Tag: پاکستان ہاکی فیڈریشن

  • معاوضہ ملنے کے منتظر قومی ہاکی کھلاڑیوں کیلئے بڑی خوشخبری

    معاوضہ ملنے کے منتظر قومی ہاکی کھلاڑیوں کیلئے بڑی خوشخبری

    لاہور: میڈیا پر خبریں آنے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے کہا ہے کہ قومی ہاکی پلیئرز کو ایک دو روز میں معاوضہ مل جائیگا۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو ایک دو روز میں ڈیلی الاؤنسز دیے جائیں گے، 11 سے 22 نومبر تک ہماری ٹیم چین جارہی ہے۔

    ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے فنڈ جاری کردیے ہیں۔

    اس سے قبل ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی کے10 دن بعد بھی پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو یومیہ الاؤنس نہیں ملے، قومی ہاکی کھلاڑیوں کو چین جانے سے پہلے بھی کوئی معاوضہ نہیں ملا تھا۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو یومیہ الاؤنس کی مد میں 35 ہزاررپے ملتے ہیں، کارکردگی بہتر ہوئی، رینکنگ بہتر ہوئی لیکن معاوضوں کا سلسلہ بہتر نہ ہوا۔

    خیال رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے حالیہ بین الاقوامی ایونٹس میں جان توڑ محنت کی ہے اور ان کی کارکردگی قابل ذکر رہی ہے۔

  • پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی

    پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی

    پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی، وزیر اعظم کے نامزد کردہ طارق بگٹی کو ہاؤس نے اعتماد کا ووٹ دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس سلسلے میں لکھا گیا خط ہاکی فیڈریشن حکام کے حوالے کر دیا ہے، جب کہ سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے یہ خط اور دوسرے شواہد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کو بھیج دیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اب اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل ایف آئی ایچ حقیقی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا تعین کرے گی۔

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    خیال رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے کیمپ کے اخراجات برداشت کر رہا ہے، اور اسپورٹس بورڈ ہی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم بھجوائے گا، جس کے لیے ٹرائلز کل شیڈول ہیں۔

    کراچی کیمپ کا حصہ ہونے والے بعض کھلاڑیوں کی بھی آج اسلام آباد کیمپ میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے، دوسری جانب وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے ٹیم کا ٹاسک ڈچ کوچ کو دے رکھا ہے۔

  • انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

    کراچی: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان میں متوازی ہاکی فیڈریشن کے معاملے کا نوٹس لے لیا، اور دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے انٹرنیشنل باڈی کے صدر کو پاکستان میں ہاکی سے متعلق تشویش ناک حالات سے آگاہی کا خط لکھا تھا۔

    خط پر ایف آئی ایچ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں دھڑوں کو 25 اپریل تک اپنا مؤقف اور ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے، سینئر ڈائریکٹر جان ویٹ نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کو پاکستان سے تعلق ہونے کی بنیاد پر اس معاملے میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی ایچ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر احسن حل نکالنے کی بھی درخواست کرے گی، کیوں کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرتے رہیں۔‘‘

    قبل ازیں، سیکریٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے خط میں انٹرنیشنل باڈی سے درخواست کی تھی کہ وہ آئی او سی اسپورٹس گورننس چارٹر پر عمل پیرا ہو کر پی ایچ ایف کا ساتھ دے، آئی او سی، ایف آئی ایچ اور پی ایچ ایف کے آئین میں متوازی تنظیم کی گنجائش نہیں ہے۔

    خط میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ کو اس معاملے پر با رہا مطلع کیا گیا کہ کچھ عناصر متوازی تنظیم سازی میں ملوث ہیں، جب کہ حکومت پاکستان کی جانب سے اسپورٹس فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا لیٹر بھی ریکارڈ پر موجود ہے، اور انٹر پراونشل کوآرڈینیشن (آئی پی سی) کی وزارت نے آئی او سی کو اسپورٹس فیڈریشنز معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لکھا کہ نا مناسب حالات کے باوجود انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنایا گیا، 2018 پرو لیگ میں شرکت نہ کرنے کا خمیازہ پاکستان ہاکی کو تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا تھا، پی ایچ ایف کی بھرپور کوشش ہے کہ انٹرنیشنل رینکنگ کو بہتر بنایا جائے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایف آئی ایچ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ یکجہتی کرے۔

