Tag: پاکپتن

  • پاکپتن میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق

    پاکپتن میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 9 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن روڈ پر تیز رفتار ٹرک اور بس میں تصادم ہوا، حادثے میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی شکار بس قصور سے ملتان جا رہی تھی۔

    سیالکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا، دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئےتھے ، متوفیان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پسرور کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • علم کی بھوک مٹانے کے لیے ننھے طالب علموں نے اپنی جانیں داؤ پر لگادیں

    علم کی بھوک مٹانے کے لیے ننھے طالب علموں نے اپنی جانیں داؤ پر لگادیں

    پاکپتن: تعلیم کے حصول کا جذبہ اور لگن ہو تو کوئی بھی کٹھن مرحلہ رکاوٹ نہیں بن سکتا، ایسا ہی کچھ دیکھنے میں آیا صوبہ پنجاب میں جہاں ننھے طالب علم کشتی کے ذریعے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر پاکپتن میں ایسے باہمت بچے بھی ہیں جو سوفٹ لمبی نہر کشتی کے ذریعے طے کرکے روزانہ اسکول پہنچتے ہیں۔

    پاکپتن کے علاقے کمہاری والا سے گزرنے والی 100 فٹ لمبی اور 400 فٹ گہری یہ وہ نہر ہے جہاں سے روزانہ سینکڑوں بچے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھنے کے لیے کشتی پر اسکول جاتے، آتے ہیں۔

    حکومت کی عدم توجہی اور پل کی عدم تعمیر کے باعث کئی دفعہ بچے کشتی سے گرکے زخمی بھی ہوئے، خدشہ ہے کہ کشتی ڈوبنے کے باعث بچوں کی جان بھی جاسکتی ہے۔

    بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے باعث طالب علموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بچوں کا اسکول تاخیر سے پہنچنا معمول بن چکا ہے۔

    بچوں کے والدین اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ حکومت معاملے کا نوٹس لے اور پل کی تعمیر کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں اس سے پہلے کہ کوئی بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج پاکپتن اور بہاولنگر کا دورہ کریں گے

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج پاکپتن اور بہاولنگر کا دورہ کریں گے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بہاولنگر میں فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج پاکپتن اور بہاولنگرکا دورہ کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب پاکپتن میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب پاکپتن کی نئی غلہ منڈی کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، عثمان بزدار پاکپتن میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

    سردار عثمان بزدار بہاولنگرمیں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب بہاولنگر میں فلاح وبہبود کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب امن و امان پراجلاس کی بھی صدارت کریں گے اور بہاولپور کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے بھی ملیں گے۔

    جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ تین روز قبل سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں جان کرپسماندہ رکھا گیا، جنوبی پنجاب کی محرومیاں دورکرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت، صاف پانی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی، پسماندہ علاقوں کی ترقی، خوشحالی کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی۔

  • پاکپتن : حضرت بابا فریدالدین گنج شکرکےعرس کی تقریبات عقیدت و احترام سے جاری

    پاکپتن : حضرت بابا فریدالدین گنج شکرکےعرس کی تقریبات عقیدت و احترام سے جاری

    پاکپتن : حضرت بابا فریدالدین گنج شکر کے سات سو ستترویں عرس کی تقریبات پاکپتن میں اپنے عروج کو پہنچ گئیں، محافل سماع کے دوران ملک کے نامور قوال حدیہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سلسلہ چشتیہ کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے 777 ویں سالانہ عرس کی تقریبات اپنے عروج کو پہنچ گئیں۔

    دنیا بھر سے آئے لاکھوں زائرین تقریبات میں شرکت کر کے فیض و برکات سمیٹ رہے ہیں۔ پندرہ لاکھ سے زائد زائرین عرس میں شرکت کے لئے پاکپتن آئَے ہیں، ان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب کے زائرین بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے امداد حسین کے مطابق اولاد گنج شکر پیر عبدالظاہر چشتی کا کہنا ہے کہ زائرین کے لیے قیام و طعام کا وسیع انتظام کیا ہے۔

    عرس کی تقریبات میں محافل سماع کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ملک کے نامور قوال کلام پیش کررہے ہیں۔ حضرت بابا فریدالدین گنج شکر کے عرس میں لاکھوں عقیدت مند شرکت کر کے فروغ اسلام کےلیے بابا جی خدمات کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: آفتاب ولایت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کی زندگی پر ایک نظر

    عرس کے موقع پرمزار کے ارد گرد کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے، انتظامیہ نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔

  • حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے سات سوستترویں سالانہ عرس کا آغاز

    حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے سات سوستترویں سالانہ عرس کا آغاز

    پاکپتن : برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے سات سوستترویں سالانہ عرس کی پندرہ روزہ تقریبات کا آغاز آج سے پاکپتن میں ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حضرت با با فرید گنج شکررحمۃ اللہ علیہ کے پندرہ روزہ عرس میں آج غسل، چادر پوشی اور دعا کی تقاریب سے آغاز ہوگا جبکہ پانچ محرم الحرام سے عاشورہ تک جنتی دروازہ کھلا رہے گا۔

