Tag: پاکستان کی خبریں

  • راولپنڈی ڈویژن میں 40 پولیس افسران کا تبادلہ

    راولپنڈی ڈویژن میں 40 پولیس افسران کا تبادلہ

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب کے راولپنڈی ڈویژن میں 40 کے قریب پولیس افسران کا تبادلہ کردیا گیا، افسران کے تبادلے آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کی سفارش پر کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں بڑے پیمانے پر پولیس افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں، 4 اضلاع میں 40 کے قریب سب انسپکٹرز و اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

    پولیس افسران کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری کیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس افسران کے تبادلے آر پی او راولپنڈی سید خرم علی کی سفارش پر کیے گئے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ جن افسران کا تبادلہ کیا گیا وہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ پولیس دفاتر میں رپورٹ کریں، رپورٹ نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آر پی او راولپنڈی نئی ٹرانسفر پوسٹنگ فہرست میں شامل افسران کو جلد فارغ کریں۔

  • بجلی کی قیمت میں پھر اضافہ

    بجلی کی قیمت میں پھر اضافہ

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 60 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، اضافے کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر سماعت ہوئی جس میں بجلی 1 روپے 60 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

    بجلی کی قیمت میں اضافے کے بعد صارفین پر 15 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، اور صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔

    اضافے کا اطلاق لائف لائن کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا۔

    نیپرا اتھارٹی تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی، اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اپریل میں پانی سے 10.23 فیصد، کوئلے سے 16.06 فیصد، درآمدی کوئلے سے 12.08 فیصد اور مقامی کوئلے سے 3.98 فیصد کم بجلی پیدا کی گئی۔

  • سفارتی اور سروس پاسپورٹ والوں کے لیے ویزوں کے خاتمے کا معاہدہ

    سفارتی اور سروس پاسپورٹ والوں کے لیے ویزوں کے خاتمے کا معاہدہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بیلا روس کے ہم منصب کے ساتھ 2 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جس کے تحت سفارتی اور سروس پاسپورٹ والوں کے لیے ویزے ختم کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بیلا روس کے ہم منصب کے ساتھ 2 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سفارتی اور سروس پاسپورٹ والوں کے لیے ویزوں کے خاتمے پر معاہدہ ہوا، دونوں ممالک کے درمیان تھنک ٹینک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔

  • جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

    جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا، 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن گرفتاری سے گریز کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات کے دوران نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیل میں قیدی خواتین سے ناروا سلوک کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کیا گیا، 2، 2 سال کی پرانی ویڈیوز دکھا کر بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، پورے پنجاب سے مجموعی طور پر 32 خواتین کو گرفتار کیا گیا جبکہ 21 کو رہا کر دیا گیا۔

    نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جیل میں خواتین کو جیل مینوئل کے مطابق رکھا گیا ہے۔ 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن گرفتاری سے گریز کیا گیا۔

    محسن نقوی نے مزید کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے جلد اچھی خبریں آئیں گی، نگران حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔

  • 16 سالہ گھریلو ملازمہ کا اغوا: مغویہ کو پیش نہ کرنے پر عدالتی حکم پر ایس ایچ او گرفتار

    16 سالہ گھریلو ملازمہ کا اغوا: مغویہ کو پیش نہ کرنے پر عدالتی حکم پر ایس ایچ او گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 سالہ گھریلو ملازمہ کے اغوا پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور اغوا شدہ لڑکی کو پیش نہ کرنے پر لودھراں تھانے کے ایس ایچ او کو عدالت سے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 سالہ گھریلو ملازمہ کے مبینہ اغوا کے معاملے کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی، درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔

    عدالت نے ایس ایچ او سٹی پولیس تھانہ لودھراں کی سخت سرزنش کی۔

    اسلام آباد پولیس کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے 16 سالہ لڑکی کو پنجاب کے شہر لودھراں میں جیو فینسنگ کے ذریعے برآمد کیا تھا، اغوا شدہ لڑکی کی برآمدگی کے بعد متعلقہ تھانے سے ضروری کارروائی کے لیے رجوع کیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ لودھراں کے متعلقہ پولیس تھانے نے برآمد شدہ لڑکی کو لے جانے کی اجازت نہیں دی۔

    جسٹس محسن اختر کیانی نے لودھراں سٹی پولیس کے ایس ایچ او سے کہا کہ جب اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ سماعت پر لڑکی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تو تم منہ اٹھا کر کیوں آگئے؟

    انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود لڑکی کو پیش نہ کرنا حکم عدولی ہے۔

