلہ اے این پی کے ساتھ ہے، گیم کا اصول ہے کہ مقابل کو کم زور نہ سمجھا جائے، ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے یہ میچ جیتنا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے سربراہ کرپٹ ہوں تو کرپشن ختم نہیں ہوسکتی، زرداری کے ہوتے پی پی کرپشن ختم نہیں کرسکتی، نواز شریف کرپشن کا گاڈ فادر ہے، ڈیزل پرمٹ بیچنے والے بھی کرپشن ختم نہیں کرسکتے۔ کہا ’یہ پاکستانی تاریخ کا اہم ترین اور نظریاتی الیکشن ہے۔‘

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا ’ایم ایم اے 5 سال اقتدار میں رہی لیکن اسلام کے لیے کون سا کام کیا؟ میں نے 20 سال ملک سے باہر کمائی کی، پھر سب کچھ بیچ کر پاکستان لایا، میرا ایک روپیا بھی پاکستان سے باہر نہیں۔‘

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی وجہ سے ملک غربت کا شکار ہو چکا ہے، آصف زرداری بتائیں ملک سے باہر جائیدادوں کے لیے پیسا کہاں سے آیا، جو پیسا روزگار، اسپتالوں، بجلی اور پانی پر خرچ ہونا تھا وہ ان کے پاس ہے۔

    مستونگ دھماکہ: عمران خان کا مستونگ جانے کا اعلان


    انھوں نے کہا ’ملکی اداروں میں سفارشیوں کو بٹھانے اور ان کی کرپشن کی وجہ سے ملک کے قرضے میں اربوں روپے کا اضافہ ہوا، بجلی، آٹا، دودھ، گیس، چینی سمیت ضروری اشیا بے پناہ مہنگی ہوگئیں۔‘

    عمران خان نے کہا ’کل کرپشن کے گاڈر فادر نواز شریف ہوائی جہاز سے اترے تو ایئر پورٹ پر سنّاٹا تھا، چھوٹے بھائی نے کہا تھا لاکھوں لوگ استقبال کریں گے، شہباز شریف خوش ہے کہ اب ان کی باری ہے لیکن الیکشن کے بعد 56 کمپنیوں کے کیس اور میٹرو منصوبے میں وہ بھی جلد بڑے بھائی سے جیل میں ملیں گے۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنگلات کی تباہی سے پاکستان تباہ ہو رہا ہے، عمران خان

    جنگلات کی تباہی سے پاکستان تباہ ہو رہا ہے، عمران خان

    کوٹ رادھا کشن: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے جنگلات کو تباہ کردیا ہے، درخت کم ہیں، پاکستان تباہ ہو رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ ضلع قصور کے شہر کوٹ رادھا کشن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نے کہا پہلی بار کسی حکومت نے آنے والی نسلوں کے لیے سوچا ہے۔

    عمران خان نے کہا ’جنگلات کی تباہی سے گرمی بڑھے گی، بارشیں کم ہوں گی، پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا، کے پی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار 1 ارب سے زائد درخت لگائے۔‘

    پی ٹی آئی چیئرمین نے قصور کے کسانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک چھوٹے کسانوں کو اہمیت نہیں دی جائے گی غربت بڑھتی جائے گی، ہم آپ کے لیے ریسرچ سینٹر بنائیں گے، کسانوں اور کاشت کاروں کا کیس لڑیں گے۔

    قبل ازیں عمران خان کوٹ رادھا کشن کے جلسے میں دیر سے پہنچے، انھوں نے دیر ہونے پر عوام سے معذرت کی اور کہا ہم کسانوں کی مدد کریں گے تاکہ وہ اپنی پیداوار سے پیسا کما سکیں۔

    پی ٹی آئی کا صوابی کرکٹ اسٹیڈیم میں جلسہ، نقصان کی صورت میں 10 لاکھ روپے دینے کی یقین دہانی


    ان کا کہنا تھا کہ شہروں میں پانی نہیں ملتا، کراچی اور اسلام آباد میں پانی کی قلت ہے، آئندہ سالوں میں پانی کی قلت میں مزید اضافہ ہوگا، ہم بھاشا ڈیم پر فوری طور پر کام شروع کریں گے۔

    عمران خان نے کہا ’یہاں حکمران صرف یہ سوچتے ہیں کہ الیکشن کس طرح جیتنا ہے، کوئی یہ نہیں سوچتا عوام کو بنیادی سہولتیں کس طرح فراہم کریں، ہم ایسے جدید طریقے اپنائیں گے جن کی مدد سے کسان کم پانی سے بھی پیداوار بڑھاسکیں گے۔‘

