Tag: پاکستان کی خبریں

  • نیب کی کارروائیاں کوئی نہیں روک سکتا، چیئرمین نیب

    نیب کی کارروائیاں کوئی نہیں روک سکتا، چیئرمین نیب

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کو اس کی کارروائیوں سے کوئی نہیں روک سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے لاہور آفس کا تیسرے روز بھی دورہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب ایک غیر سیاسی ادارہ ہے، اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

    دریں اثنا چیئرمین نیب کو ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے مختلف مقدمات پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ نیب کا کوئی بھی قدم ماورائے قانون نہیں ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ احتساب ادارہ صرف پنجاب میں کارروائیاں کر رہا ہے۔

    چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ جہاں مبینہ کرپشن ہے وہاں نیب کی طرف سے کارروائی ہو رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ شعور و آگہی کے سامنے کرپشن کی دیوار زیادہ دیر کھڑی نہیں رہ سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ حکمرانوں سے پوچھا جا سکتا ہے کہ ٹیکس کا پیسا کہاں استعمال کیا گیا، جہاں پانچ لاکھ کا خرچہ تھا وہاں پانچ کروڑ کیسے خرچ ہوئے، یہ پوچھنا گستاخی نہیں ہے۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کے نوٹس سنجیدگی سے لیے جائیں، یہ دعوت نامے نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ نیب کو 80 فی صد درخواستیں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف موصول ہوتی ہیں۔ ہاؤسنگ اسکیموں میں این اوسی کے لیے 20،20 کروڑ روپے لیے گئے۔

    ملکی دولت لوٹنے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا: چیئرمین نیب


    جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیموں میں خوب صورت اشتہارات کے ذریعے عوام کو لوٹا گیا، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور دیگر ادارے غلط نہ کرتے تو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتے۔

    چیئرمین نیب نے  ایڈن انتظامیہ کے حوالے سے کہا کہ ان کے خلاف 11 ہزار شکایتیں موصول ہوئی ہیں، اس لیے ایڈن انتظامیہ کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے کی درخواست دے دی ہے، اس سلسلے میں نگراں حکومت کو بھی یاد دہانی کرائی گئی ہے۔

    جاوید اقبال نے کہا کہ ایڈن انتظامیہ کے 20 ارب روپے کے اثاثے منجمد کر دیئے گئے ہیں، انتظامیہ کے مفرور لوگوں کو بھی انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پیپلز پارٹی نے انتخابات 2018 کے لیے اپنا منشور پیش کردیا

    پیپلز پارٹی نے انتخابات 2018 کے لیے اپنا منشور پیش کردیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا، انتخابی منشور 76 صفحات پر مشتمل ہے، منشور پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے پریس کانفرنس میں پی پی کا منشور جاری کردیا۔

    معاشی انصاف، غربت میں کمی، تعلیم اور بنیادی صحت، معذور افراد کو معاشرے کا حصہ بنانا، زرعی اصلاحات، خواتین کی خود مختاری اور نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کی فراہمی منشور کے بنیادی اجزا ہیں۔

    پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورت حال عدم استحکام کا شکار ہے، ملک کو توانائی سمیت کئی بحرانوں کا سامنا ہے، پاکستان کا ہر شعبہ بد حالی کا شکار ہے، آج پاکستان مقروض اور خارجی و سفارتی سطح پر تنہا ہوگیا ہے، عالمی سطح پر کوئی بھی ملک پاکستان کا مؤقف سننے کو تیار نہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملکی ادارے بھی باہمی تصادم کا شکار ہیں، چار سال تک یہ ملک بغیر وزیر خارجہ کے چلتا رہا، پارلیمنٹ کو تمام معاملات سے بے خبر رکھا گیا، ن لیگ دورمیں نیشنل ایکشن پلان کو غیر فعال بنا دیا گیا، عوام کو سستی بجلی ملی نہ سستا پیٹرول ملا۔

    بلاول نے کہا کہ ایسے دور میں میری سیاسی زندگی کا آغاز ہونے جا رہا ہے، میں ملک کےعوام کو مسائل کا حل پیش کرنے جا رہا ہوں، پیپلز پارٹی نے پچھلے دور میں کچھ بڑی اصلاحات کی تھیں، ہمیشہ پارلیمان کو اعتماد میں لیا، شمسی ایئر بیس بند کیا، سلالہ حملے پر 7 ماہ تک نیٹو سپلائی لائن بند کی، امریکا سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، پہلی بار کسی سپر پاور نے پاکستان سے معافی مانگی۔