    سیخ پا ہونے پر عدالت نے نائب کورٹ کو حکم دیا کہ ایس ایچ او لودھراں کو عدالت سے گرفتار کر لیں جس کے بعد عدالتی حکم پر نائب کورٹ نے ایس ایچ او لودھراں کو گرفتار کر لیا۔

    سرکاری وکیل نے آئندہ سماعت میں اغوا شدہ لڑکی کو پیش کرنے کا یقین دلایا جبکہ ایس ایچ او لودھراں نے عدالت سے معافی مانگی۔

    ایس ایچ او نے کہا کہ عدالتی حکم دیر سے ملنے کی وجہ سے تعمیل نہیں ہو سکی۔

    عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت میں اگر پنجاب پولیس نے 16 سالہ لڑکی کو پیش نہیں کیا تو ایس ایچ او سٹی لودھراں اور آئی جی پنجاب عدالت میں ہوں گے۔

    جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ پنجاب پولیس بدمعاش بنی ہوئی ہے، ایک آڈر پاس کر دوں تو ساری زندگی عدالتوں سے انصاف مانگتے پھریں گے۔

    درخواست کی مزید سماعت 6 جون تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

  • سیاستدان کا لبادہ اوڑھ کر ریاستی علامتوں پر حملہ کرنے والے مذاکرات کے اہل نہیں: وزیر اعظم

    سیاستدان کا لبادہ اوڑھ کر ریاستی علامتوں پر حملہ کرنے والے مذاکرات کے اہل نہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں کا لبادہ اوڑھ کر ریاستی علامتوں پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے مذاکرات کے اہل نہیں، ان کی جانب سے کی گئی مسلح کارروائیوں کا احتساب کیا جانا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مذاکرات سیاسی عمل میں گہرائی سے سرایت کرتا ہے، مذاکرات جمہوریت کو پختہ اور ترقی دینے میں مدد کرتا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سیاسی اور آئینی پیش رفت اس وقت ہوئی جب سیاسی رہنما اتفاق رائے کے لیے میز پر بیٹھے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کا لبادہ اوڑھ کر ریاستی علامتوں پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے مذاکرات کے اہل نہیں، ان کی جانب سے کی گئی مسلح کارروائیوں کا احتساب کیا جانا چاہیئے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ترقی یافتہ جمہوریتوں میں بھی یہی رواج ہے۔

  • 28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئے

    28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اب تک عید الاضحیٰ کے لیے قربانی کے 28 ہزار جانور لائے جاچکے ہیں، مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں سے جانوروں کی بڑی کھیپ کراچی کی مویشی منڈی پہنچ گئی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 28 ہزار سے زائد قربانی کے جانور مویشی منڈی لائے جا چکے ہیں، مشکوک افراد کو روک کر گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مویشی منڈی کے اطراف اور ارد گرد پولیس بہت فعال ہے جبکہ مختلف تھانوں سے مزید نفری طلب کرلی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ اس بار کراچی کی مرکزی مویشی منڈی نادرن بائی پاس پر قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد ملک بھر سے آنے والے مویشی مالکان اور کراچی کے شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

  • پی ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    پی ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    لاہور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب میں زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی، ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔

    پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ بجھوائیں،

    ترجمان اتھارٹی کے مطابق پی ڈی ایم اے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، رپورٹس کے مطابق کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، شہری نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دے سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج صبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبر پختونخواہ و پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا اور زلزلے کی گہرائی 223 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

  • اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 6.0 شدت کا زلزلہ

    اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 6.0 شدت کا زلزلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 محسوس کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبر پختونخواہ و پنجاب کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ساتھ ساتھ صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں پشاور، سوات، بٹگرام، دیر بالا، صوابی، مالا کنڈ، کوہاٹ، لوئر دیر، بونیر، مہمند، مردان، چارسدہ، بنوں اور شانگلہ میں محسوس کیے گئے۔

    پنجاب کے جن شہروں میں زلزلہ محسوس ہوا ان میں مری، ظفر وال، شکر گڑھ، جلالپور بھٹیاں، سرائے عالمگیر، سرگودھا اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    زلزلے سے شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا اور زلزلے کی گہرائی 223 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

    پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ تاحال کنٹرول روم کو کسی قسم کے نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، عوام ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کو 1700 پر دیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل مارچ میں دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    22 مارچ کی شب آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلے سے پختونخوا میں 9 افراد جاں بحق اور 44 زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔

  • سوات میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 3.1 تھی اور گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    زلزلے کا مرکز سوات سے 21 کلو میٹر جنوب میں تھا۔

    زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل پختونخواہ کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    22 مئی کو آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کی گہرائی 91 کلومیٹر جبکہ مرکز افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