Tag: پاکستان

پاکستان بھر سے تازہ ترین خبریں اور معلومات دیکھیں اے آز وائی نیوز کی ویب سائٹ پر

پاکستان بھر سے تازہ ترین خبریں اور معلومات دیکھیں اے آز وائی نیوز کی ویب سائٹ پر 

  • مشرف کیخلاف غداری مقدمہ کی پہلی سماعت آج ہوگی

    مشرف کیخلاف غداری مقدمہ کی پہلی سماعت آج ہوگی

    آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت پاکستان کی تاریخ میں غداری کے پہلے مقدمے کی پہلی سماعت آج اسلام آباد میں ہوگی، پرویزمشرف کی پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کسی بھی آمر کیخلاف غداری کے پہلے مقدمے کی پہلی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس یاور سعید اور جسٹس طاہرہ پرمشتمل تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

    پیشی کے موقع پر پرویزمشرف کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مقدمے کی سماعت شریعت کورٹ کے بجائے نیشنل لائبریری کے آڈیٹوریم میں ہوگی، جس کے اردگرد بڑی تعداد میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے۔

    عدالت میں داخلہ خصوصی پاسز کے ذریعے ہوگا، حکومت کی جانب سے اکرم شیخ ایڈووکیٹ کو پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے، اکرم شیخ نے پانچ نکاتی استغاثہ گزشتہ ہفتے خصوصی عدالت میں جمع کرایا تھا، جس کا جائزہ لینے کے بعد رجسٹرار خصوصی عدالت نے قرار دیا تھا کہ بادی النظر میں جنرل ریٹائرڈ پرویزمشرف کے خلاف الزامات درست معلوم ہوتے ہیں۔

    لہذا پرویزمشرف چوبیس دسمبر کو عدالت میں پیش ہوکر اپنے خلاف الزامات کا دفاع کریں، پرویزمشرف نے سمن وصول کرنے کے بعد وکلاء کی ٹیم تشکیل دے دی ہے، ٹیم میں ڈاکٹر خالد رانجھا، بیرسٹر سیف اور احمد رضا قصوری نمایاں ہیں۔
       

  • حکومت پاکستان پرکوئی شرائط لاگو نہیں کیں، آئی ایم ایف

    حکومت پاکستان پرکوئی شرائط لاگو نہیں کیں، آئی ایم ایف

    آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پرکوئی شرائط لاگو نہیں کیں، حکومت نے خود نجکاری پلان آئی ایم ایف کو پیش کیا۔

    آئی ایم ایف وفد کےسربراہ نےایک بلاگ پراپنے خیالات کا اظہارکرتےہوئےکہی ہے، جیفری فرینک نےکہا ہے کہ آئی ایم ایف نےاپنی کوئی شرائط لاگو نہیں کی ہیں۔،

    بیشتر اقدامات حکومت اپنی طرف سےلے رہی ہے، بہت سی اصلاحات تونون لیگ کی حکومت نےخود آنےسے پہلے شائع کردی تھیں تاہم ان پرعمل ہونا باقی تھا جوہورہا ہے۔

    اسی طرح نجکاری اورتوانائی بحران پرقابوپانے کے لئےنکات خود حکومت پاکستان نے پیش کئے، باقی اصلاحات میں بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرکےاس کو 66 لاکھ خاندانوں تک پھیلانا ہے، توانائی کے شعبے میں سبسڈی کا فائدہ غریب کے بجائے امیر کو پہنچتا ہے۔ 

  • پاکستان میں اقلیتوں کومساوی حقوق حاصل ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    پاکستان میں اقلیتوں کومساوی حقوق حاصل ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رہنے والی تمام اقلیتیں برابر کے حقوق اور پاکستانی شہری ہیں، پشاور دھماکے میں تباہ چرچ کی مرمت اور مسحیی برادری کی بحالی کے لیے فنڈز جمع کر لیے ہیں ۔

    کراچی میں مسحیی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس ڈے کے حوالے سے تقریب کے مہمان خصوصی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔
    پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی، بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت قوم اور ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے،قائد اعظم نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی، قائد اعظم کے رہنما اصولوں پر عمل کرکے بھائی چارگی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہوا جا سکتا ہے، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کو مسحیی برادری کی جانب سے اجرک بھی پہنائی گئی، انکے ہمراہ شیری رحمان ،شرمیلا فاروقی اور حسنین مرزا بھی تقریب میں شریک تھے۔
        
