Tag: پاکستان کی خبریں

  • الیکشن 2018: انیس ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے

    الیکشن 2018: انیس ہزار سے زائد امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے

    لاہور: ملک میں 2018 کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند انیس ہزار آٹھ امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب سے 8987 افراد نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے، جب کہ سندھ سے 4765 افراد نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ خیبر پختونخوا سے 2928 کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوئے، بلوچستان سے 1675 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق فاٹا سے صرف 345 افراد نے کاغذات جمع کرائے، جب کہ اسلام آباد سے 93 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

    ملاحظہ کریں: عائشہ گلالئی پرویز خٹک سے مقابلے کے لیے تیار

    قومی اسمبلی کی 342 نشستوں کے لیے 5488 کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوئے، جب کہ قومی اسمبلی کے لیے پنجاب سے 2349، سندھ سے 1308 کاغذات جمع ہوئے۔

    دیکھیں: عمران خان کے مقابلے میں 97 سالہ خاتون

    ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے خیبر پختونخوا سے 774، اور بلوچستان سے 404 کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوئے، جب کہ قومی اسمبلی کے لیے فاٹا سے 345 اور اسلام آباد سے 93 کاغذات جمع ہوئے۔ دوسری طرف اقلیتی نشستوں کے لیے صرف 215 کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوئے ہیں۔

    یہ بھی دیکھیں: پرویز مشرف کے کاغذاتِ نامزدگی لیہ سے

    صوبائی نشستوں کے سلسلے میں پنجاب اسمبلی کے لیے 6638، سندھ کے لیے 3457 خواہش مندوں نے کاغذات جمع کرائے، جب کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 2145 اور بلوچستان اسمبلی کے لیے 1271 کاغذات جمع ہوئے۔

    دل چسپ: سکھ امیدوار کا کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا انوکھا واقعہ


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نگراں حکومت آتے ہی ملک میں بجلی کے بحران میں اضافے کا خدشہ

    نگراں حکومت آتے ہی ملک میں بجلی کے بحران میں اضافے کا خدشہ

    لاہور: مسلم لیگ ن کی حکومت کا دور ختم ہونے کے بعد نگراں حکومت کے آتے ہی ملک میں بجلی کے بحران میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث بجلی بنانے والے پاور ہاؤسز کو تیل کی فراہمی میں کمی کا امکان ہے، جس سے بجلی کی پیداوار پر اثر پڑے گا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے مجموعی شاٹ فال میں اضافہ ہوگیا ہے، خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ اگر اب بجلی کا بحران سامنے آتا ہے تو اس کی ذمے دار نگراں حکومت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کا مجموعی شارٹ فال 4560 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے، اس شاٹ فال کے اثرات ملک میں عوام کو لوڈ شیڈنگ میں اضافے کی صورت میں برداشت کرنے پڑیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت بجلی کی مجموعی طلب 23 ہزار 302 میگا واٹ ہے، پاور ہاؤسز اس طلب کو پوری کرنے میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کرنی پڑتی ہے۔

    عمران خان کا نگراں حکومت سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ


    ملک میں بجلی کی طلب کے بر عکس بجلی کی مجموعی پیداوار صرف 18 ہزار 742 میگا واٹ ہے، خیال رہے کہ بجلی پیدا کرنے کے سلسلے میں مختلف ملکی اداروں کے مابین تنازعات بھی پیداوار میں کمی کا سبب ہیں۔

    واضح رہے کہ بجلی کی طلب اور پیداوار میں بہت زیادہ فرق کے باعث اس وقت بڑے شہروں میں 6 اور دیہات میں 10 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، پیٹرول 92روپے لیٹر تک جا پہنچا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

    چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا

    راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ اور ن لیگ کے ناراض رہنما چوہدری نثار نے خاموشی توڑتے ہوئے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

    چوہدری نثار نے ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں انتخابات میں آزاد حیثیت سے شامل ہورہا ہوں، اور ہمیشہ عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔

    مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دے دیے ہیں، میں آزاد الیکشن لڑوں گا، اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی مختلف میٹنگز میں چوہدری نثار کے ٹکٹ کے معاملے پر بحث ہوتی رہی ہے، شریف برادران کے مابین اس معاملے پر اختلاف بھی پایا گیا۔

