Tag: پاکستان ہائی کمیشن

  • لندن میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کے معاملے پر  اہم  پیشرفت

    لندن میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کے معاملے پر اہم پیشرفت

    لندن : سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کے واقعے پر برطانوی ڈپلومیٹک پولیس لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پہنچ گئیں اور واقعے پر بریفنگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی کے سامنے احتجاج کے معاملے میں پیشرفت سامنے آئی، لندن میں برطانوی ڈپلومیٹک پولیس نے پاکستان ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے افسران سے ڈپلومیٹک پولیس کے وفد نے ملاقات کی، پاکستان ہائی کمیشن کے افسران نے واقعہ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    ڈپلومیٹک پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پولیس ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تفتیش کا عمل آگے بڑھا رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : لندن میں قاضی فائز عیسیٰ‌ کی گاڑی پر حملے کا واقعہ، 23 پاکستانیوں کے نام پی سی ایل میں شامل

    پولیس کو بریفنگ دیتے ہوئے سفارتی عملے نے بتایا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا، سابق چیف جسٹس ہائی کمیشن کی گاڑی میں موجود تھے۔

    خیال رہے جسٹس قاضی فائز برطانیہ میں کچھ ہفتے قیام کے بعد گزشتہ روز پاکستان روانہ ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے 29 اکتوبر کو پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی کے سامنے احتجاج کے معاملے پر برطانوی پولیس نے مقدمہ درج کرکے کرائم ریفرنس نمبر جاری کیا تھا۔

    بعد ازاں پاسپورٹ حکام نے سابق چیف جسٹس پر حملے کے واقعے میں 23 پاکستانیوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا تھا، جس میں پی سی ایل میں لندن میں مظاہروں سے شہرت پانے والے شایان علی کا نام بھی شامل تھا۔

  • مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں: اراکین برطانوی پارلیمنٹ

    لندن: اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے، مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں، وادی کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ان خیالات کا اظہار اراکین برطانوی پارلیمنٹ نے لندن میں یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن میں منعقدہ سیمینار میں کیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔

    رکن برطانوی پارلیمنٹ لارڈ قربان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کو من مانی کی کھلی اجازت ملی ہوئی ہے۔ ڈیبی ابراہیم ایم پی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، سعیدہ وارثی نے کہا کہ کئی دہائیوں سے حل طلب مسئلے کو اب حل ہونا چاہیے۔

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    برطانوی پارلیمنٹ کی رکن یاسمین قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں، مسئلہ کشمیر دو ممالک کا اندرونی معاملہ نہیں، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ رکن افضل خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے۔ ناز شاہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی اصل صورت حال سے کوئی واقف نہیں۔

    رکن محمد یاسین نے خطاب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا چھوڑا ہوا ادھورا ایجنڈا ہے۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ بین ایمرسن نے بھی سیمینار سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پانچ فروری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم یک جہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا، اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا گیا۔

  • نئی دہلی: ہندو انتہا پسندوں کا پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ

    نئی دہلی: ہندو انتہا پسندوں کا پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ

    نئی دہلی: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کا اعلان ہونے کے بعد بھارتی انتہا پسند ایک بار پھر پاکستان کے خلاف بے قابو ہوگئے۔ نئی دہلی میں انتہا پسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کرلیا اور پاکستان کے خلاف نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزا کے اعلان کے بعد بھارت میں انتہا پسند ایک بار پھر پاکستان کے خلاف بے قابو ہو گئے۔

    بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہندو انتہا پسندوں نے پاکستانی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کرلیا۔ مظاہرین نے کلبھوشن کی پھانسی کے خلاف سخت احتجاج کیا اور پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    انتہا پسندوں کے احتجاج کے بعد بھارت میں مقیم پاکستانی سفارتی عملے کو سخت خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ سفارتی عملے کی حفاظت کرنا بھارتی حکام کی ذمہ داری ہے جو اس میں ناکام نظر آرہے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کلبھوشن کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی جانب سے پاکستان میں جاسوسی اور انتشار پھیلانے پر سزائے موت سنائی گئی۔ بھارتی جاسوس کا مقدمہ آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل میں چلایا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں گرفتار ہونے والے 9 بھارتی جاسوس

    پھانسی کے اعلان کے بعد بھارتی وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان کو بھی طلب کیا تاہم پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارت کے تمام اعتراضات مسترد کردیے۔

    عبد الباسط نے وزارت خارجہ میں طلبی پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے طلبی کو غیر منطقی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو دہشت گردی بھی پاکستان میں کرے اور وزارت خارجہ میں طلب بھی پاکستانی ہائی کمشنر کو کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہا جس کا اس نے اعتراف بھی کیا۔ پاکستان نے سزا سنا کر کوئی غلط کام نہیں کیا۔