Tag: پاکستان کی فضائی حدود

  • 2024 میں پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں کمی، وجہ کیا ہے؟

    2024 میں پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں کمی، وجہ کیا ہے؟

    رواں سال پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں سال 2022 اور 2023 کی نسبت کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    سال 2024 کا سورج غروب ہونے میں صرف چند دن باقی رہ گئے ہین اور اے آر وائی نیوز کو سول ایوی ایشن ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق رواں سال پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں گزشتہ دو سالوں کی نسبت کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اے سی سی ذرائع کے مطابق رواں سال 2024 کے ابتدائی چند ماہ میں فضائی حدود میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ رہا تاہم اختتامی ماہ میں اس میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ اس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال ہے جس کے باعث رواں سال کا آخر اچھا نہیں رہا۔

    ذرائع نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث متعدد ایئر لائنز نے ایران کی فضائی حدود کو ترک کر دیا اور ایران سے گزر کر پاکستان آنے والی پروازوں کا رخ تبدیل ہونے کی وجہ سے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    اس سے قبل 2022 میں پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد ایک لاکھ تین ہزار رہی رہی تھی جو 2023 میں 25 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 27 ہزار تک جا پہنچی تھی۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں براستہ ایران یا افغانستان بین الاقوامی پروازیں آتی اور وہیں سے واپسی کا راستہ اپناتی ہیں۔

  • پوپ فرانسس کا پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے خیر سگالی کا پیغام

    پوپ فرانسس کا پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے خیر سگالی کا پیغام

    کراچی: پوپ فرانسس نے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے خصوصی طیارے نے پاکستانی حدود کا استعمال کیا ہے، انھوں نے اٹلی سے جکارتہ جاتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پوپ فرانسس نے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے پر خیر سگالی کا پیغام بھی دیا، ان کا خصوصی طیارہ تہران سے ہوتا ہوا پاکستان کی فضائی حدود میں کراچی فلائٹ ریجن میں داخل ہوا تھا۔

    اے ٹی سی ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے خصوصی طیارے کو ویلکم کیا، جب کہ پوپ فرانسس کی جانب سے صدر پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیا گیا۔

    خیال رہے کہ پوپ فرانسس جنوب مشرقی ایشیا اوشیانا کے تاریخی دورے پر جکارتہ پہنچ گئے ہیں، وہ دو دن کے طویل سفر کے بعد انڈونیشیا پہنچے ہیں، گھٹنے کے دائمی درد کے ساتھ 87 سالہ پوپ کے بارے میں یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ یہ سفر نہیں کر پائیں گے۔ انھوں نے طیارے میں 75 صحافیوں سے گفتگو بھی کی۔

  • بھارتی وزیر اعظم نے کب کب پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی؟

    بھارتی وزیر اعظم نے کب کب پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی؟

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پہلی بار پاکستان کی فضائی حدود سے نہیں گزرے، تیسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد وہ 4 مرتبہ پاکستان کی فضائی حدود سے گزر چکے ہیں۔

    پچھلے دو ادوار کی وزارت عظمیٰ کے دوران مودی کے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کے لا تعداد واقعات پیش آ چکے ہیں ہیں۔

    نریندر مودی 24 اگست سے قبل 21 اگست کو دہلی سے اپنے خصوصی طیارے انڈیا ون میں پولینڈ کے دارالحکومت وارسا جاتے ہوئے صبح 10 بجے قصور کے قریب سے 36 ہزار فٹ کی بلندی سے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔

    مودی کا طیارہ 48 منٹ تک پاکستان کی فضائی حدود میں رہا، وہ چترال سے افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔

    بھارتی وزیر اعظم کے طیارے کا پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کا انکشاف

    اس سے قبل دہلی سے ماسکو جاتے ہوئے 8 جولائی کو صبح 11 بجکر 26 منٹ پر بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ انڈیا ون صبح 11 بجکر 26 منٹ پر 36 ہزار فٹ کی بلندی سے پرواز کرتے ہوئے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ انڈیا ون چترال کے قریب سے ہی دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔

    بھارتی وزیر اعظم کا طیارہ ماسکو سے ویانا گیا اور پھر 10 جولائی کو ایران کے راستے زائدان کے قریب سے رات 4 بجکر 43 منٹ پر پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔

    وزیر اعظم بھارت کا طیارہ رحیم یار خان کے اوپر سے 37 ہزار فٹ کی بلندی سے پرواز کرتے ہوئے صبح 5 بجکر 54 منٹ پر 37 ہزار فٹ کی بلندی پر بھارت میں داخل ہوا تھا۔