    سیاسی حلقوں میں چوہدری نثار کے ٹکٹ کے معاملے پر بے چینی پائی جارہی تھی کہ کیا ن لیگ انھیں ٹکٹ دے دے گی یا وہ کسی اور پارٹی کو جوائن کریں گے۔

    چوہدری نثار کے اعلان کے بعد تمام گرد بیٹھ گئی ہے، انھوں نے اڈیالہ روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اللہ اور حلقے کے لوگوں کی مدد سے کام یابی ملی، اب بھی حلقے کےعوام کے اعتماد پر کام یاب ہوں گا۔

    جاتی امرا والے تضحیک بند کریں، ٹکٹ کا محتاج نہیں، چوہدری نثار


    کارنر میٹنگ کے دوران کارکنوں نے چوہدری نثار سے تحریک انصاف میں شمولیت کے متعلق استفسار کیا تو انھوں نے جواب دیا کہ آپ انتخابات پر توجہ دیں، میں بہتر فیصلہ کروں گا۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ پی ٹی آئی میں 10 خرابیاں ہیں تو ن لیگ میں 100 خامیاں ہیں، انھوں نے مریم نواز کی طرف بھی اشارہ کرتے ہوئے کہا عورت کے راج کے مخالف نے آج اپنی بیٹی پارٹی پر مسلط کردی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر دیو ہیکل طیارے اے 380 بھی لینڈ کر سکیں گے

    نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر دیو ہیکل طیارے اے 380 بھی لینڈ کر سکیں گے

    اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر دنیا کا جدید طیارہ ایئر بس اے 380 بھی اب لینڈ کر سکے گا، یہ دنیا کا سب سے بڑا مسافر طیارہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر دیو ہیکل ہوائی جہاز کی آمد و رفت کے سلسلے میں غیر ملکی ایئر لائنز نے سروے بھی مکمل کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ائیر پورٹ پر لینڈنگ سروے کی تکمیل کے بعد غیر ملکی ایئر لائنز نے اسلام آباد ایئر پورٹ کو عظیم الجثہ ہوائی جہاز  اے 380 کی آمد و رفت کے لیے موزوں قرار دے دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی بوئنگ 747 سے بھی بڑے طیارے ایئر بس اے 380 کی آمد اگلے مہینے سے شروع ہوجائے گی، کہا جارہا ہے کہ یہ ایئر بس جولائی کے دوسرے ہفتے سے پاکستان میں لینڈنگ کرے گی۔

    واضح رہے کہ اے 380 طیارے میں 600 سے زائد مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے، اور یہ ڈبل ڈیک ایئر بس ہے جس کی باڈی بے حد چوڑی ہے۔

    نیو اسلام آباد ایئرپورٹ افتتاح کے لیے تیار‘ نام نہیں رکھا جاسکا


    یہ فور انجن جیٹ ایئر لائنر یورپی مینوفیکچرر ’ایئر بس‘ نے بنایا ہے، اس طیارے کے پروں کا پھیلاؤ ایک فٹ بال گراؤنڈ جتنا ہے جب کہ اس کی لمبائی دو بلیو وھیل مچھلیوں جتنی ہے۔

    نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے رن وے کے بارے میں ایئر پورٹ کے منیجر اعتماد طفر کا کہنا تھا کہ اسے نہایت جدید طرز پر بنایا گیا ہے جب کہ برجز کے ڈیزائن بھی اے 380 طیاروں کے حوالے سے کی گئی ہے۔

    اعتماد ظفر کا کہنا تھا کہ اے 380 طیاروں کی پاکستان میں لینڈنگ خوش آئند ہے، اس سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریوینو میں اضافہ ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صدرممنون حسین سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ملاقات

    صدرممنون حسین سے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ملاقات

    چنگ ڈاؤ: چین کے ساحلی شہر میں منعقد ہونے والے دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر ممنون حسین سے روسی صدر نے خصوصی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں باہمی دل چسپی کے دو طرفہ امور بہ شمول عصری علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

    پاکستانی اور روسی صدور نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، دو طرفہ تعلقات کی بہتری کی ضرورت کو بھی تسلیم کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاکستان اور روس کے مابین تجارتی سطح پر روابط کو مستحکم کرنے اور توانائی کے شعبے میں تعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    صدر ممنون اور صدر پیوٹن نے تعلیم کے شعبے کے فروغ کے سلسلے میں بھی باہمی تعاون کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے تعاون کا عزم کیا اور دیگر مختلف شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

    شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں صدر ممنون حسین اور مودی میں مصافحہ


    روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات ہیں، صدر ممنون حسین نے کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارتی حجم بڑھایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عدالت نے اسلام آباد ایئر پورٹ کی لاگت کا ریکارڈ طلب کرلیا

    عدالت نے اسلام آباد ایئر پورٹ کی لاگت کا ریکارڈ طلب کرلیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں  تعمیر کیے جانے والے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر آنے والی لاگت کا مکمل ریکارڈ 13 جون کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد ایئر پورٹ پر پانی کھڑا ہوگیا تھا، جس پر چیف جسٹس نے از خود نوٹس لے لیا۔

    از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ آئندہ سماعت پر ایئر پورٹ پر پانی بھرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج لائی جائے۔ چیف جسٹس نے پی آئی اے کے ایم ڈی اور اسٹیشن منیجراسلام آباد کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ویڈیوز پرانی ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز ڈیڑھ سال قبل کی ہیں۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے جھیل میں تبدیل


    چیف جسٹس نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سرحد پار سے چلائے جا رہے ہیں، ریاستی اداروں پر حملے ہو رہے ہیں اور عوام کوگم راہ کیا جا رہا ہے۔

    چیف جسٹس نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جو ایئرپورٹ بنتے ہیں ان پر بہ یک وقت دو دو جہاز لینڈ اور ٹیک آف کر سکتے ہیں جب کہ آپ نے اربوں لگا دیے اور اس ایئر پورٹ پر صرف ایک جہاز لینڈ کرسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اصغر خان کیس: نواز شریف، سراج الحق کی رقم لینے کی تردید، سابق آرمی چیف کی تصدیق

    اصغر خان کیس: نواز شریف، سراج الحق کی رقم لینے کی تردید، سابق آرمی چیف کی تصدیق

    اسلام آباد: اصغر خان کیس میں نا اہل وزیر اعظم نواز شریف اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے رقم لینے کی تردید کردی جب کہ سابق آرمی چیف نے رقوم دینے کی تصدیق کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اصغر خان کیس میں نواز شریف نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے، انھوں نے رقم وصول کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ انھوں نے 1990 کی انتخابی مہم کے لیے سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی یا کسی سے 35 لاکھ کی رقم نہیں لی، ان کا کہنا تھا کہ کبھی یونس حبیب سے 35 لاکھ یا 25 لاکھ وصول نہیں کیے، ان الزامات سے متعلق 14 اکتوبر 2015 کو اپنا بیان ریکارڈ کرا چکا ہوں۔

    دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بھی اصغر خان کیس میں جواب جمع کرا دیا ہے، انھوں نے 1990 کے انتخابات میں پیسے لینے کی تردید کردی۔

    انھوں نے اپنے جواب میں کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی ایس آئی سمیت کسی سے بھی رقم نہیں لی بلکہ جماعت اسلامی 2007 میں رضاکارانہ طور پر اس کارروائی کا حصہ بنی۔

    سراج الحق نے کہا کہ میں نے بیان حلفی دیا تھا جماعت اسلامی پرعائد الزامات غلط ہیں، بہ طور امیرجماعت ہر تحقیقات، کمیشن یا فورم پر پیش ہونے کو تیار ہوں۔

    اصغر خان عملدر آمد کیس: آج سے سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی


    دوسری طرف سابق آرمی چیف مرزا اسلم بیگ نے نواز شریف کو رقوم دینے کی تصدیق کی ہے، انھوں نے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے رقوم دینے کا اعتراف کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسلم بیگ نے تحقیقاتی ٹیم کو جواب دیا ہے کہ ان کے پاس رقم کے شواہد موجود ہیں، نواز شریف کو سامنے بٹھایا جائے تو ثبوت دے دوں گا، ان کا کہنا تھا کہ اپنا تفصیلی بیان بھی اس وقت دوں گا جب نوازشریف سامنے ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پرویز مشرف کا وطن واپسی کا فیصلہ، سپریم کورٹ کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے کی مشروط اجازت