    انھوں نے کہا ’میں اور میری بہنیں میو اسپتال میں پیدا ہوئے ، پیسے والے لوگ سرکاری اسپتالوں میں نہیں جاتے، حکمرانوں نے سرکاری اسپتالوں کو تباہ کردیا ہے، پہلی بار کے پی میں ہم نے سرکاری اسپتالوں کا نظام ٹھیک کیا ہے، اب لوگ انھیں نجی اسپتالوں پر ترجیح دے رہے ہیں۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مسلمانوں کے ساتھ ہندو لڑکیوں کی زبردستی کی شادیاں روک دوں گا، عمران خان

    مسلمانوں کے ساتھ ہندو لڑکیوں کی زبردستی کی شادیاں روک دوں گا، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آ کر مسلمانوں کے ساتھ ہندو لڑکیوں کی زبردستی کی شادیوں کا سلسلہ روک دوں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک کنونشن میں اقلیتی گروپ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ وہ اقتدار میں آ کر اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کریں گے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں ہندو لڑکیوں کی مسلمانوں کے ساتھ زبردستی شادیاں روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ انھیں ہندو برادری سے شکایتیں ملی ہیں کہ سندھ میں مسلمان لڑکوں سے ان کی عورتوں کی زبردستی شادیاں کروائی جا رہی ہیں۔

    کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق پارٹی ایجنڈا بھی پیش کیا اور کہا ’یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے غریب طبقات کو بنیادی حقوق فراہم کرے۔‘

    منیشا کی بلال سے شادی، محبت اورانسانیت کی جیت، دھرم ہارگیا


    انھوں نے اپنے خطاب میں پیغمبر اسلام کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدﷺ نے مدینے کی فلاحی ریاست میں اقلیتوں کو ان کے حقوق دیے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ سندھ کے ضلع عمر کوٹ میں ہر ماہ زبردستی کی پچیس شادیاں کرائی جا رہی ہیں، اقلیتی برادریاں زیادہ تر پس ماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، طاقت ور کے پنجے سے ان کی آزادی کا واحد راستہ ان کی ترقی ہی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں زیادہ تر ہندو خاندان سندھ میں رہائش پذیر ہیں، جب سندھ کے دیہات میں پس ماندگی بھی عروج پر ہے، پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی حکومت نے ان کی ترقی کے لیے کبھی کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سرکاری ٹی وی کا سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر نہ دکھانے کا فیصلہ

    سرکاری ٹی وی کا سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر نہ دکھانے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان ٹیلی ویژن نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا یافتہ مجرم سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم کی تقاریر نہ دکھانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری ٹی وی کے کنٹرولر نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے سرکاری ٹی وی کے کسی بھی پروگرام میں سزا یافتہ شخص کو دکھانے کی اجازت نہیں۔

    مراسلے میں کنٹرولر نے ہدایت جاری کی ہے کہ سزا یافتہ شخص سے متعلق اشتہارات بھی ٹی وی پر نہ دکھائے جائیں، خیال رہے کہ بعض چینلز سیاست دانوں کی توہین آمیز پریس کانفرنس لائیو نشر کر رہے ہیں۔

    دریں اثنا پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سزا یافتہ نواز شریف اور مریم نواز کی اداروں کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر نوٹس لے لیا ہے۔

    پیمرا کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف بیانات اور تقاریر لائیو نہیں دکھائی جاسکتیں، عدلیہ اور مسلح افواج کے خلاف تقاریر دکھانا قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

    پی ٹی وی ایم ڈی تقرری کیس: معاملہ نیب کو بھجوانے کا عندیہ


    واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم کی وطن واپسی پر ان کی گرفتاری کے معاملات ملک بھر میں زیرِ بحث ہیں، دوسری طرف ریاستی اداروں کو اس بات کا بھی خدشہ ہے کہ مجرم سیاسی ہنگامہ آرائی کے ذریعے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹیکس ایمنسٹی اسکیم: 102 ارب روپے کے ٹیکس وصول

    ٹیکس ایمنسٹی اسکیم: 102 ارب روپے کے ٹیکس وصول

    اسلام آباد: وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں تقریباً 102 ارب روپے کے ٹیکس وصول کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے جاری کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں اب تک 55 ہزار 225 ڈکلیریشن فائل کیے گئے ہیں۔

    ذرائع وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ ظاہر کیے گئے غیر ملکی اثاثوں کی مالیت 577 ارب روپے ہے، پاکستان میں 1200 ارب روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کیے گئے۔

