Tag: پاکستان کی خبریں

  • پاکستان میں یتیموں کی تعداد چار ملین کے قریب ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں انکشاف

    پاکستان میں یتیموں کی تعداد چار ملین کے قریب ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں انکشاف

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں یتیموں کی تعداد چالیس لاکھ کے قریب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی رکن ملک ابرار نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ رمضان المبارک کو یتیموں کے دن کے طور پر منایا جائے، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کی مردم شماری کی تھرڈ پارٹی آڈٹ مؤخر کرنے سے متعلق بھی قرارداد لائی گئی، پیپلز پارٹی کے ستار بچانی نے قرارداد پیش کرنے کی مخالفت کردی۔

    شیخ صلاح الدین نے کہا کہ حکومت نے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے سے انکار کر دیا ہے، جب کہ ستار بچانی کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے فیصلہ کیا، معاملہ آئندہ حکومت دیکھے گی۔

    دوسری طرف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شہریار آفریدی نے اسپیکر کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ کے خلاف مہم چلائی، ٹی وی شو میں تنقید کی لیکن آپ کا جو رویہ رہا اس پر شکرگزار ہوں۔

    پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ آج ورلڈ یو این پیس کیپرز ڈے ہے، ہمیں قیام امن کے لیے اپنے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے، اقوام متحدہ کے پیس کیپنگ مشن میں ہمارے جوانوں نے قربانیاں دیں۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں حاضری، اراکین کی پانچ سالہ رپورٹ جاری


    ایم کیو ایم کے رشید گوڈیل کا کہنا تھا کہ پانی کے مسئلے پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، چین ربڑ بچھا کر چھوٹے ڈیم بنا رہا ہے تاکہ پانی جذب نہ ہو جب کہ ہم پانی کی قلت دور کرنے کے لیے کچھ نہیں کر رہے۔

    نصرت سحرعباسی نے کہا کہ اس ایوان پر 6 ارب روپے خرچ کردیے گئے، اتنی بڑی اسمبلی ہے کہ میں پوری نہیں گھوم سکی، اس پر اتنے روپے خرچ کرنا میرے خیال میں ٹھیک نہیں، اس سے کوئی اسپتال بن جاتا تو زیادہ اچھا ہوتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تین صوبے نگراں وزیر اعلیٰ کے منتظر، تاحال نگراں سیٹ نہ آسکا

    تین صوبے نگراں وزیر اعلیٰ کے منتظر، تاحال نگراں سیٹ نہ آسکا

    کراچی: سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں نگراں سیٹ اپ تاحال نہیں آسکا ہے، تینوں صوبے نگراں وزیر اعلیٰ کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے تین صوبوں میں نگراں سیٹ اپ کے سلسلے میں معاملات بات چیت سے آگے نہیں بڑھ سکے ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، جب کہ سندھ میں آج پھر بیٹھک ہوگی۔

    صوبہ سندھ اور صوبہ کے پی کے میں آج اسمبلیاں بھی تحلیل ہوچکی ہیں، سندھ میں قائد ایوان مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر غور کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے فضل الرحمان اور جاوید جبار کے نام دیے گئے ہیں، پیپلز پارٹی نے ڈاکٹر قیوم سومرو، یونس سومرو اور غلام علی پاشا کے نام دیے ہیں۔ جن میں سے فضل الرحمان یا غلام علی پاشا کے نام پر اتفاق ہونے کا امکان ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کوئی بحران نہیں ہے، آئین کے مطابق اکتیس مئی تک ہمارے پاس وقت ہے۔ دوسری طرف بلوچستان میں بھی نگراں وزیراعلیٰ کا انتخاب تاحال نہیں ہوسکا ہے۔

    بلوچستان اسمبلی اکتیس مئی کو ختم ہو جائے گی لیکن اب تک وزیراعلیٰ عبد القدوس بزنجو اور عبد الرحیم زیارت وال کی ملاقاتیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں۔

    سندھ اورخیبرپختونخواہ کی اسمبلیاں مدت پوری ہونےکے بعد تحلیل


    بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن قاضی اشرف اور اسلم بھوتانی کے ناموں پرقائم ہے جب کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نےعلاؤ الدین مری اور کامران مرتضیٰ کے نام دیے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کا امکان ہے۔

    دوسری طرف خیبر پختونخوا میں بھی یہی صورت حال ہے، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نئے نام پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے، اس  سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن میں آج پھر ملاقات ہوگی۔ خیال رہے کہ پنجاب میں ناصر سعید کھوسہ کو نگراں وزیر اعلیٰ مقرر کردیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، ذرائع وزارت داخلہ

    جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، ذرائع وزارت داخلہ

     اسلام آباد: کتاب لکھنے کے معاملے پر سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسد درانی کے خلاف اعلیٰ سطح کی تحقیقات ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے حکم پر سابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کو ان کی کتاب کے سلسلے میں آج جی ایچ کیو طلب کیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ریٹائرڈ اسد درانی سے متعلق عدالتی تحقیقات لیفٹیننٹ جنرل کی سربراہی میں کی جائیں گی، سابق ڈی جی آئی ایس آئی اس سلسلے میں جی ایچ کیو میں پیش ہوچکے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے جنرل (ر) اسد درانی کی کتاب پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، جی ایچ کیو میں ان سے وضاحت طلب کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق اسد درانی سے جی ایچ کیو میں وضاحت طلب کیے جانے کے بعد فوری ایکشن لیا گیا اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے درخواست دے دی گئی۔

    لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی آج جی ایچ کیومیں پیش ہوں گے


    ذرائع نے بتایا کہ اسد درانی کی کتاب میں بیان کردہ متعدد موضوعات حقائق کے برعکس ہیں، اپنی کتاب میں انھوں نے ملٹری کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

    واضح رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل اسد درانی اگست 1990 سے مارچ 1992 تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے ہیں جنہوں نے سابق را چیف اے ایس دلت کے ساتھ مل کر ایک کتاب ’دی اسپائے کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ دی الوژن آف پیس‘ لکھی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم بننے کے لیے سیاست دان ماں بیچنے کو تیار ہوتے ہیں، سرل المیڈا کی ہرزہ سرائی

    وزیر اعظم بننے کے لیے سیاست دان ماں بیچنے کو تیار ہوتے ہیں، سرل المیڈا کی ہرزہ سرائی

    اسلام آباد: انگریزی اخبار کے صحافی سرل المیڈا نے اپنے حالیہ مضمون میں پاکستانی سیاست دانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم بننے کے لیے ماں بھی بیچنے کو تیار ہوجاتے ہیں۔

    سرل المیڈا نے اپنے مضمون میں لکھا کہ پاکستانی سیاست دان نواز شریف کو سیاسی میدان سے ہنکا کر باہر نکال رہے ہیں، اور ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، ہر بار وزارت عظمیٰ کے لیے بیس افراد قطار میں کھڑے ہوتے ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کسی ایک کو نہیں تمام سیاست دانوں کوگالی ہے، سب کو اس کا جواب دینا چاہیے۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سرل المیڈا کے آرٹیکل سے بہت تکلیف ہوئی، سیاست دان اس کا بلا تفریق جواب دیں، یہ گالی تو ان سیاست دانوں کو بھی پڑی ہے جنہوں نے پاکستان بنایا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے عالمی قوتوں کی طرف سے انتخابات میں رکاوٹ کا خدشہ ظاہر کردیا


    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سرل المیڈا دراصل خود کو گالی دے رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ بہت سے مسائل کیوں ہوئے، تمام سیاست دان قابل احترام ہیں، پاکستان سیاست دانوں نے بنایا ہے اور سیاست دانوں نے ہی اسے جوہری طاقت بنایا۔

    واضح رہے کہ سرل المیڈا کا نام اس وقت قومی منظرنامے پر نمایاں ہوا تھا جب ایک مقامی انگریزی اخبار میں انھوں نے تقریباً دو سال قبل وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے حوالے سے خبر دی۔ اس خبر میں غیر ریاستی عناصر کے معاملے پر فوج اور سول حکومت میں اختلافات کا ذکر کیا گیا تھا تاہم حکومت اور فوج دونوں نے اس کو من گھڑت قرار دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان افغانستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے، سرتاج عزیز

    پاکستان افغانستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے، سرتاج عزیز

    اسلام آباد: منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملک افغانستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے افغانستان سے آئے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی ترقی کی تیزی سے تکمیل وقت کا اہم تقاضا ہے۔

    قبل ازیں افغانستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوطرفہ امور، سیکورٹی صورت حال اور بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پاکستان میں تعینات افغان سفیرعمر زخیلوال بھی موجود تھے۔

    افغان وفد میں مشیر سلامتی امور، افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے چیف، افغان فوج کے سربراہ اور وزیرداخلہ بھی شامل تھے، وفد کی قیادت مشیر سلامتی امور حنیف اتمر نے کی۔ حنیف اتمر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اعلیٰ سطحی افغان وفد نے منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی، ملاقات کے لیے آنے والے وفد کی قیادت افغان صدر اشرف غنی کے مشیر انفرا اسٹرکچر و ٹیکنالوجی نے کی۔

    سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات کے دوران پاک افغان دو طرفہ معاشی تعاون، باہمی تجارت، توانائی اور باہمی روابط بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

    افغانستان: عسکریت پسندوں نے دھمکی دے کر درجنوں اسکول بند کرادیے


    سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان عوام نے نامساعد حالات اور غیر معمولی مشکلات کا سامنا کیا، علاقائی اور باہمی روابط کا فروغ ترقی کی ضمانت فراہم کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ زمینی اور ریل راستوں کی تعمیر نہایت اہم ہے۔

    واضح رہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تناؤ عروج پر ہے، جسے کم کرنے کے لیے پاک افغان سیکورٹی حکام ملاقات کر رہے ہیں، گزشتہ روز افغان صدارتی آفس سے یہ بیان جاری ہوا تھا کہ افغان وفد کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے دورے کی دعوت ملی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ونگار ۔ سندھ کی خوبصورت روایت

    ونگار ۔ سندھ کی خوبصورت روایت

    ونگار اندرون سندھ میں رائج ایک خوبصورت روایت ہے جو ہم آہنگی اور بھائی چارے کی بہترین مثال ہے۔

    یہ روایت اس وقت دیکھنے میں آتی ہے جب کوئی اجتماعی کام کیا جارہا ہو جیسے مختلف فصلوں جیسے گنے یا گندم کی کٹائی، کپاس کی چنائی یا نہر کی کھدائی کی جا رہی ہو۔

    اس موقع پر گاؤں کے کے ہر گھر سے ایک یا 2 افراد شرکت کرتے ہیں یوں لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو کر اس کام کو انجام دیتی ہے۔

    یہ کام بلا معاوضہ کیا جاتا ہے اور کام کرنے والے اس کی کوئی اجرت طلب نہیں کرتے۔ یہ کام مردوں اور خواتین کے الگ الگ گروہ انجام دیتے ہیں۔

    ونگار کی روایت ایک دوسرے کی مدد کرنے، اور ایک دوسرے کے کام آنے کی بہترین مثال ہے کہ کس طرح گاؤں والے تمام مذہبی و لسانی اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے کام آتے ہیں۔

    چند روز قبل اندرون سندھ میں کپاس کی چنائی کی جارہی تھی جس کے لیے حسب معمول گاؤں والے جمع ہوئے اور مل جل کر کپاس کی کٹائی کی۔

    اس موقع پر کام کرنے والے افراد کے لیے کھانے کا بندوبست بھی کیا جاتا ہے جسے کام کے دوران یا کام مکمل ہونے کے بعد ایک ساتھ بیٹھ کر کھایا جاتا ہے۔

    اگر ونگار کسی ایک شخص کی زمین پر کیا جارہا ہو تو کھانے کا انتظام اس کی ذمہ داری ہوتی ہے، اگر مختلف افراد اپنی مدد کے لیے گاؤں والوں کو بلاتے ہیں تو کھانے کا انتظام بھی وہ مل جل کر کرتے ہیں۔

    آج کے اس افراتفری اور لسانیت کے دور میں، جب شہروں میں پڑوسی بھی پڑوسی سے بے خبر ہوتا ہے، ونگار ایک ایسی روایت ہے جو معاشرے کو مل کر کام کرنے، اختلافات بھلانے اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کا سبق دیتی ہے۔

  • سال 2016: دنیا پر انمٹ نقوش مرتب کرنے والی خواتین

    سال 2016: دنیا پر انمٹ نقوش مرتب کرنے والی خواتین

    دنیا کا کوئی بھی شعبہ ہو، خواتین کی شمولیت کے بغیر ادھورا ہے۔ آج اکیسویں صدی میں یہ بات ایک حقیقت بن چکی ہے جب ہمیں ایسے شعبوں میں بھی خواتین نظر آتی ہیں جنہیں اس سے پہلے صرف مردوں کے لیے ہی مخصوص سمجھا جاتا تھا۔

    سال 2016 میں کئی پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ ترقی یافتہ شہروں سے لے کر پسماندہ اور روایت پسند علاقوں تک کئی خواتین اپنے عزم و حوصلے کے سبب دنیا کی نظروں کا مرکز بنیں اور یہ پیغام دیا کہ وقت بدل رہا ہے، خواتین کی اہمیت کو تسلیم نہ کرنے والوں کو اب اپنا ذہن بدلنا ہوگا۔

    آئیے دیکھتے ہیں کہ اس سال کن خواتین نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا۔