    پیپلز پارٹی کا منشور


    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو مستحکم اور مضبوط پاکستان چاہتی تھیں، ہم عوام اور ریاست کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیں گے، منشور میں ماں، بچے کی صحت اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا احاطہ کیا گیا ہے۔ منشور میں غربت کے خاتمے، تعلیم اور بنیادی صحت کو اہمیت دی گئی ہے، معذور افراد کو معاشرے کا اہم حصہ بنانے کا بھی پروگرام شامل ہے۔

    پیپلز پارٹی نے ہمیشہ استحصال کے خلاف آواز اٹھائی ہے، معاشی انصاف کی فراہمی کے تحت غربت کے خاتمے کے لیے پاورٹی ریڈکشن پروگرام لایا جائے گا، کم سے کم اجرت بنیادی ضروریات سے منسلک ہوگا، بھوک مٹاؤ پرگرام شروع کریں گے، قومی سطح پر فیصلہ سازی میں عوامی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    آبائی ذخائر میں اضاٖفہ کیا جائے گا، آب پاشی نظام بہتر بنانے کا پروگرام بھی منشور کا حصہ ہے، نئی ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا جائے گا، تجارت و صنعت کو فروغ دیا جائے گا، لیبر پالیسی بنائی جائے گی، خواتین کی اقتصادی خود مختاری بھی پی پی منشور کا حصہ ہے۔

    پی پی منشور کے مطابق پارلیمنٹ، ریاستی ادارے اور جمہوریت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری، سفارت کاری اور عالمی روابط میں نئی جان اور خارجہ پالیسی کو نئی جہت دی جائے گی، ریاست کے تحفظ اور دفاع سے متعلق اقدامات بھی منشور میں شامل ہیں، پاکستان کو دنیا میں جائز مقام دلانا منشور کا حصہ ہے۔

    بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی، فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، گلگت بلتستان میں بھی انتخابات پاکستان کے انتخابات کے ساتھ کرائیں گے، گلگت بلتستان میں ن لیگ کے غیرجمہوری اقدامات ختم کریں گے، موقع ملا تو ملک کے وقار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دنیا کو باور کرائیں گے کہ پاکستان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، عالمی دہشت گردی سے دنیا کو آگاہ کریں گے، دنیا کو بتائیں گے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

    پاکستان زرعی ملک ہے، 40 فی صد آبادی اس سے منسلک ہے، ملک میں 150 سے زائد ٹیکسٹائل یونٹ کم ہوچکے ہیں، انڈسٹریل گروتھ بڑھانے کے لیے اقدامات کریں گے، زرعی اصلاحات کا انقلابی پروگرام ہمارے منشور میں شامل ہے، کسانوں کو بے نظیر کسان کارڈ دیا جائے گا، کارڈ سے کسانوں کو سبسڈی، سستی کھاد ملے گی، محنت کشوں کا تحفظ کیاجائے گا۔

    عوام کے تحفظ کے لیے مزید ڈیم بنائے جائیں گے، پانی کی بچت محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، غذائی قلت کے سنگین مسئلے کے حل کے لیے پیپلز فوڈ کارڈ متعارف کرائیں گے جس سے عوام کو کھانے کی اشیا کم قیمت پر مل سکیں گی۔ پاکستان میں پہلی بار فیملی ہیلتھ سروس کا آغاز کیا جائے گا، شہروں میں بھی سرکاری ڈسپنسریاں کھولی جائیں گی۔

    پروگرام جو منشور کا حصہ ہیں


    ماں، بچے کی صحت کا پروگرام
    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام
    پاورٹی ریڈکشن پروگرام
    بھوک مٹاؤ پرگرام
    آب پاشی نظام بہتر بنانے کا پروگرام
    زرعی اصلاحات کا پروگرام
    پیپلز فوڈ کارڈ
    فیملی ہیلتھ سروس

    پاکستان نوجوان ملک ہے


    بلاول نے کہا کہ پاکستان نوجوان ملک ہے، اس کے دو بڑے مسائل ہیں جنھیں حل کرنا ہوگا، معیاری تعلیم اور روزگار، ہمیں نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور روزگار فراہم کرنا ہوگا، نوجوانوں کو امید دلانی ہوگی، ان کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھانا ہے، اقتدار میں آکر نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار کا پروگرام شروع کریں گے۔