    پاکستان کے اندر اثاثوں پر 61 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا، ذرائع کے مطابق غیر ملکی اثاثوں پر 41 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

    خیال رہے کہ ملک کے ٹیکس چوروں اور چوری کے پیسے سے بیرون ملک اثاثے بنانے والوں کو گزشتہ حکومت کی جانب سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت موقع دیا گیا تھا کہ وہ اپنے اثاثوں پر ٹیکس ادا کردیں۔

    ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کےتحت اب تک 50 ارب روپے وصول ہوئے‘ علی ظفر


    ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے روح رواں سابق مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل تھے، اسکیم کے لیے ایوان ہائے تجارت وصنعت، ایسوسی ایشن بلڈرز اینڈ ڈویلپرز اور دیگر تجارتی انجمنیں مطالبہ کرتی آرہی ہیں۔

    یکم جولائی 2018 کو صدر مملکت ممنون حسین نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں 31 دن کی توسیع کے آرڈیننس پر دستخط کیے تھے، اس کے تحت صارفین مقررہ تاریخ تک ایف بی آر کو ذرائع آمدن ظاہر کیے بغیر اثاثے ظاہر کرسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کا سپریم کورٹ میں‌ پیش نہ ہونے کا فیصلہ

    منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کا سپریم کورٹ میں‌ پیش نہ ہونے کا فیصلہ

    اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آج سپریم کورٹ میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پی پی رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم معاملات کو دیکھ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس کے حوالے سے آصف زرداری نے وکلا سے مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا جس کی تصدیق پی پی کے رہنما نے کردی، فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ آصف زرادری اسلام آباد جارہے ہیں البتہ وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔

    اُن کا کہناتھا کہ سپریم کورٹ میں پیشی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا کیونکہ اس معاملے کو وکلا دیکھ رہے ہیں، وہ کل عدالت میں جواب جمع کرائیں گے۔

    پی پی کے شریک چیئرمین کے وکلا کی ٹیم میں لطیف کھوسہ، فاروق ایچ نائیک اور اعتزاز احسن شامل ہیں، خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو آج طلب کر رکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے ہمراہ نیئر بخاری اور راجہ پرویز اشرف لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

    دریں اثنا سپریم کورٹ نے آئی جی سندھ کو حاضری یقینی بنانے کا حکم جاری کر دیا ہے، تاہم آصف زرداری اور اُن کی ہمشیرہ فریال تالپور نے عدالت میں نہ پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    دوسری جانب  ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن سے پہلے بلانے کا فیصلہ کر لیا، جبکہ پیپلزپارٹی کے قائدین نے ایف آئی اے سے الیکشن کے بعد تک مہلت مانگی تھی۔

    آصف زرداری اور فریال تالپور نے ایف آئی اے سے الیکشن کے بعد تک کی مہلت مانگ لی


    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی طرف سے آصف زرداری اور فریال تالپور کو 23 جولائی کو بیان دینے کے لیے دوبارہ نوٹس بھیجا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ کا طلال چوہدری کو فیصلے کے دن حاضری یقینی بنانے کا حکم

    توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ کا طلال چوہدری کو فیصلے کے دن حاضری یقینی بنانے کا حکم

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کا فیصلہ محفوظ کر لیا، فیصلے کے دن عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم جاری۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا، عدالتی بینچ نے طلال کو فیصلے کے دن حاضر ہونے کا حکم دے دیا۔

    فیصلہ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے محفوظ کیا، قبل ازیں سابق وزیر مملکت طلال چوہدری کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کا فیصلہ انتخابات کے بعد تک ملتوی کیا جائے۔

    وکیل کی استدعا پر ریمارکس دیے بغیر جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ہم نے فیصلے کی تاریخ نہیں دی۔ دوسری طرف اس کا امکان ہے کہ توہین عدالت کیس کا فیصلہ الیکشن کے بعد آئے گا۔

    عدالتی بینچ نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے وکیل سے کہا ’فیصلے کے دن طلال چوہدری کمرۂ عدالت میں حاضری یقینی بنائیں۔‘

    توہین عدالت کیس میں دانیال عزیزنااہل قرار


    واضح رہے کہ طلال چوہدری کے خلاف پندرہ مارچ کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی تھی۔

    لیگی رہنما پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک جلسے میں سپریم کورٹ کے خلاف توہین آمیز کلمات کہے تھے۔

    سپریم کورٹ‌ نے نہال ہاشمی کی تحریری معافی قبول کر لی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