       

  • ترک وزیراعظم طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    ترک وزیراعظم طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

    ترک وزیراعظم طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔ ترک وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں ایم او یو پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ ترک وزیراعظم اپنے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستان میں اپنے ہم منصب میاں نوا شریف اور صدر پاکستان ممنون حسین سےملاقاتیں کریں گے۔

    اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور تعمیر و ترقی سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی مختلف یاداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان اپنی اہلیہ اور چالیس رکنی تجارتی وفد کے ہمراہ رات گئے جب لاہور ائیر پورٹ پہنچے تو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نےصوبائی وزرا اور اسپیکر پنجاب ااسمبلی رانا اقبال کے ہمراہ انکا شاندار استقبال کیا۔

    اس موقع پر انہیں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ترک وزیراعظم کی آمد پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ترکی کے وزیراعظم کے دو روزہ سرکاری دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    ترک وزیر اعظم پہلا روز لاہور جبکہ دوسرا روز اسلام آباد میں گذاریں گے، اس دوران وہ پاک ترک بزنس فارم سے بھی خطاب کریں گے۔جبکہ آج دوپہر ترک وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائیگا۔
       

  • کراچی میں نئی بلدیاتی حدبندیوں کا معاملہ عدالت میں ہے، شرجیل میمن

    کراچی میں نئی بلدیاتی حدبندیوں کا معاملہ عدالت میں ہے، شرجیل میمن

    سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ کراچی میں نئی بلدیاتی حدبندیوں کا معاملہ عدالت میں ہے۔ احتجاج کر کے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حدبندیوں کے معاملے میں ایم کیو ایم کے ساتھ مثبت مذاکرات ہو رہے تھے کہ اچانک وہ عدالت میں چلے گئے۔

    صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے دور میں حدبندیاں کر کے پیپلزپارٹی کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ آبادی اور رقبے کے لحاظ سے حدبندیاں کی گئیں ، اس بناید پر الزام لگانا درست نہیں۔ ایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت کیلئے دروازے آج بھی کھلے ہیں۔
       

  • ایشیائی ممالک میں پاکستان مہنگائی کے اعتبار سے پہلے نمبرپرآگیا

    ایشیائی ممالک میں پاکستان مہنگائی کے اعتبار سے پہلے نمبرپرآگیا

    پاکستان ایشیا کا مہنگاترین ملک بن گیا۔ یواین اکنامک جائزہ رپورٹ میں سترہ معیشتوں میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ریکارڈ کی گئی۔ ایشیائی ممالک میں مہنگائی کے اعتبار سے پاکستان پہلے نمبرپر آگیا۔

    اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فارایشیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے پاکستان مہنگائی کے اعتبار سے ایشیا کی سترہ معیشتوں میں سب سے آگے ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال دوہزار چودہ میں مہنگائی کی شرح دہرے ہندسے11 فیصد تک بڑھ جائے گی۔

    جوتیس جون تک سات اعشاریہ چار فیصد رہنے کا امکان ہے،سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں معاشی ترقی کا سفر سست روی سے جاری ہے، اور رواں سال اقتصادی شرح افزائش تین اعشاریہ چھ فیصد اور آئندہ مالی سال چاراعشاریہ ایک فیصد متوقع ہے، جبکہ نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح بھی گیارہ اعشاریہ دو فیصد رہے گی۔

     

  • بسنت کو یوتھ فیسٹیول کا حصہ بنائیں گے،حمزہ شہباز

    بسنت کو یوتھ فیسٹیول کا حصہ بنائیں گے،حمزہ شہباز

    مسلم لیگ کے رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے پنجاب میں اس سال بسنت کی اجازت ہوگی لیکن محدود، پتنگ کی ڈور حکومت خود فراہم کرے گی،ان کا کہنا تھا  بسنت کو یوتھ فیسٹیول کا حصہ بنائیں گے۔

    پنجاب یوتھ فیسٹیول کے لوگو کی رنگا رنگ تقریبِ رونمائی کے موقع پر مسلم لیگ  ن کے رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازکا کہنا تھا۔  

    پنجاب میں اس سال بسنت کی اجازت ہوگی لیکن محدود، پتنگ کی ڈور حکومت خود فراہم کرے گی، حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بسنت کو یوتھ فیسٹیول کا حصہ بنائیں گے۔