    پیپلز پارٹی کا پچھلا دورِ حکومت


    بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی کے پچھلے دورِ حکومت سے متعلق کہا کہ اس وقت پوری دنیا تاریخی معاشی بحران سے گزر رہی تھی، دو بڑے سیلاب آئے، لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے، تمام مسائل کے با وجود پی پی حکومت نے معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا، لاکھوں سرکاری ملازمین کی پنشن اور اجرت میں اضافہ کیا گیا۔

    ماہرین کے مطابق 2025 تک پاکستان خشک سالی کا شکار ہونا شروع ہوگا، پانی کی قلت دور کرنے کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ نسلوں سے زیادتی ہوگی، مٹھی میں آر او پلانٹ اور سندھ میں کئی چھوٹے ڈیم بنائے ہیں، افسوس کے پی، پنجاب میں پانی کے مسائل پر کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ ہم نے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں 23 فی صد اموات دل کے امراض سے ہوتی ہیں، مٹھی، نواب شاہ اور دیگر شہروں میں دل کے امراض کے اسپتال کھولے ہیں، ایس آئی یو ٹی میں گردے کی مفت پیوند کاری ہوتی ہے، کینسر کے جدید علاج کی واحد مشین پاکستان میں کراچی میں ہے، ہر شخص کو مفت اور معیاری علاج کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

    آصف علی زرداری


    قبل ازیں پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے پانچ سال میں صرف سیاسی نہیں بلکہ ترقیاتی کام بھی کیے تھے مگر ڈھول کم بجایا۔

    آصف زرداری نے کہا کہ چین سے 500 ملین ڈالر گرانٹ لے کر ہم نے سڑکیں بنائیں، ہمارے منشور کا نعرہ ہے بی بی کا خواب نبھانا ہے پاکستان بچانا ہے۔

    آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عطا آباد جھیل خطرہ بن کر منڈلا رہی تھی، جھیل ٹوٹ جاتی تو پھر پورا حسن ابدال چلا جاتا، ہم نے گوادر پورٹ سنگاپور سے لے کر چین کو دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کردیا

    ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کردیا

    پیرس: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے اپنے آج کے اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، گرے لسٹ میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے والے ملکوں کو شامل کیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر پیش ہوئے اور ملک کا موقف پیش کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے سمیت کالعدم تنظیموں اور دیگر گروہوں کے خلاف اقدامات کئے ہیں۔

    ان کامزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے پہلے سے موجود قوانین میں بہتری لانے کے ساتھ سا تھ ان پر عملدرآمد بھی بہتر طریقے سے یقینی بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے تین روزہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں پاکستان کا نام ان ممالک کی فہرست میں شامل نہیں تھا جن کو منی لانڈرنگ اور دہشت گرد تنظیموں کو مالی وسائل کی فراہمی کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

    فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایک بین الحکومتی ادارہ ہے جس کا قیام 1989 میں عمل میں آیا تھا۔اس ادارے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام کو دہشت گردی، کالے دھن کو سفید کرنے اور اس قسم کے دوسرے خطرات سے محفوظ رکھا جائے۔


  • بحریہ ٹاؤن کراچی کو پروجیکٹ مکمل کرنے کی اجازت مل گئی

    بحریہ ٹاؤن کراچی کو پروجیکٹ مکمل کرنے کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں بحریہ ٹاؤن کیس کی سماعت کے دوران مفادِ عامہ کے تحت بحریہ ٹاؤن کراچی کو پروجیکٹ مکمل کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بحریہ ٹاؤن نظرِ ثانی کیس کی سماعت جاری ہے، بحریہ ٹاؤن کراچی کے منصوبے کو مفادِ عامہ کا منصوبہ سمجھتے ہوئے اجازت دی گئی کہ کام جاری رکھا جائے۔

    سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو بحریہ ٹاؤن نظر ثانی کیس کے فیصلے تک منصوبے کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا، عدالت نے کہا کہ منصوبے کو جاری رہنے دیا جائے۔

    عدالت نے بحریہ ٹاؤن نظر ثانی کیس کی سماعت کے لیے پانچ رکنی بینچ بنانے کا بھی حکم جاری کردیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا بحریہ ٹاؤن کو کیس کے فیصلے تک کام جاری رکھنے کی اجازت ہے۔

    سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن سے زرِ ضمانت بھی طلب کرلیا، عدالتی کارروائی کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ بحریہ ٹاؤن ضمانت کے طور پر تین ہفتوں میں پانچ ارب روپے عدالت میں جمع کرائے گا۔

    دریں اثنا بحریہ ٹاؤن نظرِ ثانی کیس میں چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض بھی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، ملک ریاض نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے قانون کے خلاف کوئی کام نہیں کیا ہے۔