    حوصلے اور انتھک جدوجہد کی مثال پاکستانی خواتین

    پاکستانی نژاد خاتون نرگس ماولہ والا نے اس وقت پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کردیا جب انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ خلا میں کشش ثقل کی لہروں کی نشاندہی کرنے کا کارنامہ انجام دے ڈالا۔

    فروری کی ایک روشن صبح پاکستان کی پہلی آسکر ایوارڈ یافتہ شخصیت شرمین عبید چنائے دوسرا آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔ ان کی ایوارڈ یافتہ دستاویزی فلم ’آ گرل ان دی ریور ۔ پرائس آف فورگیونیس‘ غیرت کے نام پر قتل کے موضوع پر بنائی گئی جس نے پاکستانی قوانین پر بھی واضح اثرات مرتب کیے۔

    ساؤتھ ایشین گیمز 2016 میں دو پاکستانی لڑکیاں رخسانہ اور صوفیہ پاکستان کے لیے باکسنگ کے میدان میں میڈلز جیتنے والی اولین خواتین بن گئیں۔

    اپریل میں پاک نیوی کی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ذکیہ جمالی پاکستان نیوی کی پہلی کمیشن آفیسر بن گئیں۔

    اسی ماہ سوات سے تعلق رکھنے والی تبسم عدنان کو خواتین کے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد پر کولمبیا میں نیلسن منڈیلا ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    پاکستان کی پہلی خاتون شوٹر مناہل سہیل نے ریو اولمپکس 2016 میں حصہ لیا۔

    کوئٹہ کے اسلامیہ گرلز کالج میں سیکنڈ ایئر کی طالبہ نورینہ شاہ نے اس وقت ملک بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی جب علم فلکیات پر اپنے مطالعے اور تجزیے کے باعث اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور دنیا بھر کے ماہرین فلکیات نے ان کی مہارت کو سراہا۔

    اگست میں ہونے والے ریو اولمپکس کے مقابلوں میں پاکستانی نژاد مادیہ غفور نے یوں تو نیدر لینڈز کی نمائندگی کی، تاہم وہ اولمپک مقابلوں میں شریک ہونے والی پہلی بلوچ خاتون کھلاڑی تھی۔

    اگست میں ہی 2 پائلٹ بہنوں مریم مسعود اور ارم مسعود نے بطور کو پائلٹ بیک وقت 777 بوئنگ طیارے اڑا کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔

    ستمبر میں پاکستانی طالبہ شوانہ شاہ کو امریکا میں محمد علی ہیومنٹیرین ایوارڈ سے نوازا گیا۔ شوانہ شاہ سنہ 2012 سے معاشرے کی پسماندہ خواتین کی بحالی، ان پر تشدد اور جنسی ہراسمنٹ کے خلاف کام کر رہی ہیں۔

    اسی ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پہلی دفعہ منعقد کیے جانے والے گلوبل گولز ایوارڈز میں ایک پاکستانی ادارے ’ڈاکٹ ۔ ہرز‘ نے بہترین اور کامیاب کوشش کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ یہ ادارہ پسماندہ علاقوں کی خواتین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

    پاکستانی خاتون ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا۔ اس عہدے کی دوڑ میں کل 6 امیدواروں میں صرف 2 خواتین شامل تھیں جن میں سے ایک ڈاکٹر ثانیہ نشتر تھیں۔

    اکتوبر میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی نویں جماعت کی طالبہ حدیقہ بشیر کو ایشیائی لڑکیوں کے حقوق کی سفیر کا ایوارڈ دیا گیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی لڑکی ہیں۔

    چودہ سال قبل اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی مختاراں مائی اس وقت ایک بار پھر سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں جب فیشن پاکستان ویک 2016 میں انہوں نے ریمپ پر واک کی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدام کی حمایت کرنا تھا، بلکہ لوگوں کی توجہ ریپ جیسے گھناؤنے جرم کی طرف دلانا بھی تھا۔

    نومبر میں پاکستان کی ڈیجیٹل حقوق فاؤنڈیشن کی بانی نگہت داد کو ہالینڈ حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کے ٹیولپ ایوارڈ 2016 سے نوازا گیا۔

    اسی ماہ سوات سے تعلق رکھنے والی دو لڑکیوں گلالئی اسمعٰیل اور صبا اسمعٰیل کے قائم کردہ سماجی ادارے ’اویئر گرلز‘ کو سابق فرانسیسی صدر سے منسوب شیراک پرائز سے نوازا گیا۔ اویئر گرلز گزشتہ 14 سال سے پختونخواہ میں خواتین کی تعلیم وصحت کے لیے سرگرم عمل ہے۔

