Tag: پاکستان کی خبریں

  • شوال بارڈر پر شہید تین فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

    شوال بارڈر پر شہید تین فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

    ڈی آئی خان: شوال بارڈر پر شہید تین فوجی جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ عسکری و دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق تینوں جوان شمالی وزیر ستان کے علاقے شوال میں پاکستانی پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔

    نمازِ جنازہ میں آئی جی ایف سی میجر جنرل عابد لطیف و دیگر حکام نے شرکت کی، شہدا کی میتوں کو نمازِ جنازہ کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد پر پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، حملے کو ناکام بناتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں نے پانچ دہشت گردوں کا ہلاک کردیا تھا۔

    سرحد پار سے دہشت گرد حملے میں فائرنگ کے تبادلے میں تین اہل کار بھی شہید ہوئے، جامِ شہادت نوش کرنے والوں میں حوالدار افتخار، سپاہی آفتاب اور سپاہی عثمان شامل ہیں۔

    شوال: سرحد پار سے پاکستانی چوکیوں پر حملہ، پانچ دہشت گرد ہلاک، تین جوان شہید


    خیال رہے کہ پاک افغان سرحد پر پاکستانی چوکیوں پر تواتر کے ساتھ دہشت گرد حملے ہو رہے ہیں، دوسری طرف پاک فوج سرحد پر دراندازی اور حملے روکنے کے لیے باڑ بھی لگا رہی ہے۔

    گزشتہ دنوں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر کی دعوت پر افغانستان کا دورہ کیا، انھوں نے بھی واضح طور پر کہا کہ سرحد پر باڑ لگانے کا مقصد دہشت گردوں کی آمد کو روکنا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اُمت مسلمہ کے اتحاد کے لیے یک جا ہونا بہت ضروری ہے، عمران خان

    اُمت مسلمہ کے اتحاد کے لیے یک جا ہونا بہت ضروری ہے، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اُمت مسلمہ کے اتحاد کے لیے سب کا یک جا ہونا بہت ضروری ہے۔

    عمران خان نے چین اور سعودی عرب سے تعلقات کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا فرض ہے تنازعات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان‎ کے چین اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں، حکومت کوئی بھی ہو چین اور سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات میں فرق نہیں پڑتا۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں حالات بہتر نہیں ہیں، مسلم دنیا میں سب سے مضبوط ملک پاکستان ہے، ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ مسلم امہ کو متحد رکھیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے رمضان کی27 ویں شب مسجد نبوی ﷺ میں عبادت میں گزاری، اور اگلے دن اپنی اہلیہ کے ہم راہ عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ گئے۔

    عمران خان نے رمضان کی27ویں شب مسجد نبوی ﷺ میں عبادت میں گزاری


    چئیرمین تحریک انصاف نے اپنی اہلیہ بشریٰ مانیکا کے ہم راہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے، انھوں نے ساری رات دعائیں مانگنے میں گزاری۔

    قبل ازیں عمران خان مدینہ پہنچنے پر بغیرجوتوں کے طیارے سے اترے، طیارے سے اترتے ہوئے انھوں نے صرف موزے پہن رکھے تھے، وہ مقدس سر زمین پر احتراماً بغیر جوتوں ہی کے چلے۔

    الیکشن 2018: پی ٹی آئی نے کمر کس لی، عمران خان روزانہ دو جلسوں سے خطاب کریں گے


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عدالت نے مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لے لیا

    عدالت نے مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لے لیا

    لاہور: سپریم کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عبوری حکم واپس لے لیا، مشرف کیس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کے مؤکل کب آرہے ہیں۔

    پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل وطن واپس نہیں آرہے ہیں، وکیل کا کہنا تھا کہ مشرف آنا چاہتے ہیں لیکن حالات اور چھٹیوں کی وجہ سے نہیں آسکتے۔