    باغ ابن قاسم بحریہ ٹاؤن کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن معطل


    بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے اپنی محنت سے نام بنایا ہے، تعمیراتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو بہترین پروجیکٹ دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک ریاض سے کہا تھا کہ وہ ’تیسری دنیا کے ملک کو پہلی دنیا کی ریاست بنانے‘ کے سلسلے میں اپنی آخرت کی بھی فکر کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مریم نواز جیت کر وزیر اعظم یا اپوزیشن لیڈر بن سکتی ہیں، اعتزاز احسن

    مریم نواز جیت کر وزیر اعظم یا اپوزیشن لیڈر بن سکتی ہیں، اعتزاز احسن

    لاہور: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے مریم نواز جیت کر ملک کی وزیر اعظم یا اپوزیشن لیڈر بن جائیں، انھوں نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر مریم نواز پاکستان کی سیاست میں ابھر کر سامنے آئی ہیں۔

    چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف نہیں چاہتے مریم بی بی الیکشن سے پہلے نا اہل ہوجائیں، میرے خیال میں مریم نواز شہباز شریف سے زیادہ مضبوط ہیں، انھوں نے مامے چاچے کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    پی پی کے رہنما نے کہا کہ میاں صاحب سائنسی طریقے سے گیم کھیل رہے ہیں، بہ ظاہر لگتا ہے وہ کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے لندن میں ہیں مگر وہ اس گیم میں بال کی طرح لگتی ہیں۔

    میاں صاحب ایک اور سطح پر اس ریجن کی سیاست کر رہے ہیں، ریجن سطح کی اس سیاست میں مودی اور ٹرمپ دونوں موجود ہیں، امریکا برطانیہ کے بغیر اس خطے میں سیاست نہیں کرتا۔

    ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کراچی سے اچھی بسیں ہیں، شہباز شریف


    اعتزاز احسن نے کہا کہ شہباز شریف اندرونی معاملات کے کھلاڑی ہیں، انھوں نے کراچی جا کر اردو بولنے والوں کا مزاق اڑایا، ہم ایم کیو ایم کو اردو بولنے والوں سے علیحدہ سمجھتے تھے، پیپلز پارٹی نے کبھی بھی اردو بولنے والوں کی اس طرح تضحیک نہیں کی، اردو بولنے والے کراچی کی ثقافت کی ترجمانی کرتے ہیں۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے ہارلے اسٹریٹ کلینک شریف خاندان کی پراپرٹی ہو، اس کے ارد گرد انھوں نے ایک پردہ رکھا ہوا ہے، یہاں کوئی اور مریض آتا جاتا نظر نہیں آتا۔ ایک ملزم کے دو بیٹے مفرور ہیں جب کہ ملزم خود بھی لندن جا کر مفرور بیٹوں کے گھر رہتا ہے۔

    اعتزاز احسن نے کہا آسمانوں کے مشورے الیکٹبلز کے حوالے سے بھی یقیناً ہوں گے، پارٹی چھوڑنے والوں کو شاید دوسری جگہ پناہ کا اشارہ ملا ہے، دو سے تین بار سنجیدگی سے الیکشن لڑنے والوں کو اس سسٹم کا تجربہ ہو جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نواز شریف کے صاحب زادوں اور اسحٰق ڈار کو انٹر پول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ

    نواز شریف کے صاحب زادوں اور اسحٰق ڈار کو انٹر پول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ

    لاہور: سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف کے صاحب زادوں حسن نواز، حسین نواز اور اسحٰق ڈار کو مختلف ریفرنسز میں مطلوب ہونے پر انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے مختلف ریفرنسز میں مطلوب سابق وزیر اعظم کے خاندان کے افراد اور سابق وزیر خزانہ کو انٹر پول کے ذریعے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کو بھی انٹر پول کے ذریعے واپس لایا جائے گا، جب کہ نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق سابق سیکریٹری پرائمری ہیلتھ پنجاب علی جان اور سابق سیکریٹری پنجاب نجم شاہ کا نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔

    نیب ذرائع نے بتایا کہ احتساب بیورو کی جانب سے وزارت داخلہ کو خط لکھا جائے گا کہ مختلف مقدمات میں شامل مذکوہ افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔

    احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت


    واضح رہے کہ 28 جولائی 2017 کو سپریم کورٹ نے اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو پاناما کیس میں نا اہل قرار دے کر نیب کو شریف خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