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر  نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے طارق بگٹی کو نیا صدر نامزد کردیا۔

    نگران حکومت نے 21 دسمبر کو طارق حسین بگٹی کا ایڈہاک بنیادوں پر طارق بگٹی کو صدر پی ایچ ایف کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس پر خالد سجاد کھوکھر عدالت چلے گئے تھے، انکا موقف تھا کہ آئین کے تحت صدر کا عہدہ خالی ہونے پر ہی پیٹرن کو نئے صدر کی نامزدگی کا اختیار ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا تھا اس تنازع کے باعث خالد سجاد کھوکھر مستعفی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ایچ ایف کے سابق صدر خالد سجاد کھوکھر 8 سال 4 ماہ عہدے پر فائض رہے اب نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آج خالد سجاد کھوکھر کی جگہ طارق بگٹی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر نامزد کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیا جائے گا۔

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کام کرنے سے روک دیا گیا

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کام کرنے سے روک دیا گیا

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری طور پر کام کرنے سے روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیین گیمز کے کیمپ اور ٹیم انتظامیہ کے علاوہ ہاکی فیڈریشن کے کام کو روک دیا گیا ہے، اس سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم آفس کی ہدایت پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کے تمام آفیشلز کو معطل کر دیا ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کی زیر نگرانی ملک بھر میں کلبز کی اسکروٹنی کرائی جائے گی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسکروٹنی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن میں انتخابی عمل کو شفاف طریقے سے جلد مکمل کیا جائے۔

  • پاکستان ہاکی فیڈریشن کا موجودہ سیٹ اپ تبدیل ہونے جارہا ہے؟

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کا موجودہ سیٹ اپ تبدیل ہونے جارہا ہے؟

    اسلام آباد: قومی کھیل ہاکی کے مستقبل کے تعین کے لیے وزیراعظم کی کمیٹی کی جانب سے سفارشات تیار کر لی گئیں، خصوصی کمیٹی نے موجودہ سیٹ اپ کو تبدیل کرنے کی سفارش کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کا قومی کھیل ہاکی جو کہ زبوں حالی کا شکار ہے، اس کے مستقبل کے تعین کے سلسلے میں وزیراعظم کی کمیٹی کی جانب سے سفارشات تیار کر لی گئی ہیں، خصوصی کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ سیٹ اپ کو تبدیل کرنے کی سفارش کی ہے۔

    ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کے معاملات کو چلانے کے لیے عبوری سیٹ اپ تشکیل دیا جائے گا۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف خصوصی کمیٹی کے سربراہ ہیں، کمیٹی کی جانب سے اولمپئنز پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات کی بھی توثیق کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ پی ایچ ایف کے پیٹرن انچیف وزیراعظم پاکستان نے خصوص کمیٹی کو فیصلے کا اختیار دے رکھا ہے۔

  • ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لا کر ٹاپ فور تک پہنچانے کا عزم کیا ہے: سیکریٹری پی ایچ ایف

    ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لا کر ٹاپ فور تک پہنچانے کا عزم کیا ہے: سیکریٹری پی ایچ ایف

    کراچی: نئے تعینات ہونے والے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد آصف باجوہ نے کہا ہے کہ انھوں نے ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لانے کے بعد ٹاپ فور تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اولمپئن اور پی ایچ ایف کے سیکریٹری آصف باجوہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے پاکستان ہاکی کو دوبارہ اجاگر کرنے کے لیے چیلنج سمجھ کر یہ عہدہ قبول کیا۔