    دسمبر میں رافعہ قسیم بیگ بم ڈسپوزل یونٹ کا حصہ بننے والی پہلی پاکستانی اور ایشیائی خاتون بن گئیں۔ وہ اس سے قبل خیبر پختونخوا کی پولیس فورس میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔


    ایک اہم سنگ میل

    پاکستان میں خواتین کے تحفظ کے لیے سب سے اہم اقدام 7 اکتوبر 2016 کو اٹھایا گیا جب پارلیمنٹ میں غیرت کے نام پر قتل اور زنا بالجبر کے واقعات کی روک تھام کا بل منظور کرلیا گیا۔

    ترمیمی بل کے مطابق غیرت کے نام پر قتل فساد فی الارض تصور ہوگا اور صلح یا معافی کے باوجود 25 سال سزائے قید ہوگی۔

    بل میں عصمت دری کے مقدمات میں ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا جبکہ متاثرہ خاتون کی شناخت کسی بھی سطح پر ظاہر نہ کرنے کی شق شامل کی گئی۔


    عالمی سیاست میں خواتین کا کردار

    دنیا بھر میں جہاں کئی شعبوں میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، وہیں شعبہ سیاست میں بھی خواتین کی تعداد میں اضافہ نظر آیا اور کئی اہم سیاسی عہدوں پر خواتین کی تقرری عمل میں آئی۔

    مئی میں جرمنی کی ایک ریاستی اسمبلی میں پہلی بار اسپیکر کے عہدے کے لیے مسلمان خاتون مہتریم آراس کو منتخب کیا گیا۔

    اسی ماہ تائیوان میں پہلی خاتون صدر سائی انگ ون کی حکومت کا آغاز ہوا۔

    جون میں ورجینیا راگی روم کی تاریخ میں ڈھائی سو سال بعد خاتون میئر منتخب ہوئیں۔

    جولائی میں تھریسا مے نے برطانوی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا۔ آئرن لیڈی کہلائی جانے والی مارگریٹ تھیچر کے بعد وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی دوسری خاتون ہیں۔

    اگست میں ٹوکیو کی عوام نے اپنی پہلی خاتون گورنر یوریکو کوئیکے کا انتخاب کیا۔ اس سے قبل وہ ملک کی پہلی خاتون وزیر دفاع بھی رہ چکی تھیں۔

    امریکا میں رواں برس ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے سابق خاتون اول اور سابق سیکریٹری خارجہ ہیلری کلنٹن بھی میدان میں کھڑی ہوئیں، لیکن قسمت نے اس بار بھی ان کا ساتھ نہ دیا۔

    وہ اس سے قبل سنہ 2008 میں بھی بارک اوباما کے مدمقابل بطور صدارتی امیدوار کھڑی ہوئی تھیں۔ گو کہ وہ امریکا کی پہلی خاتون صدارتی امیدوار تو نہ تھیں، تاہم اگر وہ صدر منتخب ہوجاتیں، جس کے امکانات بہت زیادہ تھے، تو وہ امریکا کی پہلی خاتون صدر کہلاتیں۔

    صومالیہ میں سال کے آخر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ایک خاتون فڈومو ڈیب بھی امیدوار ہیں۔ اگر وہ صدر منتخب ہوگئیں تو صومالیہ کی پہلی خاتون صدر کہلائی جائیں گی۔


    دیگر اہم واقعات

    ریو اولمپکس 2016 میں امریکی ایتھلیٹ ابتہاج محمد وہ پہلی امریکی مسلمان خاتون بنیں جنہوں نے باحجاب ہو کر کھیلوں میں شرکت کی۔ ریو 2016 میں انہوں نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

    بھارت میں تیزاب گردی کا شکار ریشما قریشی نے نیویارک فیشن ویک میں ریمپ پر واک کر کے یہ پیغام دیا کہ تیزاب سے مسخ ہوجانے والے چہروں کو بھی زندگی جینے کا حق ہے۔

    داعش کی خوفناک قید سے جان بچا کر بھاگ آنے والی کرد خاتون 23 سالہ نادیہ مراد طحہٰ کو اقوام متحدہ کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا اور انہیں یورپی یونین کی پارلیمنٹ کی جانب سے سخاروف انعام سے نوازا گیا۔

    بھارت کی مشہور درگاہ حاجی علی میں خواتین کے داخلے پر عائد پابندی 4 سال بعد ختم کردی گئی۔

    سعودی شہزادے ولید بن طلال نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر ایک طویل عرصے سے عائد پابندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

    امریکا کی کیسنڈرا ڈی پیکول نامی سیاح نے دنیا کے تمام ممالک کی سیاحت کرنے والی واحد خاتون کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