    نیب میں جاری مختلف ریفرنسز میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو اب تک متعدد پیشیاں بھگتانی پڑی ہیں تاہم حسن اور حسین نواز ابتدا ہی سے ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے، جس پر نیب کی طرف سے انھیں اشتہاری بھی قرار دیا جاچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سمر اسپیشل ووکیشن ٹرینیں اب 10 جولائی تک چلیں گی

    سمر اسپیشل ووکیشن ٹرینیں اب 10 جولائی تک چلیں گی

    اسلام آباد: ریلوے کی جانب سے گرمی کی چھٹیوں کے لیے چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں کی مدت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، یہ ٹرینیں اب دس جولائی تک چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے سمر ووکیشن ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، ان خصوصی ٹرینوں کا شیڈول 30 جون تک تھا، جس میں دس دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔

    ترجمان ریلوے نے نئے شیڈول کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی طرف سے منظوری کے بعد توسیع شدہ شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

    ریلوے ترجمان کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات میں مسافروں کا اضافی رش ہے، جس کی وجہ سے ووکیشن ٹرینوں کی مدت میں توسیع کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔

    شیڈول کے مطابق سمر ٹرینیں کراچی سے 2 ، 6 اور 10 جولائی کی رات 8 بجے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوں گی، جب کہ راولپنڈی سے سمر ٹرینیں 4 اور 8 جولائی کو دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر کراچی روانہ ہوں گی۔

    ترجمان پاکستان ریلوے نے ان خصوصی ٹرینوں کے اسٹیشنز کے حوالے سے بتایا کہ کراچی سے جانے والی سمر ٹرینیں حیدر آباد، روہڑی، خان پور، بہاول پور اور خانیوال اسٹیشن پر رکیں گی۔

    شدید گرمی اور ر مضان کی آمد ، موسم گرما کی چھٹیوں کا شیڈول تبدیل


    ان خصوصی ٹرینوں کے اسٹیشنز میں ساہی وال، اوکاڑہ، رائے ونڈ، لاہور اور گوجرانوالہ اسٹیشنز بھی شامل ہیں، ان کے علاوہ سمر ٹرینیں وزیر آباد، گجرات، لالہ موسیٰ اور جہلم اسٹیشن پر بھی رکیں گی۔

    ریلوے کے ترجمان نے کہا کہ سمر ٹرینوں کی بکنگ کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے، بکنگ ریلوے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے بھی کی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ریلوے کی جانب سےعید اور محرم کے مواقع پر بھی خصوصی ٹرینیں چلائی جاتی ہیں تاکہ دوسرے شہروں کے مسافروں کو  تعطیلات پر سہولت میسر ہو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتشار کی شکار ن لیگ کو بڑا جھٹکا، چار امیدواروں نے ٹکٹ واپس کر دیے

    انتشار کی شکار ن لیگ کو بڑا جھٹکا، چار امیدواروں نے ٹکٹ واپس کر دیے

    ایبٹ آباد: انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن شدید انتشار کا شکار ہوگئی ہے، ایبٹ آباد میں بھی بڑا جھٹکا لگ گیا، چار امیدواروں نے ٹکٹ واپس کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں شدید انتشار کی زد میں آئی ہوئی سابق حکمراں جماعت ن لیگ ایبٹ آباد میں بھی بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

    سردار مہتاب عباسی کو ن لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے 15 کے لیے ٹکٹ نہ ملنے پر لیگی کارکن ناراض ہوگئے ہیں، ٹکٹ نہ ملنے کے رد عمل میں چار امیدواروں نے احتجاجاً اپنے ٹکٹ واپس کردیے۔

    ایبٹ آباد میں مسلم لیگ ن کے ضلعی اور تحصیل کی سطح کے عہدے داران نے کل بہ روز منگل اجتماعی استعفوں کا بھی اعلان کر کے ن لیگی اعلیٰ قیادت کی پریشانی بڑھا دی ہے۔

    سردار مہتاب عباسی کو ٹکٹ جاری نہ کیے جانے کے رد عمل میں جن امیدواروں نے ٹکٹ واپس کیے ہیں ان میں پی کے 36 سے سردار فرید اور پی کے37 سے سردار اورنگزیب شامل ہیں۔

    سابق صوبائی وزیر عبدالغفور میو نے بھی ن لیگ سے بغاوت کردی


    صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 38 سے ارشد اعوان اور پی کے 39 سے عنایت اللہ خان نے بھی اپنا ٹکٹ احتجاجاً واپس کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ ن لیگ کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر کئی اہم رہنما پارٹی چھوڑ چکے ہیں، گزشتہ روز لاہور کے سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور میو نے پارٹی سے بغاوت کی۔