    آصف باجوہ نے کہا کہ ہاکی ٹیم کو ٹاپ ٹین میں لا کر ٹاپ فور تک پہنچانا ہے، قومی کھیل ہاکی کی موجودہ صورت حال کسی سے چھپی نہیں، عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن گرتی چلی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ازبکستان کی ہاکی اور رگبی ٹیمیں پاکستان پہنچ گئیں

    انھوں نے کہا کہ اولمپئینز سمیت حکام کی عزت کو داغ دار نہیں کیا جائے گا، پاکستان ہاکی کی تباہی کی اصل وجہ پالیسی برقرار نہیں رکھنا ہے، آئندہ سالوں میں پروفیشنل لیگ کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں انھوں نے کہا تھا کہ ہاکی کھیل کی بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لا کر ان سے مشاورت کی جائے گی۔

    انھوں نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ تمام سابق اولمپئنز اور کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر ان سے تکنیکی معاونت لی جائے گی۔

  • ورلڈ ہاکی پرولیگ میں عدم شرکت، پاکستان پرڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ عائد

    ورلڈ ہاکی پرولیگ میں عدم شرکت، پاکستان پرڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ عائد

    اسلام آباد: قومی کھیل ہاکی مسلسل زبوں حالی کا شکار ہے، ورلڈ ہاکی پرو لیگ میں عدم شرکت پر پاکستان پابندی سے بچ گیا، تاہم ورلڈ گورننگ باڈی ایف آئی ایچ نے ڈیڑھ لاکھ یورو جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہاکی کی عالمی تنظیم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔آئندہ ماہ فیڈریشن اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن پاکستان بھیجے گا۔ فیکٹ فائنڈنگ مشن دورے کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تنازعات کا جائزہ لے گا ۔

    ذرائع کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ مشن کی سفارشات کی روشنی میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مستقبل کا فیصلہ کرےگا۔ رپورٹ کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ سے معطلی کے بعد پاکستان پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن پر 2کروڑ 40 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ایف آئی ایچ نے جرمانہ نہ عائد کرنے کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ پرو ہاکی لیگ ارجنٹائن میں جا ری ہے ، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ کے پہلے مرحلے میں ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

    دوسری جانب پی ایچ ایف کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ورلڈ باڈی سے استدعا کی کہ جرمانہ کی رقم زیادہ ہے یہ ہم نہیں دے سکتے، اس کی قسطیں کردی جائیں۔فیڈریشن نے کہا کہ ہمارے پاس فنڈز نہیں تھے، اس لیے ایونٹ میں شرکت کیلئے ٹیم نہیں بھیج پائے۔

  • فنڈز کی کمی، قومی ہاکی ٹیم کا پرو لیگ سے دست برداری پر غور

    فنڈز کی کمی، قومی ہاکی ٹیم کا پرو لیگ سے دست برداری پر غور

    لاہور: قومی کھیل ہاکی پھر فنڈز کی کمی کا شکار ہو گیا ہے، قومی ہاکی ٹیم نے پروفیشنل ہاکی لیگ سے دست برداری پر غور شروع کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مالی مسائل کے باعث قومی ہاکی ٹیم نے پروفیشنل ہاکی لیگ سے دست برداری پر غور شروع کر دیا ہے، ہاکی لیگ میں شرکت میں فنڈز ایک بار پھر رکاوٹ بننے لگے۔

    [bs-quote quote=”پی ایچ ایف کا کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک، ایک کمرے میں 12 سے 16 کھلاڑیوں کو ٹھہرا دیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    سفری انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن پرو لیگ میں عدم شرکت کا فیصلہ کر سکتا ہے، تاہم ایونٹ میں حصہ نہ لیا تو پابندی اور جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

    پاکستان ہاکی ٹیم نے پرفیشنل لیگ میں شرکت نہیں کی تو اس پر دو سال کی پابندی لگ سکتی ہے، پاکستان اولمپکس میں شرکت سے بھی محروم ہو جائے گا۔