    پرویز مشرف کا وطن واپسی کا فیصلہ، سپریم کورٹ کی طرف سے انتخابات میں حصہ لینے کی مشروط اجازت

    لاہور: سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا، سپریم کورٹ نے انتخابات میں حصہ لینے کی مشروط اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے پرویز مشرف کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت میں پیش ہوں تو الیکشن کمیشن میں ان کی نامزدگی کے کاغذات وصول کر لیے جائیں گے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے پرویز مشرف کی نا اہلی کے خلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ وہ 13 جون کولاہور رجسٹری آجائیں، انھیں پیشی تک گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

    دریں اثنا آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹر امجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، وہ انتخابات میں حصہ لیں گے، ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔

    مقبوضہ کشمیر میں حق کے لیے لڑنے والے دہشت گرد نہیں بلکہ مجاہدین ہیں: پرویز مشرف


    قبل ازیں سپریم کورٹ میں پرویز مشرف کی نا اہلی کے خلاف اپیل پر سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ یہ سید پرویز مشرف کون ہیں؟

    سابق صدر کے وکیل قمر افضل نے عدالت کو بتایا کہ یہ سابق صدر اور سابق آرمی چیف ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان آ جائیں، ہم ان پر لگی پابندی بھی ہٹادیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کا نگراں حکومت سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ

    عمران خان کا نگراں حکومت سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نگراں حکومت سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معقول لوڈ مینجمنٹ پلان مرتب کرے۔

    عمران خان نے ملک میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گرم موسم میں عوام کو بجلی کی عدم دستیابی ظلم ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ رمضان کے مہینے میں عبادات کو بھی مشکل بنا دیا گیا ہے، بجلی بحران کی ذمے داری ن لیگ کے وزرائے اعظم پرعائد ہوتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگی وزرا پانچ سال تک قوم سے جھوٹ بولتے رہے، عوام سے کہا گیا کہ ہزاروں میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ بجلی کہاں گئی، آج وہ بجلی کہیں نہیں مل رہی، ہاں بجلی کی بجائے اربوں کے گردشی قرضے ضرور جمع ہوگئے ہیں۔

    پنجاب میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ، حکومتی دعوے دھرے رہ گئے


    عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی کے جتنے منصوبے شروع کیے ان کی جانچ پڑتال بہت ضروری ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ ان میں حقیقت کتنی ہے۔

    پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں بجلی کے بحران کا مؤثر اور مستقل حل پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ ن لیگی حکومت میں ملک بھر میں شدید گرمی کے موسم میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کیے رکھا، تاہم ن لیگی رہنما اب یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی تھی، اب اگر لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے تو اس کی ذمے دار نگراں حکومت ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کے لیے بھی تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کے لیے بھی تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت خطے کو ہتھیاروں کی دوڑ میں جھونک رہا ہے، پاکستان کو بھی اس دوڑ کے لیے تیار رہنا پڑے گا۔

    ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صدر ممنون حسین 9 جون کو چین کا دورہ کریں گے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اٹھارویں اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ اجلاس میں دیگر رکن ممالک بھی شرکت کریں گے، خیال رہے یہ اجلاس چین کے ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں ایک دن بعد شروع ہورہا ہے۔

    یہ 2017 میں قازقستان کے شنگھائی اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو مستقل رکن کے طور پر قبول کرکے ایس سی او کی توسیع کے بعد پہلا اجلاس ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی فوج کی کنڑول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ بدستور جاری ہے، ہم بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں بھارت نے انٹرنیٹ سروسز بھی بند کردی ہیں، کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم بھی جاری ہیں، انھوں نے حریت رہنماؤں کی گرفتاری اور نظر بندی کی بھی مذمت کی۔

    جوہری ہتھیاروں کی دوڑسےتخفیف اسلحہ کی کوششوں کونقصان پہنچےگا‘ ملیحہ لودھی


    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کابل میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہر طرح سے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، پاکستان معاملات پُر امن طور پر حل کرنے کا خواہاں ہے۔

    ڈاکٹر فیصل نے چینی انجینیر کے بارے میں کہا کہ ان کی ہلاکت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی تھی، خیال رہے کہ تین دن قبل اسلام آباد میں چینی سفارت خانے سے ایک لاش برآمد ہوئی تھی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق لاش 12 روزپرانی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ لاش چینی انجینیر کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