    سابق فوجی صدر کے وکیل نے کہا کہ ان کی پرویز مشرف سے بات ہوئی ہے، وہ آنا چاہتے ہیں لیکن انہوں نے عدالت میں پیش ہونے کے لیے مزید مہلت مانگی ہے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے مؤکل پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم انھوں نے استدعا کی ہے کہ عدالت پاکستان آنے میں مزید مہلت دے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کہیں گے تب کیس دوبارہ لگا دیں گے۔

    پاکستان جانے کا فوری کوئی ارادہ نہیں، چند روز میں فیصلہ کروں گا، پرویز مشرف


    خیال رہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف ملک آنے اور عدالت میں پیشی کے سلسلے میں سخت تذبذب کا شکار ہیں، عدالت کی طرف سے ان کے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کا حکم ان کے لیے سخت مشکل کا باعث بن گیا ہے۔

    گزشتہ روز ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہ کہا تھا کہ وہ پاکستان جانے کا فی الحال کو ئی ارادہ نہیں رکھتے، تاہم آج ہی اے پی ایم ایل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ سابق سپہ سالار کسی بھی وقت پاکستان پہنچ سکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن کی درخواست پر چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز تبدیل

    الیکشن کمیشن کی درخواست پر چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، آئی جیز تبدیل

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر چاروں صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور پولیس چیفس تبدیل کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم ناصر الملک کی زیر صدارت ہونے والی کابینہ اجلاس میں تمام چیفس کی تبدیلی کی منظوری دی گئی۔

    تبدیلی کے نوٹیفکیشن کے مطابق اکبر درانی چیف سیکریٹری پنجاب ہوں گے جب کہ اعظم سلیمان خان چیف سیکریٹری سندھ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

    خیبر پختونخوا کے لیے نوٹیفکیشن کے مطابق نوید کامران بلوچ کو چیف سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے جب کہ بلوچستان کے چیف سیکریٹری اختر نذیر ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کی درخواست پر نگراں وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے آئی جیز بھی تبدیل کردیئے ہیں، تبدیلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کلیم امام کو آئی جی پنجاب مقرر کردیا گیا ہے جب کہ امجد جاوید سلیمی کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کا تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز تبدیل کرنے کا حکم


    خیبر پختونخوا کے لیے نئے انسپکٹر جنرل محمد طاہر ہوں گے جب کہ محسن حسن بٹ آئی جی بلوچستان کی حیثیت سے انتخابات کے دوران خدمات انجام دیں گے۔

    واضح رہے کہ نئے چیف سیکریٹریز اور پولیس چیفس الیکشن کمیشن کی طرف سے منعقد ہونے والے کل صبح دس بجے کے اجلاس میں شرکت کریں گے، اس اہم اجلاس میں انتخابات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی کی والدہ انتقال کر گئیں

    عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی کی والدہ انتقال کر گئیں

    ملتان: پاکستان عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی کی والدہ انتقال کر گئیں۔ متوفیہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے سابق رکن اور عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی کی والدہ غلام سکینہ کو طبیعت خراب ہونے پر نشتر اسپتال ملتان داخل کیا گیا تھا۔

    اسپتال میں جمشید دستی کی والدہ کی طبیعت کوشش کے باوجود نہ سنبھل سکی اور دورانِ علاج ہی ان کا قضائے الہٰی سے انتقال ہو گیا۔

    متوفیہ غلام سکینہ کی نمازِ جنازہ فرید کالونی میں ادا کی گئی جس کے بعد انھیں آبائی قبرستان واقع بستی دھل والا میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    نماز جنازہ میں سابق ممبران اسمبلی، سیاست دانوں، بلدیاتی نمائندوں، سرکاری افسران، وکلا اور صحافیوں سمیت سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔

    والدہ کی نافرمانی کرنے پر جیل جانا پڑا، جمشید دستی


  • پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ 75 ہزار کے نادہندہ نکلے

    پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ 75 ہزار کے نادہندہ نکلے

    اسلام آباد: انتخابات 2018 کے تحت امیدواروں کے کوائف کی اسکروٹنی جاری ہے، سابق خیبر پختونخوا پرویز خٹک 10 کروڑ 65 لاکھ 75 ہزار کے نادہندہ نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی اسکروٹنی کے لیے اپنی رپورٹ تیار کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکروٹنی میں بعض امیدوار سوئی نادرن کے ڈیفالٹرنکلے، حامد سعید کاظمی اور مولانا فضل الرحمان بھی ڈیفالٹر لسٹ میں شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 268 امیدواروں پر کروڑوں روپے واجب الادا ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ امجد خان آفریدی 21 کروڑ 62 لاکھ روپے کے ڈیفالٹر ہیں، خیال رہے کہ امجد آفریدی کو سینیٹ الیکشن میں بکنے پر عمران خان کی طرف سے شو کاز نوٹس بھی ملا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دل دار خان 17 کروڑ 42 لاکھ اور غلام بلور 14 کروڑ 46 لاکھ کے نادہندہ ہیں۔ الیاس احمد بلور 55 ہزار سے زائد کے ڈیفالٹر ہیں، جب کہ سردار میر بادشاہ خان 37 ہزار سے زائد کے نادہندہ ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک ہوتی گیس سی این جی کے مالک ہیں، پرویز خٹک کے نام پر ’موٹر وے اِن سی این جی‘ بھی رجسٹرڈ ہے۔

    انتخابی ڈیوٹی سے انکار پر چار وفاقی اداروں کو نوٹس جاری


    گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے بھی 100 سے زائد امیدواروں کو ڈیفالٹر قرار دیا ہے، ان میں پیپلزپارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر اور تحریک انصاف کے فیصل واڈا بھی شامل ہیں، فیصل واڈا 37 ملین روپے کے ڈیفالٹر نکلے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل سے شروع کردی ہے، جانچ پڑتال 19 جون تک جاری رہے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    کراچی: عید کا چاند دیکھنے کے لیے کل کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے مرکزی چیئرمین کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ جمعرات کو کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں طلب کیا گیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق مرکزی اجلاس کراچی میں جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند دیکھنے کے ثبوت اکھٹے کرنے کے لیے خصوصی سیلز بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ثبوت جمع کرانے کے لیے متعلقہ حکام سے رجوع کریں، اس سلسلے میں موبائل نمبر بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

    عوام ثبوت جمع کرانے کے لیے مفتی منیب الرحمان کے نمبروں 9285203-0300 اور 2022000-0321 ، نور اسلام شاہ (ڈی جی آر) کے نمبر 5453499-0333 ، حافظ عبد القدوس (ڈپٹی ڈائریکٹر) کے نمبر 2697051-0333 اور لینڈ لائن 99261412-021، 9926413-021 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن کا تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز تبدیل کرنے کا حکم

    الیکشن کمیشن کا تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز تبدیل کرنے کا حکم

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکام کو تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی تبدیلی کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو احکامات جاری کیے ہیں کہ کل تک نئے چیف سیکریٹریز اور نئے پولیس چیفس کی تقرری عمل میں لائی جائے۔

    چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کے ناموں پر غور کے لیے کل نگراں وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،  اس سلسلے میں نئے آئی جی سندھ کے لیے نگراں حکومت نے وفاق کو شعیب دستگیر، اقبال محمود اور امجد سلیمی کے نام بھجوا دیئے ہیں۔

    تقرری کے بعد نئے چیف سیکریٹریز اور پولیس چیفس الیکشن کمیشن کی طرف سے منعقد ہونے والے 14 جون کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں انتخابات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    قبل ازیں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں انتخابات سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں


    وزیر اعظم نے کہا کہ عبوری حکومت شیڈول کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے پُر امن اور شفاف انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    واضح رہے کہ یکم جون کو حلف اٹھانے کے بعد نگراں وزیر اعظم نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت انتخابات کے بروقت اور شفاف طریقے سے انعقاد کو یقینی بنائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جس کے ہاتھ میں ڈنڈا ہے صرف وہی محترم ہے، مولانا فضل الرحمان