    دوسری طرف تربیتی کیمپ میں شامل ہاکی کھلاڑیوں سے بھی پی ایچ ایف نے ناروا سلوک اختیار کیے رکھا، اسٹیڈیم کے چینجنگ روم میں انھیں رہائش دی گئی۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایک کمرے میں 12 سے 16 کھلاڑیوں کو ٹھہرا دیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہاکی ٹیم کے سینئیر کھلاڑی پرو لیگ اسکواڈ سے باہر


    خیال رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو لیگ میں شرکت کے لیے ارجنٹائن کم از کم 7 روز قبل پہنچنا ہے، جب کہ 2 فروری کو پاکستان کا پہلا میچ شیڈول ہے۔

    یاد رہے کہ پی ایچ ایف سنیئر کھلاڑیوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے پرو لیگ سے قومی ہاکی ٹیم کے کئی سینئر کھلاڑی ڈراپ کر چکا ہے، اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے جونئیر کھلاڑیوں پر تجربہ کیا جا رہا ہے۔

  • ہاکی پرو لیگ کے جونیئر کھلاڑی ڈھنگ کے بستر سے بھی محروم

    ہاکی پرو لیگ کے جونیئر کھلاڑی ڈھنگ کے بستر سے بھی محروم

    کراچی : پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر کھلاڑیوں کےلیے ہوسٹل یا رہائش کا انتظام کرنے کے بجائے شدید سردی میں چینجنگ روم کو رہائش گاہ بنا دیا جہاں سونے کےلیے بیڈ بھی موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ہاکی کی قومی ٹیم کے ساتھ کی جانے والی زیاتیوں کی تاریخ بہت پرانی ہے لیکن پی ایچ ایف کے عہدیدارن مرحلے وار اقتدار میں آکر بلند بانگ دعوے کرتے رہے اور نقصان کھلاڑیوں کا ہوتا رہا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئرز کے بغیر پرو لیگ کی تیاریوں کیلئے جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل تربیتی کیمپ لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں لگا دیا گیا۔

    پنجاب میں ٹھنڈا موسم ہے کھلاڑی قومی ٹیم میں شامل ہونے کے لئے سردھڑ کی بازی لگانے کو تیار ہیں لیکن سہولیات کا فقدان بھی برقرار ہے، پی ایچ ایف کی جانب سے کھلاڑیوں کےلیے ہاسٹل یا رہائش کا انتظام کرنے کے بجائے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے چینجنگ روم کو کھلاڑیوں کی رہائشگاہ میں تبدیل کردیا گیا۔

    اڑتالیس کے قریب کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں فی کمرہ تیرہ سے پندرہ کی تعداد میں رہنے پر مجبور کیا جارہا ہے، حکام کی جانب سے مناسب بستر فراہم کرنے کے بجائے ٹھنڈے فرش پر سونے کےلیے محض گدے بچھا دیئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے ساتھ ایسے ناروا سلوک کے بعد کیسے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل قومی ٹیم تشکیل پائے گی جو پرو لیگ میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے اولمپکس 2020 کےلئے کوالیفائی کرسکے۔

    کھلاڑیوں کی بے سروسامانی کا منظر

    نام شائع نہ کرنے کی شرط پر ایک کھلاڑی نے بتایا کہ موجودہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ایسی ہی سہولیات سینیئر کھلاڑیوں کو بھی دیتی رہی تھی، لیکن ہم لڑ جھگڑ کر سونے کےلئے بیڈ کا انتظام کروالیتے تھے، کبھی کبھار حق کی آوازبلند کرنے پر اچھے ہوٹل میں بھی رہائش مل جایا کرتی تھی۔

    سینیئر کھلاڑی کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان ہاکی فیڈریشن حالات میں بہتری نہیں لائے گی قومی کھیل ہاکی دوبارہ قدموں پر اٹھ نہیں سکتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا، سبز رنگ کی جرسی پہننے والوں کےلئے ملک و قوم کی عزت ترجیحات میں شامل ہے لیکن پی ایچ ایف کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تب ہی نتائج مثبت آسکتے ہیں۔