    چند دن قبل ٹکٹ نہ ملنے پر ن لیگ کے وفادار رہنما زعیم قادری نے بغاوت کر دی تھی، پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ناراض ہونے والے رہنماؤں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سات دن سے دھرنے پر ہیں لیکن ہماری بات نہیں سنی جارہی، قبائلی عمائدین کا شکوہ

    سات دن سے دھرنے پر ہیں لیکن ہماری بات نہیں سنی جارہی، قبائلی عمائدین کا شکوہ

    اسلام آباد: ملک کے دارالحکومت میں سات دن سے پریس کلب کے باہر دھرنے پر بیٹھے قبائلی عمائدین نے شکوہ کیا ہے کہ ان کی بات نہیں سنی جارہی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھے فاٹا قبائل کے عمائدین نے پریس کانفرنس میں الیکشن کمیشن، نگراں وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے مطالبے سنے جائیں۔

    قبائلی عمائدین نے کہا کہ فاٹا کےعوام اپنے حقوق کے لیے اسلام آباد آئے ہیں، ہمیں مزید مایوس نہ کیا جائے، فاٹا کے عوام پُر امن طور پر اپنا مسئلہ پیش کر رہے ہیں۔

    عمائدین نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کی صوبائی نشستوں پر بھی نگراں حکومت کی نگرانی میں الیکشن کرائے جائیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے احتجاج ریکارڈ کرایا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کو بھی اپنے مطالبے سے آگاہ کر دیا ہے۔

    عمائدین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے مطالبے نہ مانے تو وزیر اعظم ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے لوگوں کا یہ دھرنا پُر امن ہے۔

    فاٹا انضمام بل کا فوری اطلاق: نگراں وزیراعظم نے فاٹا عوام کے دھرنے کا نوٹس لے لیا


    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ گل نے کہا کہ ہم چیف جسٹس کو دھرنے کے شرکا سے ملاقات کی دعوت دیتے ہیں، فاٹا کے عوام کے جائز مطالبات کو حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کےعوام نے ہمیشہ بیرونی طاقتوں کے آگے قومی پرچم بلند کیا، فاٹا کےعوام کو احساس دلایا جائے کہ وہ بھی اس ملک کا حصہ ہیں۔

    چیئرمین متحدہ قبائل پارٹی حبیب نور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام گزشتہ سات دن سے پریس کلب پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں لیکن افسوس ہے کہ کسی حکومتی وفد نے رابطہ نہیں کیا، ہم فاٹا کے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دے رہے ہیں، فاٹا کےعوام نے اپنا گھر باڑ چھوڑ کر 20 کروڑ عوام کے لیے قربانی دی لیکن ہمیں ہمارے حقوق نہیں دیے جارہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سیاست دانوں کو کرپٹ کہہ کر جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، مولانا فضل الرحمان

    سیاست دانوں کو کرپٹ کہہ کر جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کو کرپٹ کہہ کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نےکہا کہ نظریاتی سیاست ختم ہوچکی ہے، اب صرف سرمائے کی سیاست ہو رہی ہے۔

    متحدہ مجلس عمل کے صدر کا کہنا تھا کہ عالمی قوتیں پاکستان کے وسائل پر قبضہ جمانا چاہتی ہیں، دنیا چاہتی ہے کہ ہمیں اپنا غلام بنالے۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے، ملک کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، سیاست دانوں کو کرپٹ کہہ کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے، ایسے حالات میں ملک میں اصل تبدیلی ایم ایم اے لے کر آئے گی۔

    انھوں نے یو این او کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کو امن نہیں دے سکتا، اس کا کردار مشکوک نظر آ رہا ہے، اقوام متحدہ نے آج تک کس مظلوم قوم کو آزادی دلائی ہے؟

    خیال رہے کہ ایم ایم اے کی طرف سے انتخابات 2018 کے لیے ملک بھر میں امیدواروں کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے، آج کراچی سے امیدواروں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    متحدہ مجلس عمل کے اعلان کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے 246 سے مولانا نورالحق جب کہ این اے247 سے محمد حسین محنتی کا انتخاب کیا گیا ہے۔

    ایم ایم اے کے منشور کا اعلان، بااختیار اور آزادعدلیہ، تعلیم، صحت، روزگار کی فراہمی کا عزم


    قومی اسمبلی کے حلقے 250 سے جماعت اسلامی کے کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گے۔

    کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے 256 سے امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