    عرس کے موقع پرمقامی انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں،عرس کی تقاریب شرکت کیلئے اندرون اوربیرون ملک سے زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ پاکپتن میں شروع ہوگیا ہے۔

    عرس میں شرکت کیلئے بھارت سے زائرین بھی پہنچ گئے ہیں جبکہ پندرہ لاکھ سے زائد زائرین عرس میں شرکت کے لئے پاکپتن آئَے ہیں، ان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب کے زائرین بھی شامل ہیں۔

    عرس کے موقع پرمزار کے ارد گرد کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے، انتظامیہ نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔

    مزار شریف کی پُرنور فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور حق فرید ؒ یا فریدؒ کے نعروں سے معطر ہے اور زائرین مزار شریف اپنی حاجات کی پوری ہونے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور فاتحہ خوانی کر رہے ہیں اور چادر چڑھا رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: آفتاب ولایت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کی زندگی پر ایک نظر

    اس موقع پرسجادہ نشین کی جانب سے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، بہشتی دروازہ مسلسل 5 راتوں تک کھلا رہے گا جس سے عقیدت مند گزریں گے۔

  • خواتین کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں پاکپتن کی پہلی خاتون ایس ایچ او

    خواتین کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں پاکپتن کی پہلی خاتون ایس ایچ او

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں تعینات پہلی خاتون اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) شہر میں ہونے والے زیادتی کے واقعات کے خلاف سرگرم ہیں اور صرف 2 ماہ میں انہوں نے زیادتی کے 200 کیسز حل کرلیے ہیں۔

    پاکپتن کی پہلی خاتون ایس ایچ او کلثوم فاطمہ نے سنہ 2016 میں پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کے شوہر بھی پنجاب پولیس کے اہلکار ہیں۔

    چارج سنبھالتے ہی کلثوم فاطمہ نے زیادتی کے واقعات کے خلاف کام شروع کیا، 2 ماہ میں وہ 200 سے زائد زیادتی، زیادتی کی کوشش، جنسی حملوں اور ہراسمنٹ کے کیسز حل کرچکی ہیں۔

    روز شام میں جب وہ اہل علاقہ کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل سنتی ہیں تو ان کے پاس زیادہ تر شکایت کنندگان خواتین ہوتی ہیں۔ ’خواتین کو لگتا ہے کہ ایس ایچ او بھی ان کی طرح خاتون ہے تو وہ اسے اپنا مسئلہ سمجھا سکتی ہیں، اس سے قبل وہ مرد ایس ایچ او کے پاس اکیلے اپنی شکایات لانے کا تصور بھی نہیں کرسکتی تھیں‘۔

    کلثوم کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کو اس عہدے پر تعینات کرنا پنجاب پولیس کا ایک بہترین قدم ہے اور اس سے خواتین سے متعلق کیسز حل کرنے میں خاصی آسانی ہوگی۔

    پاکپتن کی یہ پہلی خاتون ایس ایچ او ایک گھریلو خاتون بھی ہیں۔ ایس ایچ او بننے کے بعد کلثوم پاکپتن شہر سے 25 کلو میٹر دور ڈل وریام کے علاقے میں رہائش پذیر ہیں جہاں سے ان کا تھانہ ایک گھنٹہ کی مسافت پر ہے۔ وہ اپنے پاس موجود چھوٹی سی گاڑی چلا کر تھانے جاتی ہیں، ان کی ایک 9 ماہ کی بچی بھی ہے جس کی وجہ سے انہیں دن میں کئی چکر گھر کے لگانے پڑتے ہیں۔

    ان کی بچی کی نگہداشت کے لیے ان کی والدہ اور ایک ملازم گھر پر موجود ہوتے ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ فاطمہ خود بھی گھر کے دیگر امور اور بچی کی دیکھ بھال سرانجام دیتی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں کہ پیشہ وارانہ امور میں انہیں اپنے سینیئر افسران کی بھرپور معاونت حاصل ہے، ’اب تک حل کیے جانے والے کیسز میں اگر کوئی دباؤ آیا بھی ہے تو میں نے اسے نظر انداز کردیا کیونکہ مجھے اپنے افسران و محکمے کی بھرپور حمایت حاصل ہے‘۔

    فاطمہ کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں خصوصاً زیادتی کے مرتکب افراد کے لیے ان کے دل میں کوئی نرم گوشہ نہیں۔