    جس کے ہاتھ میں ڈنڈا ہے صرف وہی محترم ہے، مولانا فضل الرحمان

    لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریاست تو محترم ہے لیکن شہری محترم نہیں، جس کے ہاتھ میں ڈنڈا ہے صرف وہی محترم ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، دنیا میں جہاں جمہوریت ہے وہاں آزاد صحافت بھی ہے، جہاں جمہوریت نہیں وہاں آزاد صحافت بھی نہیں۔

    مولانا فضل الرحمان نے اصغرخان عمل درآمد کیس میں چیف جسٹس کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں ہے اس کا تحفظ اور احترام ہونا چاہیے، ایسی کوئی بات یا کام نہ کیا جائے جس سے ریاست کو نقصان ہو۔

    انھوں نے عوام کے دوہرے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا پاکستان میں خرابیوں کے بہت مناظر ہیں لیکن عوام کو ایک وزیر خزانہ اور ایک وزیراعظم نظر آتا ہے، کہیں دھماکا ہو جائے توعوام کی نظر اس ایک ہی شخص پر جاتی ہے۔

    مولانا نے نظریاتی جنگ والے دور کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک زما نہ تھا دنیا میں نظریاتی جنگ جاری تھی، اشتراکیت اور سرمایہ دارانہ نظام آمنے سامنے تھے، جیل میں مختلف لوگوں کے مختلف مناظرے ہوتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی آزادی کا مقصد مادر پدر آزادی نہیں، بلکہ ہم اس میں اعتدا ل چاہتے ہیں، کوئی صحافی نہیں کہہ سکتا کبھی کسی کو کال کر کے کوئی گلہ کیا ہو۔

    پاکستان ہماری ماں ہے، افسوس ہے ہم اپنی ماں کا تحفظ نہیں کرسکے، چیف جسٹس


    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم میں ایسی کم زوریاں نہیں ہیں جو کسی دوسرے میں نہ ہوں، ہم نے ایک ہی لفظ سیکھا ہے کہ عوام کے سامنے جواب دینا ہے۔

    جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صحافت کے حوالے سے بہت سے سیمینارز میں حصہ لیا، اور ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز میں آواز ملائی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • قومی اسمبلی کا ملازم فراڈ کے الزام میں گرفتار

    قومی اسمبلی کا ملازم فراڈ کے الزام میں گرفتار

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں تعینات سابق آفیسر فاروق عرف مخدوم زادہ عبد الکریم کو فراڈ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے سابق ملازم فاروق کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرائم سرکل نے شکایات موصول ہونے پر کارروائی کی۔

    ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزم فاروق عرف مخدوم زادہ عبد الکریم پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں نوکری کے لیے لوگوں سے فراڈ کا الزام ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم فاروق خود کو قومی اسمبلی کا ایڈیشنل سیکریٹری ظاہر کرتا تھا، ایڈیشنل سیکریٹری کی جعلی حیثیت سے اس نے کئی لوگوں کو نوکری کے نام پر دھوکا دیا۔

    ایف آئی اے نے ملزم کے قبضے سے 21 لاکھ روپے بھی برآمد کرلیے، ملزم کو مقامی عدالت میں پیش کرکے دو ہفتے کا ریمانڈ لے لیا ہے۔

    رکن قومی اسمبلی پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام، انصاف کی اپیل


    واضح رہے کہ ملزم فاروق کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے ایف آئی اے کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ مذکورہ آفیسر ناپسندیدہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے 31 مئی کی رات 12 بجے اپنی 5 سال کی آئینی مدت پوری کی ہے، جس کے بعد ملک میں یکم جون سے ملکی امور چلانے اور آئندہ انتخابات کے انعقاد کے لیے نگراں حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