  • حکومت کی مثبت پالیسی کے ثمرات، پاکستان کی فضائی حدود سےگزرنے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ

    حکومت کی مثبت پالیسی کے ثمرات، پاکستان کی فضائی حدود سےگزرنے والی پروازوں کی تعداد میں اضافہ

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد ایوی ایشن انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہیں، پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد یومیہ350 سے زائد تجاوز کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی مثبت پالیسی کے ثمرات نمایاں ہونے لگے ، کوروناکیسز میں کمی کے بعدایوی ایشن انڈسٹری بہتری کی جانب گامزن ہیں ، پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی غیر ملکی ایئرلائنز کی آمدورفت میں اضافہ ہوا۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدودسےگزرنےوالی پروازوں کی تعدادیومیہ350سے زائدتجاوز کرگئی ، رواں ماہ ایک ہفتے میں 1886 پروازوں نےفضائی حدود استعمال کیں۔

    ترجمان کے مطابق کراچی سے 1220، لاہور سے 666 پروازیں فضائی حدوداستعمال کر رہی ہیں، موثر اقدام سے غیر ملکی پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں اضافہ ہوا اور ایئرپورٹس پر یومیہ 55 سے زائد پروازیں بیرون ملک سے آرہی ہیں۔

    پاکستانی فضائی حدودسےگزرنے والی پروازوں سے سول ایوی ایشن کےزرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوا، سی اے اے نے کورونا کی روک تھام کیلئے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن پر عمل کیا تھا۔

  • پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر سعودی حکومت کا پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بڑا اعلان

    پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر سعودی حکومت کا پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بڑا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر سعودی حکومت نے پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بڑا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے حکام نے کہا ہے کہ سعودی حکومت پروازیں بحال ہونے تک عمرہ زائرین کی میزبانی کرے گی۔

    [bs-quote quote=”سعودی حکومت پروازیں بحال ہونے تک عمرہ زائرین کی میزبانی کرے گی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    سعودی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت ائیر لائنز کے ساتھ رابطے میں ہے، عمرہ زائرین کو مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا جا رہا ہے۔

    سعودی سفارت خانے نے مزید کہا ہے کہ مدینے سے سفر کرنے والے زائرین کو مدینے کے ہوٹلوں میں رکھا جا رہا ہے۔

    دریں اثنا پی آئی اے کی 2 مزید پروازیں جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی پر لینڈ کر گئی ہیں، دونوں پروازوں کو خصوصی طور پر اترنے کی اجازت دی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے کی 3 پروازوں کی کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ

    پہلی پرواز جدہ سے فیصل آباد جب کہ دوسری جدہ سے سیالکوٹ جا رہی تھی، اس سے قبل دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 204 کو کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا تھا۔

    دبئی سے پشاور کی پرواز پی کے 284، مسقط سے تربت آنے والی پرواز پی کے 194 کو بھی کراچی ایئر پورٹ پر اتارا جا چکا ہے جب کہ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر مسافروں کو ہوٹل منتقل کیا گیا ہے۔

  • پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں جمعے تک مزید توسیع

    پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں جمعے تک مزید توسیع

    لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی، فضائی حدود جمعے کی دوپہر ایک بجے تک بند رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے حوالے سے نیا نوٹم جاری کر دیا، اب فضائی حدود کل دوپہر ایک بجے تک بند رہے گی۔

    [bs-quote quote=”غیر ملکی ایئر لائنز کے خالی طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    نوٹم کے مطابق ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر آپریشن یکم مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رہے گا۔

    ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، تمام ایئر لائنز نے بھی پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے اور فلائٹ آپریشن کے متعلق مسافروں کو آگاہ کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل سِول ایوی ایشن اتھارٹی نے آج رات بارہ بجے تک پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کا نوٹم جاری کیا تھا لیکن اس میں اب مزید توسیع کی گئی ہے۔

    دوسری جانب لاہور، پشاور، اور ملتان ایئر پورٹس سے غیر ملکی ایئر لائنز کے خالی طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک بھارت کشیدگی : پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی

    غیر ملکی ایئر لائنز نے درخواست کی تھی کہ ان کے خالی طیارے پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس پر کھڑے ہیں انھیں واپس جانے دیا جائے، اس سلسلے میں دو جہاز لاہور ایئر پورٹ، اور ملتان سے ایک خالی جہاز کو جانے کی اجازت دی گئی۔

    لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے اڑان بھرنے والے دو جہاز سعودی ایئر لائن کے تھے، سعودی ائیر لائن کے دونوں جہاز جدہ کے لیے روانہ ہوئے۔