  • پاکپتن : زہریلا مشروب پینے سے3بچیاں جاں بحق ہوگئیں ایک بچی کی حالت تشویشناک

    پاکپتن : زہریلا مشروب پینے سے3بچیاں جاں بحق ہوگئیں ایک بچی کی حالت تشویشناک

    پاکپتن : شادی کی تقریب میں زہریلا مشروب پینے سے3بچیاں جاں بحق ہوگئیں ایک بچی کی حالت تشویشناک ہے، ڈی سی پاکپتن نے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے علاقے عارف والا میں شادی کی تقریب کے موقع پر افسوس ناک واقعہ پیش آیا، زہریلا مشروب پینے سے چار بچیوں کی طبیعت خراب ہوگئی۔

    مذکورہ بچیوں کو فوری طور پر ساہیوال ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا گیا تاہم دوران علاج تین بچیاں جان کی بازی ہار گئیں، ڈاکٹروں کے مطابق ایک بچی کی حالت تشویشناک ہے، جسے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق بچیوں کی عمریں 5،6 اور 9 سال ہیں، بچیوں کے نام مریحہ، فاطمہ اور میشا ہیں، زہریلامشروب گاؤں کی ہی مقامی دکان سے خریدا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زہریلامشروب فروخت کرنے والے3دکانداروں کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشروب کے نمونہ لینے کے بعد دکانیں سیل کردیں۔

    اس حوالے سے ڈی سی پاکپتن احمد کمال مان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • پاکپتن میں بیکری پر لوٹ مار، مزاحمت مالک شدید زخمی، ڈاکو باآسانی فرار

    پاکپتن میں بیکری پر لوٹ مار، مزاحمت مالک شدید زخمی، ڈاکو باآسانی فرار

    پاکپتن : مسلح افراد نے بیکری پر دھاوا بول کر ہزاروں مالیت کی نقدی اور موبائل فون چھین لیے، مزاحمت پر دکان مالک کوتشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں بیکری پر لوٹ مارکے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے تشدد کرکے مالک کو شدید زخمی کردیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    پاکپتن کے جنرل بس اسٹینڈ کے قریب بیکری میں دو موٹرسائیکل سوار ڈاکو داخل ہوئے، مسلح افراد نے دکان میں موجود عملے اور گاہکوں کو یرغمال بنالیا، ڈاکوؤں نے ہزاروں روپے کی نقدی اور موبائل فون لوٹ لیے۔

    بیکری مالک نے مزاحمت کی تو ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنایا اور آسانی سے فرار ہوگئے، شہر میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے کے باعث شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے۔

  • پاکپتن: 4 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، ملزم گرفتار

    پاکپتن: 4 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، ملزم گرفتار

    پاکپتن: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں درندہ صفت ماموں نے بھانجی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن کے گاؤں مگھر میں 4 سالہ بچی کے اغوا اور قتل میں ملوث ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    ڈی پی او پاکپتن کے مطابق درندہ صفت ماموں نے بھانجی کو زیادتی کے بعد قتل کیا، ملزم کی نشاندہی پر کھیتوں سے بچی کی لاش مل گئی۔

    انہوں نے کہا کہ شک کی بنیاد پر زیرحراست ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا، ورثا نے اپنے مخالفین کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔

    ڈی پی او پاکپتن کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے فرانزک لیب بھجوا دیے۔

    فیصل آباد: ایک دن کی دلہن سے شوہر سمیت چار افراد کی مبینہ زیادتی

    یاد رہے کہ 12 جون کو فیصل آباد کے علاقے نلکا کوہالہ میں آٹھ جون کی رات شادی کے دوسرے دن25 سالہ دلہن نورین کو مبینہ طور پر اس کے شوہر شہباز اور جیٹھ عرفان سمیت چار افراد نے شراب پی کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

  • پاکپتن : چھ سالہ بچی سے زیادتی، متاثرہ بچی اسپتال منتقل، ملزم فرار

    پاکپتن : چھ سالہ بچی سے زیادتی، متاثرہ بچی اسپتال منتقل، ملزم فرار

    پاکپتن : پنجاب میں معصوم بچی سے زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، پینتالیس سالہ شخص نے چھ سال کمسن طالبہ کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا، واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع پاکپتن میں چھ سالہ معصوم بچی سے زیادتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، متاثرہ بچی کو زخمی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    پاکپتن کے نواحی علاقہ کلیانہ میں چھ سالہ کمسن بچی سے زیادتی کا ایک اور واقعہ رپورٹ ہوا ہے،45سالہ شخص نے چھ سال کی بچی سے مبینہ زیادتی کی جس کے بعد بچی کو حالت تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تیسری جماعت کی طالبہ آمنہ کو گھرمیں اکیلا پاکر درندگی کا نشانہ بنایا گیا، ملزم موقع سے فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارےجارہے ہیں۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں لیڈی ڈاکٹر نے بچی سے زیادتی کی تصدیق کردی ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکپتن میں 6 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی، ورثا کا پولیس سے کارروائی کا مطالبہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکپتن کے علاقے کرمانوالہ چوک کی رہائشی چھ سالہ ننھی کلی کو جنسی درندے نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ لاہور کے علاقے بادامی باغ میں بھی آٹھ سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا،۔