     انہوں نے کہا کہ اس سال فیسٹیول میں پچاس لاکھ لوگ آئیں گے، سو ورلڈ ریکارڈ ٹوٹیں گے ان کا کہنا تھا ،بھارتی ٹیموں کی آمد سے دونوں ملکوں کے تعلقات پر مثبت اثرپڑے گا یوتھ فیسٹیول 23 دسمبر کو شروع ہوگا ۔مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے نیلا پردہ اٹھا کر لوگو کی رونمائی کی، اس موقع پر فضا میں رنگ برنگی پتیاں چھوڑی گئیں ،اس موقع پر کھلاڑیوں کا جوش بھی قابل دید تھا ۔ 

  • وزیراعظم کا مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی، کرسمس کیک کاٹا، پیشگی مبارکباد دی

    وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس دیتے ہیں تمام پاکستانیوں کو بلاامتیازعلم امن اورسلامتی دیناچاہتے ہیں۔

    گورنر ہاؤس پنجاب میں مسیحی برادری کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا حضرت عیسیٰ  کی تعلیمات پوری دنیا کیلئےمشعل راہ ہیں۔تمام مذاہب امن سلامتی اور محبت کا درس یتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہاکہ مذہبی منافرت پھیلانے والوں کا راستہ روکنا ہو گا۔

    نوازشریف کا کہنا تھا جہالت دہشت گردی اور غربت کا کوئی مذہب نہیں تو علم ، امن اور خوشحالی کےلئے مذہب کو کیوں دیکھا جائے۔

    وزیراعظم  نے مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کےلئے کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو پیشگی مبارکباد بھی دی۔

  • کشن گنگا ڈیم پر پاکستان کا مؤقف تسلیم، بھارت پانی چھوڑنےکا پابند

    کشن گنگا ڈیم پر پاکستان کا مؤقف تسلیم، بھارت پانی چھوڑنےکا پابند

    انڈس واٹر کمشنرکاکہناہے عالمی ثالثی عدالت نے کشن گنگا ڈیم پر پاکستان کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے بھارت کو دریائے نیلم میں فی سیکنڈ نو کیوبک میٹر پانی چھوڑنے کا پابند کر دیا ہے۔

       
    انڈس واٹر کمشنر مرزا آصف بیگ نےمیڈیاکوبتایا عالمی ثالثی عدالت نے بھارت کو دریائے نیلم پر کشن گنگا ڈیم بنانے سے روکنے کی استدعا مسترد کر تے ہوئے دریائے نیلم کا رخ موڑنے کا اختیار بھی دےدیا ہے لیکن بھارت پاکستان کو مقررہ مقدار میں پانی فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔ 

    مرزا آصف بیگ کاکہناتھااس فیصلے سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی پیداواری صلاحیت زیادہ متاثر نہیں ہو گی، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کاکہناہے پانی پر پاکستانی حق تسلیم کرنابڑی کامیابی ہے،،جہلم اور چناب کے پانی پر بھی پاکستان کا حق مسلمہ بن گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈرخورشیدکاکہناہے نوازشریف پاکستان کے حق میں فیصلے کریں گے خورشیدشاہ خورشیدشاہ کاکہناتھا کشن گنگا ڈیم کے حوالے سےعالمی عدالت کاپاکستان کے حق میں فیصلہ اچھی بات ہے۔

  • مری بس حادثہ: ایک بچہ جاں بحق، سینتیس زخمی

    مری بس حادثہ: ایک بچہ جاں بحق، سینتیس زخمی

    مری کے علاقے تریٹ سیداں میں مسافر بس کھائی میں گر گئی  حادثے کے نتیجےمیں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا ، خواتین اور بچوں سمیت سینتیس زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

    مری میں تریٹ سیداں کے قریب آڑو کس کے مقام پر مسافر بس کھائی میں جا گری حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جسکی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز اسپتال روانہ کر دیا۔ 

    حادثے کا شکار ہونے والی بس میں اڑتیس مسافر سوار تھے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو لاہور سے مری کی سیر کیلئے آئے تھے، پمز اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ عیسانی نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

    ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپروائی بھی ہو سکتی ہے۔

     وزیراعظم نوازشریف نے کمشنر راولپنڈی کو ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